Tag: FIA

  • جعلی ڈالرز فروخت ہونے لگے، شہری ہوشیار

    جعلی ڈالرز فروخت ہونے لگے، شہری ہوشیار

    کراچی: شہر قائد میں جعلی ڈالرز بھی فروخت ہونے لگے ہیں، ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں جعلی ڈالر کی فروخت میں ملوث ملزم عبداللہ کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کی ایک بڑی کارروائی میں جعلی ڈالر کی فروخت میں ملوث ملزم عبداللہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی زیر نگرانی ایک چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار ملزم عبداللہ سادہ لوح شہریوں کو کم قیمت کی آڑ میں جعلی ڈالر فروخت کرتا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم ڈالر کی فروخت کے لیے شہریوں سے پبلک مقامات پر ملاقات کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے جعلی 1600 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزم کے خلاف کارروائی ایک متاثرہ شہری کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    ملزم کی گرفتاری کے لیے تکنیکی وسائل کو بروئے کار لایا گیا، گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • بینک صارف کے اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والا سابق بینک ملازم 10 سال بعد گرفتار

    بینک صارف کے اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والا سابق بینک ملازم 10 سال بعد گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے بینک صارف کے اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے سابق بینک ملازم کو 10 سال بعد گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی زیر نگرانی ایک کارروائی میں فراڈ میں ملوث نجی بینک کے سابق ملازم فہد محمد محسن کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم فہد محمد محسن نے بینک صارف کے اکاؤنٹ سے 42 لاکھ روپے غبن کیے تھے، ملزم نے دوران تعیناتی جعل سازی سے صارف کی چیک بکس جاری کروائیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے چیک بک کا استعمال کرتے ہوئے صارف کے اکاؤنٹ سے 42 لاکھ نکلوائے تھے، ملزم کے خلاف سال 2013 میں مقدمہ درج ہوا تھا، تاہم وہ 10 سال سے روپوش تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد فہد محمد محسن سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • پی آئی اے نے نکالے گئے ملازمین کی تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کر دیں

    پی آئی اے نے نکالے گئے ملازمین کی تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کر دیں

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے جعلی ڈگری پر نکالے گئے ملازمین کی تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی انتظامیہ نے ایف آئی اے حکام کو جعلی ڈگریوں کے الزامات پر نکالے گئے ملازمین کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔

    ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے قومی ایئرلائن سے برطرف ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کی تفصیلات مانگی تھیں، پی آئی اے کے مطابق 2016 سے 2023 تک ملازمتوں سے برخاست ملازمین کی تعداد 14 ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے مذکورہ ملازمین کے خلاف جعلی اور بوگس ڈگریوں کے الزامات کے سبب کارروائیاں کی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نکالے گئے پی آئی اے ملازمین میں ڈپٹی چیف پائلٹ آفیسر، بیگیج اٹینڈنٹ، سینئر ٹیکنیشن، سپروائزر سمیت دیگر شامل ہیں، جن کا تعلق پسنجر سروس، بکنگ آفس، فوڈ سروس سیکشن، پسنجر ہینڈلنگ، کارگو سیلز اینڈ سروس سیکشن سے تھا۔

  • مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ

    مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ

    لاہور: نگراں حکومت کی جانب سے مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے قانونی عمل کا آغاز کر دیا گیا۔

    ذرائع نگراں وفاقی حکومت کے مطابق سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت نے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے، ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کر کے انھیں مونس الہٰی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل شیئر کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مطلوب مجرموں کی پاکستان حوالگی کی مثالیں موجود ہیں، انٹرپول سے چودھری مونس الہٰی کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کروانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے

    مونس الہٰی کی پراپرٹیز اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے، انھوں نے اپنے مختلف بینک اکاؤنٹس سے 48 کروڑ روپے نکلوائے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم منی لانڈرنگ میں استعمال ہوئی تھی۔

    نگراں صوبائی حکومت نے طلب کیے جانے پر مونس الٰہی کا تمام ڈیٹا ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

  • غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    اسلام آباد: غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے نے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں 652 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جنھیں ٹھوس شواہد کی روشنی میں سزائیں دلوائی جائیں گی۔

    رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 452 چھاپا مار کارروائیاں کی گئیں، جن میں 652 ملزمان کو گرفتار کر کے 453 مقدمات درج کیے گئے، اور 56 انکوائریوں کی تفتیش مکمل کی گئی۔

    رواں سال کے دوران کے پی زون نے 308، لاہور زون نے 73، گوجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 55، ملتان زون نے 50 ملزمان کو گرفتار کیا، اسلام آباد زون نے 26، کراچی زون نے 69، حیدرآباد زون نے 27 اور بلوچستان زون نے 20 ملزمان کو گرفتار کیا، یہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، جس میں 7 لاکھ 46 ہزار 184 امریکی ڈالر، 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 3 ارب 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے شامل ہیں۔

    ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں/مارکیٹوں/ دکانوں کو بھی سیل کیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی، اور ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی ہدایت کی روشنی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

  • اسمگلروں کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ملکی ایئرپورٹ پر یورپی یونین کے تعاون سے بڑا قدم

    اسمگلروں کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ملکی ایئرپورٹ پر یورپی یونین کے تعاون سے بڑا قدم

    کراچی: یورپی یونین کے تعاون سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کو جدید آلات سے لیس کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹس پر بارڈر سیکیورٹی کو محفوظ بنانے، جعلی ویزے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے نے یورپی یونین کے تعاون سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کو جدید آلات سے لیس کر دیا۔

    ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ کے مطابق امیگریشن آفس کو یورپی یونین اور ICMPD کے تعاون سے جدید ترین فرانزک اور آئی ٹی ٹولز سے لیس کیا گیا ہے، اب جدید آلات کے ذریعے مسافروں کے پاسپورٹ اور ویزے کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ جدید آلات کے ذریعے جعلی پاسپورٹ اور ویزے کے حامل مسافروں کی نشان دہی ممکن ہو سکے گی، دوسرے مرحلے میں 2024 تک تمام بڑے ایئر پورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔

    ڈی جی محسن بٹ نے کہا کہ ایف آئی اے جرائم پیشہ اور انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ ملزمان کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے، اس سلسلے میں ایف آئی اے پاکستان کے ایئرپورٹس پر بارڈرمینجمنٹ سسٹم کو جدید بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

  • ایف آئی اے امیگریشن نے خاور مانیکا کو دبئی جاتے ہوئے روک لیا

    ایف آئی اے امیگریشن نے خاور مانیکا کو دبئی جاتے ہوئے روک لیا

    کراچی : ایف آئی اے امیگریشن نے خاور مانیکا کو دبئی جاتے ہوئے روک لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ خاور مانیکا غیر ملکی ایئر لائن سے دبئی جا رہے تھے، تاہم ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے انھیں ملک چھوڑنے سے روکا گیا۔

    خاور مانیکا پر اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے، لاہور ایئر پورٹ پر خاور مانیکا کو اینٹی کرپشن ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔

    ادھر چیئرمین پی ٹی آئی کو نکاح کیس میں آج عدالت نے طلب کر رکھا ہے، تاہم اٹک جیل انتظامیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے سے معذرت کر لی ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ایکٹ کے تحت مقدمے میں قید ہیں، جیل حکام کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل سے دوسری جگہ منتقل کرنا سیکیورٹی رسک ہو سکتا ہے، اس لیے آج پیش کرنے سے چھوٹ دی جائے۔

    اس سے قبل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اٹک جیل انتظامیہ کو چیئرمین پی ٹی آئی کوآج عدالت میں پیشی کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال، اسٹاپ لسٹ میں ناموں کی جانچ

    کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال، اسٹاپ لسٹ میں ناموں کی جانچ

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مسافروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں چیک کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے، ایف آئی اے ایمیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز کی 4 پروازوں کے مسافروں کے ایمیگریشن کے عمل میں تاخیرکا سامنا رہا، مسافروں کی سفری دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسٹاپ لسٹ میں نام بھی چیک کیے گئے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایمیگریشن نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مسافروں کی جلد از جلد ایمیگریشن کے لیے مزید عملے کو بھی لگایا گیا تھا تاکہ مسافروں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

    انھوں نے کہا مسافروں کے ایمیگریشن کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا گیا تھا، بیرون ملک جانے والی 4 غیر ملکی ایئر لائنوں کی پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے رش لگ گیا تھا۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منظم حوالہ ہنڈی گینگ پر چھاپا، 3 گرفتار

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منظم حوالہ ہنڈی گینگ پر چھاپا، 3 گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منظم حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے حوالہ گروہ کے 3 ارکان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حوالہ ہنڈی ڈیلرز کے خلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن جاری ہے، ایف آئی اے نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منظم حوالہ ہنڈی گینگ کے خلاف چھاپا مارا۔

    چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 90 لاکھ پاکستانی روپے، 3200 امریکی ڈالر، 26 ہزار 420 یو اے ای درہم، 12 ہزار 289 ریال، 24 سو روپے سے زائد کے بانڈ اور ڈپازٹ سلپس برآمد ہوئیں۔

    حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    کارروائی میں 2 موبائل فون برآمد ہوئے، غیر ملکی کرنسی، حوالہ ہنڈی سے متعلق پیغامات بھی موجود تھے، حوالے سے متعلق 14 پرچیاں بھی برآمد کی گئیں، ملزمان عبدالاحد، شہزاد جاوید حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہے تھے، جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

  • انٹرپول پاکستان کی کارروائی، سنگین جرم میں مطلوب ملزم قربان علی ریاض سے گرفتار

    انٹرپول پاکستان کی کارروائی، سنگین جرم میں مطلوب ملزم قربان علی ریاض سے گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے ایک کارروائی میں سنگین جرم میں مطلوب ملزم قربان علی کو ریاض سے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایف آئی اے انٹرپول پاکستان کے ہاتھوں گرفتار اشتہاری ملزم قربان علی کو اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف فیصل آباد تھانے میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

    ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی، بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔