Tag: feature

  • پاکستانی صارفین کے لیے گوگل کا زبردست تحفہ

    پاکستانی صارفین کے لیے گوگل کا زبردست تحفہ

    امریکی سرچ انجن گوگل نے اپنے ویب براؤزر کروم میں صارفین کے لیے ایک اوربہترین فیچرشامل کردیا۔

    جرنیز کے نام سے پیش کیے گئے اس فیچر کی مدد سے صارفین کی براؤزنگ ہسٹری کو زیادہ بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے گا۔

    گوگل ویب براؤزر کروم میں شامل ہونے والے اس شاندار فیچرکی مدد سے استعمال کنندگان اپنی نامکمل سرچ کو دوبارہ جاری کرسکتے ہیں۔

    گوگل کی جانب سے اس فیچر کو دنیا کے بیش ترممالک میں گزشتہ ماہ کے آغازمیں پیش کردیا گیا تھا، تاہم پاکستانی صارفین بھی اب نئی اپ ڈیٹ کے بعد اس سے مستفید ہوسکیں گے۔

    استعمال کا طریقہ کار

    اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اپنا مطلوبہ لفظ درج کریں یا کروم میں جرنیز کے صفحے (ٹیب) پر جائیں، جہاں آپ کو اپنی سرج دوبارہ جاری رکھنے کا فیچر دکھائی دے گا۔

    اس آپشن پر کلک کرنے کے بعد کروم براؤزر میں اپنے منتخب کیے گئے ٹاسک کو ایڈریس بارمیں لکھیں۔

    گوگل کی جانب سے یہ فیچر ڈیسک ٹاپ کے ساتھ ساتھ اینڈرائیڈ کے استعمان کنندگان کے لیے بھی فراہم کیا گیا ہے۔

    اس کی بدولت وہ ٹیکسٹ، وائس اور لینس (کیمرے میں دیا گیا ایک فیچر جس کی مدد سے کسی بھی شے کو سرچ کرسکتے ہیں) کی تلاش کو بھی دوبارہ جاری رکھ سکیں گے۔

  • کیا آپ واٹس ایپ کے اس خفیہ فیچر سے واقف ہیں؟

    کیا آپ واٹس ایپ کے اس خفیہ فیچر سے واقف ہیں؟

    واٹس ایپ دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لیے استعمال کی جانے والی سب سے بڑی اور مقبول ترین ایپ ہے تاہم اس کے کچھ فیچرز سے صارفین اب بھی لاعلم ہیں۔

    دنیا کی سب سے بڑی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی جانب سے گاہے بگاہے ایسے فیچر متعارف کروائے جاتے ہیں جو صارفین کو سہولت فراہم کرتے ہیں، اس ایپ میں ایک ایسا شاندار خفیہ فیچر بھی ہے جس سے شاید صارفین تاحال لاعلم ہوں۔

    یہ خفیہ فیچر درحقیقت فونٹ کا سائز بدلنے کا ہے جو کافی عرصے سے واٹس ایپ میں موجود ہے مگر بیشتر افراد کو اس کا علم نہیں۔

    اس فیچر کے لیے اینڈرائیڈ اسمارٹ فون پر واٹس ایپ کو اوپن کریں، ایپ کے اوپری دائیں کونے پر تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کریں اور سیٹنگز پر جائیں۔

    سیٹنگز میں چیٹ کے آپشن پر کلک کریں اور وہاں موجود سیٹنگز میں فونٹ سائز کا انتخاب کریں۔

    ایسا کرنے پر اسمال، میڈیم اور لارج کے 3 آپشنز نظر آئیں گے جس میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

    علاوہ ازیں واٹس ایپ میں روایتی فونٹ کو مونو اسپیس یا ٹائپ رائٹر فونٹ سے بھی بدلا جاسکتا ہے، یہ فونٹ تحریر کو زیادہ خوبصورت بناتا ہے اور اس کے لیے کسی تھرڈ پارٹی ایپ کی ضرورت بھی نہیں۔

    بس واٹس ایپ پر اپنے میسج کے آگے اور پیچھے 3 بار یہ سمبل “`استعمال کریں۔

  • میسج پر ری ایکشنز، واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کروا دیا

    میسج پر ری ایکشنز، واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کروا دیا

    فیس بک میسنجر میں میسج ری ایکشنز کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے اور اب واٹس ایپ میں بھی اسے متعارف کروا دیا گیا ہے۔

    واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ ایپ کے بیٹا ورژن میں ایک نئے فیچر کو متعارف کرایا ہے، واٹس ایپ پر اب کسی میسج پر اپنے جذبات کا اظہار کسی تحریری رپلائی کے بغیر بھی کیا جاسکے گا۔

    اس میسجنگ پلیٹ فارم میں اس فیچر پر کئی ماہ سے کام کیا جارہا ہے اور اب جا کر یہ بیٹا ورژن میں پیش کیا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    واٹس ایپ اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق یہ پہلے آئی او ایس بیٹا ورژن میں دیا گیا اور اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق میسج ری ایکشن نوٹیفکیشن فیچر مستقبل کی اپ ڈیٹ میں جاری کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ مگر ایسا امکان یہ ہے کہ اسے آپ واٹس ایپ کے سیٹنگز مینیو میں نہیں دیکھ سکیں گے چاہے آپ تازہ ترین بیٹا ورژن ہی کیوں نہ استعمال کررہے ہوں۔

    اس کی بجائے انہیں سیٹنگز میں نوٹیفکیشن مینیو میں جا کر اسے ان ایبل یا ڈس ایبل کرنا ہوگا۔

    ری ایکشنز کے لیے کتنے ایموجیز واٹس ایپ میں دستیاب ہوں گے اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں، اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ انفرادی چیٹس یا گروپس میں ایک جیسے ٹول دستیاب ہوں گے یا نہیں۔

  • انسٹاگرام پر زیادہ وقت گزارنے والے صارفین کے لیے نیا فیچر

    انسٹاگرام پر زیادہ وقت گزارنے والے صارفین کے لیے نیا فیچر

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے اپنے صارفن کے لیے نئے فیچر کا اعلان کیا ہے جو انہیں یاد دلائے گا کہ انہیں اب ایپ سے کچھ دیر کا وقفہ لینا چاہیئے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق میٹا کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام ایک نئے فیچر ٹیک اے بریک کی آزمائش کر رہی ہے۔ یہ اعلان انسٹاگرام کے سی ای او ایڈم موسیری نے کیا۔

    یہ نیا فیچر صارفین کو یاد دلائے گا کہ وہ ایک مخصوص وقت کے بعد ایپ سے 10، 20 یا 30 منٹ کا وقفہ لیں۔

    نوٹیفکیشن میں وقفے کے حوالے سے متعدد طریقوں کا عندیہ دیا جائے گا، جیسے چند گہری سانسیں لینا، اپنے خیالات کو تحریر کرنا، پسندیدہ گانے کو سننا یا دیگر۔

    ایڈم موسیری کے مطابق یہ نیا فیچر تمام صارفین کو دسمبر میں دستیاب ہوگا اور یہ صارفین کی اپنی مرضی ہوگی کہ اسے آن کریں یا نہیں۔

    خیال رہے کہ اکتوبر 2021 میں میٹا کے گلوبل افیئرز کے نائب صدر نک کلیگ نے وعدہ کیا تھا کہ انسٹاگرام میں ایک نیا فیچر ٹیک اے بریک متعارف کروایا جائے گا۔

    اس فیچر کا مقصد نوجوانوں میں کچھ وقت کے لیے سوشل نیٹ ورک کا استعمال روکنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس وقت انہوں نے یہ تو نہیں بتایا کہ یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا مگر اس کا مقصد ایپ کی لت اور دیگر نقصان دہ رویوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی کی جانب سے نوجوانوں کو سوشل میڈیا ایپس میں ایسے مواد سے دور رہنے سے آگاہ کیا جائے گا جو ان کی شخصیت کے لیے مضر ہوگا۔

  • کیا فیس بک بھی ٹک ٹاک کے نقش قدم پر چل پڑا؟

    کیا فیس بک بھی ٹک ٹاک کے نقش قدم پر چل پڑا؟

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے اکثر و بیشتر نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے رہتے ہیں، اب حال ہی میں فیس بک ایک اور فیچر متعارف کروا رہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی موبائل ایپ میں ایک نئے فیچر ریلز کا اضافہ کردیا ہے، یہ فیچر سب سے پہلے ٹک ٹاک میں متعارف کروایا گیا تھا۔

    اس سے قبل فیس بک نے اسنیپ چیٹ کے اسٹوریز فیچر کی نقل کو اصل سے زیادہ مقبول بنا دیا تھا اور اب وہ ریلز کے ساتھ بھی ہی یہی امید کررہی ہے۔

    انسٹا گرام پر تو ریلز کو کچھ زیادہ مقبولیت نہیں ملی مگر فیس بک کو توقع ہے کہ اس کی مین ایپ پر یہ فیچر زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کرسکے گا۔

    یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔

    فیس بک ریلز موسیقی، آڈیو، ایفیکٹس اور دیگر پر مشتمل فیچر ہوگا جس کو نیوز فیڈ یا گروپس میں دیکھا جاسکے گا۔

    جب صارف ایسی مختصر ویڈیو کو دیکھے گا تو وہ آسانی سے کریٹیئر کو فالو کرسکے گا یا اپنے دوست سے شیئر کرسکے گا۔

    فیس بک کی جانب سے انسٹا گرام صارفین کی جانب سے فیس بک مین ایپ میں ریلز کو ریکمنڈ کرنے کے فیچر کی آزمائش بھی کی جارہی ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ریلز فیچر کو مستقبل قریب میں دونوں ایپس میں مکمل طور پر ضم کردیا جائے گا۔

  • واٹس ایپ کا نیا حیران کن فیچر، صارفین کے لیے مزید سہولت

    واٹس ایپ کا نیا حیران کن فیچر، صارفین کے لیے مزید سہولت

    دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ متعارف کروا دی گئی جس کے تحت ملٹی ڈیوائس فیچر کی سہولت دستیاب ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ویب بیٹا انفو کے مطابق، واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ 2.21.19.9 جاری کردی گئی ہے جس کے تحت اگر صارف بیٹا ٹیسٹر نہیں ہیں تب بھی اس فیچر سے باآسانی مستفید ہوسکیں گے۔

    ملٹی ڈیوائس فیچر کے تحت صارفین بنیادی ڈیوائس کے علاوہ واٹس ایپ کو مزید 4 ڈیوائسز سے منسلک کرسکتے ہیں۔ اس اپ ڈیٹ کو حاصل کرنے والے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرسکیں گے۔

    واٹس ایپ کی جانب سے اس نئے ملٹی ڈیوائس فیچر کو رواں برس جولائی میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب اس فیچر سے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین بھی مستفید ہوسکیں گے۔

    واٹس ایپ کا نیا ملٹی ڈیوائس فیچر فون میں انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی منسلک شدہ ڈیوائسز کو واٹس ایپ تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔

    اب تک صارفین کو اپنے فون میں موجود واٹس ایپ کو ویب پر کنیکٹ کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن درکار ہوتا ہے اور واٹس ایپ ویب تک رسائی کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم موبائل میں انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں ویب پر موصول ہونے والے میسجز کا سلسلہ بھی رک جاتا ہے۔

    لیکن اب واٹس ایپ ملٹی ڈیوائس فیچر کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس میں تبدیلی آگئی ہے۔

    فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ

    اینڈرائیڈ صارفین

    واٹس ایپ کھولیں اور تھری ڈاٹس آئیکن پر کلک کریں۔

    بعد ازاں لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔ اگر صارف ملٹی ڈیوائس بیٹا کو چھوڑنا چاہے تو اسی طرح آپشن پر جا کر لیو کا آپشن استعمال کرسکتا ہے۔

    آئی او ایس صارفین

    واٹس ایپ کھولنے کے بعد سیٹنگز میں جائیں۔

    لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔

    ملٹی ڈیوائس بیٹا جوائن کرنے کے بعد صارف ان لوگوں کو موبائل، ڈیسک ٹاپ یا دیگر منسلک ڈیوائسز سے کال یا میسج نہیں کرسکیں گے جن کے پاس واٹس ایپ کا پرانا ورژن موجود ہے۔

    اگر آپ 14 روز تک اپنا فون استعمال نہیں کرتے تو اس فون سے منسلک ڈیوائسز میں واٹس ایپ کام کرنا بند کردے گا۔

  • انسٹاگرام کی اسٹوریز میں نیا فیچر

    انسٹاگرام کی اسٹوریز میں نیا فیچر

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں اسٹوریز پر نیا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے، انسٹا گرام کے مطابق تمام صارفین کو متعارف کروانے کے لیے اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام میں اسٹوریز کے ساتھ دیے جانے والے لنک سوائپ اپ فیچر کو ختم کیا جارہا ہے۔

    30 اگست سے سوائپ اپ لنک کے بجائے اب لنک اسٹیکرز کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    انسٹاگرام نے تصدیق کی ہے کہ اب بیرونی ویب سائٹس پر لے جانے کے لیے ٹیب ایبل اسٹیکرز کو استعمال کیا جائے گا۔

    کمپنی کی جانب سے جون میں لنک اسٹیکرز کی آزمائش شروع کی گئی تھی اور اس وقت انسٹاگرام کے سابق پراڈکٹ ہیڈ وشال شاہ نے بتایا تھا کہ اس ٹیسٹ میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ لوگ کس طرح کے لنکس پوسٹ کرتے ہیں جبکہ اسپام اور گمراہ کن مواد والے لنکس پر نظر رکھی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسٹیکرز اس پلیٹ فارم میں لوگوں کا پسندیدہ طریقہ کار ہے اور اس لیے لنکس کو مجموعی نظام کا حصہ بنایا جارہا ہے، جو اسے سادہ بنائے گا۔

    دونوں فیچر میں بنیادی فرق یہ ہے کہ صارفین لنک اسٹیکرز پر ری ایکشن کا اظہار بھی کرسکیں جو سوائپ اپ اسٹوریز پر ممکن نہیں۔

    انسٹاگرام کے مطابق اس وقت جو صارفین سوائپ اپ استعمال کررہے ہیں وہ ہی اسٹیکر آپشن کو بھی استعمال کرسکیں گے مگر تمام صارفین کو متعارف کروانے کے لیے اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی۔

  • انسٹاگرام پر نئی تبدیلی

    انسٹاگرام پر نئی تبدیلی

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کی شاپس نے اپنے پلیٹ فارم پر ای کامرس صارفین کو مزید راغب کرنے کے لیے پہلی بار اشتہارات کی آزمائش شروع کردی ہے۔

    انسٹاگرام اپنے پلیٹ فارم کو ای کامرس بزنس کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید بنانے کی کوششوں میں ہے اور اب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم انسٹاگرام شاپ پر اشہارات لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق یہ ہماری نیلامی کی بنیاد پر کام کرنے والی پراڈکٹ ہے جس کی آزمائش امریکا میں کی جا رہی ہے، اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو دوسری مارکیٹوں میں اس نئے فارمیٹ کو متعارف کروایا جائے گا۔

    انسٹاگرام شاپس میں اشتہارات سے ای کامرس آؤٹ لیٹس اپنی انسٹاگرام شاپس کے استعمال کو مزید مؤثر بنا سکیں گے۔

    انسٹاگرام نے گزشتہ سال آن لائن شاپنگ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے شاپس کا فیچر متعارف کروایا تھا، جس میں چیک آؤٹ کا فیچر مربوط تھا، جبکہ حال ہی میں ہونے والی ڈیولپمنٹ کے بعد فروخت کنندگان اپنی پراڈکٹ کو ایک تصویر یا تصویروں کی ایک پوری ریل بنا کر آن لائن فروخت کے لیے پیش کرسکیں گے۔

    انسٹاگرام کے مطابق فی الحال اشتہارات کا فیچر صرف امریکا کے موبائل صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور استعمال کنندہ کو انسٹاگرام کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔

  • واٹس ایپ کا اہم ترین فیچر متعارف

    واٹس ایپ کا اہم ترین فیچر متعارف

    اسمارٹ فون میسنجر واٹس ایپ میں اہم فیچر متعارف کروا دیا گیا، اس فیچر کا صارفین کو شدت سے انتظار تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ میں 2021 کا سب سے بڑا فیچر یعنی بیک وقت متعدد ڈیوائسز میں اس سروس کے استعمال کو پیش کردیا گیا ہے تاہم فی الحال یہ محدود پیمانے پر دستیاب ہوگا۔

    واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائسز سپورٹ کو پبلک بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کے لیے متعارف کرایا ہے جو محدود صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    فیس بک کی انجنیئرنگ ویب سائٹ پر ایک بیان میں بتایا گیا کہ فیس بک کی زیر ملکیت ایپ کی جانب سے پہلے بیٹا پروگرام کے محدود صارفین میں ملٹی ڈیوائسز سپورٹ فیچر کی آزمائش کی جائے گی۔

    اگرچہ ابھی بھی واٹس ایپ صارفین میسجنگ سروس کو متعدد پلیٹ فارمز پر استعمال کرسکتے ہیں، مگر انہیں اپنے اسمارٹ فونز کو کنکٹ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس وجہ
    واٹس ایپ کا اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سسٹم ہے۔

    تاہم اب بیٹا ورژن میں صارفین واٹس ایپ کو ایک فون کے ساتھ دیگر 4 لنکڈ ڈیوائسز میں بیک وقت استعمال کرسکیں گے، چاہے ان کا فون بند ہی کیوں نہ پڑا ہو۔

    ہر ڈیوائس سے صارف واٹس ایپ اکاؤنٹ کو آزادانہ استعمال کرسکیں گے جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بھی برقرار رہے گا۔

    فیس بک کے مطابق ملٹی ڈیوائسز سپورٹ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو برقرار رکھنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کو تشکیل دیا گیا، جو کانٹیکٹ نیم اور چیٹ آرکائیوز کا ڈیٹا مختلف ڈیوائسز میں سنک کرنے کے ساتھ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو یقینی بنائے گی۔

  • گوگل کا صارفین کے لیے ایک اور بہترین فیچر

    گوگل کا صارفین کے لیے ایک اور بہترین فیچر

    دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے ایک اور اہم فیچر متعارف کروا دیا، اس فیچر کی بدولت صارفین اپنے براؤزر پر کسی آڈیو اور ویڈیو کو پلے کرنے پر انگلش سب ٹائٹلز بھی دیکھ سکیں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سرچ انجن گوگل نے اپنے کروم ویب براؤزر میں ایک اہم فیچر لائیو کیپشنز متعارف کروا دیا ہے۔

    گوگل کی جانب سے کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں لائیو کیپشنز کی آزمائش مئی 2020 سے کی جارہی تھی اور اب تمام صارفین اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    اس کے لیے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر کروم کا ورژن 89 انسٹال ہونا ضروری ہوگا جس کے بعد وہ ریئل ٹائم کیپشن کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس فیچر کے لیے کروم کی سیٹنگز میں جاکر وہاں ایکسس ایبلٹی کو سرچ کریں اور وہاں لائیو کیپشنز کو ان ایبل کردیں۔

    لائیو کیپشنز ان ایبل کرنے پر صارفین اپنے براؤزر پر کسی آڈیو اور ویڈیو کو پلے کرنے پر انگلش سب ٹائٹلز دیکھ سکیں گے۔

    خیال رہے کہ گوگل کی جانب سے لائیو کیپشن کا فیچر 2019 میں اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جو آغاز میں پکسل 4 کو دستیاب تھا۔

    بعد ازاں اسے دیگر فونز جیسے گلیکسی ایس 20 اور ون پلس 8 میں پیش کیا گیا، جو فون کالز کی بجائے میڈیا فائلز پر کام کرتا تھا۔ گوگل کروم پر یہ فیچر یوٹیوب اور فیس بک پر ان ویڈیوز پر بھی کام کرتا ہے جن کو میوٹ کیا گیا ہو۔

    فی الحال یہ فیچر صرف انگلش زبان والی آڈیو کے لیے دستیاب ہے اور دیگر زبانوں کو شناخت نہیں کرسکتا۔