Tag: federal excise duty

  • حکومت کی جانب سے پراپرٹی کے خریداروں کیلئے خوشخبری

    حکومت کی جانب سے پراپرٹی کے خریداروں کیلئے خوشخبری

    کراچی: وفاقی حکومت نے  پراپرٹی کی خرید فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی FED  ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان حسن بخشی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پراپرٹی کی خرید فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی FED ختم کرنے کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا ہے۔

    حسن بخشی نے ساتھ ہی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236C اور 236K کے ٹیکسوں میں بھی کمی کا مطالبہ  کیا ہے، حکومت کو 7E کے تحت رئیل اسٹیٹ پر عائد ٹیکسز میں نرمی کی تجویز  دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کا پراپرٹی پر ایف ای ڈی ختم کرنے کا فیصلہ تعمیراتی صنعت کے لیے حوصلہ افزا قدم ہے، پاکستان میں تعمیراتی شعبوں کو چلانے اور روزگار بڑھانے کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کرنی ہوں گی۔

    حسن بخشی نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ٹاسک فورس کی سفارشات نہایت اہم ہیں، اگر آئی ایم ایف انہیں تسلیم نہیں کرتا تو وزیراعظم قومی مفاد میں اس معاملے پر پیشرفت کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کا تسلسل تبھی ممکن ہے جب ہم خطے کی  معاشی دوڑ میں آگے رہیں، ضروری ہے ہم اپنی انڈسٹری کو سہولیات اور مراعات دیں تاکہ ملک بین الاقوامی سطح پر مسابقت کرسکے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

  • بجٹ 2024-25 : جعلی سگریٹ بیچنے والوں کے گرد گھیرا تنگ

    بجٹ 2024-25 : جعلی سگریٹ بیچنے والوں کے گرد گھیرا تنگ

    وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں مالی سال 2024-25کی بجٹ تجاویز پیش کردیں۔

    انہوں نے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے بجٹ کی تفصیلات بیان کیں جس نئے ٹیکسز اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے اطلاق سے متعلق آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ رواں سال بجٹ میں حکومت نے جعلی سگریٹس فروخت کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جعلی سگریٹس فروخت کرنے والی دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ سگریٹ کے فلٹر میں استعمال ہونے والے ایسیٹیٹ ٹو 44000 ہزار روپے فی کلو ایف ای ڈی لگانے کی تجویز ہے۔

    شیشے کی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹی میں چھوٹ (سبسڈی) ختم کرنے کی تجویز ہے جبکہ ٹیکسٹائل اور چمڑے کی صنعت پر جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ سیمنٹ پر ایف ای ڈی میں اضافہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیمنٹ پر ایف ای ڈی کی شرح میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیمنٹ پر ایف ای ڈی 2 روپے کلو سے بڑھا کر 3روپے کلو کردی گئی۔

    وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں مزید 5 لاکھ خاندانوں کو شامل کیا جائےگا جب کہ بی آئی ایس پی میں27فیصد اضافے کے بعد رقم 597 ارب مختص کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 18877 ارب روپے کا مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کردیا ہے جس میں بجٹ خسارہ 8500 ارب روپے ہے جو وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق جی ڈی پی کا 6.9فیصد ہوگا۔

    خسارے کے باوجود حکومت نے 1400 ارب روپے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے رکھے ہیں۔ تاہم اخراجات میں سب سے بڑا حصہ قرضوں پر انٹرسٹ (سود) کی ادائیگی کا ہے جس کی مد میں 9775 ارب روپے ادا کیے جائیں گے۔ یہ رقم دفاعی اخراجات سے تقریبا چار گنا زیادہ ہے۔ دفاع کیلئے 2122 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

  • وفاقی حکومت کا شوگر ڈرنکس، جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا شوگر ڈرنکس، جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی شرائط پر ٹیکسز کی بھرمار کا سلسلہ رک نہیں سکا، وفاقی حکومت نے شوگر ڈرنکس، جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت درآمدی و برانڈڈ شوگر ڈرنکس اور جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 10 فی صد بڑھانے جا رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ڈرنکس اور جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 10 فی صد سے بڑھا کر 20 فی صد کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف ای ڈی کے علاوہ شوگر ڈرنکس اور جوسز پر 18 فی صد سیلز ٹیکس عائد ہے، نئے ٹیکسز کے باعث درآمدی و برانڈڈ تمام جوسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو بڑھایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق کھاد پر بھی 5 فی صد ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جا رہی ہے۔

    آئی ایم ایف سے ڈیل ہوگئی تو بسم اللہ ورنہ گزارہ ہوسکتا ہے، اسحاق ڈار