Tag: FIFA World Cup

  • فیفا ورلڈکپ: کروشیا تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

    فیفا ورلڈکپ: کروشیا تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

    دوحا: فیفا ورلڈکپ میں تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں کروشیا نے مراکش کو شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق دوحا کے خلیفہ انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں کروشیا اور مراکش مد مقابل آئے۔

    میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مخالف کے گول پوسٹ پر حملے گئے، کھیل کے ساتویں منٹ میں کروشیا کے جسکو گوارڈیل نے خوبصورت ہیڈر کی مدد سے اپنی ٹیم کو برتری دلوادی۔

    جواب میں مراکش نے بھی بھرپور حملہ کیا جس کا نتیجہ گول کی صورت میں ملا، کھیل کے 9ویں منٹ میں اشرف ڈاری نے گول کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

    مقابلے برابر ہونے کے بعد بھی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا، میچ کے 42 منٹ میں کروشیا کے مسلیو اورسک نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک گول کر برتری دلوادی۔

    کھیل کے پہلے ہاف تک کروشیا کو 1-2 کی برتری حاصل تھی جو کہ کھیل کے اختتام پر برقرار رہی کیونکہ کھیل کے دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔

  • رونالڈو یا میسی! شاہین آفریدی کس کے مداح ہیں؟

    رونالڈو یا میسی! شاہین آفریدی کس کے مداح ہیں؟

    قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پسندیدہ فٹبالر کا نام بتادیا۔

    فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کل دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹینا کے مابین کھیلا جائے گا، ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر کا شمار دنیا کے بہترین فٹبالرز میں ہوتا ہے اور جبکہ فرانس کے امباپے بھی اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئے ہیں جبکہ پرتگال کے رونالڈو میگا ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

    گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کی ڈرافٹنگ کا انعقاد کراچی میں کیا گیا اس موقع پر فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے پوچھا گیا کہ لائنل میسی اور رونالڈو میں سے کونسا فٹبالر پسند ہے جبکہ ان سے فیفا کی بہترین ٹیم سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ’میں لائنل میسی کو پسند کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ میسی کی ارجنٹینا ہی ورلڈ کپ فائنل جیتے۔‘

    واضح رہے کہ لائنل میسی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ یعنی 11 گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے سابق کھلاڑی بیٹسٹوٹا کا ریکارڈ توڑا ہے۔

    اسٹار فٹبالر نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا اور اتوار کو فائنل کھیلنے کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گے۔

    یاد رہے کہ میسی اپنا پانچواں عالمی کپ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے ارجنٹینا کی جانب سے عالمی مقابلوں میں اب تک 25 میچ کھیلے ہیں اس سے قبل یہ ریکارڈ جرمنی کے لوتھر میتھاؤس کے پاس تھا۔

  • فٹبال کی دنیا کا بے تاج بادشاہ کون ہوگا؟ فیصلہ کل

    فٹبال کی دنیا کا بے تاج بادشاہ کون ہوگا؟ فیصلہ کل

    فٹبال کی دنیا کا بے تاج بادشاہ کون ہوگا؟ یہ فیصلہ کل ہو جائے گا میگا ایونٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹائن جیت کی جنگ لڑیں گے۔

    قطر میں ایک ماہ تک دنیا بھر کے شائقین فٹبال کو اپنی جانب متوجہ رکھنے والا رنگا رنگ کھیلوں کا سب سے بڑا عالمی میلہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کل اختتام پذیر ہو جائے گا۔ فائنل میچ دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹائن کے مابین ہوگا اور دونوں ٹیموں میں کانٹے کو جوڑ پڑنے کا امکان ہے۔

    کل شب 12 بجے فٹبال کے نئے عالمی چیمپئن کا اعزاز پانے کیلیے دفاعی چیمپئن فرانس اور سابق عالمی چیمپئن ارجنٹائن میدان میں اتریں گی۔

    جہاں 2018 کا عالمی چیمپئن فرانس اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گا وہیں ورلڈ کلاس لیونل میسی بھی اپنے کیریئر میں پہلی بار ارجنٹائن کو فٹبال ورلڈ کپ جتوانے کے لیے جان لڑا دیں گے۔

    فائنل سے قبل آج تیسری پوزیشن کے لیے مراکش اور کروشیا کے مابین میچ ہوگا۔

    فیفا ورلڈ کپ، تیسری پوزیشن کیلیے مراکش اور کروشیا آج ٹکرائیں گی

    کون گول کھائے گا اور کون ٹرافی اٹھائے گا اب صرف ایک دن کی دوری پر ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کے میچز اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • فرانسیسی فٹبالر امباپے نے ’معافی‘ مانگ لی

    فرانسیسی فٹبالر امباپے نے ’معافی‘ مانگ لی

    دوحہ: قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو دفاعی چیمپئن فرانس اور میسی کی ٹیم ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    میگا ایونٹ کے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کی جیت سے متعلق پیش گوئیاں بھی کی جارہی ہیں کسی کی جانب سے ارجنٹینا کی کامیابی اور کوئی فرانسس کو فائنل کا فاتح قرار دے رہا ہے لیکن اس کا فیصلہ تو آئندہ دو روز میں ہوجائے گا کہ کون سی ٹیم ٹرافی اٹھاتی ہے۔

    فٹبال ورلڈ کپ سے جڑی مختلف خبریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جسے مداحوں کی جانب سے سراہا گیا۔

    ایسی ہی ایک خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق فرانسیسی فٹبالرکیلین امباپے کی ہٹ مداح کو لگی تو وہ مداح کے پاس معافی مانگنے کے لیے پہنچ گئے۔

    ٹریننگ سیشن کے دوران امباپے کی جانب سے لگائی گئی ہٹ فرانسیسی مداح کے چہرے پر لگ گئی تھی جس کے بعد فرینچ اسٹار فٹبالر فوری مداح کے پاس پہنچے اور اس کی ناصرف خیریت دریافت کی بلکہ اس سے معافی بھی مانگی۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امباپے کے اس احسن اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

  • ’رونالڈو اور رومن رینز سے متعلق ٹوئٹ پر مداح غصے میں آگئے؟

    ’رونالڈو اور رومن رینز سے متعلق ٹوئٹ پر مداح غصے میں آگئے؟

    دوحہ: قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو دفاعی چیمپئن فرانس اور لائنل میسی کی ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    فٹبال کے عالمی کپ سے جڑی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا گیا اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے گئے۔

    میچ کے بعد کئی مواقع ایسے آئے کہ اپنی ٹیم کی کامیابی پر مداح خوشی سے آبدیدہ ہوگئے تو گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں مراکش کے مداح اپنی ٹیم کی شکست پر آبدیدہ ہوگئے۔

    فیفا ورلڈ کپ میں رونالڈو کی پرتگال مراکش کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی، مراکش کی جانب سے یوسف النصیری نے گول اسکور کیا۔

    فیفا ورلڈ کپ کا سحر ڈبلیو ڈبلیو انٹرنٹیمنٹ تک بھی جاپہنچا ہے کیونکہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے ہیوی ویٹ چیمپئن رومن رینز کے منیجر پال ہے مین نے رونالڈو سے متعلق ایک ٹوئٹ کیا ہے جو وائرل ہورہا ہے۔

    ریسلنگ میں ’بگ ڈوگ‘ کے نام سے مشہور رومن رینز کے منیجر نے لکھا کہ ’رونالڈو بھی ہمارے ٹرائبل چیف کے ساتھ ہیں, انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کرسٹیانو رونالڈو اور رومن رینزکو مینشن بھی کیا۔‘

    ان کا یہ ٹوئٹ شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگیا اس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اسٹار فٹبالر کے مداحوں نے لکھا کہ ’رونالڈو کی فین فالوئنگ کے آگے ’ٹرائبل چیف‘ کچھ بھی نہیں۔ دوسری جانب رومن رینز کو پسند کرنے والے مداح ان کے لیے تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

  • فٹبال ورلڈ کپ، ’’ڈریم بال‘‘ نے کسی کے خواب توڑے تو کسی کے جوڑے

    فٹبال ورلڈ کپ، ’’ڈریم بال‘‘ نے کسی کے خواب توڑے تو کسی کے جوڑے

    قطر میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دونوں سیمی فائنل نئی گیند ’’ڈریم بال‘‘ سے کھیلے گئے جس نے ناکام ٹیموں کے خوابوں کو توڑ دیا۔

    قطر میں کھیلے جا رہے فٹبال ورلڈ کپ 2022 کا رنگا رنگ میلہ اب صرف دو میچوں کے بعد اختتام پذیر ہو جائے گا۔ گزشتہ ماہ شروع ہونے والے دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے ورلڈ کپ میں اب تک 62 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

    سیمی فائنل سے قبل گروپ، پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل کے مجموعی طور پر 60 میچز جس فٹبال سے کھیلے گئے اس کو عربی میں ’’الرحلہ‘‘ کا نام دیا گیا تھا جس کا اردو میں معنی سفر نامے کے ہیں۔ یوں جب ورلڈ کپ کا یہ سفر 60 میچوں تک پہنچ کر صرف چار میچوں تک باقی رہ گیا اور آخری چار ٹیموں نے ورلڈ کپ جیتنے کا سہانا خواب آنکھوں میں سجا لیا تو پھر سیمی فائنل میں نئی گیند استعمال کرنے کا فیصلہ ہوا۔

    ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل میں نئی گیند استعمال کی گئی جس کو عربی میں ’’الحلم‘‘ کا نام دیا گیا۔ اس کے اردو میں معنی خواب کے ہیں۔ یوں یہ نئی فٹ بال ’’ڈریم بال‘‘ کے نام سے دنیا میں جانی جا رہی ہے۔

    ڈریم بال کا ڈیبیو ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان پہلے سیمی فائنل میں ہوا جس میں ارجنٹینا نے کروشیا کا فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کیا اور دوسرے سیمی فائنل میں مراکش کا دفاعی چیمپئن فرانس سے شکست پاکر فائنل کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا۔

  • ’فائنل کوئی بھی جیتے، ورلڈ کپ مراکش کے نام ہی رہے گا‘

    ’فائنل کوئی بھی جیتے، ورلڈ کپ مراکش کے نام ہی رہے گا‘

    مراکش فیفا ورلڈ کپ 2022 کا سیمی فائنل بے شک ہار گیا مگر میگا ایونٹ میں ناقابل فراموش کارکردگی پر سب ہی اس افریقی ملک کے گُن گا رہے ہیں۔

    گزشتہ شب قطر کے دوحہ اسٹیڈیم میں فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا اور مراکش کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا جس نے مراکشی عوام سمیت دنیا بھر میں فینز کو افسردہ کردیا۔

    تاہم میگا ایونٹ میں ناقابل فراموش کارکردگی سے مراکش نے دنیا کو اپنا گرویدہ بنا لیا اور سب اس کے ہی گن گا رہے ہیں اور شاندار الفاظ میں اسے خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔

    مراکش کی تعریف کرنے والوں میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز بھی شامل ہے جس نے افریقی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شاندار اور عرصہ دراز تک نہ بھلائی جانے والی کارکردگی پر اسے انتہائی خوبصورت الفاظوں میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    اخبار نے سیمی فائنل میں مراکش کی شکست کے بعد اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ فائنل ارجنٹینا جیتے یا فرانس لیکن فٹبال ورلڈ کپ 2022 مراکش کے نام رہے گا۔

    اخبار نے مراکشی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید لکھا کہ فرانس کیخلاف سیمی فائنل میں مراکش نے جان لڑا دی۔ بس ذرا سی کمی رہ گئی جس سے مراکش فائنل تک رسائی میں ناکام ہوگیا۔

    واضح رہے کہ سیمی فائنل میں پہلی بار پہنچنے والی مراکش ٹیم ایک مشکل سفر طے کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں بڑے اپ سیٹ کرکے اور بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

    فائنل فور میں پہلی بار جگہ بنانے کا اعزاز پانے والی پہلی عرب مسلم ٹیم مراکش نے دنیائے فٹبال کے بڑے ناموں بیلجیم، اسپین اور پرتگال کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر مراکشی کھلاڑی اور پرستار رو پڑے

    ٹورنامنٹ میں مراکش کے گول کیپر یاسین بونو بھی کم نہیں رہے۔ پورے ٹورنامنٹ میں وہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے اور کوارٹر فائنل مرحلے تک ایونٹ میں ایک بھی گول نہیں کھایا۔

  • ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر مراکشی کھلاڑی اور پرستار رو پڑے

    ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر مراکشی کھلاڑی اور پرستار رو پڑے

    فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹرافی جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر مراکشی کھلاڑی اور پرستار رو پڑے۔

    گزشتہ شب قطر کے دوحہ اسٹیڈیم میں فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    ایک جانب جشن منایا گیا تو دوسری جانب ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ جانے پر مراکشی کھلاڑی اور شائقین اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں چھلک پڑیں۔

    فیفا ورلڈ کپ 2022 میں دو سابق عالمی چیمپئنز اسپین اور پرتگال کو شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل کا اعزاز پانے والی پہلی مسلم افریقی ٹیم مراکش نے میگا ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث مراکش کے عوام اور ٹیم کے مداحوں سمیت دنیا بھر میں فینز کو اس کے فائنل میں پہنچنے کی قومی امیدیں تھیں۔

    مراکش کے مختلف شہروں میں لوگوں نے بڑی اسکرینز پر میچ دیکھنے اور ٹیم کی جیت پر جشن منانے کا انتظام کیا ہوا تھا مگر شکست پر مراکشی عوام مایوسی کا شکار ہوئے۔ صرف مراکش ہی نہیں دیگر اسلامی ممالک میں ٹیم کے مداح اس ہار پر افسردہ دکھائی دیے۔

    یہ بھی پڑھیں: شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑی سجدہ ریز، دلوں کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل

    ٹیم کی شکست پر البیت اسٹیڈیم میں موجود مداح نہ صرف اُداس ہوگئے بلکہ رونے بھی لگے اور ٹی وی اسکرینز پر کئی بار کھلاڑیوں اور شائقین کی نم آنکھوں کے جذبابی مناظر دکھائے گئے جس کو دنیا بھر میں ٹی وی پر دیکھنے والے ناظرین بھی دل گرفتہ ہوگئے۔

  • فیفا ورلڈ کپ، فرانس کی فتح پر فینز کا بھرپور جشن

    فیفا ورلڈ کپ، فرانس کی فتح پر فینز کا بھرپور جشن

    فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس کی فتح کے ساتھ ہی فینز نے بھرپور جشن منایا صدر میکرون نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قطر میں فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن کی جیت کے ساتھ ہی فرانسیسی فینز نے نہ صرف دوحہ میں جشن منایا بلکہ پیرس سمیت فرانس کے دیگر شہروں میں بھی شائقین فٹبال اپنی ٹیم کی جیت کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

    فرانسیسی شہریوں نے سڑکوں پر ہلہ گلہ کیا ٹیم کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ فرانس اور مراکش کا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے فرانسیسی صدر میکرون دوحا اسٹیڈیم میں موجود تھے اور انہوں نے میچ کے دوران اپنی ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا۔

    دوسری جانب مراکش کی شکست پاکستان سمیت دنیا بھر میں مراکش کے فینز کو اداس کرگئی۔ اسٹیڈیم میں موجود مراکش ٹیم کے پرستار بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خواتین سمیت سب کی آنکھیں اپنی ٹیم کی شکست پر نم ہوگئیں۔

    تاہم مراکشی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں شکست کے باوجود دل برداشتہ ہونے کے بجائے گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یہ بھی پڑھیں: شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑی سجدہ ریز، دلوں کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل

    جس جس نے بھی اس ویڈیو کو دیکھا وہ مراکشی کھلاڑیوں کے عاجزانہ رویے کو سراہے بغیر نہ رہ سکا۔

  • شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑی سجدہ ریز، دلوں کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل

    شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑی سجدہ ریز، دلوں کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل

    فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس سے شکست کے بعد مراکش کے کھلاڑی میدان میں سجدہ ریز ہوگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    گزشتہ شب قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوسرے سیمی فائنل میں پہلی بار فائنل فور میں پہنچنے والی عرب مسلم ٹیم مراکش دفاعی چیمپئن فرانس سے شکست کھا گئی تاہم اس ہار کے باوجود مراکشی کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ شکر ادا کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور کھلاڑیوں کی اس انکساری نے سب کے دل جیت لیے۔

    سیمی فائنل کے پہلے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی فرانس نے گول کرکے مراکش کی ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا تھا جبکہ دوسرے ہاف میں 79 ویں منٹ میں دفاعی چیمپئن نے ایک اور گول داغ کر اپنی فتح یقینی بنا لی تھی۔

    میچ کا اختتام فرانس کی فتح کے ساتھ ہوا لیکن بلند حوصلہ مراکش کے کھلاڑیوں نے اس کا غم منانے کے بجائے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کیا۔

    سوشل میڈیا پر خوبصورت جذبات سے لبریز یہ ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مراکشی کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر گراؤنڈ سے باہر جانے سے قبل پہلے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا اور پھر میدان میں ہی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سجدہ شکر ادا کیا کہ اس نے مراکش کو فٹبال ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی پہلی عرب مسلم افریقی ٹیم کا اعزاز بخشا اور دنیا بھر میں عزت سے نوازا۔

     

    اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی مراکش ٹیم کے جذبے کا سراہا اور بھرپور تالیاں بجا کر ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر انہیں بھرپور داد دی۔

    یہ بھی پڑھیں: فرانس، مراکش کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

    مراکش کے کھلاڑیوں کے اس عاجزانہ عمل کو صارفین سوشل میڈیا پر خوب سراہ رہے ہیں۔