Tag: FIA Islamabad

  • جعلی ادارے اور آن لائن فراڈ میں ملوث گروہ کا کارندہ گرفتار

    جعلی ادارے اور آن لائن فراڈ میں ملوث گروہ کا کارندہ گرفتار

    اسلام آباد : ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ٹیکنیکل بورڈ، ٹریننگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے اہم رکن کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان رشید ٹیکنیکل بورڈ، ٹریننگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے میں ملوث ہے، ملزم کو ای الیون اسلام آباد سے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔

    ملزم نے ساتھی کی مدد سےعام شہریوں سے بھاری رقم اینٹھی، ملزمان نے جعلی نرسنگ، انجینئرنگ ڈپلومہ، ڈگریاں اور اسلحہ رسیدیں جاری کیں، دھوکہ باز گروہ نے ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے نام سے جعلی ویب سائٹس بھی بنا رکھی تھیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم اسلحہ ڈیلرز سے مل کر بغیر خریداری رسیدیں بنانے میں بھی ملوث تھا، ملزم مختلف پرنٹنگ پریس سے جعلی ڈگریاں بھی بنواتا تھا، دوران تلاشی دفتر سے جعلی ڈگریاں، نرسنگ سرٹیفکیٹ، جعلی لائسنس اور اسلحہ رسیدیں برآمد ہوئی ہیں۔

    ملزم سے سرکاری اداروں، مختلف ایمبیسی، تعلیمی بورڈز، فارن آفس کی جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزم نے آن لائن داخلے کے نام پر بھاری فیسیں وصول کی ہوئی تھیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان رشید سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، جعلی،غیرقانونی تعلیمی اداروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

  • پاک فوج کے خلاف مہم، ن لیگ میڈیا سیل کا رکن گرفتار

    پاک فوج کے خلاف مہم، ن لیگ میڈیا سیل کا رکن گرفتار

    لاہور+اسلام آباد: پاک فوج کے خلاف مہم چلانے کے الزام میں ن لیگ میڈیا سیل سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر فیصل رانجھا کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد ذوالقرنین حیدر کے مطابق پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے، ایف آئی اے کو اس ضمن میں لسٹیں بنانے اور کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    نمائندے کے مطابق ایف آئی اے نے اس ضمن میں تقریباً 33 افراد کی نام شارٹ لسٹ کیا ہے جس میں متعدد افراد کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے جب کہ کچھ کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔

    لسٹ میں ڈاکٹر فیصل رانجھا کا نام بھی شامل ہے جنہیں آج ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے لاہور سے گرفتار کرکے اسلام آباد ایف آئی اے ای سی ٹی ڈبیلو کے حوالے کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر فیصل رانجھا کا تعلق مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل سے ہے۔

    ڈاکٹر فیصل رانجھا سے تاحال تفتیش کا عمل جاری ہے کہ انہوں نے کس بنیاد پر پاک آرمی کے خلاف مہم چلائی۔