Tag: Fees

  • سعودی عرب : وکیل کوغلطی کرنا بہت مہنگا پڑگیا، فیس بھی نہیں ملے گی

    سعودی عرب : وکیل کوغلطی کرنا بہت مہنگا پڑگیا، فیس بھی نہیں ملے گی

    ابوظبی : وکیل کو اپنی غلطی کی وجہ سے خاتون مؤکلہ کو دولاکھ درہم کا معاوضہ دینا پڑگیا، عدالت نے وکیل کے دلائل مسترد کرتے ہوئے فیس کی آخری قسط سے بھی محروم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کی ایک اعلی عدالت نے سماعت کی تاریخ پر پیش نہ ہونے پر وکیل سے خاتون مؤکلہ کو دو لاکھ درہم کا معاوضہ دلادیا۔

    ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت نے ایک اور فیصلہ خاتون کے حق میں یہ بھی کیا کہ وکیل کو فیس کی آخری قسط سے بھی محروم کردیا،وکیل نے اس حوالے سے جو اعتراضات پیش کیے تھے عدالت نے انہیں سختی سے مسترد کردیا۔

    ابوظبی کی پرائمری کورٹ نے خاتون مؤکلہ کے حق میں فیصلہ دیا تھا جس کی توثیق ایپلٹ کورٹ نے بھی کردی تھی۔ خاتون کا دعویٰ تھا کہ وکیل کی جانب سے کی گئی غلطی اور دعوے کو صحیح طریقے سے فائل کرنے میں کوتاہی کے باعث اسے بھاری مالی نقصان اور ذہنی اذیت پہنچی ہے لہٰذا اسے وکیل سے دو لاکھ درہم کا معاوضہ دلوایا جائے۔

    وکیل نے پہلے پرائمری کورٹ اور اس کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔ اعلٰی عدالت نے بھی اس کا دعوی مسترد کردیا اور اپنے فیصلے میں یہ بات واضح کردی کہ پرائمری کورٹ نے متاثرہ خاتون کے لیے نقصانات کا جو تخمینہ مقرر کیا ہے انہیں اس سے اتفاق ہے۔

    اعلٰی عدالت نے کہا کہ پرائمری کورٹ کا یہ صوابدیدی اختیار تھا جس کے استعمال میں اس نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔

  • کورونا کے باعث تعطیلات ، اسکول فیسوں کے حوالے سے بڑا اعلان

    کورونا کے باعث تعطیلات ، اسکول فیسوں کے حوالے سے بڑا اعلان

    پشاور: خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے کورونا کے باعث چھٹیوں میں 10 فیصد کم فیس لیں گے اور اس سال فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلامیہ جاری کیا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے کوروناکے باعث چھٹیوں میں 10 فیصد کم فیس لیں گے اور اسکول چھوڑنےکی صورت میں بقایاجات دینے پر سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کوئی بھی اسکول اس سال فیس میں کوئی اضافہ نہیں کرے گا اور کوئی اسکول اپنےعملےکوفارغ نہیں کرسکے گا جبکہ تمام نجی تعلیمی ادارے ہر ماہ عملے کو مکمل تنخواہ کے پابند ہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے تاہم وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس میں ایس او پیز کے ساتھ ستمبر کے پہلے ہفتے میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حتمی منظوری کل این سی او سی سے لی جائے گی۔

  • اب اے ٹی ایم استعمال کرنے پر فیس دینا ہوگی

    اب اے ٹی ایم استعمال کرنے پر فیس دینا ہوگی

    مکہ مکرمہ : سعودی بینک نے اے ٹی ایم کارڈ بیرون ملک استعمال کرنے پر 2.75 فیصد  فیس عائد کردی  جبکہ صارف سے کرنسی کا فرق وصول کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں جزیرہ بینک نے اے ٹی ایم کارڈ کے استعمال سے متعلق نئے قوائد و ضوابط جاری کردیئے ہیں ، اے ٹی ایم کارڈ بیرون ملک استعمال کرنے پر 2.75 فیصد فیس ہوگی جبکہ کرنسی کا فرق بھی وصول کیا جائے گا۔

    اخبار کے مطابق الجزیرہ بینک میں تعلقات عامہ کے چیئرمین عبدالمجید النہدی نے بتایا کہ سال 2020 کے 40 روز بعد نئے ضوابط پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

    النہدی نے واضح کیا یہ تبدیلیاں صرف الجزیرہ بینک کی جانب سے کی گئی ، ہر بینک فیس مقرر اور تبدیل کرنے کے سلسلے میں اپنی پالیسی بناتا ہے، سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی نے تمام بینکوں کو اس بات کی اجازت دی ہوئی ہے لیکن کوئی بینک جب بھی تبدیلی کرے تو اسے عمل درآمد سے 30 دن قبل صارف کو مطلع کرنا قانوناً لازمی ہے۔

    الجزیرہ بینک میں تعلقات عامہ کے چیئرمین نے بتایا اگر صارف نے اندرون ملک سے بیرون ملک رجسٹرڈ کسی تاجر کو اے ٹی ایم کے ذریعے رقم منتقل کی تو کیا ایسی صورت میں اضافی چارجز ہوں گے اور 2.75 فیصد فیس وصول کی جائے گی۔ اگر کارڈ انٹرنیٹ کے ذریعے استعمال کیا گیا تو بھی فیس دینا ہوگی۔

    النہدی نے کہا کوئی صارف موبائل کے ذریعے جو بینکنگ آپریشن کرے گا وہ اس کا ذمہ دار خود ہوگا۔

  • فیس کی جگہ پلاسٹک کی اشیا طلب کرنے والا اسکول

    فیس کی جگہ پلاسٹک کی اشیا طلب کرنے والا اسکول

    ہماری زمین کو آلودہ کرنے والی سب سے بڑی وجہ پلاسٹک اس وقت دنیا بھر کے ماہرین کے لیے درد سر بن چکا ہے، اس پلاسٹک کے کچرے کو ختم کرنے کے لیے دنیا بھر میں مختلف کوششیں کی جارہی ہیں۔

    ایسی ہی کوشش بھارت کا ایک اسکول بھی کر رہا ہے جو بچوں کو تعلیم دینے کے عوض ان سے فیس کے بجائے استعمال شدہ پلاسٹک وصول کر رہا ہے۔

    بھارتی ریاست آسام کا یہ گاؤں غریب افراد پر مشتمل ہے اور یہاں کے لوگ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ جب یہاں پر یہ اسکول کھولا گیا تو صرف 20 بچوں کا داخلہ ہوا۔

    صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسکول نے تمام بچوں کے لیے تعلیم مفت کردی تاہم شرط رکھ دی گئی کہ ہر بچہ ہر ہفتے کم از کم 25 پلاسٹک کی اشیا اسکول میں جمع کروائے گا۔

    یہ پلاسٹک شہر میں ری سائیکلنگ فیکٹریوں کو دے دیا جاتا ہے جو اس سے نئی اشیا بنا لیتی ہیں۔

    ریاست آسام میں لوگ موسم سرما میں آگ جلانے کے لیے پلاسٹک کا استعمال کرتے ہیں جس سے نہایت زہریلے دھوئیں کا اخراج ہوتا ہے۔ اس اسکول کی پلاسٹک وصول کرنے کی پالیسی سے اب اس رجحان میں کمی آرہی ہے جبکہ گلی کوچوں کی بھی صفائی کی جارہی ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق بھارت میں روزانہ 26 ہزار ٹن پلاسٹک پیدا کیا جارہا ہے جو استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے اور یوں بھارت میں کچرے اور آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

    تاہم بھارت اب سلسلے میں اقدامات کر رہا ہے اس کا عزم ہے کہ سنہ 2022 تک سنگل استعمال پلاسٹک کو ختم کردیا جائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے دریا اور سمندر پلاسٹک سے اٹ چکے ہیں اور سنہ 2050 تک ہمارے سمندروں میں آبی حیات اور مچھلیوں سے زیادہ پلاسٹک موجود ہوگا۔

    نیدر لینڈز کے ماحولیاتی ادارے گرین پیس کے مطابق دنیا بھر میں 26 کروڑ ٹن پلاسٹک پیدا کیا جاتا ہے جس میں سے 10 فیصد ہمارے سمندروں میں چلا جاتا ہے۔

  • چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    اسلام آباد: نجی اسکولوں میں زائد فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی، لاہور گرامر اور بیکن ہاؤس اسکول کے اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ایف بی آر کو دونوں اسکولوں سے متعلق تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نجی اسکولوں میں زائد فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں بیکن ہاؤس اور لاہور گرامر اسکول کی آڈٹ رپورٹ جمع کروائی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سنہ 2017 میں سی سی او اور ڈائریکٹرز کو 62 ملین ادا کیے گئے۔ کل 512 ملین تنخواہیں ادا کی گئیں۔ 5 سالوں میں 5.2 بلین تنخواہیں ادا کی گئیں۔ تنخواہوں کے علاوہ دیگر سہولتیں الگ ہیں۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ناگواری سے استفسار کیا کہ ان اسکولوں نے یورینیم کی کانیں لی ہیں یا سونے کی؟ ایک ایک ڈائریکٹر کو 83 لاکھ تنخواہ دی جارہی ہے۔

    چیف جسٹس نے آڈٹ کمپنی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور گرامر اسکول کی آڈٹ رپورٹ غلط کیوں بنائی؟ ’پکڑ لیں اس کو اور ایف بی آر کے حوالے کریں، بچوں کو 2 روپے کا ریلیف نہیں دے سکتے‘۔

    انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو لاہور گرامر اور بیکن ہاؤس اسکول کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر دونوں اسکولوں سے متعلق تحقیقات کرے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کرائے کی کوٹھیوں میں اسکول کھولے ہوئے ہیں، ایک ایک کمرے کے اسکول سے اتنا پیسہ بنایا جا رہا ہے۔ اسکول نہیں چلا رہے اب یہ صنعت کار بن گئے ہیں۔

    نجی اسکول کی وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ تمام اسکول 8 فیصد فیس کم کرنے کو تیار ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 8 فیصد تو اونٹ کے منہ میں زیرے والی بات ہے۔ 20 سال کا آڈٹ کروایا تو نتائج بہت مختلف ہوں گے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اسکولوں نے اپنی آڈٹ رپورٹس میں غلط اعداد دیے، کیسے ڈائریکٹر 83، 83 لاکھ روپے تنخواہیں لے رہے ہیں۔

    بیکن ہاؤس کے وکیل شاہد حامد نے بتایا کہ بیکن ہاؤس نے 764 ملین ٹیکس دیا ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ نے بہت ٹیکس دیا ہوگا لیکن اس کا طالب علم کو فائدہ نہیں، اس کا فائدہ تب ہوگا جب فیس کم ہوگی۔

    چیف جسٹس نے تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم بھی دے دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جن اسکولوں نے موسم سرما تعطیلات کی فیس لی وہ 50 فیصد واپس کریں۔ ’دوسری صورت میں آئندہ فیس میں لی گئی اضافی فیس ایڈجسٹ کریں‘۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آئندہ ہم طے کریں گے کتنی فیس بڑھنی ہے۔ جس نے اسکول بند کرنے کی کوشش کی اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ صرف 5 فیصد اضافہ ٹھیک ہے اس سے زیادہ اضافہ ریگولیٹر طے کرے گا۔

    کیس کی مزید سماعت 2 ماہ کے لیے ملتوی کردی گئی۔

  • اضافی فیسوں کی وصولی کا معاملہ، دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل

    اضافی فیسوں کی وصولی کا معاملہ، دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل

    کراچی: پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کے معاملے پر ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے کراچی میں دو اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی ہے جن میں فاؤنڈیشن اسکول اور ہیڈ اسٹار اسکول شامل ہیں۔

    زائد فیسوں کی واپسی تک رجسٹریشن معطل رہے گی، عدالتی احکامات کے بعد بیکن ہاؤس اورسٹی اسکولز کی رجسٹریشن پہلے ہی معطل کی جا چکی ہے۔

    ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکی انسپکشن کی ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں، دی اسمارٹ اسکول نے فیس واپسی کے لیے ڈائیریکٹریٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

    عدالت نے پرائیویٹ اسکولوں کو پانچ فیصد سے زائد فیسوں میں اضافے سے روک دیا تھا۔

    کراچی کے 2 بڑے نجی اسکولز کی تمام برانچز کی رجسٹریشن معطل

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں محکمہ تعلیم نے کراچی کے دو پرائیویٹ اسکولزسسٹم کے 115 کے قریب اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی تھی۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے اسکول فیس میں پانچ فیصد سے زائد اضافے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز سمیت 4 اسکولوں کوتوہین عدالت کے نوٹس جاری کئے تھے جبکہ عدالت نے تمام اسکولوں کو حکم نامے پر مکمل عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت سےفیس اسٹرکچر کاریکارڈ بھی مانگ لیا تھا۔

    واضح رہے کہ 3 ستمبرکو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیارنہیں ہے۔ عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔

  • پاکستانی ٹویٹرصارفین نجی اسکولوں کی جانب سے فیس میں اضافے کے خلاف متحرک

    پاکستانی ٹویٹرصارفین نجی اسکولوں کی جانب سے فیس میں اضافے کے خلاف متحرک

    نجی اسکولوں کی جانب سے اسکولوں میں فیس کی مد میں اضافے پرپاکستان میں سوشل میڈیا پرانتہائی منفی ردعمل کا اظہار کیا جارہاہے۔

    نجی اسکولوں کی جانب سے فیس کی مد میں اضافے نے طلبہ اور ان کے والدین کو سڑک پر احتجاج کرنے پرمجبورکردیا ہے۔

    بھاری فیسوں سے عاجز والدین کا مطاالبہ ہے کہ فیس کی مد میں حالیہ اضافے کو واپس لیا جائے۔

    ٹویٹر پر موجود صارفین نے بھی اس معاملے پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے اور نجی اسکولوں کی مخالفت میں ٹرینڈ سب سے اوپر ہے۔


    #StopPrivateSchoolMafia