Tag: FIA

  • خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار نوکری سے برطرف

    خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار نوکری سے برطرف

    اسلام آباد: بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 2 مسافر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایف آئی اے کی خاتون اہلکار کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 2 مسافر خواتین پر ایف آئی اے خاتون اہلکار کی جانب سے تشدد کے معاملے پر کارروائی مکمل کرلی گئی۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی خاتون اہلکار غزالہ کو نوکری سےنکال دیا گیا۔

    معاملے میں ملوث انسپکٹر ندیم کا کیس ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: ایئرپورٹ پر مسافر خواتین پر تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے

    ائیر پورٹ پر مسافر خواتین پر ایف آئی اے خاتون اہلکار کے تشدد کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے بھی نوٹس لیا تھا۔

    چیف جسٹس نے سیکریٹری داخلہ و سیکریٹری ایوی ایشن سے 3 دن کے اندر واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایف آئی اے کی خاتون اہلکار مسافر خواتین کو بے دردی سے بالوں سے جکڑ کر تھپڑ مار رہی ہے۔

    واقعے کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

  • حکومت نے ایف آئی اے کو مزید بااختیار بنا دیا، نوٹی فکیشن جاری

    حکومت نے ایف آئی اے کو مزید بااختیار بنا دیا، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : ایف آئی اے کے اختیارات سے متعلق وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا، ایف آئی اے کسی بھی اعلیٰ آفیسر کے خلاف انکوائری یا مقدمہ درج کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کے اختیارات میں اضافہ کردیا جس کے مطابق ایف آئی اے کسی آفیسر کے خلاف انکوائری یا مقدمہ درج کرسکتی ہے۔

    وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 21 یا 22 تک کے آفیسر کے خلاف بھی ایف آئی اے کو کارروائی کرنے کا اختیار ہے۔

    نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کوکسی بھی اعلیٰ آفیسر کے خلاف انکوائری یا تفتیش کے لیے کسی بھی اتھارٹی سے اجازت کی ضرورت نہیں۔

    ایف آئی اے انوسٹی گیشن اور انکوائری 2002ء کے قانون میں ترمیم ہوچکی ہے، نوٹی فکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے کچھ عرصہ قبل پابندیاں عائد کی گئی تھیں ایف آئی اے کے اختیارات سے متعلق وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ کے احکامات بھی موجود ہیں۔

  • پاناما جے آئی ٹی سے بچنے کے لیے ایف آئی اے افسران چھٹیوں پر روانہ

    پاناما جے آئی ٹی سے بچنے کے لیے ایف آئی اے افسران چھٹیوں پر روانہ

    اسلام آباد: پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بننے سے قبل ہی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی کے افسران چھٹیوں پر جانے لگے۔ ایف آئی اے کے 2 افسر جے آئی ٹی کے لیے نام جاتے ہی رخصت پر چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں وزیر اعظم اور ان کے بچوں سے تفتیش کا معاملے پر جے آئی ٹی کے لیے نام فائنل کر کے سپریم کورٹ بھجوانے کا کل آخری روز ہے۔ تاہم جے آئی ٹی سے بچنے کے لیے اداروں کے افسر چھٹیوں پر جانے لگے۔

    ایف آئی اے نے جے آئی ٹی کے لیے جو 3 نام سپریم کورٹ بھیجے ان میں سے 2 افسران کیپٹن ریٹائرڈ احمد لطیف اور ڈاکٹر شفیق الرحمٰن میڈیکل چھٹی پر چلے گئے۔

    تاہم اے آر وائی نیوز کے رابطہ کرنے پر احمد لطیف کا کہنا تھا کہ وہ دفتر میں موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    جے آئی ٹی کے لیے تیسرا نام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا کا ہے۔ واجد ضیا پرویز مشرف غداری کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ بھی تھے۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی دور کے حج اسیکنڈل کی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی بھی کی تھی۔ واجد ضیا کو جاوید علی بخاری کو ہٹانے کے بعد سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ایس ای سی پی نے بھی ناموں کی فہرست تیار کرلی۔ ایس ای سی پی کی جانب سے ظفر مرزا، طارق بختاور، علی عظیم، عثمان حیات اور عامر خان کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

    ان پانچوں میں سے 3 نام سپریم کورٹ بھجوائے جائیں گے۔

  • جے آئی ٹی کا سربراہ کون ہوگا؟؟دو نام سامنے آگئے

    جے آئی ٹی کا سربراہ کون ہوگا؟؟دو نام سامنے آگئے

    اسلام آباد: پاناما کیس میں وزیراعظم اور ان کے بچوں سے تفتیش کے لیے بننے والی جے آئی ٹی کی سربراہی کون کرے گا؟ ایف آئی اے کے دو ایڈیشنل ڈائریکٹرز کے نام زیر غور ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے میں 2 ایڈیشنل ڈائریکٹر احمد لطیف اور واجد ضیا موجود ہیں، جےآئی ٹی کے سربراہ کا نام چوہدری نثار دیں گے اب وہ کس کا نام بھیجیں گے یہ اہم سوال پیدا ہوگیا ہے۔

    یہ پڑھیں: جے آئی ٹی کیا ہے اور کیسے تحقیقات کرتی ہے؟

     معلومات کے مطابق احمد لطیف ایڈیشنل ڈائریکٹر کرائم سرکل، واجد ضیا ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذوالقرنین حیدر نے بتایا کہ یہ دونوں افسران پولیس گروپ سے تعلق رکھتے ہیں تاہم واجد ضیا سربراہ بننے کے زیادہ مضبوط امیدوار بتائے جارہے ہیں۔

     ذرائع نے بتایا کہ واجد ضیا مقامی ہیں،اسلام آباد  راولپنڈی سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی شہرت بھی زیادہ اچھی ہے، خاص طور پر وزارت داخلہ کے جتنے بھی اجلاس منعقد ہوتے ہیں اور جو اہم معاملات ہوتے ہیں تو وزیر داخلہ چوہدری نثار واجد ضیا کو خود اجلاسوں میں ضرور بلاتے ہیں اور تمام اہم کام ان کے حوالے کیے جاتے ہیں۔

     پڑھیں: ’’ جے آئی ٹی وزیراعظم سے کیا سوالات کرے گی؟؟ ‘‘

    خیال رہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ کے نام کی حتمی منظوری چوہدری نثار دیں گے جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے یہ نام سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھیجیں گے۔

    رپورٹر کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا تفصیلی فیصلہ تمام اداروں کو ارسال کردیا گیا ہے، پیر تک انہیں وہ فیصلہ مل جائے گا اور پیر کو ہی حتمی نام کا اعلان کیے جانے کے بعد ایف آئی اے نام سپریم کورٹ کو ارسال کردے گی۔

  • خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار معطل

    خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار معطل

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر خواتین مسافروں پر ایف آئی اے کی خاتون اہلکار کے تشدد کی نئی ویڈیو منظر عام آنے کے بعد ایف آئی اے کی اہلکار معطل کر دی گئی۔

    پولیس کے بعد ایف آئی اے بھی شتر بے مہار ہوگئی۔ خاتون مسافر پر خاتون اہلکار کے تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایف آئی اے کی خاتون اہلکار مسافر خواتین کو بے دردی سے بالوں سے جکڑ کر تھپڑ مار رہی ہے۔ بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا لاؤنج بے بس و لاچار خواتین مسافروں کی چیخوں سے گونجتا رہا۔

    اس دوران کسی نے ایف آئی اے کی غصے سے بھری اہلکارکو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ 3 دن گزرنے کے بعد بھی اہلکار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    تاہم میڈیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو نشر ہونے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ایئر پورٹ پر مسافر خواتین پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    اس حوالے سے آج فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ ڈی جی ایف آئی ے کے مطابق اگر ایف آئی اے کی اہلکار قصور وار ہوئی تو سخت سزا دی جائے گی۔

  • لاہور: لڑکیوں کی ویڈیو بنا کربلیک میل کرنیوالے دو ملزمان گرفتار

    لاہور: لڑکیوں کی ویڈیو بنا کربلیک میل کرنیوالے دو ملزمان گرفتار

    لاہور : ایف آئی اے نے لڑکیوں کی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے والے 2 ملزمان کو لاہور سے گرفتار کرلیا، ملزمان ویڈیوز بنا کر افغانستان بھی بھیجتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لڑکیوں کو بلیک میل کرکے ان سے رقم ہتھیانے والے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    دونوں ملزمان خرم اور جنید کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹ نے گرفتار کیا، ملزمان لڑکیوں کی ویڈیوز بناکر ان کے والدین کو وہ ویڈیوز دکھا کر رقم کا مطالبہ کرتے تھے اور ویڈیوزافغانستان بھی بھجواتے تھے۔

    ملزمان کے قبضے سے ان کے موبائل فونز اوراس میں محفوظ وہ تمام متنازعہ ویڈیوز بھی برآمد کرلی گئیں ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا ملزم جیند اے سی ایس کررہا ہے جبکہ دوسرا ملزم خرم سافٹ ویئرانجینئر ہے۔

    ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • اسپاٹ فکسنگ: نجم سیٹھی کی ایف آئی اے سے تحقیقات روکنے کی درخواست

    اسپاٹ فکسنگ: نجم سیٹھی کی ایف آئی اے سے تحقیقات روکنے کی درخواست

    لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی انکوائری پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے۔ چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے ایف آئی اے سے کارروائی روکنے کی درخواست کردی۔

    اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث معطل کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

    چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے ایف آئی اے کی تفتیش پراعتراض اٹھا دیا۔ ان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے صرف ثبوت کی جانچ کے لیے ایف آئی اے سے مدد مانگی تھی، لیکن ایف آئی اے نے کیس ہی اپنے ہاتھ میں لے لیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فکسنگ کے خلاف قانون نہیں، ایف آئی اے نے تحقیقات کیسے شروع کر دیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ ایف آئی اے کو تحقیقات کا کرنے کا کہا ہی کس نے تھا۔

    مزید پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں شامل

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی انکوائری پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی اعتراض کر سکتا ہے۔ ایف آئی اے اپنی کارروائی روک کر بورڈ کو اپنا کام کرنے دے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے معطل کرکٹرز محمد عرفان اور خالد لطیف کو طلب کیا تھا جہاں دونوں کھلاڑیوں نے اپنا وضاحتی بیان ریکارڈ کروا دیا۔

    اپنے بیان میں انہوں نے بکی سے ملنے کا اعتراف تو کیا لیکن اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ماننے سے پھر انکار کردیا۔

    ایف آئی اے نے آج شرجیل خان اور شاہ زیب حسن کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں اب تک 5 کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان کو معطل کیا جاچکا ہے۔ ایک روز قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر ان پانچوں کھلاڑیوں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

  • اسپاٹ فکسنگ : محمد عرفان اورخالد لطیف نے بیان ریکارڈ کرادیا

    اسپاٹ فکسنگ : محمد عرفان اورخالد لطیف نے بیان ریکارڈ کرادیا

    لاہور : معطل کرکٹرز محمد عرفان اور خالد لطیف نے ایف آئی اے میں اپنا وضاحتی بیان ریکارڈ کرادیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے بکی سے ملنے کا اعتراف تو کیا لیکن اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ماننے سے پھرانکارکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے حرکت میں آگئی ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز پر کرکٹر خالد لطیف اورمحمد عرفان لاہور میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو گئے دونوں کرکٹر نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں اپنا بیان بھی حکام کو ریکارڈ کروا دیا۔

    ان دونوں کا پھر یہی کہنا تھا کہ سٹے باز سے پیسے نہیں لیے ایف آئی اے حکام نےڈھائی گھنٹے عرفان سے تفتیش کی۔ محمد عرفان نے بیان دیا کہ بکی نے رابطہ ضرور کیا لیکن فکسنگ نہیں کی، والد کا انتقال ہوچکا تھا اور والدہ بیمار تھی پریشانی میں بورڈ کو آگاہ نہیں کر پایا۔

    محمدعرفان نےاس سے پہلے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کوبھی یہی بتایا تھا۔ ایف آئی اے عرفان کےضبط موبائل فون کا بھی جائزہ لےگی۔

    اس کے علاوہ خالد لطیف نے بھی ایف آئی اے کے سامنے صحت جرم سےانکار کرتے ہوئے اسپاٹ فکسنگ کے الزام کو مسترد کردیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کرنے کے بعد فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔

  • لاہور: نجی ایکسچینج پرچھاپہ، 6 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد

    لاہور: نجی ایکسچینج پرچھاپہ، 6 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد

    لاہور : ایف آئی اے کی ٹیم نے نے نجی ایکسچینج پر چھاپہ مارکر کروڑوں روپے مالیت کی ملکی اورغیر ملکی کرنسی برآمد کرلی، ہُنڈی کا کاروبار کرنے والے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ایک نجی ایکسچینج پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود ملزمان کے قبضہ سے چھبیس کروڑ سے زائد مالیت کی کرنسی قبضے میں لے لی۔

    برآمد کی جانے والی کرنسی میں ایک سو چالیس ملین پاکستانی روپے، پچاس لاکھ ایرانی، دس لاکھ ستاون ہزار جاپانی ین، دس لاکھ عراقی دینار، تیرہ لاکھ سعودی ریال،کروڑوں روپے مالیت کے افریقی، چائنیز، ملایشین، ناروے، ہانگ کانگ، امریکی، کینیڈین ڈالرز، قطری ریال اور بھارتی کرنسی شامل ہے۔

     پولیس نے برآمد ہونیوالی کرنسی کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے زیر حراست ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں تھانے منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ان بیرون ملک مقیم ایجنٹوں سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

  • پی آئی اے : مہنگی لیزپر لئے گئے طیاروں کا معاملہ گھمبیرہوگیا

    پی آئی اے : مہنگی لیزپر لئے گئے طیاروں کا معاملہ گھمبیرہوگیا

    کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے کے لیے مہنگی لیز پر لیے گئے طیاروں کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ویٹ لیز پرحا صل کیے گئے طیارے کے لیے پی آئی اے بورڈ سے منظوری بھی حا صل نہیں کی گئی تھی۔

    ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے لیے مختلف طیارے مہنگی لیز پر لینے کا معا ملہ اہم صورت اختیار کرگیا، اس حوالے سے تفتیشی حکام نے لیز کے معاملات میں اہم کردار کے حا مل شعبے کو بھی شامل تفتیش کر نے کا فیصلہ کرلیا۔

    طیارے کی لیز کے فیصلے میں شامل متعلقہ شبعے کے افسر سے تفصیلی بیان لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، طیارے مہنگی لیز پر لیے جانے سے متعلقہ تمام دستاویزات بھی تفتیشی ٹیم نے طلب کر لی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کے لیے لیز پر لیے گئے دیگر طیاروں کا ریکارڈ بھی شعبہ کارپوریٹ پلا ننگ سے طلب کر لیا گیا۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود تاحال عہدے پر برقرار ہیں۔ ہلڈن برانڈ پہلے کی طرح تنخواہ اور مراعات بھی وصول کررہے ہیں۔

    پی آئی اے کے سی ای او پر پریمیئر سروس کیلئے لئے گئے جہاز کے معاہدے میں کرپشن کرنے کے الزامات ہیں، ہلڈن برانڈ نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے سی ای او کی وطن واپسی کے لیے سفارتی ذرائع کے استعمال کا امکان

    دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ نے اپنے سی ای او کے بیان کو قبول کرنے سے انکار کردیا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلڈن برانڈ نے جو بیان دیا اسے پی آئی اے انتظامیہ تسلیم نہیں کرتی، وزارت داخلہ اس سلسلے میں حتمی کارروائی کررہی ہے، جس پر کچھ نہیں کرسکتے۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے نے پریمئر سروس کے لیے حاصل کردہ طیارہ واپس کردیا