Tag: FIA action

  • کروڑوں کی کرپشن : قائد عوام یونیورسٹی کا عہدیدار گرفتار

    کروڑوں کی کرپشن : قائد عوام یونیورسٹی کا عہدیدار گرفتار

    نواب شاہ : ایف آئی اے کے عملے نے قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی میں چھاپہ مار کر کرپشن کے الزام میں اہم عہدیدار کو گرفتار کرلیا، 7 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔،

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عملے نے یونیورسٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری فنانس قمرالدین شیخ کو گرفتار کر لیا، 4پروفیسرز سمیت7ملزمان فرار ہوگئے۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ایڈیشنل سیکرٹری فنانس کوجوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت پیش کیا گیا، اسپیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ ریمانڈ پر قمرالدین شیخ کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

    مزید پڑھیں : اے اور اے ون گریڈ لینے سینکڑوں طلبا این ای ڈی یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ میں فیل

    ترجمان نے بتایا کہ اسپیشل مجسٹریٹ نے 22جولائی تک سماعت ملتوی کردی، قمرالدین شیخ پر کروڑوں روپے کی بدعنوانی کا الزام ہے، مقدمہ 8 ملزمان کیخلاف درج کیا گیا، دیگر مفرور ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق نواب شاہ کی قائد عوام یونیورسٹی کے ملازم شاہنواز چنڑ کی شکایت پر کرپشن کے الزام میں ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو گرفتار کیا گیا ہے۔

  • ایف آئی اے کا چھاپہ : کروڑوں کی کرنسی اور سونے کے 17 بسکٹ برآمد

    ایف آئی اے کا چھاپہ : کروڑوں کی کرنسی اور سونے کے 17 بسکٹ برآمد

    کراچی : ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث ملزمان کے دفتر سے کروڑوں روپے اور سونے کے متعدد بسکٹس برآمد کرلیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کراچی کے علاقے صدر میں قائم ایک دفتر میں حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار کیخلاف بڑی کارروائی کی ہے۔

    ایف آئی اے کے عملے نے کارروائی کے دوران ساڑھے 11 کروڑ روپے برآمد کیے گئے، اس کے علاوہ صدر میں قائم دفتر سے17 سونے کے بسکٹ بھی ملے، ہربسکٹ 10تولے کا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک رقم بھیجی اور وصول کی جاتی تھی، ملزمان دھندہ طویل عرصے سے کررہے تھے۔

    ایف آئی اے نے مطلوبہ ملزمان سلیم اور باسط کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، مطلوبہ ملزمان کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آسکی تاہم صدر میں دفتر سے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

  • ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلرز گرفتار

    ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلرز گرفتار

    فیصل آباد: ایف آئی اے نے پیپلز کالونی سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی سے نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم ذیشان نے ٹریول ایجنسی کا دفتر بنا رکھا تھا، ملزم شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجتا تھا، ملزم بیرون ملک بھیجنے کیلئے لاکھوں روپے وصول کرتا تھا۔

    دوسری جانب ایف آئی اے نے لاہور اور نارووال میں کارروائی کرتے ہوئے 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کی شناخت عمران علی اور رحمان علی کے ناموں سے ہوئی۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھجواتے تھے، گرفتار ملزمان نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں سے کروڑوں روپے لیے۔

    ایف آئی اے حکام نے مزید بتایا کہ ملزم رحمان علی نے شہریوں سے کینیڈا بھجوانے کیلئے 1 کروڑ 18 لاکھ روپے لیے، ملزم عمران علی نے شہری کو ملائشیا کا ورک ویزہ فراہم کرنے کیلئے 15 لاکھ روپے لیے۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 3 مسافر آف لوڈ

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 3 مسافر آف لوڈ

    کراچی:جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے، جعلی سفری دستاویزات پر گنی جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان پاکستانی پاسپورٹ پر گنی جا رہے تھے، جعلی ویزے لگے ہوئے تھے، ملزمان محمد حنیف، عبدالغفار اور محمد عیسیٰ کا تعلق جھنگ سے ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایجنٹ سے ویزے حاصل کئے، ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن پر نیب نے ایئرپورٹ حکام کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ کے حکام ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئے، نیب نے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

    ضمیر الحسن نامی شہری نے فیصل آباد ایئرپورٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے نیب کو انکوائری کی درخواست دی تھی، جس پر نیب نے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ کر کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ انتظامیہ کے خلاف ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی شکایت ملی ہے، اس کی تحقیقات کی جائیں۔

    ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات مکمل کرلی

    واضح رہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ انتظامیہ کے خلاف تمام چھوٹے بڑے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دے کر مبینہ کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے۔

  • حوالہ ہنڈی، اسمگلنگ : گرفتار ملزمان سے بھاری مالیت کی کرنسی برآمد

    حوالہ ہنڈی، اسمگلنگ : گرفتار ملزمان سے بھاری مالیت کی کرنسی برآمد

    کراچی : ایف آئی اے کراچی زون کے عملے نے حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں غیر قانونی منی ایکسچینج سرگرمیوں کیخلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    ایف آئی اے کے عملے نے کرنسی اسمگلرز اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے8مقامات پر چھاپے مارے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق غیر قانونی منی ایکسچینج میں ملوث 11 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا،جن کے قبضے سے 46 ملین سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔

    گرفتار ملزمان سے 49ہزار امریکی ڈالر، ہزار یورو اور 31 ملین پاکستانی روپے ضبط کیے گئے، کارروائیوں کے دوران دکانوں، دفاتر کو سیل کر دیا گیا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کاروبار کی آڑ میں غیر قانونی منی ایکسچینج میں ملوث تھے، حوالہ ہنڈی میں ملوث ایجنٹوں کا ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایجنٹوں کا بینک ریکارڈ، سفری ریکارڈ اور رشتہ داروں کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، بیرون ملک مقیم حوالہ ہنڈی میں ملوث ڈیلروں کے خلاف بھی تحقیقات تیز کردی گئی ہیں۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ بیرون ملک میں موجود ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کر لیا گیا، انٹر پول کےذریعے ملزمان کی گرفتاری ترجیحی بنیادوں پر تیز کر دی گئی ہے۔

  • ایف آئی اے ایکشن، ابوظبی سے سنگین جرائم میں مطلوب ملزم گرفتار

    ایف آئی اے ایکشن، ابوظبی سے سنگین جرائم میں مطلوب ملزم گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے ابوظہبی سے سنگین جرائم میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم  پولیس کو مطلوب تھا۔

    اشتہاری ملزم تصور حسین کو ابوظبی سے گرفتار کرکے فیصل آباد ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا، گرفتار ملزم قتل سمیت مختلف مقدمات میں پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔

    ملزم کےخلاف جہلم کے مقامی تھانے میں مقدمہ درج تھا۔ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

    ایف آئی اے این سی انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ بعد ازاں ایف آئی اے فیصل آباد سرکل نے ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کردیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔

  • سوشل میڈیا پر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    سوشل میڈیا پر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    پشاور : ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل پشاور کی ٹیم نے اسلام آباد میں کامیاب کارروائی کرکے جنسی ہراسگی اوربلیک میلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کاشان ساجد نے شکایت کنندہ کے گھر والوں کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم نے شکایت کنندہ کا ای میل، فیس بک اور ٹک ٹاک اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد تصاویر اور ویڈیوز شکایت کنندہ کے اکاؤنٹس سے حاصل کیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نازیبا تصاویر اور ویڈیوز کی آڑ میں شکایت کنندہ کو بلیک میل کر رہا تھا، چھاپے کے دوران ملزم کاشان ساجد سے موبائل فونز، مختلف سمز ،ڈیجیٹل آلات برآمد ہوئے ہیں، ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • کرپشن میں ملوث کسٹمز افسران کیخلاف ایف آئی اے کا اہم اقدام

    کرپشن میں ملوث کسٹمز افسران کیخلاف ایف آئی اے کا اہم اقدام

    کراچی: ایف آئی اے کو مطلوب اسپیڈ منی کے مقدمے میں ملوث کسٹمز افسران کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیڈ منی کے الزامات کا سامنا کرنے والے کسٹمز افسران کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کردیے گئے، کسٹمز کلکٹرز ثاقف سعید، عثمان باجوہ، عامرتھیم کا نام ایف آئی اے اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیا گیا۔

    اس کے علاوہ گرفتار کسٹم افسر یاور عباس اور طارق محمود اور چھالیہ کے اسمگلر عمران نورانی کا نام بھی ایف آئی اے نے اسٹاپ لسٹ پر ڈال دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن کو مطلوب کسٹمز افسران کی فہرست اینٹی کرپشن سرکل نے بھیجی تھی، کسٹمزکلکٹر ثاقف سعید بیرون ملک فرار ہونا چاہتے تھے۔

    ذرائع کے مطابق ثاقف سعید نے بیرون ملک جانے کیلئے ایک سال کی چھٹی بھی لے لی تھی جسے منسوخ کردیا گیا۔

    دونوں اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے کے ساتھ ہی ایک سال کی چھٹی لی گئی تھی، ایف آئی اے نے دیگر افسران کے ساتھ ثاقف سعید کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔

  • اسرائیل میں غیرقانونی امیگریشن کیس میں اہم پیشرفت

    اسرائیل میں غیرقانونی امیگریشن کیس میں اہم پیشرفت

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسرائیل میں غیرقانونی امیگریشن کیس میں گرفتار ملزمان سے متعلق جی پی او میرپورخاص سے حاصل کیے گئے ریکارڈ سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں غیرقانونی امیگریشن کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جی پی او میرپورخاص سے حاصل کردہ ریکارڈ میں اہم انکشاف سامنے آئے ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پانچوں ملزمان کے دیگر رشتے داروں نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا،
    ملزمان نے اسرائیل سے جی پی او میرپورخاص1کروڑ13لاکھ کی ٹرانزیکشنز کیں، ملزمان کی جانب سے مجموعی طورپر 108ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

    ملزمان سے بک کرائے گئے ٹکٹوں سے متعلق ریکارڈ کیلئے رابطہ کیا گیا، کینیا،سری لنکا، سوئٹزر لینڈ، یو اے ای سفارت خانوں سے موفا کےذریعے رابطہ کیا گیا، سفارت خانوں کے ذریعے ملزمان کو جاری ویزوں سے متعلق ریکارڈ لیا جاسکے گا۔

    ترجمان کے مطابق لین دین کے ریکارڈ کیلئے جی پی او حیدرآباد اور جی پی او میرپورخاص سے بھی رابطہ کیا گیا، کاؤنٹر پارٹیز کو اسرائیل سے موصول ترسیلات زر کےسلسلے میں جانچا گیا ہے۔،

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈیٹا کو آئی بی ایم ایس کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے، ملزمان کے خاندانوں کی مکمل سفری تاریخیں حاصل کی جاسکیں گی، ملزمان سینٹرل جیل میرپورخاص میں عدالتی تحویل میں ہیں۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے نے ایجنٹ کی مدد سے ’غیرقانونی امیگریشن‘ حاصل کرکے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانیوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، ان پانچوں ملزمان کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے میرپور خاص سے ہے۔

    ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر(زون II)ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ایف آئی اے کرائم سرکل میرپورخاص نے پانچ ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، محمد ذیشان، محمد کامران صدیقی اور محمد انور کو گرفتار کیا۔

  • انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ، مزید 6 گرفتار

    انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ، مزید 6 گرفتار

    گجرات : ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے عملے نے مختلف کارروائیوں میں یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ گروہ کے مزید6 کارندے گرفتار کرلیے۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلرز کو کھاریاں، ملک وال،جہلم، لاہور اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    انسانی اسمگلرز نے معصوم شہریوں کو بیرون ملک یورپ بجھوانے کا جھانسہ دے کر ان سے کروڑوں روپے بٹورے، ملزمان نے متعدد شہریوں سے فی کس 25 سے 27 لاکھ روپے وصول کئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزمان میں اسلم دریکاں والا، حسنین شاہ، صفدر ، ارشد گجر، محمد اشرف اور ممتاز حسین شامل ہیں، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان انسانی اسمگلنگ کے بڑے گروہ کے طور پر کام کر رہے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں، ملزمان کے انٹرنیشنل اسمگلنگ کے گروہ سے بھی رابطے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلر اسلم دریکاں والا بیشتر شہریوں کو غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک بھجوا چکا ہے، انسانی اسمگلر لیبیا سے یورپ بذریعہ کشتی بھجوانے میں ملوث تھے۔