Tag: Female Judges

  • سعودی عرب : جج کے عہدے پر خواتین کی تقرری

    سعودی عرب : جج کے عہدے پر خواتین کی تقرری

    ریاض : سعودی حکومت خواتین کو جج کے عہدے پر تعینات کرنے کے فیصلے پر غور کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اس حوالے سے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔

    اس حوالے سے سعودی سیکریٹری افرادی قوت و سماجی بہبود ہند الزاہد نے کہا ہے کہ جج کے عہدے پر خواتین کی تقرری جلد کی جائے گی، وہ سعودی خواتین کو بااختیار بنانے والی سرکاری مہم پر اظہار خیال کر رہی تھیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ہند الزاہد نے کہا ہے کہ میرے علم کے مطابق جج کی تقرری کی کارروائی کئی مرحلوں سے گزرتی ہے، جج بننے کے لیے مطلوبہ ڈگری حاصل کرنا پڑتی ہے۔ اس کے بغیر بات نہیں بنتی تاہم میں یہ بات پورے وثوق سے کہہ رہی ہوں کہ جج کے عہدے پر خواتین کی تقرری کا فیصلہ جلد ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق ہندالزاہد نے بتایا کہ وزارت انصاف میں دو ہزار سے زیادہ خواتین کام کررہی ہیں۔ ان میں وثیقہ نویس بھی شامل ہیں۔ اب جج کے عہدے پر خواتین کے تقرر کا لمحہ قریب آ گیا ہے۔

    سعودی سیکریٹری افرادی قوت نے بتایا کہ سعودی خواتین مملکت کے تقریباً تمام شعبہ جات میں قدم رکھ چکی ہیں۔ کلیدی عہدوں پر فائز ہوچکی ہیں۔ وزارت تعلیم کی پچاس فیصد کارکن خواتین ہیں جبکہ وزارت صحت میں ملازم خواتین کی تعداد تیس فیصد ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سول سروسز کے سیکٹرز میں خواتین کی شمولیت 39 فی صد سے بڑھ کر 41 فی صد ہو گئی ہے جن کی اکثریت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعینات ہوئی ہے

    انہوں نے کہا کہ سعودی لیبر مارکیٹ میں خواتین کی موجودگی معاشرے کے لیے قابل قبول بن چکی ہے۔ سعودی قیادت خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔

  • کویت میں تاریخ رقم، 8 خواتین جج کے منصب پر فائز

    کویت میں تاریخ رقم، 8 خواتین جج کے منصب پر فائز

    کویت سٹی: کویت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 خواتین جج بننے جارہی ہیں، کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم کا کہنا ہے کہ فیصلے کی بدولت کویتی خواتین ترقی کے عمل میں مزید آگے بڑھیں گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق کویت کے پبلک پراسیکیوٹر ضرار العسعوسی نے 8 خواتین کو پراسیکیوشن سے ترقی دے کر جج کے منصب پر فائز کیا ہے، اب یہ خواتین اعلیٰ عدالتی کونسل سے اس کی منظوری کی منتظر ہیں۔

    کویت خلیجی ممالک میں چوتھا ملک ہے جہاں خواتین جج کے منصب پر فائز کی جارہی ہیں، عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت کی اعلیٰ عدالتی کونسل کا اجلاس منگل کو ہوگا جس میں خواتین کو جج بنائے جانے کے فیصلے کی منظوری دی جائے گی، یہ خواتین ستمبر کے شروع سے بحیثیت جج کام کرنا شروع کردیں گی۔

    کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم نے کہا ہے کہ جج کے منصب پر کویتی خواتین کے تقرر کے فیصلے کا انتظار تھا، اس کی بدولت کویتی خواتین ترقی کے عمل میں مزید آگے بڑھیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین تمام میدانوں اور شعبوں میں برسہا برس سے اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔

    جج مقرر کی جانے والی 8 خواتین میں فاطمہ عبد المنعیم عطیہ، فاطمہ فیصل الکندری، فاطمہ یعقوب الفرحان، سنابل بدر الحوطی، بشائر عبدالجلیل علی، بشائر صالح الرقدان، راوی عسام الطبطبائی اور لولوۃ ابراہیم الغانم شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ کویت خلیجی ممالک میں پہلا نہیں جو عدلیہ میں خواتین کی تقرری کر رہا ہے، اس سے قبل امارات، قطر اور بحرین بھی اپنے یہاں عدلیہ میں خواتین کی تقرریاں کر چکے ہیں۔