Tag: FIFA

  • ایک اور پاکستانی گلوکار کا گانا فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل پیج کی زینت بن گیا

    ایک اور پاکستانی گلوکار کا گانا فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل پیج کی زینت بن گیا

    پاکستان کے گلوکار اسٹار شاہ کا گانا فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے ورلڈکپ آفیشل انسٹا گرام پیج پر شئیر کردیا۔  

    فیفا نے پاکستان کے اسٹار شاہ کے گانے ’نو آئیڈیا ‘ کو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے، ویڈیو میں کرسٹیانو رونالڈو کے سفر کو نمایاں کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے فٹبال کیریئر کی ابتدا سے لے کر آئیکون بننے تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا ہے، فیفا نے ’نو آئیڈیا‘ کی ویڈیو کے کیپشن میں جدوجہد سے کامیابی تک کے الفاظ تحریر کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسٹار شاہ میوزک انڈسٹری، خاص طور پر پنجابی میوزک میں بہت تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں، ان کے کوک اسٹوڈیو ہٹ 2 اے ایم نے انکی شہرت میں مزید اضافی کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے لوک گلوکار عارف لوہار کا گانا فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے ورلڈکپ آفیشل انسٹا گرام پیج پر شئیر کیا تھا۔

    فیفا نے عارف لوہار کا مشہور گانا ’ آ تجھے سیر کراواں‘ اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شئیر کیا تھا، گلوکار کے گانے کو شہرہ آفاق فٹبالر میسی کی سالگرہ کے موقع پر شئیر کیا گیا تھا۔

  • ھیا کارڈ رکھنے والے افراد اپنے دوستوں کو بھی ورلڈ کپ دیکھنے بلا سکتے ہیں

    ھیا کارڈ رکھنے والے افراد اپنے دوستوں کو بھی ورلڈ کپ دیکھنے بلا سکتے ہیں

    دوحا: قطری حکام کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 دیکھنے کے لیے ھیا کارڈ رکھنے والے افراد اپنے 3 دوستوں کو بھی مدعو کرسکتے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص جس کے پاس ھیا کارڈ ہے وہ اپنے تین دوستوں کو ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے قطر بلا سکتا ہے۔

    اس سکیم کا نام ھیا معی 1+3 رکھا گیا ہے اور یہ سہولت ایسے افراد کے لیے ہے جو قطر کے شہری ہوں اور نہ ہی ان کے پاس ھیا کارڈ ہو۔

    دوستوں کو کیسے مدعو کیا جائے؟

    اس کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ آپ کے پاس ’ھیا‘ کارڈ ہو۔

    6 ماہ سے زیادہ کا ویزہ ہو۔

    قطر میں قیام گاہ کی تصدیق۔

    500 ریال فیس کی ادائیگی۔

    اس کے بعد آپ ھیا کی ایپلی کیشن پر جا کر مائی کارڈ کا آپشن لیں اور اس کے بعد جاری کا بٹن دبا دیں۔

    اس کے بعد ھیا معی کے آپشن پر جائیں جہاں آپ کے سامنے تین واؤچر کوڈز ظاہر ہوں گے جو 3 ایسے افراد کو بھیجے جا سکتے ہیں جن کے پاس ٹکٹ نہیں ہے۔

    ھیا کارڈ کی درخواست کی منظوری کے بعد ان 3 افراد کو بیرون ملک سے قطر میں داخل ہونے کے اجازت نامے پر مبنی ای میل موصول ہوگی۔

    خیال رہے کہ ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے ھیا کارڈ کا ہونا لازم ہے، اس کے بعد وہ ورلڈ کپ کے دوران مفت ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سہولیات سے بھی مستفید ہوسکیں گے۔

  • بھارت کو بڑا دھچکا، فیفا نے رکنیت معطل کر دی

    بھارت کو بڑا دھچکا، فیفا نے رکنیت معطل کر دی

    زیورخ: فٹ بال کی عالمی باڈی فیفا نے بھارت کی رکنیت معطل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن فیفا نے منگل کو کہا ہے کہ اس نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ فیفا کونسل کے بیورو نے متفقہ طور پر لیا ہے۔

    فیفا کا کہنا ہے کہ فٹبال قوانین میں بیرونی مداخلت پر بھارت کی رکنیت معطل کی گئی ہے، اور یہ فیصلہ فریق ثالث کے غیر ضروری اثر و رسوخ کی وجہ سے لیا گیا ہے جو کہ فیفا کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    رکنیت کی معطلی کی وجہ سے بھارت اکتوبر میں انڈر 17 ویمن فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم ہو گیا، جو کہ 11 سے 30 اکتوبر تک بھارت میں ہونا تھا۔

    فیفا کا کہنا ہے کہ بھارت میں فٹبال کے معاملات منتخب باڈی کے سپرد کیے جائیں، جیسے ہی ایڈمنسٹریٹرز کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کو اس کے اختیارات مل جائیں گے تو یہ پابندی بھی ہٹا دی جائے گی۔

  • فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

    فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

    فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے میزبان شہروں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی، فیفا نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 2026 کے ورلڈ کپ کے میچز 11 امریکی شہروں کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے 3 میزبان مقامات اور 2 کینیڈا کے شہروں میں منعقد ہوں گے۔

    فیفا کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے میچز مجموعی طور پر تین ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے 16 شہروں میں ہوگا۔

    ان 16 میزبان شہروں میں اٹلانٹا، بوسٹن، ڈلاس، گواڈالاجارا، ہیوسٹن، کنساس سٹی، لاس اینجلس، میکسیکو سٹی، میامی، مونٹیری، نیویارک/نیو جرسی، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو، سیاٹل، ٹورنٹو اور وینکوور شامل ہیں۔

    تاہم فیفا حکام اس کا فیصلہ بعد میں کریں گے کہ 16 میں سے کون سا شہر گروپ پلے کی میزبانی کرے گا، اور کون ایلیمینیشن راؤنڈ میچوں کی میزبانی کرے گا۔

    فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے اس سلسلے میں جاری بیان میں مذکورہ شہروں کو ورلڈ کپ کی میزبانی پر مبارک باد پیش کی، اور ان کے جذبے کو سراہا، انھوں نے کہا یہ ممالک اور شہر مل کر اس ورلڈ کپ کو زمین کا سب سے بڑا شو بنا دیں گے۔

    انھوں نے کہا ہم فٹبال کو حقیقی معنوں میں عالمی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں یہ ورلڈ کپ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ 2026 کا مردوں کا ورلڈ کپ پہلا ایڈیشن ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ پہلا موقع ہے جب 3 ممالک میں میچ کھیلے جائیں گے۔

    امریکا 1994 میں پہلی بار ورلڈ کپ کی میزبانی کے بعد دوسری بار میزبانی کرنے جا رہا ہے، اور میکسیکو کے لیے یہ ریکارڈ تیسری بار ہوگا، اس نے 1970 اور 1986 میں بھی میزبانی کی تھی، جب کہ کینیڈا میں پہلی بار مردوں کے ورلڈ کپ کا کوئی میچ منعقد ہوگا، اگرچہ کینیڈا نے 2015 میں خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کی تھی۔

  • روس کھیلوں کے میدان بھی تنہا ہونے لگا، بڑی پابندیاں عائد

    روس کھیلوں کے میدان بھی تنہا ہونے لگا، بڑی پابندیاں عائد

    ماسکو: روس کو یوکرین سے جنگ کی بھاری قیمت چکانا پڑرہی ہے، عالمی سطح پر مختلف پابندیوں کے بعد اب کھیلوں کے میدانوں سے بھی کچھ ایسی ہی خبریں آرہی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق  ویڈیو گیم بنانے والی امریکا کی دوسری بڑی کمپنی الیکٹرونکس آرٹ (ای اے) نے فیفا اور این ایچ ایل 22 سے روسی ٹیموں کو ہٹانےکا اعلان کردیا ہے۔

    ای اے نے اپنی ٹوئٹ میں یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ ہم یوکرین کی عوام کے ساتھ ہیں اور فٹ بال کی دنیا میں امن اور یوکرین پر حملے کے خاتمے کے لیے دعا گو ہیں۔

    الیکٹرانکس آرٹس اسپورٹس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ کمپنی نے فیفا ورلڈکپ دو ہزار بائیس اور (نیشنل ہاکی لیگ) ٹائٹل میں روسی ٹیموں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے اپنے شراکت داروں سے مشاورت کے بعد روسی قومی ٹیم اور تمام روسی کلبس کو ای اے اسپورٹس اور فیفا پراڈکٹس سے ہٹا دیا ہے، جن میں فیفا 22، فیفا موبائل اور فیفا آن لائن بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: یوکرین روس جنگ: فیفا نے بڑی پابندی عائد کردی

    اس سے قبل یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے سبب فٹبال کی عالمی تنظیم "فیفا” نے یوکرین پر روس کے حملے اور طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی میچ منعقد نہیں کرائے گی۔

    دوسری جانب یوکرین حملے پر انگلینڈ فٹبال ٹیم نے بھی روس سے میچز نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

  • یوکرین روس جنگ: فیفا نے بڑی پابندی عائد کردی

    یوکرین روس جنگ: فیفا نے بڑی پابندی عائد کردی

    زیورخ: یوکرین روس جنگ کے اثرات کھیلوں کے میدان میں بھی نظر آنے لگے، فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا بھی جنگ کے خلاف میدان میں آگئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے سبب فٹبال کی عالمی تنظیم "فیفا” نے یوکرین پر روس کے حملے اور طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی میچ منعقد نہیں کرائے گی۔

    فیفا نے کہا کہ روس کےہوم میچز غیرجانبدار علاقے اور تماشائیوں کے بغیر کھیلےجائیں گے، بیرون ملک میچوں میں شرکت کے موقع پر روسی ٹیم کو اپنے ملک کا پرچم لہرانے یا قومی ترانہ بجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    فیفا نے فریقین پر زرو دیا کہ تشدد کسی بھی مسئلےکاحل نہیں، فریقین امن کیلئے بات چیت کرے، ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتےہیں کہ کھیلوں کو جاری رہنا چاہئے۔

    فیفا نے باور کرایا کہ وہ روس کے خلاف اضافی پابندیوں کے اقدام کا حق رکھتی ہے، ان میں بین الاقوامی مقابلوں سے ممکنہ بے دخلی شامل ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ: پولینڈ، سویڈن اور جمہوریہ چیک کا روس کے خلاف اہم فیصلہ

    دوسری جانب یوکرین حملے پر انگلینڈ فٹبال ٹیم نے روس سے میچز نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

    انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انگلینڈ مستقبل قریب میں روس کےخلاف کوئی میچ نہیں کھیلےگا۔

    واضح رہے کہ یوکرین پرحملےکےبعد متعدد یورپی ممالک نے روس سے میچز نہ کھیلنےاعلان کیا ہے، گزشتہ روز پولینڈ، سویڈن اور چیک رپبلک نے ورلڈکپ پلےآف میچز کھیلنے سےانکار کیا۔

    یاد رہے کہ روس چیمپئینز لیگ کے فائنل کی میزبانی سے بھی ہاتھ دھوچکا ہے۔

  • فیفا ہاؤس تنازعہ، فیفا کی ڈیڈ لائن گزر گئی

    فیفا ہاؤس تنازعہ، فیفا کی ڈیڈ لائن گزر گئی

    اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور فیفا ہاؤس تنازع حل نہ ہو سکا، فیفا کی ڈیڈ لائن گزرگئی جب کہ انجینئر اشفاق گروپ نے قبضہ نہ چھوڑا۔

    تفصیلات کے مطابق انجینئر اشفاق گروپ نے فیفا ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا، گزشتہ روز قبضہ چھڑانے کے لیے فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے پاکستان کو آج رات 8 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

    تاہم حکومتی سطح پر دونوں گروپس سے رابطے بے سود ثابت ہو گئے ہیں، اشفاق گروپ نے لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا۔

    فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے فیفا ہاؤس کا چارج نہ ملنے پر فیفا کو تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے ای میل بھیج دی ہے۔

    اب پاکستان فٹ بال کے مستقبل کا فیصلہ فیفا کرے گی، فیفا پاکستان پر 5 سال کی پابندی عائد کر سکتی ہے۔

    دوسری طرف آج اس معاملے پر حکومت بھی متحرک ہوئی ہے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں ‏نے فیفا کو خط لکھا ہےکہ اپنا وفد بھیجیں، ہم درخواست کریں گے کہ ہمیں تھوڑا وقت ‏دیں۔

    انھوں نے کہا حکومت نے کسی فیڈریشن کے معاملے پر مداخلت نہیں کی، حکومت کی کوشش ‏ہے کہ ڈائیلاگ کے ذریعے معاملہ حل ہو، ہم ‏نہیں چاہتے کہ پاکستان پر فیفا کی جانب سے پابندی لگے۔

    فہمیدہ مرزا نے کہا پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی آپس میں اس معاملے کا حل نکالیں۔

  • پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    کراچی: پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں یہ کھیل گروپ بندی، سیاست اور افراتفری کی ککیں کھا رہا ہے، گروہ بندی کی وجہ سے پاکستان فٹ بال ایک بار پھر معطل ہونے کو ہے۔

    فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے دھمکی دی ہے کہ کل تک لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ واپس کیا جائے ورنہ پابندی لگا سکتے ہیں۔

    لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی “فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    فیفا نے فٹ بال ہاؤس خالی کرنے کے لیے پاکستان کو کل رات 8 بجے تک کی وارننگ دی ہے۔ واضح رہے کہ فٹ بال ہاؤس لاہور پر سید اشفاق حسین  گروپ نے غیر قانونی قبضہ جما لیا ہے، جو فیفا کی دھمکی کی وجہ بنا ہے۔

    ایک زمانے میں پاکستان فٹبال گیم کا ایشین سپر پاور تھا، لیکن پھر گروپ بندی اور سیاست کے باعث یہ کھیل زوال آشنا ہو گیا، اور فیفا کے لاکھوں ڈالرکے حصول کی جنگ ہی اس کا مقصد بن گیا۔

    فیفا کی پابندی کوئی نئی بات نہیں، 1994 میں 6 ماہ کی پابندی لگی تھی، گروپ بندی کی وجہ سے 2 سال سے پاکستان کی ٹیم کوئی بین الاقوامی میچ بھی نہیں کھیل سکی ہے۔

    پچھلے سال فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان فٹ بال کی باگ ڈور دے دی تھی لیکن آج پھر معاملات پابندی کی گول لائن تک آ گئے ہیں۔

  • فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    زیورخ: فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔

    انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔

    فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔

    عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔

    فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یورو 2020 کو اگلے سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ کوپا امریکہ بھی ملتوی ہو چکا ہے جبکہ افریقہ کپ آف نیشن جنوری 2022 تک ملتوی کیا جا چکا ہے۔

  • سیاہ فام جارج فلائیڈ کی دردناک موت، فیفا نے بھی احتجاج میں آواز شامل کرلی

    سیاہ فام جارج فلائیڈ کی دردناک موت، فیفا نے بھی احتجاج میں آواز شامل کرلی

    برن: فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا (FIFA) نے بھی سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی دردناک موت پر اٹھنے والی احتجاجی آوازوں میں اپنی آواز شامل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پولیس حراست کے دوران غیر مسلح سیاہ فام جارج فلائیڈ کی موت پر سامنے آنے والے غم و غصے کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے دنیا بھر کی اسپورٹس لیگز، ٹیموں اور کھلاڑیوں کے ساتھ فیفا نے بھی خود کو شامل کر لیا ہے۔

    امریکا میں نیشنل فٹ بال لیگ، نیشنل ہاکی لیگ اور نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نسلی تعصب کے خلاف بیانات جاری کر چکے ہیں، میجر لیگ بیس بال کو ابھی بیان جاری کرنا ہے، ان چاروں لیگز کی 123 ٹیموں میں سے 74 ٹیموں (60 فی صد) نے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیانات جاری کیے۔

    ان لیگوں سے تعلق رکھنے والے چند نمایاں امریکی کھلاڑیوں نے احتجاج کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی، مشہور گالفر ٹائیگر ووڈ بھی پیچھے نہیں رہے، اگرچہ وہ سماجی معاملات پر بہت کم منہ کھولتے ہیں تاہم جارج فلائیڈ کی موت پر انھوں نے تبدیلی کے لیے واضح آواز بلند کی۔

    امریکا میں سیاہ فام کی ہلاکت پر ڈیرن سیمی بول پڑے

    جارج فلائیڈ کی موت پر امریکا میں اٹھنے والی آوازیں اب امریکی سرحدوں سے باہر نکل کر پوری دنیا میں سنی جا رہی ہیں، رواں ہفتے جرمنی میں میچز کے دوران متعدد فٹ بال کھلاڑیوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، اتوار کو میچ کے دوران برطانوی پلیئر جیڈن سانچو اور ہسپانوی پلیئر اشرف حکیمی نے ایسے شرٹس پہنے جس پر لکھا تھا ‘جارج فلائیڈ کو انصاف دو’۔

    واضح رہے کہ فیفا ایک ایسی تنظیم ہے جو سیاست، مذہب اور سماجی مسائل پر میدان کے اندر کھلاڑیوں کی جانب سے ذاتی خیالات کے اظہار کو ذرا برابر بھی برداشت نہیں کرتی۔ تاہم اتوار کو جب جیڈن سانچو اور اشرف حکیمی کے احتجاج پر ایکشن لیا گیا تو فیفا نے رد عمل میں ٹورنامنٹ کے منتظمین سے کہا کہ وہ اس پر ‘کامن سینس’ سے کام لیں۔

    منگل کو جاری ایک بیان میں فیفا نے کہا جارج فلائیڈ کے معاملے میں دردناک حالات کی روشنی میں فٹ بالرز کے جذبات اور خدشات کی گہرائی کو سمجھا جا سکتا ہے، فیفا کے صدر جیان انفنٹینو نے ایک بیان میں مذکورہ پلیئرز کے سلسلے میں کہا تھا کہ انھیں سزا نہیں بلکہ ان کو سراہا جانا چاہیے تھا۔ خیال رہے کہ فیفا کئی بار ہر قسم کی نسلی پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنے مؤقف کا واضح اظہار کر چکی ہے، اور نسل پرستی کے خلاف کئی کمپینز چلا چکی ہے۔

    ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اور اس کے ممبر ممالک بھی اس سماجی نا انصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔ انھوں نے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا آئی سی سی اور دیگر بورڈز کیا نہیں دیکھ رہے کہ مجھ جیسے لوگوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، کیا آپ اس کے خلاف نہیں بولیں گے؟