Tag: FIA team

  • بانی ایم کیوایم  سے لندن میں پوچھ گچھ کے لئے ایف آئی اے کی ٹیم تشکیل

    بانی ایم کیوایم سے لندن میں پوچھ گچھ کے لئے ایف آئی اے کی ٹیم تشکیل

    اسلام آباد : بانی ایم کیوایم سے لندن میں پوچھ گچھ کے لئے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ، اسکارٹ لینڈیارڈکی جانب سےگرین سگنل ملتےہی ٹیم لندن روانہ ہوگی، ایف آئی اے نے برطانوی وکیل ٹوبےکی خدمات بھی حاصل کرلیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیوایم کی لندن میں گرفتاری کے بعد ایف آئی اےکی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی، ڈائریکٹرانسداد دہشت گردی ونگ ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے ٹیم بانی ایم کیوایم سےمنی لانڈرنگ،نفرت انگیزتقاریرپرپوچھ گچھ کرے گی ، اسکارٹ لینڈیارڈکی جانب سےگرین سگنل ملتےہی ٹیم لندن روانہ ہوجائے گی۔

    ایف آئی اے نے برطانوی وکیل ٹوبے کی خدمات بھی حاصل کرلیں ہیں ، عدالت میں بانی ایم کیوایم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی جائے گی۔

    یاد رہے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم کو گرفتار کیا ، انھیں آج صبح 8 بجے ان کےگھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیاگیا، گرفتاری کے بعد انھیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ، نارتھ لندن میں چھاپے میں15 پولیس افسران نے حصہ لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بانی ایم کیو ایم لندن میں گرفتار، اسکاٹ لینڈیارڈ کی تصدیق

    بعد ازاں اسکاٹ لینڈیارڈ نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ایم کیوایم کے ایک شخص کونفرت انگیزتقاریر پرگرفتار کیا ہے، گرفتارشخص کوساؤتھ لندن کےپولیس اسٹیشن میں رکھاگیاہے اور تفتیش کے دوران افسران پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے، تفتیش کی نگرانی انسداد دہشت گردی حکام تفتیش کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈیارڈ سے کراچی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے رابطہ کیا، ایف آئی اے نے ملزم کو حوالے کرنے سے متعلق شواہد سے آگاہ کیا، ایف آئی اے کی 3 رکنی ٹیم کی لندن روانگی کے لیے تیار ہے ، ایف آئی اے کومحکمہ داخلہ کے جواب کا انتظار ہے۔

    واضح رہے اگست 2016 میں کراچی پریس کلب کے باہر قائد ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان مخالف اشتعال انگیز تقریر کی گئی تھی، جس کے بعد مظاہرین نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کر کے دفتری املاک کو شدید نقصان پہنچایا اور دفتر میں موجود اسٹاف کو بھی زدکوب کیا تھا۔

  • گردہ اسکینڈل کیس: گروہ کے تین مرکزی ملزمان گرفتار

    گردہ اسکینڈل کیس: گروہ کے تین مرکزی ملزمان گرفتار

    لاہور : پنجاب میں گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری کا دھندا چلانے والے گروہ کے تین مرکزی کردار مری کے ہوٹل سے گرفتار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گردہ اسکینڈل کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم کو کیس میں بڑی کامیابی مل گئی، پنجاب میں گردہ اسکینڈل کے مرکزی کردار ڈاکٹر ثاقب خان سمیت مزید تین ملزمان کو گرفتارکرلیاگیا۔ ڈاکٹر ثاقب سے تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

    ایف آئی اے نے مری کے ایک ہوٹل میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے سرغنہ ڈاکٹر ثاقب سمیت اس کے سہولت کار قمر اور خاتون فضائل کو حراست میں لے لیا، ایف آئی اے کے مطابق ملزمان فرار ہو کر پہلے چترال اور فیصل آباد گئے پھر وہاں سے مری پہنچے تھے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالا سے گروہ کے ایک ایجنٹ عبدالمجید کو گرفتار کیا گیاتھا جو غیرملکی افراد کو ڈاکٹر فواد اور ڈاکٹر التمش تک پہنچاتا تھا۔

    مزید پڑھیں : اٹھارہ لاکھ کے عوض گردہ ٹرانسپلانٹ کیا جاتا تھا، گرفتار ملازمہ

    یاد رہے کہ ملزمان ڈاکٹرفواد، وائی ڈی اے کے سیکرٹری ڈاکٹر التمش اور شریف میڈیکل سٹی کی ہیلتھ ورکرصفیہ کو پہلے ہی گرفتارکیاجاچکاہے۔

    ملزمہ صفیہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ بشیرنامی شخص اسے ڈونر فراہم کرتا تھا۔ گردہ ٹرانسپلانٹ کروانے والے سے اٹھارہ لاکھ روپے لیے جاتے تھے۔

  • عمران فاروق قتل کیس: ایف آئی اے کی ٹیم لندن بھیجنے کا فیصلہ

    عمران فاروق قتل کیس: ایف آئی اے کی ٹیم لندن بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم لندن بھیجنے کا فیصلہ کرلیا جو 30 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد ذوالقرنین حیدر کے مطابق برطانیہ کی سیکریٹری داخلہ امبر روڈ نے پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی تھی جس میں عمران فاروق قتل کیس پر بات کی گئی۔

    ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف آئی اے کی ایک ٹیم لندن روانہ کی جائے گی جو وہاں پہنچ کر مقد مہ کے 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرے گی، جائے وقوع کا دورہ کرے گی اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے حاصل کردہ دیگر شواہد کا بھی جائزہ لے گی۔


    مزید اطلاعات ہیں کہ گواہوں میں ایک ڈرائیور بھی شامل ہے جب کہ وہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے ملزمان کو ٹھہرایا تھا ان کے بھی بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی برطانیہ کی سیکریٹری داخلہ امبر روڈ  اور چوہدری نثار نے 21 مارچ کو اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی جس میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم کا معاملہ دونوں ممالک میں رنجش کا باعث ہے، بانی ایم کیو ایم کا مسئلہ گزشتہ 4 سال سے اٹھا رہے ہیں۔

    یہ پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس میں انصاف ہوگا، برطانوی سیکریٹری داخلہ

    جواب میں سیکریٹری داخلہ برطانیہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ عمران فاروق قتل کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ حق اور سچ کی ہر صورت جیت ہو، بانی ایم کیو ایم کے معاملات پولیس دیکھ رہی ہے ہر صورت انصاف ہوگا،  برطانیہ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی بالکل اجازت نہیں ہے۔

  • عزیر بلوچ دبئی کی عدالت میں پیشی کے بعد جیل منتقل

    عزیر بلوچ دبئی کی عدالت میں پیشی کے بعد جیل منتقل

    دبئی: گرفتار لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو دبئی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

    عزیر جان بلوچ کو دبئی کی عدالت میں پیشی کے بعد دوبارہ جیل بھیج دیا گیا، لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

    پاکستان سے جانیوالی ایف آئی اے کی ٹیم پچھلے تین ہفتوں سےدبئی میں موجود ہے تاہم بعض معاملات کی وجہ سےعذیر جان بلوچ کی واپسی میں تاخیرہو رہی ہے ۔

    یو اے ای حکام کا کہنا ہے کہ تاخیر کی بنیادی وجہ پاکستان سے آنیوالی ٹیم کیجانب سے تاخیری حربے اختیار کیا جانا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے حکام نے حکومت پاکستان کوخط لکھا ہے، جس میں کہا گیا پے کہ وہ عزیر بلوچ کی حوالگی کیلئے بھیجی گئی سندھ پولیس کی ٹیم کی مکمل دستاویزات جلدازجلد بھیجیں تاکہ ملزم کو انکے حوالے کیا جاسکے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اس بات کا بھی امکان ہےکہ عذیر بلوچ کو کراچی کے بجائے اسلام آباد لے جایا جائے۔

    دوسری جانب پاکستان منتقل کرنے کیلئے عزیر بلوچ کا عارضی پاسپورٹ بنوانے کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔

  • دبئی :عزیر بلوچ کو آج ایف آئی اے کی ٹیم کے حوالے کیے جانے کا امکان

    دبئی :عزیر بلوچ کو آج ایف آئی اے کی ٹیم کے حوالے کیے جانے کا امکان

    دبئی: دبئی :عزیر بلوچ کو آج ایف آئی اے کی ٹیم کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

    گزشتہ عزیر بلوچ کی پاکستان حوالگی ایک دن اور تاخیر کا شکار ہوگئی تھی، کاغذات نامکمل ہونے کے باعث ملزم کو آج پاکستانی حکام کی تحویل میں دیا جائے گا۔

    دبئی سے عزیر بلوچ کو پاکستان لانا پاکستانی حکام کیلئے درد سر بن گیا، کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ اور لیاری گینگ وار کے اہم کردار کی پاکستان حوالگی ایک روز اور تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ کی حوالگی سے متعلق کاغذات مکمل نہیں، جس کے باعث ملزم کو آج پاکستانی حکام کی تحویل میں دیا جائےگا۔

    ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق عزیر بلوچ کی واپسی میں اب کوئی رکاوٹ نہیں، عزیر بلوچ کو دبئی جیل سے دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز منتقل کردیا گیا ہے، جہاں سے انہیں پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کالعدم امن کمیٹی کا سربراہ اورلیاری گینگ وار کا اہم ملزم عذیر بلوچ دبئی ایئرپورٹ پر پکڑا گیا تھا ، ذرائع کے مطابق عزیر بلوچ مسقط سے دبئی پہنچا تھا، جہاں انٹرپول کے حکام نے گرفتار کرلیا۔

    حکام کے مطابق عذیر بلوچ کے پاس پاکستان کے علاوہ ایران کا پاسپورٹ بھی موجود ہے، عزیر بلوچ یو اے ای کے ویزے پر سفر کر رہے تھے۔

    حکومتِ سندھ اور رینجرز حکام کی سفارش پر انٹرپول نے عزیر بلوچ کے ریڈوارنٹ جاری کر رکھے تھے، صوبائی حکومت کی جانب سےعزیر بلوچ کی سر کی قیمت بھی مقرر کی گئی تھی۔