Tag: Female passenger

  • دوران پرواز موبائل کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا، خاتون مسافر نے تہلکہ خیز ویڈیو شیئر کردی

    دوران پرواز موبائل کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا، خاتون مسافر نے تہلکہ خیز ویڈیو شیئر کردی

    باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے کے عملے نے انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، طیارے کے ائیر وینٹی لیشن سسٹم میں خاتون کا موبائل فون گرگیا جو 13 روز تک نہ مل سکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے عملے کی جانب سے کی جانے والی غفلت سینکڑوں مسافروں کی جان لے سکتی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں دوران پرواز ایک خاتون مسافر کا موبائل سیٹ کے نیچے کھلے ایئر وینٹی لیشن سسٹم میں گرگیا تھا۔ یہ واقعہ 6 جولائی کو جدہ سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں پیش آیا۔

    خاتون نے موبائل فون گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل کردی، پی آئی اے کا انجینئرنگ عملہ لاکھ کوشش کے باوجود 13دن تک ائیر وینٹی لیشن سسٹم سے مذکورہ موبائل نہ نکال سکا۔

    خاتون مسافر نے ایئر وینٹی لیشن سسٹم میں موبائل فون گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی
    پی آئی اے کا بوئنگ777طیارہ موبائل فون کے ساتھ ہی 13دن تک سفر کرتا رہا۔

    اپمی ویڈیو میں خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ عملہ کئی روز تک موبائل فون کی ائیر وینٹی لیشن سسٹم میں موجودگی سے انکار کرتا رہا۔

    خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ موبائل کی گمشدگی کے بعد میں مسلسل 7 دن تک موبائل لوکیشن کے ذریعے طیارے کے ساتھ موبائل کو سفر کرتا ہوا دیکھ رہی تھی۔

    اگر خدانخواستہ موبائل فون کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا،خاتون کے اہل خانہ نے پی آئی اے کے خلاف وفاقی محتسب کو بھی درخواست دے دی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے عملے نے 19 جولائی کو جہاز کا فرش کھول کر موبائل فون مسافر کے حوالے کردیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ مذکورہ خاتون مسافر سے مسلسل رابطے میں تھی، شیڈولڈ پروازوں کی وجہ سے فوری طور پر جہاز کا فرش کھول کر موبائل نہیں نکالا جاسکتا تھا۔

  • ابوظہبی جانے والی خاتون مسافر سے ایک کلو ہیروئن برآمد

    ابوظہبی جانے والی خاتون مسافر سے ایک کلو ہیروئن برآمد

    لاہور : ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے لاہور سے ابوظہبی جانے والی خاتون مسافر کے قبضے سے ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرکے ایک مسافر خاتون کو منشیات سمیت رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

    اےایس ایف حکام کے مطابق لاہور سے ابوظہبی جانے والی خاتون مسافر ماہین بٹ کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے ایک کلو ہیروئن برآمد ہوئی، مذکورہ منشیات انتہائی مہارت سے جسم کے مختلف حصوں میں چھپائی گئی تھی۔

    اے ایس ایف کے مطابق حراست میں لی گئی ملزمہ ماہین بٹ کو برآمد شدہ ہیروئن سمیت اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے ائیر پورٹس سیکورٹی فورس نے ہارمونیم میں آئس چھپا کر بیرون ملک اسمگلنگ کرنے والے دو مسافروں کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے دبئی جانے والے مسافر سے ڈیڑھ کلو آئس برآمد ہوئی ، شوکت خان نامی مسافر ہارمونیم ساتھ لے جارہا تھا، شبہ ہونے پر تلاشی لی گئی۔

  • خاتون مسافر کا 19 لاکھ مالیت کا سونا چوری، ملزمان ڈرامائی انداز میں گرفتار

    خاتون مسافر کا 19 لاکھ مالیت کا سونا چوری، ملزمان ڈرامائی انداز میں گرفتار

    کراچی سے لاہور کی پرواز میں مسافر خاندان کے سامان سے 19 لاکھ کا سونا چوری کرلیا گیا، پولیس نے وری کاروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر شبینہ ناز نامی مسافر 12 فروری کو اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی سے نجی ایئر لائن کی پرواز پی ایف 145 سے لاہور گئیں۔

    انہوں نے کراچی ایئرپورٹ سے اپنا بک کرایا گیا سامان لاہور ایئرپورٹ پر پہنچ کر وصول کرلیا اور مقامی ہوٹل پہنچی۔ مذکورہ خاندان نے ہوٹل جاکر اپنا سامان چیک کیا تو ہیرے کا سیٹ اور 19 لاکھ مالیت کے دیگر زیورات بیگ سے غائب تھے۔

    خاتون نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے واردات کرنے والوں کا سراغ لگالیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ رائل ایئرپورٹ سروس کے 3 ملازمین آفتاب احمد، وقار حیدر اور سید ساجد حیدر چوری کی واردات میں ملوث نکلے۔

    پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تفتیش کی گئی، دوران تفتیش ملزمان کے قبضے سے19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ یہ زیورات جہاز میں لوڈ کرنے کے بعد سامان سے چوری کئے تھے، واردات جہاز میں اس لیے کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بچ سکیں۔

  • خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    کراچی : خاتون مسافر کی بد تمیزی کے باعث پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے304 کو اس وقت ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لانا پڑا جب خاتون مسافر کی بدتمیزی کے باعث دیگر مسافروں نے طیارے میں شور شرابہ شروع کردیا جس پر کپتان نے طیارے کو واپس جیٹی پر لگادیا اور خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    تین بجے روانہ ہونے والی پرواز کو اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری سے خاتون مسافر کی وجہ سے واپس لایا گیا، اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری میں موجود خاتون اپنے نومولود بچے کے ساتھ اکانومی پلس میں جا بیٹھی۔

    جہاز کے عملے اور کپتان نے خاتون مسافر کو اپنی نشست پر واپس جانے کی ہدایت کی تو مذکورہ خاتون مسافر نے اکانومی کلاس میں واپس جانے سے انکار کردیا۔

    عملے کے اسرار پر خاتون مسافر نے عملے سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ خاتون مسافر دو دن کا نومولود بچہ لے کر سفر کررہی تھی۔

    پی آئی اے کے عملے نے جب بچے کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جس پر بھی خاتون نے انکار کردیا، خاتون مسافر کی ضد کے باعث ڈیڑھ سو مسافر جہاز کی روانگی کے منتطر رہے۔

    بعد ازاں برتھ سرٹیفکیٹ نہ دکھانے پر پرواز کو ٹیک آف پوائنٹس سے واپس کردیا گیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پرواز کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر ہوئی، بعد ازاں مسافر خاتون کو نومولود بچے سمیت آف لوڈ کردیا گیا۔