Tag: Federal Government

  • وفاقی حکومت کا سگریٹ ساز کمپنیوں کے خلاف اقدامات کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا سگریٹ ساز کمپنیوں کے خلاف اقدامات کا فیصلہ

    اسلام آباد:وفاقی حکومت نے سگریٹ ساز کمپنیوں کے خلاف اقدامات کا فیصلہ کرلیا، وزارت قومی صحت کا کہنا ہے ملک میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ لوگ تمباکو نوشی سے موت کا شکار ہوتے ہیں اور یومیہ 12 سو بچے تمباکو نوشی کا آغاز کرتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انسدادتمباکونوشی قوانین کی خلاف ورزیوں پر سگریٹ سازکمپنیوں کےخلاف اقدامات کافیصلہ کرلیا ہے ، وزارت قومی صحت نے چاروں صوبوں کے نام ہنگامی مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں صوبوں کومقامی سگریٹ سازکمپنیوں کےخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزارت قومی صحت کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ملک میں انسدادتمباکونوشی قوانین کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، تمباکونوشی موت کی وجہ بننےکی اہم وجوہات میں سےایک ہے، تمباکونوشی امراض قلب اور کینسرکی اہم وجہ ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ملک میں سالانہ ڈیڑھ لاکھ لوگ تمباکونوشی سےموت کاشکارہوتےہیں، نوجوان نسل سگریٹ سازکمپنیوں کاخصوصی ہدف ہیں، پاکستان میں یومیہ 12 سو بچے تمباکو نوشی کا آغاز کرتے ہیں جبکہ عالمی سروے کے مطابق پاکستان میں 24ملین بچے تمباکو نوشی کرتےہیں۔

    مزید پڑھیں : حکومت کا سگریٹ پینے والوں کی حوصلہ شکنی کےلیے بڑا اقدام

    مراسلے کے مطابق سگریٹ کی اشتہار بازی کا تمباکو نوشی کے فروغ میں نمایاں کردار ہے، امتناع تمباکو نوشی آرڈیننس2002 کے تحت اشتہار بازی ممنوع ہے، سگریٹ کی اشتہاربازی کیلئے انسان وجانور کی تصویر کا استعمال ممنوع ہے، اشتہار بازی کیلئے مفت، کم قیمت سگریٹ اور نقدانعامات ممنوع ہیں۔

    وزارت قومی صحت کا کہنا ہے مقامی سگریٹ ساز کمپنیاں امتناع تمباکو نوشی قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہیں، انسداد تمباکو نوشی قوانین پرعملدرآمد صوبوں کی ذمہ داری ہے، صوبائی انتظامیہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔

  • وفاقی حکومت کا نیب افسران کو سہولتیں دینے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا نیب افسران کو سہولتیں دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے نیب افسران کو سہولتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کیلئے بیرون ملک افسران کو بلیو پاسپورٹ دیئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے نیب افسران کو سہولتیں دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،تفتیش کیلئے بیرون ملک افسران کو بلیو پاسپورٹ دیئےجائیں گے، نیب افسران کو سرکاری پاسپورٹ جاری کرنا کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔

    نیب افسران کو بیرون ملک سفرمیں سرکاری پاسپورٹ کی منظوری دی جائے گی، کابینہ کی منظوری کے بعد نیب افسران باآسانی تفتیش کا مرحلہ مکمل کرسکیں گے۔

    ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ نیشنل لائبریری پاکستان اور بلغاریہ کے مابین ایم او یو کی توثیق کی جائے گی۔

    کابینہ اکادمی ادبیات پاکستان، اومان ادبی ادارے کے مابین معاہدے کی توثیق کرے گی۔

    خیال رہے وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کااجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس کل وزیراعظم آفس میں ہوگا، اجلاس میں وزیر اعظم کابینہ ارکان کودورہ سعودی عرب پراعتمادمیں لیں گے اور معاشی صورتحال سے متعلق اقدامات پر بات کریں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی دباؤمیں نہیں آؤں گاآخرتک جاؤں گا، شہبازشریف نیلسن منڈیلابننےکی کوشش کر رہے تھے،  اتنے ثبوت موجودہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے۔

  • بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

    بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بیرون ممالک سے رقم واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ باہر سے پیسے لانے کے لیے وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا ہے، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ صوابدیدی فنڈز ختم کرنے سے 80 ارب روپے واپس آگئے ہیں۔ لیپ ٹاپ جیسی اسکیمیں ختم کرنے سے پیسہ وزارت خزانہ میں واپس آیا۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی اور صفائی کے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، وفاق ان منصوبوں سے متعلق براہ راست اقدامات کرے گا۔ تعلیم سے متعلق بھی ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول واپس بھجوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مدارس لیول پر سرٹیفیکیٹ ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ملک بھر میں تعلیم سے متعلق ایک ہی سرٹیفیکیٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ پرائیوٹ اسکولوں سے بھی بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلیبس سے متعلق بھی سارےمتعلقہ حکام سے بات چیت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن سے متعلق ادارے بنائے جائیں گے۔ اسٹریٹ چلڈرن اور خواتین سے متعلق ادارے کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے اسلام آباد میں یتیم خانہ بنایا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کے روزگار سے متعلق بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارتخانوں کے رویے بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستانی شہریوں سے رویے کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیرون ملک پاکستانی قیدیوں سے متعلق اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران میں پاکستانی سزائے موت کے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا، ایران نے اپنے انسداد منشیات کے قانون میں تبدیلی کی ہے۔ قانون میں تبدیلی سے امید ہے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اہم تھا اس حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے تربیلا ڈیم کے فنڈز میں خورد برد کا نوٹس بھی لیا ہے۔ تربیلا ڈیم کے 25 ارب کے فنڈز کی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔ لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک رکھنے والوں کی معلومات دینے والوں کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو جسمانی سزا نہیں دی جاسکتی، مدارس اور انگریزی اسکولوں میں بنیادی تعلیم یکساں ہوگی۔ نجی اسکولوں کی فیسوں کو مناسب سطح پر لایا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب ہو۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ ریاست پاکستان فیصلہ کرے گی اس ملک کو کیسے چلانا ہے۔ آئین پاکستان ہمیں اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری دیتا ہے۔ اسلام میں بھی اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اقلیتوں سے متعلق الگ رویے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اقلیتوں کے معاملے پر بے لاگ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

  • رواں ماہ پاکستانی عوام کو دو تنخواہیں ملیں گی

    رواں ماہ پاکستانی عوام کو دو تنخواہیں ملیں گی

    اسلام آباد/ لاہور: وفاقی حکومت اور پنجاب کی صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی رواںماہ کی تنخواہ عید کی تعطیلات سے قبل ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ علاحدہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو عید سے قبل جون کی تنخواہ ادا کردی جائے گی۔

    یاد رہے کہ حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان پہلے ہی کردیا ہے اوراس ضمن میں وزارت داخلہ کی جانب سے چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 26 سے 28 جون تک عیدالفطر کی تعطیلات ہوں گی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق 26 جون کو پیر سے منگل اور بدھ کو تمام سرکاری اور نجی ادارے، بینکس اور تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔

    عید کی تعطیل سے قبل دو دن کی ہفتہ وار تعطیل بھی ہیں یعنی کے سرکاری ملازمین کو تنخواہ رواں مہینے کی 22 یا 23 تاریخ تک ادا کردی جائے گی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • حکومت سندھ  کا آئی جی کی خدمات وفاق کےسپرد کرنے کا فیصلہ

    حکومت سندھ کا آئی جی کی خدمات وفاق کےسپرد کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نےآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نےآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کےسپرد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس سلسلے میں سندھ حکومت نےوفاقی حکومت کوخط لکھ دیا ہے۔

    سندھ حکومت نےخط میں اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کےسپرد کرنے کی درخواست کی ہے،جبکہ نئے آئی جی سندھ کےلیے3 ناموں کی سمری بھی وفاق کوارسال کی ہے،جس میں سردار عبدالمجید دستی،غلام قادرتھیبو اورخادم حسین بھٹی کےنام تجویز کیے ہیں۔

    latter

    خیال رہے کہ سردارعبدالمجیدد ستی اےآئی جی ریسرچ اورڈیولپمنٹ کےعہدے پرتعینات ہیں،غلام قادر تھیبو چیئرمین اینٹی کرپشن کےعہدے پرتعینات ہیں۔

    خادم حسین بھٹی ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کےعہدےپرتعینات ہیں،ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی جی سندھ کےلیےمضبوط انتخاب غلام قادر تھیبو کا ہے۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ جبری رخصت

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کےحوالے سے جبری رخصت کی خبر میڈیا کی زینت تھی.

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دوبارہ تعینات

    رواں سال آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے دوبارہ اپنا عہدہ سنبھال لیا تھا، اُن کی غیر موجودگی میں کراچی پولیس چیف مشتاق مہر کو قائم مقام انسپکٹر جنرل تعینات تھے.

  • گورنرسندھ کی تبدیلی‘ نواز شریف اپنی بادشاہت بچارہے ہیں: بلاول

    گورنرسندھ کی تبدیلی‘ نواز شریف اپنی بادشاہت بچارہے ہیں: بلاول

    کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کوبغیر بتائے ہٹایا گیا‘ شریف خاندان اپنی بادشاہت بچارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاو ل بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ نئے گورنر سندھ کی تعیناتی سابق گورنر ڈاکٹرعشرت العباد اور چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا۔

    انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے مذکورہ بالا اشخاص کو ایک کال تک کرنے کی زحمت نہیں کی، شریف خاندان اپنی بادشاہت کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔

    بلاول نے یہ ٹویٹ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما نفیسہ شاہ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے شک کا اظہا کیا تھا کہ’ کہیں سابق جج کی بحیثیت گورنر سندھ تعیناتی شریف خاندان کی جانب سے پنامہ لیکس کیس میں عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں ہے؟‘‘۔

    دوسری جانب سابق گورنر سندھ عشرت العباد خان نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوز رداری کے اس بیان کی تصدیق کی ہے کہ اس معاملے پرانہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    سابق گورنر نے وفاقی حکومت سے شکوہ کیا کہ انہیں گورنر کی تبدیلی کی اطلاع اخبارات اور میڈیا کے ذریعے ملی۔ وفاق نے اس تبدیلی سے متعلق ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں کسی بھی سطح پر مطلع کیا گیا کہ اب ان کی خدمات کی ضرورت نہیں رہی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نواز شریف اور صدرِ مملکت ممنون حسین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گورنر سندھ کی تبدیلی اور سابق جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    سابق جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے آج کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی نیابت میں سندھ کے تیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف لیا ۔

  • فلم مالک یونیورسٹیز،کالجز میں نمائش کیلئے پیش کرینگے، عاشر عظیم

    فلم مالک یونیورسٹیز،کالجز میں نمائش کیلئے پیش کرینگے، عاشر عظیم

    لاہور: اے آر وائی فلمز کی جانب سے ریلیز ہونے والی فلم مالک کے ڈائریکٹر عاشر عظیم کا کہنا ہے کہ پابندی ختم ہونے کے بعد اب فلم مالک کو یونیورسٹیز اور کالجوں میں نمائش کیلئے پیش کرینگے۔

    لاہور پریس کلب میں فلم مالک کے ڈائریکٹر عاشر عظیم کا کہنا تھا کہ حکومت فلم پر پابندی ختم ہونے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جا رہی ہے، جہاں وہ بھرپور دفاع کرینگے۔


    فلم مالک بین الاقوامی سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی


    عاشر عظیم کا کہنا تھا کہ فلم میں کوئی قابل اعتراض مواد موجود نہیں تھا، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب سینما گھروں میں فلم کی نمائش جاری ہے، اسے یونیورسٹیز اور کالجز میں بھی بلامعاوضہ دکھائیں گے۔


    فلم مالک پرپابندی، وفاق اور سینسربورڈ سےجواب طلب


    فلم مالک کے ڈائریکٹر نے کہا کہ 6 ماہ تک فلم پر پابندی کے باعث جہاں انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا وہیں سیاسی نظام اور کرپشن پر فلمیں بنانے والے ڈائریکٹرز کی حوصلہ شکنی بھی ہوئی ہے۔

     

  • فلم مالک پر پابندی، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب

    فلم مالک پر پابندی، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب

    لاہور: ہائی کورٹ نے پاکستانی فلم مالک کی نمائش پر پابندی کے خلاف درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کر لیا، فلم مالک معاشرتی برائیوں‌ پر مبنی ہے جس پر وفاقی حکومت پابندی عائد کرچکی ہے.

    فلم پر پابندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں شہری عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اب کسی بھی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کرنا صوبائی حکومت کا اختیار ہے تاہم وفاقی حکومت نے ملک بھر میں فلم مالک پر پابندی عائد کر دی جو غیر قانونی ہے، سنسر بورڈ پنجاب کی جانب سے سرٹیفیکیٹ جاری ہونے کے بعد صوبے بھر میں فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جا رہی جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق فلم میں کرپشن اور معاشرتی برائیوں کے خلاف شعور اجاگر کیا گیا ہے اس فلم میں ریاست اور آئین کے خلاف ایسا کوئی مواد نہیں جس کی وجہ سے اس پر پابندی عائد کی جا سکے لہذا عدالت فلم مالک کی نمائش پر پابندی کالعدم قرار دیتے ہوئے نمائش کی اجازت دے۔

  • وفاقی حکومت سندھ سے ناانصافی کررہی ہے، نثار کھوڑو

    وفاقی حکومت سندھ سے ناانصافی کررہی ہے، نثار کھوڑو

    کراچی : سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے وعدے پورے نہیں کررہی ہے تو بلند بانگ دعوے بھی نہیں کرے۔

    کراچی کے علاقے ملیر میں گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو کاکہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کو مکمل فنڈز دینے کے متعلق جھوٹ بول رہی ہے ،۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو قابل تقسیم محاصل سے سندھ کو 164 ارب روپے دینے تھے جس میں سے اس وقت تک سندھ کو 50 ارب روپے دیئے گئے ہیں، سندھ کو 114 ارب دینے ہیں، جو اب تک سندھ کو نہیں دیئے جارہے۔

    سندھ کو وفاقی حکومت کی جانب سے اپنا مکمل حصہ فراہم نہیں کیا جارہا جو کہ سندھ کے ساتھ ذیادتی ہے ،گورنمنٹ بوائز پبلک اسکول آدم گوٹھ کی عمارت چھ کروڑ کی لاگت سے 2008 میں مکمل ہوئی ۔

     اسکول کو فنکشنل کرنے میں سستی کی ذمہ دار شہری حکومت ہے ، اسکول کو گرلز ماڈل اسکول بنانے کا ارادہ تھا ۔ اسکول کو چلانے کیلئے جلد بورآف گورنرز تشکیل دیا جائے گا،۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ اسکول کا دورہ میرا فرض ہے یہ بلدیاتی مہم کا حصہ نہیں ۔ صوبائی وزیر تعلیم کے دورے سے قبل گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کے طالبعلموں نے احتجاج بھی کیا۔ جس میں طالبعلوں کا کہنا تھا کہ ان کے اسکول کی عمارت انہیں واپس دی جائے ۔

    ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز منسوب صدیقی کاکہنا ہے کہ بچوں کا مستقبل خراب نہیں کیا جائے گا، ڈی او آفس کیلئے لیا گیا پرائمری اسکول ملیر واپس دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • وفاقی حکومت نے گورنرسندھ سے استعفیٰ طلب کرلیا

    وفاقی حکومت نے گورنرسندھ سے استعفیٰ طلب کرلیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے استعفی طلب کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گورنرسندھ سے استعفیٰ صولت مرزا کی جانب سے عائد کئے گئے الزامات کے سبب طلب کیا گیا۔

    صولت مرزا جو کہ پھانسی کی سزا پاچکے ہیں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد ایم کیو ایم کے مختلف جرائم میں ملوث کارکنان کو پناہ مہیا کرتے ہیں۔

    ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے سندھ حکومت کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔

    گذشتہ دنوں متحدہ قومی موومنٹ نے بھی گورنرسندھ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ایم کیوایم کے کارکنان کوانصاف دلانے اور کارکنان کے خلاف جاری تشدد کوروکنے میں ناکام رہے ہیں لہذا انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

    گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے اس مطالبے پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا وفاقی حکومت نے نئے گورنر سندھ کے نام کیلئے غور شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر نے اپنی نجی مصروفیات کے باعث اپنےاستعفےکےحوالے سے ایک ماہ کی مہلت مانگی ہے۔

    تاہم وزیراعظم ہاؤس اور وزارتِ اطلاعا ت کی جانب سے تاحال اس خبرکی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔