Tag: FIA action

  • جعلی ڈرائیونگ اور اسلحہ لائسنس بنانے والا گینگ بےنقاب

    جعلی ڈرائیونگ اور اسلحہ لائسنس بنانے والا گینگ بےنقاب

    کوئٹہ : ملکی، بین الاقوامی سطح کے جعلی ڈرائیونگ اور اسلحہ لائسنس بنانے والا گینگ بےنقاب ہوگیا، پولیس کی جعلی ویب سائٹ بھی بنائی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے عملے نے لاہور میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے جعلی لائسنس اور دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، تفتیش میں حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق گینگ کے خلاف زیارت پولیس کی شکایت پر کارروائی کی گئی، اسلام آباد کے جعلی اسلحہ لائسنس دو ہزار روپے میں دینے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔

    دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ لائسنس تصدیق کیلئے ملزمان نے پولیس کی جعلی ویب سائٹ بنائی تھی، گینگ کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔

  • ہوشیار! سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے والے اب نہیں بچ سکیں گے

    ہوشیار! سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے والے اب نہیں بچ سکیں گے

    ایک حالیہ تحقیق کے مطابق انٹرنیٹ استعمال کرنے والی خواتین کی بڑی تعداد مردوں کے ہاتھوں آن لائن ہراساں ہو رہی ہے اور ان میں سب سے زیادہ تعداد ان خواتین کی ہے جو نیٹ کا استعمال محفوظ طریقے سے نہیں کر پاتیں۔

    سوشل میڈیا پر ہونے والے جرائم کی روک تھام کیلیے ایف آئی اے کی جانب سے مؤثر کارروائیاں کی جارہی ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    کراچی کے بعد اب حیدرآباد کی عدالت نے بھی سائبر کرائم کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے ملزم کو3سال قید بامشقت اور 20ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

    ملزم اپنے ہی آفس کی ایک لڑکی کی تصاویر جعلی آئی ڈیز کے ذریعے پھیلا کر اسے بدنام کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کی شکایت پر اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عمران ریاض نے بتایا کہ سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے ملک کو بلیک میلنگ اور ہراسانی کے جرم سے پاک کرنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لا رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کسی شخص کی فحش تصویر یا ویڈیو پر چسپاں کرنے، کسی فرد کی شہوت انگیز تصویر یا ویڈیو کی نمائش یا اشاعت کرنے، کسی شخص کو جنسی فعل یا عریاں تصویر یا ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنے یا اسے جنسی فعل کے لیے قائل کرنے، ترغیب دلانے یا مائل کرنے پر پانچ سال قید یا 50 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

    اس کے علاوہ نابالغ بچے یا بچی کے ساتھ پہلی بار ان جرائم پر قید کی سزا کی مدت سات سال ہوگی اور دوبارہ ارتکاب پر دس سال قید کی سزا دی جائے گی۔ آن لائن ہراساں کیے جانا صرف ذومعنی باتوں اور چھیڑ چھاڑ تک محدود نہیں بلکہ اس کے سب سے خطرناک پہلو خواتین پر تشدد اور ان کو بدلے کی دھمکیاں دینا ہے۔

  • جعلی لائسنس اسکینڈل : ایف آئی اے نے دوسرا پائلٹ گرفتار کرلیا

    جعلی لائسنس اسکینڈل : ایف آئی اے نے دوسرا پائلٹ گرفتار کرلیا

    کراچی : پائلٹس کے مشتبہ جعلی لائسنس اسکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے کارروائیاں تیز کردیں، برطانیہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل رؤف شیخ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کپتان فہد سلطان برطانوی پاسپورٹ پر غیرملکی ائیر لائن کے ذریعے برطانیہ جانا چاہتا تھا۔

    ملزم فہد سلطان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، فہد سلطان پر مقدمہ نمبر 07/21 کے درج ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق کپتان نے جعلی لائسنس بنا رکھا تھا اور وہ کہیں بھی فلائنگ نہیں کرتا تھا۔ سول ایوی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری کی مدعیت میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا جس کے تحت گزشتہ دنوں ایک پائلٹ اور 5سی اے اے کے افسران کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لائسنس تحقیقات میں دو اہم سی اے اے کے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    تحقیقات میں پائلٹس سمیت سی اے اے کے مزید ملزمان کا نیٹ ورک بھی سامنے آیا ہے اس کے علاوہ سی اے اے کے افسران کا فرنٹ مین کے ذریعے مبینہ طور پر پائلٹس سے رقم لینے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے لائسنس برانچ کے حکام پائلٹس کو پاس کرنے کے لیے فی پرچے کے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیا کرتے تھے

    پائلٹس کی جگہ کسی اور کو بٹھا کر امتحان پاس کروا کر سی اے اے کے ملوث افسران مبینہ طور پر کمیشن لینے کا بھی الزام ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتار سی اے اے کے لائسنس برانچ کے افسران اور پائلٹس کا ریمانڈ بھی حاصل کیا ہوا ہے مزید تفتیش کی جارہی ہے، تحقیقات کا دائرہ مزید پھیلا دیا گیا ہے اور مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

  • منی ایکسجینج پر چھاپہ، کروڑوں مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑی گئی، دو ملزمان گرفتار

    منی ایکسجینج پر چھاپہ، کروڑوں مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑی گئی، دو ملزمان گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے9کروڑ روپے سے زائد مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑلی، منی ایکسچینج کا مالک بیٹے سمیت گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی اینٹی کرپشن ٹیم نے حوالہ ہنڈی کا بڑا کیس پکڑ لیا، کراچی میں السہارا ایکس چینج کے4دفاتر پر چھاپہ مار کر ساڑھے9کروڑ روپے سے زائد مالیت کی حوالہ ہنڈی کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا، مذکورہ چھاپہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں مارا گیا۔

    کارروائی کے دوران حوالہ،ہنڈی و دیگرذرائع سے کروڑوں کی مبینہ منی لانڈرنگ کی نشاندہی سامنے آئی ہے، دفاتر سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی اورغیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔

    ڈائریکٹرایف آئی اے کے مطابق ٹیم کو دفاتر سے پاکستانی کرنسی، امریکی اور کینڈین ڈالر، یورو، پاؤنڈ، یو اے ای درہم اور تھائی کرنسی ملی، ان کا کہنا ہے کہ ریکارڈ چیک کیاجارہا ہے کل کتنی مالیت کی منی لانڈرنگ ہوئی۔

    اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے السہارا ایکس چینج کے مالک رحمت اللہ اور اس کے بیٹے علی محبوب کو گرفتار کرلیا۔

    علاوہ ازیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو ایف آئی اے نےحراست میں لے لیا، رشید علی نامیک مسافر دبئی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے324کے ذریعےاسلام آباد پہنچا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوران امیگریشن مسافر کا نام آئی بی ایم ایس کی لسٹ میں پایا گیا
    ایف آئی اے نے مسافر  رشیدعلی کو حراست میں لے کرسیل منتقل کردیا۔

  • ایف آئی اے کی کارروائی، را کا ایجنٹ سرکاری افسر رنگے ہاتھوں گرفتار

    ایف آئی اے کی کارروائی، را کا ایجنٹ سرکاری افسر رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے را کے ایجنٹ کو گرفتار کرلیا، ملزم 17گریڈ کا سرکاری ملازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی سے را سلیپر سیل کے اہم رکن آصف صدیقی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، جسے مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا اس حوالے سے ایف آئی اےحکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گرفتارملزم 17گریڈ کا سرکاری ملازم تھا۔

    ملزم کے قبضے سے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر اہم دستاویزات برآمد ہوئیں ہیں، چھاپے کے وقت ملزم اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھا۔

    ملزم سیکیورٹی اداروں کی معلومات بذریعہ ای میل بھارت بھیجتا تھا، ملزم حساس مقامات کی تصاویر اور تفصیلات بذریعہ ای میل بھیج رہا تھا۔

    ایف آئی اے حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم آصف صدیقی اسلحے کی ترسیل میں بھی ملوث ہے، ملزم کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ملزم آصف صدیقی سائٹ کراچی میں ملازمت کرتا تھا، ملزم سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر را کا ایجنٹ نکلا، دس سال قید کی سزا

    اس سے قبل بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر قائد سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے متعدد ایجنٹس گرفتار کئے ہیں، بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ کلبھوشن یادیو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے تفتیش کے دوران پاکستان میں رابطوں کے حوالے سے کئی اہم انکشافات بھی کئے تھے۔

  • ایف آئی اے کی بڑی کارروائی : پھلوں کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے کی بڑی کارروائی : پھلوں کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان گرفتار

    کوئٹہ : ایف آئی اے نے پھلوں کے کاروبار کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ملکی و غیر ملکی کرنسی بر آمد کرلی، ملزمان کے 8اکاونٹس منجمد کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فروٹ کے کاروبار کی آڑ میں منی لانڈرنگ کرنے والے تین ملزمان گرفتار کرلیے۔

    چوہڑ روڈ کوئٹہ پر قائم دفتر پر کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر ملکی و غیر ملکی کرنسی بر آمد کرلی گئی، ایف آئی اے نے ملزمان کے8اکاونٹس میں منی لانڈرنگ کے لئے7کروڑ70لاکھ کی ٹرانزیکشنز بھی منجمد کردی۔

    چھاپہ کے دوران حوالہ ہنڈی کے لئے دفتر میں موجود چیک بکس، بنک رسیدیں اور دیگر دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان الطاف حسین نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان غلام محمد، حبیب الرحمان اشرف علی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،، ملزمان گزشتہ کئی سالوں سے حوالہ ہنڈی کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ملزمان اب تک 7 ارب 90 کروڑ کی منی لانڈرنگ کر چکے ہیں۔

  • ملک میں متعدد اے ٹی ایم ہیک ہوگئے، اسٹیٹ بینک

    ملک میں متعدد اے ٹی ایم ہیک ہوگئے، اسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ ملک میں متعدد اےٹی ایم ہیک ہوگئے ہیں جنہیں اسکمنگ کے ذریعے کلون کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اسکمنگ کے واقعات کا نوٹس لے لیا، متعلقہ بینک کو صارفین کو پوری ادائیگی کرنے کی ہدایت کردی، اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لئے گئے، ہیکرز نے پاسورڈ چوری کرکے چھ سو سے زائد بینک اکاؤنٹس خالی کردیئے۔

    اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک اعلامیہ جا ری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں متعدد اے ٹی ایمز ہیک ہوگئے ہیں، ایک بینک کے اے ٹی ایم اسکمنگ کے ذریعے کلون کردیئے گئے۔

    اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا ہے کہ جعلی اے ٹی ایم کارڈز اندرون اور بیرون ملک استعمال کئےگئے، سائبر کرائم کی اس واردات میں صارفین کا ایک کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ متعدد اے ٹی ایم کارڈز بلاک جبکہ مشکوک اےٹی ایم مشینیں بھی بند کردی گئیں ہیں، ابھی تک 296 صارفین نے متنازع لین دین کی تصدیق کی ہے اور تخمینے کے مطابق متعلقہ بینک کو اپنے صارفین کے حوالے سے 10.2 ملین روپے کا نقصان ہوا ہے۔

    مذکورہ بینک نے ڈپازٹرز کو ان کے نقصان کے مساوی رقم واپس کرنا بھی شروع کر دی ہے۔


    مزید پڑھیں: ہیکرز نے اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لیے


    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے میں شاپنگ سینٹر سے اے ٹی ایم پاس ورڈز ہیک کرکے بھاری رقوم نکلوانے کا انکشاف ہوا تھا، ڈیفنس میں ایک بینک کے صارف کی رقم اگلے دن چین کے شہر شنگھائی میں نکالی گئی۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد میں کراچی کے ایک اور کھاتےدار کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے نکالے گئے، اس حوالے سے ایف آئی اے نے اپنی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

  • فیس بک پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے اشتہار جاری

    فیس بک پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے اشتہار جاری

    اسلام آباد : توہین رسالت کے ملزمان کے خلاف ایکشن شروع کردیا گیا، ایف آئی اے نے فیس بک پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے اشتہار جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے معاملہ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے کارروائی کا آغاز کردیا ، ملزمان کی نشاندہی میں مدد کے لئے اشتہار جاری کردیئے گئے ہیں، اشتہار میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے عناصر جو گستاخانہ کارروائیوں میں ملوث سے متعلق ایف آئی اے کو آگاہ کریں۔

    اشتہار میں کہا گیا ہے کہ گستاخانہ مواد جاری کرنے والوں کے خلاف ٹھوس معلومات اور ثبوت سائبر کرائم سیل کو مہیا کریں۔


    مزید پڑھیں : ملک کا سب سے بڑامسئلہ توہین رسالت ہے، وزیراعظم کو بلانا پڑا تو بلائیں گے،جسٹس شوکت عزیزصدیقی


    گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کامعاملہ وزیر اعظم تک پہنچانے کا حکم دیا تھا، جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے کہا تھا کہ ملک کا سب سے بڑامسئلہ توہین رسالت کا ہے،ایکشن نہ ہوا تو وزیراعظم کو طلب کریں گے۔

    بعد ازاں اسلام آباد میں پولیس نےگستاخانہ پیجز چلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے حکم کے بعد درج کی، گستاخانہ پیجزچلانے والوں کےخلاف مقدمہ انسپکٹرارشادابڑوکی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا گیا ، جس میں 295اے اور سی کی دفعات لگائی گئی ۔

    اس سے قبل سماعت میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے میں ملوث افراد کا نام فوری ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ سوشل میڈیا سے تمام گستاخانہ مواد آج ہی بلاک کیا جائے۔