Tag: feature

  • نامناسب کمنٹس سے بچانے کے لیے ٹک ٹاک کے اہم فیچرز

    نامناسب کمنٹس سے بچانے کے لیے ٹک ٹاک کے اہم فیچرز

    ویڈیو شیئرنگ سوشل نیٹ ورکنگ سروس ٹک ٹاک نے اپنے صارفین کو آن لائن بدزبانی اور ہراساں ہونے سے بچانے کے لیے 2 نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں، دیگر سوشل میڈیا سائٹس یہ فیچر پہلے ہی متعارف کروا چکی ہیں۔

    ٹک ٹاک کے نئے فیچر میں سے ایک فیچر نامناسب کمنٹس پوسٹ کرنے سے روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ دوسرا فیچر کمنٹس کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    اس فیچر کے تحت جب کوئی صارف کسی پوسٹ پر نامناسب یا سخت کمنٹ کرنے لگے گا تو اس کے سامنے ایک پوپ اپ ونڈو کھل جائے گی اور کمنٹ کی زبان کے حوالے سے انتباہ کیا جائے گا۔

    ان کائنڈ نامی اس فیچر میں وارننگ اس وقت سامنے آئے گی جب سسٹم کو لگے کہ کمنٹ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔

    ونڈو میں لکھا ہوگا کہ کیا آپ اسے پوسٹ کرنے پر نظرثانی کرنا پسند کریں گے؟ جس کے ساتھ ایڈٹ یا پوسٹ اینی وے کے آپشنز ہوں گے۔

    اس طرح کا فیچر اکثر سوشل نیٹ ورکس کا حصہ بن چکا ہے تاکہ بدزبانی اور ہراساں کیے جانے کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

    انسٹا گرام میں اس طرح کا فیچر سنہ 2019 میں پیش کیا گیا تھا جبکہ ٹویٹر نے بھی گزشتہ سال اس کی آزمائش کا اعلان کیا تھا، فیس بک میں بھی ایسا کیا جارہا ہے۔

    دوسرا فیچر فلٹر آل کمنٹس کا ہے جس کے استعمال سے صارف کی فیڈ پر وہی کمنٹ نظر آئیں گے جن کی وہ منظوری دے گا۔

    اس فیچر کو کمنٹس فلٹرز مینیو میں جا کر ان ایبل کیا جاسکتا ہے اور ان ایبل ہونے کے بعد صارف کمنٹس کو پڑھ کر منظور یا مسترد کرسکے گا۔

  • اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسکائپ کا نیا فیچر

    اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اسکائپ کا نیا فیچر

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران لاک ڈاؤن کے باعث گھروں سے کام کرنے اور ویڈیو کالز کے ذریعے رابطے کرنے کا رجحان عام ہوا اور اس رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آن لائن سروسز میں نئے فیچر پیش کیے گئے، اسکائپ میں بھی ایسا ہی نیا فیچر پیش کیا جارہا ہے۔

    مائیکروسافٹ نے اپنی ویڈیو کالنگ سروس اسکائپ میں ایک معمولی مگر اہم فیچر متعارف کرادیا ہے، اسکائپ کے اینڈرائیڈ صارفین اب ویڈیو کال کے دوران اپنے پس منظر کو دھندلا کر سکیں گے۔

    گزشتہ دنوں مائیکرو سافٹ کی جانب سے اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اسکائپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پس منظر دھندلا کرنے کی سپورٹ کا اضافہ کیا گیا تھا۔ یہ اپ ڈیٹ اینڈرائیڈ مارش میلو (6.0) اور اس سے اوپر کے آپریٹنگ سسٹمز والے فونز استعمال کرنے والے صارفین کو دستیاب ہوگی۔

    یہ فیچر آئی او ایس صارفین کو 2 سال سے دستیاب تھا اور اب جا کر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے اسے پیش کیا گیا ہے، ونڈوز، میک او ایس اور لیونکس آپریٹنگ سسٹمز پر بھی یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہے۔

    فیچر کے ذریعے پس منظر کو دھندلا کرنے سے صرف صارف کا چہرہ ہی نظر آئے گا جبکہ پیچھے موجود ہر چیز دھندلی ہوجائے گی، اس مقصد کے لیے کمپنی نے مشین لرننگ اور ایج ڈیٹکشن ٹیکنالوجی کو استعمال کیا ہے۔

    اس فیچر کو ان ایبل کرنا بھی آسان ہے، اسکائپ میں کال کے دوران تھری ڈاٹ مینیو پر جائیں اور وہاں بلر مائی بیک گراؤنڈ پر کلک کردیں۔ یہ فیچر نہ صرف ساکت بلکہ حرکت کرتی اشیا اور لوگوں کو بھی دھندلا کردے گا اور صرف چہرہ ہی صاف نظر آئے گا۔

  • ٹیلی گرام کے نئے فیچر نے واٹس ایپ صارفین میں ہلچل مچا دی

    ٹیلی گرام کے نئے فیچر نے واٹس ایپ صارفین میں ہلچل مچا دی

    ماسکو: روس کی میسنجر ایپ ٹیلی گرام کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ایک اور فیچر کا اضافہ کردیا گیا، صارفین واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک وغیرہ سے اپنی چیٹ ہسٹری کو ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرسکیں گے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی میسنجر ایپ ٹیلی گرام نے ایک آئی او ایس اپ ڈیٹ تیار کیا ہے جس سے چیٹ کی ہسٹری کو واٹس ایپ اور دیگر ایپس سے ٹیلی گرام میں منتقل کیا جاسکتا ہے۔

    روسی ایپ اسٹور پر شائع کردہ اپ ڈیٹ کی تفصیل میں آگاہ کیا گیا کہ روسی میسنجر نے اب اپنے صارفین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مکمل چیٹ ہسٹری کو دیگر ایپس جیسے واٹس ایپ، لائن اور کاکا ٹاک سے ٹیلی گرام میسنجر میں منتقل کرنے کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔

    روسی میسنجر ٹیلی گرام کی جانب سے اس جدید سہولت کے ساتھ اب ٹیلی گرام کے صارفین دیگر ایپس پر موجود اپنے گروپس، چیٹ لسٹ سے خفیہ چیٹ کے علاوہ کال ہسٹری کو بھی ڈیلیٹ کرسکیں گے۔

    خیال رہے کہ واٹس ایپ کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئے خدشات کے بعد روسی میسنجر ٹیلی گرام کے صارفین کی تعداد عروج پر پہنچ گئی، ٹیلی گرام کے بانی نے اسے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ہجرت قرار دیا تھا۔

    واٹس ایپ کے سیکیورٹی کے حوالے سے نئے اپ ڈیٹ کے ایک ہفتے کے اندر ٹیلی گرام استعمال کرنے والوں کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کرگئی تھی۔

  • اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں تبدیلی کا فیصلہ

    اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں تبدیلی کا فیصلہ

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی زیر ملکیت ٹیلی کمیونی کیشن ایپ اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں جدت لانے کا فیصلہ کیا ہے، کرونا وائرس کے دوران ویڈیو کالنگ کی شرح میں اضافے کے باجوود اس فیچر کو زیادہ مقبولیت حاصل نہیں ہوسکی تھی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے ٹیلی کمیونی کیشن ایپ اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گو کہ اسکائپ کا اصل مقصد ویڈیو کالنگ ہے تاہم کرونا وائرس کے دوران جب ویڈیو کالنگ کی شرح میں اضافہ ہوا تو زوم، گوگل میٹ اور میسنجر رومز کے صارفین کی تعداد بڑھ گئی اور اسکائپ کو بہت کم استعمال کیا گیا۔

    اسکائپ کا میٹ ناؤ کا فیچر اسی دوران متعارف کروایا گیا تھا جو زوم جیسا تھا اور جس کا مقصد صارفین کی توجہ حاصل کرنا تھا، تاہم مائیکرو سافٹ اپنے مقصد میں ناکام رہا۔

    اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف 3 کلکس پر مفت ویڈیو میٹنگ کی میزبانی اور شیئرنگ کر سکتے ہیں جس کے لیے اسکائپ کو انسٹال کرنے یا اکاؤنٹ سائن اپ کی ضرورت بھی نہیں تھی۔

    اب مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ونڈوز 10 کے نئے بیٹا میں ٹاسک بار میں میٹ ناؤ کی ٹیسٹنگ شروع ہونے والی ہے۔

    نئے ورژن کے تحت ڈیسک ٹاپ پر محض نوٹیفکیشن ایریا میں بٹن پر کلک کر کے لوگوں سے رابطہ اور کال کی جاسکے گی۔ یہ واضح نہیں کہ ڈیسک ٹاپ پر یہ آئیکون ان افراد کے لیے ہوگا جو پہلے ہی اسکائپ استعمال کررہے ہیں یا سب کے لیے ہوگا۔

    اس فیچر کی آزمائش جلد شروع کردی جائے گی۔

  • اکاؤنٹس کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے گوگل کا نیا فیچر

    اکاؤنٹس کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے گوگل کا نیا فیچر

    معروف سرچ انجن گوگل نے مختلف اکاؤنٹس کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے ایک نیا ٹول صارفین کے لیے متعارف کروا دیا ہے، ہیکنگ اس وقت صارفین اور خود ٹیکنالوجی کمپنیز کے لیے بھی بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔

    گوگل نے مختلف اکاؤنٹس کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے ایک نیا ٹول کروم صارفین کے لیے متعارف کروا دیا ہے، اینڈرائیڈ اور آئی فون میں گوگل کروم براؤزر صارفین پاسورڈ ہیک ہونے کے بارے میں جان سکیں گے۔

    یہ فیچر پہلے کمپیوٹر میں دستیاب تھا مگر اب اسے اسمارٹ فونز کے لیے بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس فیچر میں یوزر نیم اور پاسورڈز گوگل سرورز پر بھیج کر چیک کیا جائے گا کہ وہ کسی ڈیٹا ہیکنگ میں ہیکرز کے ہاتھ تو نہیں لگ گیا۔

    گوگل خود صارف کے یوزر نیم یا پاسورڈ کو نہیں دیکھ سکے گا بلکہ وہ صرف یہ چیک کر سکے گا کہ یہ ہیکرز کے ہاتھ لگنے والی تفصیلات سے مطابقت تو نہیں رکھتا۔

    یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب صارف نے اپنے پاسورڈز کروم میں اسٹور کیے ہوئے ہوں گے۔

    خیال رہے کہ ناقص یا کمزور پاسورڈز کی وجہ سے ہر سال لاکھوں کروڑوں آن لائن اکاؤنٹس ہیک ہوجاتے ہیں۔

    سنہ 2011 سے ہر سال ایک پاسورڈ 123456 سب سے بدترین پاسورڈ قرار دیا جارہا ہے اور حیران کن طور پر کروڑوں افراد کا پسندیدہ پاسورڈ بھی یہی ہے۔

    اس کے بعد دوسرے نمبر پر جو لفظ سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے وہ خود پاسورڈ ہے جبکہ تیسرے نمبر پر 123456789 ہے۔

  • اب واٹس ایپ میسج مقررہ وقت کے بعد غائب ہوجائیں گے

    اب واٹس ایپ میسج مقررہ وقت کے بعد غائب ہوجائیں گے

    رابطوں کے آسان اور مقبول ترین ذریعے واٹس ایپ میں آئے دن کوئی نہ کوئی نئی اپ ڈیٹ متعارف کروائی جاتی ہے، اب حال ہی میں ایک اور نئی اپ ڈیٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واٹس ایپ میں کچھ عرصہ قبل، بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کرنے کا فیچر متعارف کروایا گیا تھا۔ اب اسی فیچر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ٹائم کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد میسج خودبخود غائب ہوجائے گا۔

    اسے ڈس اپیئرنگ میسج کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت واٹس ایپ چیٹ میں جن میسجز پر نشان لگایا جائے گا، وہ مقرر کردہ وقت پر از خود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔ اس کی مدت 5 سیکنڈ سے لے کر ایک گھنٹے تک دی گئی ہے۔

    اس وقت یہ فیچر بیٹا ورژن میں موجود ہے اور صدف چند افراد کو اس تک رسائی دی گئی ہے۔ اس کی آزمائش کے بعد اسے بہت جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب کردیا جائے گا۔

    کمپنی اس فیچر کو کب تمام صارفین کو مہیا کرسکے گی، اس بارے میں کمپنی کی جانب سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

  • جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں‌ ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی

    جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں‌ ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی

    سڈنی/ولنگٹن : معروف آسٹریلوی مصّور نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسندا آرڈرن کی حجاب میں ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی جس نے مسلمانوں کے دلوں کو چھو لیا۔

     نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے بعد ملک کی وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن نے جس انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا اس پر پوری دنیا نے ان کی تحسین کی۔ اب آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ایک آرٹسٹ نے جیسنڈا ارڈرن کی ایک 25 میٹر اونچی تصویر بنائی ہے جس نے مسلمانوں کے دل موہ لیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ وہی تصویر ہے جس میں جیسنڈا ارڈرن نے سانحے میں شہید ہونے والے ایک شخص کی رشتہ دار خاتون کو گلے لگایا ہوا ہے اور وزیراعظم کے چہرے پر کرب و الم کے تاثرات نمایاں ہوتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس تصویر کے نیچے لفظ ’سلام‘ لکھا گیا ہے۔ یہ تصویر معروف آرٹسٹ لوریٹا لیزیو نے بنائی ہے جو دیواروں پر پینٹنگز بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں معروف ہے اور اب تک درجنوں ممالک میں اپنے فن کے جوہر دکھا چکا ہے۔

    لوریٹا نے جب اس تصویر کو بنانے کے لیے چندے کی اپیل کی تو صرف ایک دن میں ہی لوگوں نے اسے 11 ہزار آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 11لاکھ روپے) چندہ دے دیا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن کی یہی تصویر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر بھی روشنیوں کی شکل میں آویزاں کی جا چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے، کزن برینٹن ٹرینٹ

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر مرکزی حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا جس کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی تھی، حملہ آور آسٹریلوی شہری تھا جس کی آسٹریلیا نے بھی تصدیق کردی تھی۔

  • ٹویٹر کے ایک اور فیچر پر کام شروع

    ٹویٹر کے ایک اور فیچر پر کام شروع

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک اور نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس کے ذریعے اپنے ٹویٹ پر آنے والے ناپسندیدہ جوابات کو چھپانا ممکن ہوگا۔

    ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اس نئے فیچر پر کام جاری ہے اور جلد ہی اسے صارفین کے استعمال کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

    یہ نیا فیچر ’ہائیڈ ٹویٹ‘ کا ہوگا جس میں آپ اپنے ٹویٹ پر آنے والے ان جوابات کو جو آپ کے لیے ناگوار اور ناپسندیدہ ہوں گے، چھپا سکیں گے۔

    اس سے قبل ایسے ٹویٹس کے لیے میوٹ، بلاک یا رپورٹ کا آپشن دستیاب تھا۔ چھپائے جانے والے ٹویٹس کو ’ویو ہائیڈ ٹویٹس‘ کے ذریعے دوبارہ دیکھا بھی جاسکے گا۔

    مزید پڑھیں: ٹویٹر نے بڑی تبدیلی کا عندیہ دے دیا

    ٹویٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے سوشل میڈیا پر ہونے والی بدمزگیوں اور نفرت انگیز ٹویٹس سے بچا سکے گا۔

    ٹویٹر کی سینیئر پراڈکٹ مینیجر مشل یاسمین کا کہنا ہے کہ ہائیڈ ٹویٹ اور اسے دوبارہ ظاہر کرنے کے فیچر کا مقصد ٹویٹر پر صحت مندانہ بحث و مباحثے کو فروغ دینا ہے تاکہ یہ پلیٹ فارم گفتگو کا ایک بہتر مقام بن سکے۔

    تاہم ڈیجیٹل صارفین اس فیچر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر ایک اور وار بھی قرار دے رہے ہیں۔

    ٹویٹر کا یہ نیا فیچر کس کے لیے کتنا کارآمد اور کتنا نقصان دہ ثابت ہوگا، یہ اسی وقت معلوم ہوگا جب اس فیچر کو فعال کردیا جائے گا۔

  • انسٹاگرام نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کردی

    انسٹاگرام نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کردی

    سانس فرانسسکو: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے موبائل ایپ میں نیا فیچر متعارف کرادیا جس کے تحت اب صارفین غیر ضروری پوسٹیں کرنے والے دوستوں کو بغیر بتائے خاموش کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق انسٹا گرام کو سماجی رابطے کی فوٹو ویب سائٹ کا اعزاز حاصل ہے، صارفین کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں۔

    حال ہی میں انتظامیہ نے انسٹاگرام میں نئے فیچر کا اضافہ کیا جس کے تحت اب صارف نہ صرف لائیو ویڈیو چیٹ کرسکیں گے بلکہ اس کو مخصوص دوستوں اور دیگر گروپس میں بھی شیئر کرسکیں گے۔

    انسٹاگرام کی جانب سے صارفین کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایپ میں ’میوٹ بٹن‘ کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد اب کوئی بھی صارف فضول پوسٹیں کرنے والے دوستوں کو بغیر بتائے خاموش کرسکے گا۔

    مزید پڑھیں: انسٹاگرام کا لائیو ویڈیو سے متعلق نیا فیچر متعارف

    صارفین کا کمپنی سے دیرینہ مطالبہ تھا کہ وہ فیس بک اور ٹویٹر کی طرز پر کوئی ایسا فیچر متعارف کرائے جس کے تحت ناپسندیدہ صارفین کی پوسٹوں کو روکا جاسکے یا انہیں نہیں دیکھ سکیں۔

    قبل ازیں انسٹاگرام پر ناپسندیدہ پوسٹیں کرنے والے صارف کو ان فالو کرنے کا آپشن موجود تھا جو صارفین کو بالکل بھی پسند نہیں تھا تاہم اب کمپنی نے آزمائشی طور پر آئی او ایس ورژن استعمال کرنے والے لوگوں کے لیے یہ فیچر متعارف کرایا۔

    کسی بھی آئی ڈی کی پوسٹوں کو میوٹ کرنے کے بعد صارف مذکورہ شخص کی پروفائل پر جاکر خصوصی طور پر اُس شخص کی پوسٹ کو دیکھ سکے گا تاہم مرضی کے مطابق جیسے ہی مذکورہ آئی کو ان میوٹ کرے گا تو وال پر تصاویر اور ویڈیوز نظر آنے لگیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیس بک پوسٹ کو واٹس ایپ پر بھیجنا ممکن ہوگا

    فیس بک پوسٹ کو واٹس ایپ پر بھیجنا ممکن ہوگا

    سانس فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی ایپ میں نئے فیچر کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد اب صارفین کسی بھی پوسٹ کو آسانی کے ساتھ واٹس ایپ پر بھی شیئر کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اکثر صارفین کی خواہش ہوتی تھی کہ وہ جو پوسٹ فیس بک پر دیکھ رہے ہیں اُسے اپنے واٹس ایپ کے دوستوں  اور عزیزوں کے ساتھ بھی شیئر کرسکیں تاہم ایسا ممکن نہیں تھا۔

    فیس بک استعمال کرنے والا صارف اگر کوئی پوسٹ اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کا خواہش مند ہوتا تو وہ  اس کا لنک بھیجتا تھا تاہم اب سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ نے اس شکایت کو دور کرنے کی کوشش شروع کردی ہیں۔

    مزید پڑھیں: فیس بک اور انسٹا گرام کی ویڈیو دیکھنا واٹس ایپ پر ممکن

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے سوشل میڈیا کنسلٹنٹ نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ اب فیس بک صارفین اپنی پسندیدہ پوسٹ کسی بھی واٹس ایپ کے نمبر پر براہ راست بھیج سکیں گے۔

    کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس فیچر کی آزمائش کے حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تاہم ٹیکنالوجی کی ویب سائٹس پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ فیس بک نے اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو ایک بار پھر بحال کرنے کے لیے اس فیچر کو ایپ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ابھی چونکہ یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے لہذا اسے متعارف ہی نہیں کرایا گیا تاہم جیسے ہی اس کا کامیاب تجربہ کرلیا جائے گا یہ دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: فیس بک کا نیا فیچر متعارف، ناپسندیدہ کمنٹس رپورٹ کریں

    اس ضمن میں شائع ہونے والی روپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’فیس بک کا یہ اقدام اس لیے ہے کہ بہت سارے صارفین نے اپنے آئی ڈی پر تمام رابطے کے لوگوں کو ایڈ نہیں کیا ہوا، اس فیچر کے آنے کے بعد کسی بھی پوسٹ کی تشہیر بہت آسان ہوجائے گی‘۔

    واضح رہے کہ فیس بک نے گزشتہ دنوں ایک نیا فیچر متعارف کرایا تھا جس کے تحت آئی او ایس فارمیٹ استعمال کرنے والے صارفین انسٹاگرام پر جانے کے بجائے ویڈیوز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر دیکھ سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔