Tag: female teacher

  • استانی جلاد بن گئی، 12سالہ طالب علم کو خنجر گھونپ دیا

    استانی جلاد بن گئی، 12سالہ طالب علم کو خنجر گھونپ دیا

    قاہرہ : مصر میں حسد اور جلن کی آگ نے 12 سالہ بچے کو موت کے منہ تک پہنچا دیا، خاتون اسکول ٹیچر نے کمسن طالب علم کو خنجر گھونپ دیا۔

    مصری میڈیا کے مطابق ایک خاتون ٹیچر نے بچوں کے آپس میں الجھنے پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے12سالہ لڑکے پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئی۔

    مذکورہ واقعہ شمالی مصر میں کفر الشیخ گورنری کے نواحی علاقے القرضا کے ایک اسکول میں پیش آیا جہاں ایک معلمہ نے اپنے بچے اور اسکول کے ایک دوسرے بچے کے ساتھ لڑنے پر بارہ سالہ لڑکے پر چاقو سےحملہ کیا۔

    کفر الشیخ جنرل اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ایک 12 سالہ طالب علم کو لایا گیا ہے جس کی شناخت ” قدری ر ۔م” کے نام سے گئی ہے۔ وہ "القرضا” اسکول میں زیر تعلیم ہے۔

    خاتون ٹیچر کی جانب سے کیے گئے چاقو سے حملے میں اس کے سر اور بازو پر زخم آئے، زخمی لڑکے کے  رشتہ داروں نے بتایا کہ ایک استانی نے اس پر چاقو سے وار کیا اور خود فرار ہوگئی۔

    ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ طالب علم کا استانی کے بیٹے سے جھگڑا ہوا تھا جس نے اپنے بیٹے کا بدلہ اس بچے سے لینے کے لیے اس جرم کا ارتکاب کیا۔

    متعلقہ اسپتال کے طبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مذکورہ زخمی طالب علم کی حالت اب مستحکم ہے اور اس کی جان خطرے سے باہر ہے۔

  • 7سال تک خاتون ٹیچر کی تنخواہ روکنے  والے افسر پر  25 ہزار روپے جرمانہ

    7سال تک خاتون ٹیچر کی تنخواہ روکنے والے افسر پر 25 ہزار روپے جرمانہ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے 7 سال تک خاتون ٹیچر کی تنخواہ روکنے والے افسر پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کو خاتون کی تنخواہ کا معاملہ جلد حل کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں خاتون ٹیچر کی تنخواہ روکنے کیلئے محکمہ ایجوکیشن بلوچستان کی اپیل پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    سپریم کورٹ نے 7سال تک خاتون ٹیچر قرۃ العین کی تنخواہ روکنے پر برہمی کا اظہار کیا ، جسٹس اعجازالاحسن نے اے اے جی سے مکالمے میں کہا کہ اتناعرصہ ٹیچر کی تنخواہ کیسےروک سکتےہیں، 2014میں بغیر معطل کئےقرۃ العین کی تنخواہ کیسےبندکی گئی، قانون پر عملدرآمد کیلئےکس نے ہاتھ باندھ رکھےہیں۔

    ایڈیشنل اےجی بلوچستان نے بتایا کہ 2014 میں انکوائری کی توپتاچلا بطور ٹیچر بھرتی بوگس ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جب پتاچل گیا بھرتی بوگس ہے تو 7سال تک ٹیچر کو نکالا کیوں نہیں گیا، عہدے سے ہٹائے بغیر7سال تک کسی کی تنخواہ نہیں روک سکتے۔

    سپریم کورٹ نے تنخواہ روکنے والے افسر پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کو خاتون ٹیچر کی تنخواہ کا معاملہ جلد حل کرنے کا حکم دے دیا اور بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف بلوچستان حکومت کی اپیل نمٹادی۔

  • پشاور: خواتین اساتذہ کو اسلحہ رکھنے کی اجازت

    پشاور: خواتین اساتذہ کو اسلحہ رکھنے کی اجازت

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے خواتین اساتذہ کو بھی اسلحہ رکھنے کی اجازت دے دی ہے تاکہ کسی حملے کی صورت میں وہ حملہ آوروں کا مقابلہ کرسکیں۔

    سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں اسکولوں کو سیکیورٹی خدشات ہیں، کہیں اسکولوں کو دھمکی آمیز پیغام مل رہے ہیں تو کہیں اسکولوں پر قبضے ہورہے ہیں لیکن اب خواتین ٹیچرز کو بھی اسلحہ رکھنے کی اجازت دیدی گئی ہے، جس کا مقصد اساتذہ کو تحفظ کا احساس دلانا ہے۔

    صوبائی وزیرِ تعلیم محمد عاطف کا کہنا ہے کہ حساس تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر خاص توجہ دے رہے ہیں، اسی کروڑ روپے کی لاگت سے پچاس ہزار اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد حکومت نے سیکیورٹی خدشات کی بناء پر ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا تھا تاکہ اس دوران ان کی سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنائے جاسکیں۔

    یاد رہے گزشتہ سال 16دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 133 بچوں سمیت 148 افراد شہید ہوگئے  تھے۔

    دوسری جانب پشاور میں دوسو چھپن نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن مکمل نہیں ہوسکی ہے، چیئرمین پشاور بورڈڈاکٹر شفیع آفریدی کے مطابق صوبے کےاکیس سو تعلیمی اداروں میں سے اٹھارہ سو چوالیس کی رجسٹریشن کاعمل مکمل ہوگیا، اسکول کے ساتھ ساتھ زیرِ تعلیم طالبعلم اور اساتذہ سے متعلق معلومات بھی اکھٹی کی جارہی ہیں۔

    چیئرمین پشاوربورڈ کا کہنا ہے کہ نجی درسگاہوں میں درس و تدریس سے وابستہ افغان اساتذہ اور اسٹاف کا بھی مکمل ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے، ڈیٹا حاصل ہونے کے بعد تعلیمی اداروں میں ایس او ایس سروس فراہم کردی جائے گی۔