Tag: FIFA World Cup

  • نیمار کی انجری میں بہتری، آئندہ میچ میں دستیابی کا قوی امکان

    نیمار کی انجری میں بہتری، آئندہ میچ میں دستیابی کا قوی امکان

    دوحہ: عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر اور برازیل ٹیم کے کپتان نیمار کی انجری میں بہتری آگئی۔

    نیمار سربیا کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے۔ فٹ بالر کو پاؤں میں موچ کی وجہ سے سوجن ہوگئی تھی۔

    فٹ بالر نے آج اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اسٹوری کے ذریعے انجری کی تازہ تصاویر پوسٹ کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاؤں میں سوجن کافی حد تک کم ہوگئی ہے۔

    فیفا ورلڈ کپ 2022 میں برازیل کل سوئیٹرزلینڈ کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی جس میں نیمار نہیں ہوں گے لیکن 3 دسمبر کو کیمرون کے خلاف میچ میں ان کی دستیابی ممکن ہے۔

  • فیفا ورلڈکپ میں ایک اور اپ سیٹ، بیلجیئم کو مراکش کے ہاتھوں شکست

    فیفا ورلڈکپ میں ایک اور اپ سیٹ، بیلجیئم کو مراکش کے ہاتھوں شکست

    دوحا: مراکش نے فیفا رینکنگ کی نمبر ون ٹیم بیلجیئم کو شکست دیکر سنسنی پھیلادی۔

    تفصیلات کے مطابق دوحا کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے بیلجیئم کو اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے سنسنی پھیلادی۔

    فیفا رینکنگ میں نمبر دو پر موجود بیلجیئم اہم ترین میچ میں مراکش کے خلاف اعصابی دباؤ کا شکار نظر آئی، گوکہ بیلجیئم کے اسٹرائیکر نے کئی بار گول کرنے کی کوشش کی تاہم مراکش کی دفاعی حکمت عملی کے باعث وہ ناکام رہے۔Imageمراکش نے آج عمدہ کھیل پیش کیا اور مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے، میچ کے 73 ویں منٹ ابدل حامد صابری نے خوبصورت پاس کی مدد سے گول کیا اور اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی۔

    میچ کے اضافی ٹائم میں زکریا ابوخلال نے مراکش کی جانب سے دوسرا گول داغ کر بیلجیئم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: مراکش کا عمدہ کھیل، کروشیا کے خلاف میچ برابر

    مراکش کی تاریخی کامیابی پر الثمامہ اسٹیڈیم گونج اٹھا، اس موقع پر مراکش کے کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ ریز ہوکر شکر خداوندی بجالایا۔

    واضح رہے کہ بیلجیئم نے اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو ایک گول سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا جبکہ مراکش نے کروشیا جیسی مضبوط ٹیم کے ساتھ ڈرا میچ کھیل کر قیمتی پوائنٹ حاصل کیا تھا۔

  • رونالڈو کا عشائیہ، اہم کھلاڑی غیرحاضر

    رونالڈو کا عشائیہ، اہم کھلاڑی غیرحاضر

    دوحا: پرتگال فٹ ٹیم میں کپتان اور کھلاڑیوں کے درمیان چپقلش کی خبروں نے مداحوں کو پریشان کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرتگال فٹ بال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے دعوت کا اہتمام کیا اور انہیں دوحا کے پُرتعیش ریسٹورینٹ میں عشائیہ دیا جس کا بل بھی انہوں نے خود ادا کیا۔

    مگر پُرتگال ٹیم کے تین کھلاڑیوں برناڈو سلوا، جاو کنسیلو اور جوزسا نے رونالڈو کے عشائیے میں شرکت نہیں کی اور انہوں نے فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی۔

    یہ بھی پڑھیں: سنسنی خیز مقابلے کے بعد رونالڈو کی ٹیم کامیاب

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے تنازع کے بعد رونالڈو نے ساری توجہ اپنی ٹیم اور ساتھی کھلاڑیوں پر مرکوز کررکھی ہے۔

    ادھر یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ سعودی عرب کے ایک کلب کی جانب سے بھی رونالڈو کے ساتھ معاہدے میں دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ پرتگالی ٹیم اپنا اگلا میچ 28 نومبر کو پیراگوئے کے خلاف کھیلنے جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ پرتگال نے فیفا ورلڈکپ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا تھا جہاں اس نے گھانا کو 2-3 سے شکست دی تھی۔

  • فیفا ورلڈکپ: کوسٹاریکا نے جاپان کو ہرادیا

    فیفا ورلڈکپ: کوسٹاریکا نے جاپان کو ہرادیا

    دوحا: فیفا ورلڈکپ میں ایک اور سنسنی خیز میچ کا فیصلہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوحا کے احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ای کے اہم ترین میچ میں کوسٹاریکا نے جاپان کو 0-1 سے ہرادیا۔

    دونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز سے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کئے تاہم گول کیپرز نے ان حملوں کو ناکام بنایا۔

    پہلے ہاف کے اختتام تک میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔Imageدوسرے ہاف میں بھی ٹیموں نے گول کرنے کی سرتوڑ کوشش کی مگر بے سود رہے، تاہم میچ کے 81 ویں منٹ میں کوسٹاریکا کےکیشرفلر نے عمدہ گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔

    میچ کی سنسنی خیزی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دونوں ٹیموں کے چھ کھلاڑیوں کو یلو کارڈ دکھایا گیا۔

    واضح رہے کہ کوسٹاریکا کی فیفا ورلڈکپ میں یہ پہلی فتح ہے، اس سے قبل اسپین کے ہاتھوں اسے 7-0 کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    جبکہ جاپان نے اپنے پہلے میچ میں چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو ڈرامائی انداز میں شکست دیتے ہوئے میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

  • نیمار جونیئر کیمرون کے خلاف بھی دستیاب نہیں ہوں گے

    نیمار جونیئر کیمرون کے خلاف بھی دستیاب نہیں ہوں گے

    قطر: فیفا ورلڈ کپ 2022 کے شائقین اب عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر نیمار جونیئر کو نہ صرف پیر کو سوئٹزر لینڈ کے خلاف بلکہ کیمرون کے خلاف بھی ایکشن میں نہیں دیکھ پائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے کپتان نیمار جونیئر ہفتہ 3 دسمبر کو کیمرون کے خلاف بھی دستیاب نہیں ہوں گے، یہ صورت حال فیفا ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں ٹائٹل فیورٹ برازیل کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں ہے۔

    اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر ٹخنے کی انجری کے باعث راؤنڈ کے اگلے دو میچز سے باہر ہوئے ہیں، وہ سربیا کے خلاف انجری کا شکار ہوئے تھے۔

    سپر اسٹار نیمار کو نازک وقت میں چوٹوں کا سامنا کوئی نئی بات نہیں ہے، انھیں ٹخنے کی چوٹ بار بار لگی ہے، تاہم ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ نیمار کی صحت یابی ڈینیلو کی نسبت آسان ہوگی، اس وقت نیمار سے متعلق سب سے بڑی تشویش ان کے ٹخنے کی سوجن اور درد ہے۔

    انجری کے شکار نیمار کے مداحوں کیلیے ایک اور بُری خبر

    سربیا کے خلاف میچ میں جب انھیں انجری ہوئی تو وہ روتے ہوئے میدان سے باہر گئے تھے۔

  • فیفا ورلڈ کپ، آج 4 میچز کھیلے جائیں گے

    فیفا ورلڈ کپ، آج 4 میچز کھیلے جائیں گے

    قطر میں جاری دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال ورلڈ کپ کے میچز جاری ہیں آج بھی چار ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

    قطرمیں فیفا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ آج بھی چار میچز کھیلے جائیں گے اور دنیائے فٹبال کی 8 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل جیت کا عزم لیے میدان میں آئیں گی۔

    اتوار کو پہلے میچ میں جاپان اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں آمنےسامنے ہوں گے جب کہ دوسرے میں بیلجیئیم اور مراکش کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

    آج کا تیسرا مقابلہ کروشیا اور کینیڈا کے درمیان ہوگا۔ چوتھے میچ میں جرمنی اور اسپین کا ٹاکرا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ، میسی کی ارجنٹینا نے میکسیکو کو ہرا دیا

    فٹبال ورلڈ کپ کے تمام میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہِ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • فیفا ورلڈ کپ، میسی کی ارجنٹینا نے میکسیکو کو ہرا دیا

    فیفا ورلڈ کپ، میسی کی ارجنٹینا نے میکسیکو کو ہرا دیا

    فیفا ورلڈ کپ میں گروپ سی کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے میکسیکو کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح پالی۔

    فیفا ورلڈکپ 2022 کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے میکسیکو کو شکست دے کر گروپ سی میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تواتر سے حملے کیے لیکن پہلے پلے ہاف میں کسی ٹیم کو کامیابی نہیں مل سکی۔

    میچ کے دوسرے ہاف میں ارجنٹینا نے حریف ٹیم پر پریشر بڑھائے رکھا، میچ کے 64 ویں منٹ میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے گول کرکے میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔ دوران میچ ارجنٹینا کے شائقین اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب میچ کے 87 ویں منٹ میں اینزو فرنینڈز نے میکسیکو کے خلاف گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔

    میچ کے آخر تک میکسیکو کو کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔ مقرر وقت تک ارجنٹینا نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے گروپ میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی۔

    واضح رہے کہ ارجنٹینا کو اپنے پہلے گروپ میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    اس سے قبل ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچز میں دفاعی چیمپئن فرانس نے ڈنمارک کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ گزشتہ میچ میں ارجنٹائن کو اپ سیٹ شکست دینے والی سعودی عرب کی ٹیم پولینڈ کو ہرانے میں ناکام رہی اور یہاں پویلینڈ نے دو صفر سے بازی مار لی جب کہ آسٹریلیا تیونس کو ایک صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔

  • سعودی فٹبال ٹیم کو رولز رائس فینٹم بطور تحفہ ملنے کی حقیقت سامنے آگئی

    سعودی فٹبال ٹیم کو رولز رائس فینٹم بطور تحفہ ملنے کی حقیقت سامنے آگئی

    ریاض: سعودی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹائٹل فیورٹ ارجنٹینا کو شکست دینے پر حکومت کی جانب سے دنیا کی مہنگی ترین گاڑیاں رولز رائس فینٹم بطور تحفہ ملنے کی حقیقت سامنے آگئی۔

    قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 میں ارجنٹائن کے خلاف میچ جیتنے پر کھلاڑیوں کو قیمتی گاڑیوں کا تحفہ ملنے کی اطلاع غلط قرار دے دی گئی۔

    سعودی کھلاڑی صالح الشہری نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ نہیں ہے، بہترین طریقے سے ملک کی خدمت کرنے آئے ہیں اور یہی سب سے بڑا اعزاز ہے۔

    گرین فالکنز نے دو بار کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ گرین فالکنز فٹبال ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ آج پولینڈ کےخلاف کھیلے گی۔

  • ویڈیو: اسٹیڈیم میں تماشائی نے کاغذ کے ہوائی جہاز سے حیران کر دینے والا گول کر دیا

    ویڈیو: اسٹیڈیم میں تماشائی نے کاغذ کے ہوائی جہاز سے حیران کر دینے والا گول کر دیا

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں فٹبال اسٹیڈیم میں بیٹھے ایک تماشائی نے کاغذ کے ہوائی جہاز سے حیران کر دینے والا گول کیا ہے۔

    کاغذ کے ہوائی جہاز سے گول کر کے لوگوں کو حیران کرنے والا نوجوان خود بھی سوشل میڈیا پر مقبول ہو گیا ہے، یہ ویڈیو پرانی ہے جو، اب انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان نے فٹ بال میچ کے ٹکٹ سے ہوائی جہاز بنایا، اور پھر اپنی سیٹ سے اس جہاز کو گراؤنڈ کی جانب اُڑا دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس طرح کاغذی ہوائی جہاز نے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے درمیان چکر لگایا، اور پھر یو ٹرن لے کر واپس گول کی جانب سفر کیا، وہ حیران کن ہے۔

    عام طور سے کاغذی ہوائی جہاز سے اتنی شان دار ’کارکردگی‘ کی توقع نہیں رکھی جاتی، لیکن اس جہاز نے خاصی تیز رفتاری سے اُڑ کر کھلاڑیوں کے درمیان سے ہوتا ہوا ’ٹیک آف‘ کر کے بہترین گول کر دیا۔

    سوشل میڈیا پر صارفین نے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا، اور طرح طرح کے کمنٹ بھی کیے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ اب تک کا بہترین گول ہے۔

    ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ میری آنکھوں کو اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ اتنی اونچائی سے کیسے اس نوجوان نے اتنا بہترین گول کر دیا۔

  • قطر ورلڈ کپ میں‌ پہلا ریڈ کارڈ پانے والے وین ہینسی کی ’کک‘ سوشل میڈیا پر وائرل

    قطر ورلڈ کپ میں‌ پہلا ریڈ کارڈ پانے والے وین ہینسی کی ’کک‘ سوشل میڈیا پر وائرل

    قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 میں‌ پہلا ریڈ کارڈ پانے والے وین ہینسی کی ’کک‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی کھلاڑی مہدی تریمی کو سر میں کک مارنے والے وین ہینسی قطر ورلڈ کپ میں ریڈ کارڈ پانے والے پہلے پلیئر بن گئے ہیں۔

    آؤٹ سائیڈ ایریا میں کھلاڑی کو روکنے کی کوشش ویلز کے گول کیپر وین ہینسی کو مہنگی پڑ گئی، چھیاسی ویں منٹ میں ویڈیو ریفری کی مداخلت پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا گیا۔

    ویلز ایران میچ میں ہینسی مہدی تریمی سے گیند چھیننے کے چکر میں ٹکرا گئے تھے، انھوں نے فٹ بال کو اچھل کر کک ماری جو ایرانی پلیئر کے سر میں لگ گئی۔

    سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہو گئی ہے، اور صارفین کی جانب سے اس پر دل چسپ میم بھی شیئر کیے جا رہے ہیں۔

    وین ہینسی ورلڈ کپ میں ریڈ کارڈ حاصل کرنے والے تیسرے گول کیپر ہیں، 2010 میں جنوبی افریقہ بمقابلہ یوراگوئے میں Itumeleng Khune کو ریڈ کارڈ ملا تھا، اور 1994 میں اٹلی بمقابلہ ناروے کے Gianluca Pagliuca کو ریڈ کارڈ ملا تھا۔