Tag: FIA

  • ایف آئی اے نے کوئٹہ سے 16 اہم ملزمان گرفتار کر لیے

    ایف آئی اے نے کوئٹہ سے 16 اہم ملزمان گرفتار کر لیے

    کوئٹہ: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کوئٹہ نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیوں میں 16 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کوئٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفیق الرحمان نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار 16 ملزمان سے متعدد موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا ایک بس ڈرائیور ژوب سے وزیرستان جا رہا تھا، اس کے پاس 3 کروڑ 45 لاکھ سے زائد کی نقدی اور لیپ ٹاپس برآمد ہوئے، بس ڈرائیور یہ رقم وزیرستان لے جا رہا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے سیکڑوں ڈپازٹ سلپس، چیکس بل، بلینک اور دستخط شدہ چیکس بھی برآمد ہوئے ہیں، ملزمان سے پاکستانی اور افغانی کرنسی بھی ضبط کی گئی۔

    را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایف آئی اے کی انسداد دہشت گردی وِنگ نے را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی کر کے ایک ملزم یاسین کو گرفتار کیا تھا، ملزم حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے وابستہ تھا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم یاسین کو بھارتی ایجنسی را کے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر گرفتار کیا گیا، مذکورہ حوالہ ہنڈی کے خفیہ نیٹ ورک سے دشمن عناصر کو رقم دی جا رہی تھی، گرفتار ملزم یاسین منی ایکس چینج کمپنی کا منیجر ہے۔ 3 دن قبل ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی سے ‘را’ سلیپر سیل کے اہم رکن ظفر کو بھی گرفتار کیا تھا، ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ظفر نے بھارت میں 14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی۔

  • را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی

    را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی

    کراچی: ایف آئی اے نے را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے ایک اور اہم کارروائی کر کے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزم گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم یاسین کو بھارتی ایجنسی را کے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر گرفتار کیا گیا ہے، مذکورہ حوالہ ہنڈی کے خفیہ نیٹ ورک سے دشمن عناصر کو رقم دی جا رہی تھی، گرفتار ملزم یاسین منی ایکس چینج کمپنی کا منیجر ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم یاسین کو صدر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، اس کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد ہوئے، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے، اس سلسلے میں تمام ایئر پورٹس پر ملزمان کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔

    کراچی سے بھارتی ایجنسی “را” سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار

    یاد رہے دو دن قبل ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی سے ‘را’ سلیپر سیل کا اہم رکن ظفر گرفتار کر لیا تھا، ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ظفر نے بھارت میں 14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی۔

    ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک ہوا ہے، را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکس چینج کمپنی کے 2 ملزمان بھی گرفتار کیے گئے، جن میں صفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر شامل ہیں۔

  • ایف آئی اے کا  بانی ایم کیو ایم  کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں ضبط کرنے کا فیصلہ

    ایف آئی اے کا بانی ایم کیو ایم کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں ضبط کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے بانی ایم کیو ایم کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کر لیا اور کہا عدالت عمران فاروق قتل کیس میں بانی متحدہ کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کا بانی ایم کیو ایم کی جائیدادیں ضبط کرنے کافیصلہ کرلیا ، ایف آئی اے پراسیکوٹر خواجہ امتیاز احمد نے جائیداد ضبطگی کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بانی متحدہ، افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کامران کی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کرے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی متحدہ، افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کو عدالت عمران فاروق قتل کیس میں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ چاروں ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہوئے لہذا چاروں ملزمان کی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کی جائیں۔

    مزید پڑھیں : ثابت ہوا عمران فاروق کو قتل کرنے کا حکم بانی ایم کیوایم نے دیا، تفصیلی فیصلہ جاری

    یاد رہے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں انسدادی دہشت گردی کی عدالت نے تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ، عدالت نے قتل کی سازش، معاونت اورسہولت کاری کیس پر فیصلہ دیا تھا۔

    عدالت نے بانی متحدہ اور افتخار حسین ، اشتہاری ملزمان محمد انور اور کاشف کامران کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔

    بعد ازاں عمران فاروق قتل کیس کے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ ثابت ہوا عمران فاروق کو قتل کرنے کا حکم بانی ایم کیوایم نے دیا اور معظم علی نے قتل کے لیے محسن علی اور کاشف کامران کو چنا۔

    تفصیلی فیصلے کے مطابق عمران فاروق کو قتل کرنے کا مقصد تھا کہ کوئی بانی ایم کیو ایم کیخلاف بات نہیں کرسکتا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا بھی تھا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قلت، ایف آئی اے کی تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل

    پیٹرولیم مصنوعات کی قلت، ایف آئی اے کی تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل

    کراچی: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے سلسلے میں ایف آئی اے نے تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے ضمن میں تحقیقات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا، ایف آئی اے کو ملک کی 2 بڑی نجی پٹرولیم کمپنیوں نے تحریری حلف نامہ جمع کرا دیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شیل کے پاکستان میں ہیڈ آف لیگل اور حیسکول کے ریجنل منیجر ایف آئی اے ٹیم کے سامنے پیش ہوئے، ایف آئی اے حکام نے 4 گھنٹے تک دونوں افسران سے پوچھ گچھ کی۔

    کمپنیوں کے نمائندوں نے ٹیم کو قانون کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ رکھنے اور سپلائی کرنے کی یقین دہانی کرائی، پیٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد کی بھی یقین دہانی کرائی گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ نمائندوں نے آئندہ سپلائی میں کمی نہ آنے کی باقاعدہ تحریری یقین دہانی کرائی ہے۔

    ’ذخیرہ اندوزوں کی کمر توڑیں گے‘ : وفاقی وزیر کا 72 گھنٹوں میں پیٹرول کی قلت ختم کرنے کا اعلان

    خیال رہے کہ ایف آئی اے نے تین کمپنیوں کے سی ای اوز کو طلب کیا تھا تاہم تینوں پیش نہیں ہوئے، کمپنیوں کے نمائندوں نے ایف آئی اے دفتر پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا ہے، تاہم نمائندوں کے بیان سے مطمئن نہ ہونے پر تینوں کمپنیوں کے سی ای اوز کو آج پھر طلب کیا گیا ہے۔

    شیل کے ہارون رشید، حیسکول کے عقیل احمد، اور آئل اینڈ گیس کمپنی کے خالد ریاض کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں، جس میں تینوں افسران کو لازمی پیش ہونے اور ریکارڈز ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ مذکورہ نوٹس ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے والے کمپنیوں کے نمائندوں کے ذریعے بھجوایا گیا ہے۔

  • سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا

    سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے طلب کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 5 جون کو صبح 11 بجے طلب کرلیا۔

    دوسری جانب شعیب اختر کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔

    شعیب اختر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکایت پر طلب کیا گیا ہے، کرکٹ بورڈ کی طرف سے ان کے لیگل سیل نے ایف آئی اے سائبر ونگ کو تحریری شکایت کی تھی کہ سابق فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر پی سی بی کے سسٹم کے خلاف بیان بازی کی۔

    واضح رہے کہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا اور کیریئر کو داغدار کرنے کی کوشش کی۔

    یاد رہے کہ شعیب اختر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی سی بی کا انٹرنل انکوائری سسٹم ٹھیک نہیں جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر پی سی بی کی بدنامی ہوئی۔

  • ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات نیب کے مساوی کرنے کی منظوری

    ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات نیب کے مساوی کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کی منظوری دے دی، تنخواہیں قومی احتساب بیورو ملازمین کے مساوی کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات نیب کے برابر کرنے کا معاملہ پر ایکشن لیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد ایف آئی اے کا کام بڑھ گیا ہے، ایف آئی اے کرپشن ،منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم کی تحقیقات کررہا ہے۔

    دستاویز کے مطابق ایف آئی اے اکنامک، ہیومن ٹریفکنگ و دیگرآرگنائزڈ کرائم کی تحقیقات کرتا ہے، ایف آئی اے کو بڑے فنانشل اسکیم کی تحقیقات بھی سونپ دی گئی ہیں۔

     اس کے علاوہ امیگریشن ونگ کو60 فیصد اسپیشل الاؤنس دینے کی بھی منظوری دے دی گئی، ایف آئی اے ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ کے ساتھ 20 فیصد الاؤنس اور25 فیصد یوٹیلیٹی بل الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

    دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بنیادی تنخواہ کے ساتھ60 فیصد تحقیقاتی الاؤنس کی منظوری اور آرگنائزڈ کرائم کیخلاف کام کیلئے50 فیصد الاؤنس اور  ایف آئی اے کیلئے2.6 بلین روپے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

  • حرا عمر کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کا نام ای سی ایل میں شامل

    حرا عمر کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کا نام ای سی ایل میں شامل

    کراچی: معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی حرا عمر کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لیجنڈری اداکار عمر شریف کی بیٹی حرا مانی کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر فواد کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا، ایف آئی اے نے ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف مقدمہ درج کرکے سیل کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے ڈاکٹر فواد ممتاز اور ایجنٹ کا نام ای سی ایل میں شامل کرلیا ہے، ایف آئی آر میں ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف ناقابل ضمانت دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ (فوٹا) نے ایف آئی اے کو معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

    یہ پڑھیں: لیجنڈری اداکار عمر شریف کی بیٹی  انتقال کر گئیں

    اس حوالے سے فوٹا کی جانب سے ایف آئی اے کے نام مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ گردے کی پیوندکاری کرنے والے سرجن ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر فواد کے خلاف پہلے ہی غیرقانونی طور پر گردے کی پیوندکاری کی ایف آئی آرز درج ہیں، ان کے خلاف غیرقانونی پیوندکاری کے مختلف کیسز لاہور اور ملتان میں رپورٹ ہوئے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل حرا عمر شریف گردے کے ٹرانسپلانٹ آپریشن میں پیچیدگی کی وجہ سے انتقال کرگئی تھیں جنہیں آج سپرد خاک کیا گیا تھا۔

  • عمران فاروق قتل کیس : مقتول کی اہلیہ کا بیان ویڈیولنک کے ذریعے قلمبند کیا جائے گا

    عمران فاروق قتل کیس : مقتول کی اہلیہ کا بیان ویڈیولنک کے ذریعے قلمبند کیا جائے گا

    اسلام آباد : ایم کیو ایم رہنما عمران فاروق قتل کیس میں مقتول کی اہلیہ کا بیان فروری میں ویڈیولنک کے ذریعے قلمبند کیا جائے گا، جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ، برطانوی حکومت نے ایف آئی اے کےخط کاجواب دے دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جواب میں کہا گیا ہےکہ برطانوی گواہوں کےبیانات ریکارڈ کرانےکےانتظامات مکمل کرلئےگئے ہیں، تین سے سات فروری تک ہینڈن مجسٹریٹ کورٹ لندن میں بیانات قلمبند ہوں گے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے نے گواہوں کی فہرست تبدیل کردی ہے،اب تینتیس کے بجائے سترہ برطانوی گواہوں کےبیان ریکارڈ ہوں گے، ویڈیولنک پر مقتول عمران فاروق کی اہلیہ کابیان بھی قلمبند کیاجائے گا، انسداد دہشت گردی عدالت میں ویڈیولنک کےانتظامات کئےجائیں گے۔

    گذشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی گواہوں کے ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرانے کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کرلی تھی جبکہ عدالت نے تین سے سات فروری تک روزانہ کی بنیاد پر گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ایف آئی اے نے کہا تھا کہ سترہ فروری کی بجائے تین فروری کو بیان قلمبند کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت

    یاد رہے ایف آئی اے نے برطانوی حکومت کو نیا خط لکھا تھا ، جس میں عمران فاروق قتل کیس کے برطانوی گواہوں کے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا تھا۔

    خط کے متن میں کہا گیا اے ٹی سی نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویڈیو لنک انتظامات کا کہا ہے، بیان ریکارڈ کرنے کے لیے گواہوں کی دستیابی سے متعلق بتایا جائے جبکہ ایف آئی اے نے گواہوں کی فہرست بھی برطانوی حکومت کو بھجوا دی، یو کے بارڈر ایجنسی کو دفتر خارجہ کے ذریعے خط لکھا گیا، ایف آئی اے پراسیکوشن ٹیم کو تاحال برطانوی جواب کا انتظار ہے۔

    واضح رہے ڈاکٹر عمران فاروق 16 ستمبر 2010 کو لندن میں اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ انہیں گرین لین کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا، حملے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔

    برطانوی پولیس نے دسمبر 2012 میں اس کیس کی تحقیق و تفتیش کے لیے ایم کیو ایم کے قائد کے گھر اور لندن آفس پر بھی چھاپے مارے گئے تھے، چھاپے کے دوران وہاں سے 5 لاکھ سے زائد پاونڈ کی رقم ملنے پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع ہوئی تھی۔

    بعد ازاں ایف آئی اے نے 2015ءمیں عمران فاروق کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبہ میں بانی متحدہ اور ایم کیو ایم کے دیگر سینئر رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور اسی سال محسن علی سید، معظم خان اور خالد شمیم کو بھی قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • ترکی سے ڈی پورٹ ہونے والے دس پاکستانیوں کی وطن واپسی، ایف آئی اے کے حوالے

    ترکی سے ڈی پورٹ ہونے والے دس پاکستانیوں کی وطن واپسی، ایف آئی اے کے حوالے

    اسلام آباد : ترکی سے غیر قانونی طور پرمقیم پاکستانیوں کی بےدخلی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، ترک حکام نے مزید 10 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جو ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 10 پاکستانیوں کو بے دخل کرکے وطن واپس بھیج دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے ڈی پورٹ ہونے والے افراد گرفتار کرکے پاسپورٹ سیل منتقل کردیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ترک حکومت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ترکی میں غیر قانونی طورپر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    اس سلسلے میں پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے وزارت خارجہ کو خط بھی لکھا تھا۔ اس سلسلے میں ترک حکام کی جانب سے تابڑ توڑ کاروائیاں بھی جاری ہیں اور آئے روز ترکی سے غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی بےدخلی کی خبریں میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔

  • عمران فاروق قتل کیس : ایف آئی اے کو مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی

    عمران فاروق قتل کیس : ایف آئی اے کو مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی

    اسلام آباد : ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ایف آئی اے کو گواہان کا بیان قلمبند کرانے کے لئے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی، عدالت کا کہنا تھا کہ مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت حج شاہ رخ ارجمند کی سربراہی میں ہوئی، سماعت کے دوران ایف آئی اے نے ایک مرتبہ پھر عدالت سے مزید وقت کی استدعا کردی۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ آج غیر ملکی گواہان کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جاسکا لہٰذا گواہان کا بیان قلمبند کرانے کے لئے مزید کچھ وقت درکار ہے۔

    جس پر حج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کو گواہان کابیان ریکارڈ کرانے کے لئے اور کتنا وقت درکار ہے۔

    جس کے جواب میں ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ غیرملکی گواہان کا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے ایک ماہ کی مزید مہلت دیں۔

    جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ ایک ماہ کا وقت دے رہا ہوں اس کے بعد اور مزید وقت نہیں دوں گا، عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

    مزید پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس ، تین اہم برطانوی گواہ پاکستان نہ آسکے 

    بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو اڈیالہ سے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔