Tag: FIA

  • عمران فاروق قتل کیس: 3ملزمان کےریڈوارنٹ کےاجراکی منظوری

    عمران فاروق قتل کیس: 3ملزمان کےریڈوارنٹ کےاجراکی منظوری

    اسلام آباد: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں وزارت داخلہ نے تین اہم ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وزارت داخلہ نے 3 ملزمان کے ریڈ ورانٹ کے اجرا کی منظوری دے دی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جن تین ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں گے ان میں انورحسین، افتخار حسین اور کاشف خان شامل ہیں، ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔


    عمران فاروق کے قتل کی سازش کو بےنقاب ہونا چاہئیے، فاروق ستار


    ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے انٹرپول سے رابطہ کرے گی وارنٹ جاری ہوتے ہی تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کو 16 ستمبر2010 کو لندن کے علاقے ایج ویئر کی گرین لین میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں لندن پولیس اب تک 7697 دستاویزات کی چھان بین اور 4556 افراد سے پوچھ گچھ کرچکی ہے جبکہ 4323 اشیاء قبضے میں لی گئیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والا ملزم گرفتار، بھارت سے رابطوں کا اعتراف

    اسلام آباد : ایف آئی اے نے ڈھوک تونسہ سے اے ٹی ایم سے رقوم چوری کرنے والے گینگ کا ممبر پکڑلیا جس نے بھارتی ہیکرز سے رابطوں کا اعتراف کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم سے پیسے چوری کرنے میں بین الاقوامی گینگ ملوث ہے، یہ گینگ لوکل نہیں بلکہ انٹرنیشنل گروہ ہے۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سائبر کرائم شکیل درانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی اے نے ڈھوک تونسہ سے ثاقب اللہ نامی ایک ملزم گرفتار کیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش بھارتی ہیکروں سے براہ راست رابطوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ ملزم بین الاقوامی سائبر گینگ سے تعلق رکھتا ہے، اس کے علاوہ ملزم کے کینیڈین، امریکی اور نائیجرین ہیکرز سے بھی رابطے تھے۔

    مذکورہ گینگ جعلی کریڈٹ کارڈ سمیت خواتین کی ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کرنے میں بھی ملوث ہے، انہوں نے بتایا کہ ملزم ثاقب اللہ راولپنڈی کا رہائشی ہے جس کو ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ڈھوک تونسہ سے حراست میں لیا ہے۔


    مزید پڑھیں: ہیکرز نے اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لیے


    یاد رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے گزشتہ دنوں دو چینی باشندوں کو بھی گرفتار کیا تھا، گرفتار چینی شہریوں سے اسکمنگ ڈیوائس بھی برآمد ہوئی تھی۔


    مزید پڑھیں: ملک میں متعدد اے ٹی ایم ہیک ہوگئے، اسٹیٹ بینک


    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اےٹی ایم کارڈز کے فراڈ میں چینی ہیکرز انتہائی شاطر ہیں، سائبر کرائم سرکل نے گزشتہ دوسال میں دو گروہوں کو پکڑا تھا۔

  • بانی ایم کیوایم کو55کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، ایف آئی اے

    بانی ایم کیوایم کو55کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، ایف آئی اے

    کراچی : ایم کیو ایم کے بانی کو منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم بھجوانے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ میں استعمال کئے جانے والے اکاؤنٹس کی منی ٹریل موصول ہوگئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق چار بینکوں کی فراہم کردہ ابتدائی ٹریل کے مطابق 55 کروڑ روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کی گئی، منی ٹریل کی روشنی میں بانی ایم کیو ایم کے دست راست طارق میر کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    طارق میر کے ساتھ محمد انوراوربابرغوری کو بھی نوٹس جاری کئے جانے کا امکان ہے، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ بھی ریکارڈ کے ساتھ دوبارہ پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پیشی میں ارشد وہرہ سے صرف تفصیلات حاصل کی گئیں، طلبی کے نوٹس آئندہ چند روز میں جاری کردیئے جائیں گے۔

    ایف آئی اے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ میں ملوث چار کمپنیوں کا ریکارڈ بھی ایس ای سی پی سے حاصل کر لیا گیا ہے، مذکورہ کمپنیوں میں شامل دو کمپنیوں کے مالکان کو بھی طلب کیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں: بانی ایم کیوایم کیخلاف منی لانڈرنگ رپورٹ عدالت میں پیش


    واضح رہے کہ اس سے قبل بانی ایم کیوایم اور دیگرکیخلاف منی لانڈرنگ تحقیقات کی رپورٹ ایف آئی اے نے عدالت میں پیش کردی ہے، ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیا گیا چالان عدالت نے منظور بھی کرلیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کے اکاؤنٹس استعمال ہوئے، یہ رقم مختلف بینکوں سے ہوتی ہوئی برطانیہ پہنچی۔

  • ایف آئی اے نے انسانی ا سمگلنگ میں ملوث افغان گروپ پکڑلیا

    ایف آئی اے نے انسانی ا سمگلنگ میں ملوث افغان گروپ پکڑلیا

    اسلام آباد:ایف آئی اے نے انسانی ا سمگلنگ میں ملوث افغان گروپ پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افغان گروپ کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ 5 رکنی افغان گروپ میں 3افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، گرفتار افراد میں اسد اللہ خان ، فیض اللہ اور عمر خان شامل ہیں، گروپ کا کارندہ علی استنبول اور حکیم کابل میں ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق افغان گروپ نے رضوان نامی لڑکے کو ایران کے راستے ترکی اسمگل کیا، محمدرضوان کو ترکی لے جا کر اغوا کر لیا گیا اورتشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کے خاندان سے 20 ہزاریورو تاوان طلب کیا تھا۔

    محمد رضوان کے والد نے ایف آئی اے اسلام آباد کے ڈائریکٹر کو اطلاع دی، جس کے بعد کارروائی عمل میں آئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی ضمانت منظور

    سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی ضمانت منظور

    اسلام آباد: سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں گرفتار سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 5،5 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

    خیال رہے کہ عدالت نے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد 2 اگست کو ظفر حجازی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جس پر آج فیصلہ سنایا گیا۔


    چوہدری شوگرملز کیس، ایس ای سی پی کے 3افسران کا ریکارڈ ٹیمپرنگ کا اعتراف


    یاد رہے کہ چند روز قبل ایس ای سی پی کے 3 افسران علی عظیم اکرم، عابد حسین اور ماہین فاطمہ نے ایف آئی اے کے روبرو چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا اعتراف کیا تھا۔


    سپریم کورٹ کاچیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کےخلاف مقدمہ درج کا حکم


    واضح رہے کہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کے حکم پر ظفر حجازی کے خلاف چوہدری شوگر ملزکے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • چیئرمین ایس ای سی پی کیخلاف مقدمہ درج، گرفتاری کا امکان

    چیئرمین ایس ای سی پی کیخلاف مقدمہ درج، گرفتاری کا امکان

    اسلام آباد : چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ایف آئی اے کے ونگ ایس آئی یو میں درج کیاگیا، وازارت داخلہ نے جلد گرفتاری کا عندیہ دے دیا، ایف آئی آر درج کرنے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کوبچانے کی کوشش چیئرمین ایس ای سی پی کومہنگی پڑگئی، چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرانے پر ایف آئی اے آئی ایس یو ونگ میں سپریم کورٹ کے حکم پر ظفر حجازی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں ایس ای سی پی میں چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں تبدیلی کو ثابت کیاتھا، ایف آئی اے نے رپورٹ میں ریکارڈ میں ہیر پھیر کا ذمہ دار ظفر حجازی کو قرار دیا تھا۔


    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کاظفرحجازی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم


    ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیاہے، ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ظفرحجازی کیخلاف عدالتی احکامات کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے، مقدمے کے اندراج کے بعد چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو آج کسی بھی وقت گرفتار کرلیا جائےگا۔

    قبل ازیں جسٹس اعجازافضل خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے5رکنی خصوصی بینچ نے پاناما عملدرآمد کیس کیسماعت کی۔ سماعت کےآغاز میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نےرپورٹ پیش کی۔


    مزید پڑھیں : ایس ای سی پی ریکارڈ میں تبدیلی ثابت، چیئرمین قصوروارقرار


    جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ یہ بھی سامنے آناچاہئیے کہ کس کے کہنے پر ریکارڈ میں ٹیمپرنگ ہوئی، جس پر چیئرمین ایس ای سی پی کے وکیل نے جواب دیا کہ ٹیمپرنگ جے آئی ٹی سےدس ماہ پہلےکی ہے۔

  • شریف خاندان کی کمپنیوں سے متعلق ریکارڈ تبدیل کیا گیا: ایف آئی اے

    شریف خاندان کی کمپنیوں سے متعلق ریکارڈ تبدیل کیا گیا: ایف آئی اے

    اسلام آباد: ایف آئی اےنےپاناما کیس میں ایس ای سی پی کےریکارڈ میں تبدیلی کا الزام درست قراردےدیا‘ چوہدری شوگرملز کے ریکارڈ میں ردوبدل کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آج ایف آئی اے کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لے گی جس میں چیئرمین ایس ای سی پی ظفر الحق حجازی کےخلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے قائم کی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بھی آج سپریم کورٹ میں اپنے رپورٹ جمع کرائے گی جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ جمع کرادی گئی ہے۔

    ایف آئی اے نےسپریم کورٹ میں جمع کرائی رپورٹ میں تصدیق کر دی ہےکہ ایس ای سی پی کےچیئرمین ظفرالحق حجازی نے چوہدری شوگرملزکی انکوائری رپورٹ میں تبدیلی کرائی‘ مقدمہ درج کیاجائے۔


    جےآئی ٹی آج رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی


    رپورٹ میں کہا گیا کہ ظفرحجازی نےماتحت عملے پردباؤ ڈال کرریکارڈ میں ردوبدل کرایا۔ ڈائریکٹر ماہین فاطمہ اورافسرعلی عظیم اکرم کے خلاف بھی غیرقانونی کام کرنے پر کارروائی کی جائے۔

    ماہین فاطمہ نے جے آئی ٹی میں پیشی پر اعتراف کیا تھا کہ چیئرمین کے حکم پر ریکارڈ میں ردوبدل کی گئی۔ایف آئی اے نے چیئرمین اورمتعلقہ افسروں پرفوجداری مقدمہ چلانےکی سفارش کی ہے۔

    ایف آئی اےکی اٹھائیس صفحات پرمشتمل انکوائری رپورٹ میں شریف خاندان کی کمپنیوں سےمتعلق ریکارڈ میں ردوبدل کی تصدیق کی گئی ہے۔۔ پچیس جون دو ہزار سولہ کو اے آر وائی نیوز کے اینکر ارشد شریف نے اپنے پروگرام پاور پلے میں شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کا انکشاف کیا تھا۔

    پاناما جے آئی ٹی نےبارہ جون کو چوہدری شوگر ملز سے متعلق ریکارڈ کی ٹمپرنگ کے الزامات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیاتھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • مجھے جے آئی ٹی کیخلاف بیان دینے کیلئے دباؤ ڈالا گیا، ماہین فاطمہ

    مجھے جے آئی ٹی کیخلاف بیان دینے کیلئے دباؤ ڈالا گیا، ماہین فاطمہ

    اسلام آباد : ایس ای سی پی کی ڈائریکٹر ماہین فاطمہ نے کہا ہے کہ چوہدری شوگرملزکی فائل کو چیئرمین ایس ای سی پی کی ہدایت پربند کیاگیا، مجھے کہا گیا کہ جے آئی ٹی کیخلاف جارحانہ رویے کی شکایت کرو، یہ بات انہوں نے ایف آئی اے سامنے بیان دیتے ہوئے کہی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی کی ڈائریکٹر ماہین فاطمہ نے ایف آئی اے کو دیئے گئے اپنے بیان میں سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چیئرمین کے آفس گئی تو عابد صاحب پہلے سے موجود تھے،29مئی کوچیئرمین نے مجھ سے پوچھا جے آئی ٹی میں کیا ہوا۔

    یکم جون کو ڈائریکٹر ایچ آر نے پیشی کی رپورٹ مانگی، بتایا گیاچیئرمین کی ہدایت پر رپورٹ مانگی گئی ہے۔ میں نے جے آئی ٹی کے خلاف بات کرنے کی ہدایات نظر انداز کردیں۔

    ماہین فاطمہ نے کہا کہ پندرہ جون کو چیئرمین نے مجھ سے تحقیقات بند کرانے کابیان تحریر کرانے کی کوشش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شوگرملز کی فائل کو چیئرمین ایس ای سی پی کی ہدایت پربند کیا گیا تھا۔

    جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد چیئرمین یس ای سی پی نے دباؤ ڈالا کہ تحقیقاتی ٹیم کے خلاف جارحانہ رویے کی شکایت اور اپنے رونے کا ذکر کرو، اس کے علاوہ مجھے جے آئی ٹی کو دباؤ میں آکر بیان دینے کے اعتراف کی ہدایت بھی کی گئی۔

    اس موقع پر عاکف سعید، یاسرمنظور، مسرت جبیں اورمظفر مرزا بھی موجود تھے جو اس بات کے گواہ ہیں، انہوں نے بیان دیا کہ جب میں نے جے آئی ٹی کے خلاف بیان دینے سے انکار کیا تو مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور دبے لفظوں میں گلگت ٹرانسفر کرنے کی دھمکی دی گئی۔

    ماہین فاطمہ کے بیان کے بعد ایف آئی اے نے ان کا لیپ ٹاپ اپنی تحویل میں لے لیا ہے، ایف آئی اے نے چوہدری شوگر ملز سے متعلق تحقیقات مکمل کرلیں۔

    رپورٹ آج اٹارنی جنرل کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے ماہین فاطمہ اور دیگرحکام کے بیانات کی تردید کی ہے۔

  • ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار

    ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے منڈی بہا الدین میں کارروائی کرتے ہوئے ریڈبک میں شامل انتہائی مطلوب ملزم بشیر احمد کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم بشیر احمد کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی تھی، ملزم انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں انتہائی مطلوب ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کا نام ریڈ بک کے سیریل نمبر 74 میں موجود ہے، گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی اے میں 2 مقدمات درج تھے، ملزم کی گرفتاری پر 2 لاکھ کا انعام بھی مقرر کیا گیا ہے۔

  • فوج کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم ،  پی ٹی آئی سوشل میڈیا ونگ کے رکن سالار خان پوچھ گچھ کیلئے طلب

    فوج کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم ، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ونگ کے رکن سالار خان پوچھ گچھ کیلئے طلب

    کوئٹہ : سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف مہم چلانے کے الزام پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ونگ کے رکن سالار خان کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا جبکہ ملک کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے، ایف آئی اے نے کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ونگ کے رکن سالار خان کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا اور انھیں ہدایت کی کہ لیپ ٹاپ اور فون لے کر ایف آئی اے کے دفتر میں پیش ہوں۔

    کارکنوں کی طلبی ہوئی تو شاہ محمود قریشی بھی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے، انہوں نے کہا یہ بچے کسی ایف آئی آر میں نامزد نہیں، ایف آئی اے سے گزارش ہے جو معلومات لینی ہیں لیں اور انہیں فارغ کریں ۔

    انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کارروائی ضرور کرے، اگر کارکن بے قصور ہیں تو چهوڑا جائے، ایف آئی اے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سائبرکرائم کا غلط استعمال نہ کریں۔

    دوسری جانب سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے بھی ایف آئی اے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کوگرفتارکیاگیا توسڑکوں پر نکل آئیں گے۔


    مزید پڑھیں : پاک فوج کے خلاف مہم، ن لیگ میڈیا سیل کا رکن گرفتار


    یاد رہے گذشتہ روز پاک فوج کے خلاف مہم چلانے کے الزام میں ن لیگ میڈیا سیل سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر فیصل رانجھا کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے نے اس ضمن میں تقریباً 33 افراد کی نام شارٹ لسٹ کیا ہے، جس میں متعدد افراد کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے جب کہ کچھ کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔

    واضح رہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کی جانب سے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی گئیں تھی کہ سوشل میڈیا پر فوج کو تنقید اور تذلیل کا نشانہ بنانے والے اکاؤنٹ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور اس حوالے سے سائبر کرائم ونگ کو متحرک کیا جائے۔