Tag: Fight among workers

  • فیصل آباد : مریم نواز کے خطاب سے پہلے کارکنان لڑ پڑے

    فیصل آباد : مریم نواز کے خطاب سے پہلے کارکنان لڑ پڑے

    فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز مسلم لیگ یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب سے قبل کارکنان آپس میں لڑ پڑے۔

    مسلم لیگ یوتھ ونگ کے کنونشن کا اہتمام ایک نجی ہوٹل میں کیا گیا تھا جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    ن لیگ کے کارکنان یوتھ ونگ کے پروگرام میں اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر آپس میں لڑ پڑے، ہوٹل انتظامیہ نے لڑنے والے کارکنوں کو وہاں سے باہر نکال دیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما عثمان گجر اور ایم این اے خالد وڑائچ کے بیٹے کی آپس میں تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد عثمان گجر نے انہیں اندر جانے سے روکا تو بات لڑائی تک جا پہنچی۔

    واضح رہے کہ مریم نواز گزشتہ روز فیصل آباد کے دور وزہ تنظیمی دورے پر پہنچی تھیں انہوں نے یکم فروری سے ملک گیر تنظیمی دوروں کا آغاز کیا تھا۔ وہ اس سے قبل بہاولپور، ملتان، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژنز کے دورے کر چکی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم کا اجلاس بد نظمی کا شکار ہوگیا تھا، کارکن اور مریم نواز کی سیکیورٹی ٹیم میں دھکم پیل ہوئی اور نعرے بازی بھی کی گئی۔

    مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن میں لیگی کارکن اور مریم نواز کی سیکیورٹی ٹیم میں جھگڑا ہوگیا تھا، اجلاس میں "ورکرز کو عزت دو ” کے نعرے لگائے گئے۔

  • کراچی : تحریک انصاف اور ٹی ایل پی کارکنان میں تصادم

    کراچی : تحریک انصاف اور ٹی ایل پی کارکنان میں تصادم

    کراچی پریس کلب کے باہر تحریک لبیک اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے، اس دوران دونوں جانب سے لاتیں اور گھونسے چل پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ایک ریلی پریس کلب پہنچی تاہم اس سے قبل وہاں پر تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    اچانک کسی بات پر پریس کلب کے باہر تحریک لبیک اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیچ بچاؤ کروایا اور ریلی لے کر واپس چلے گئے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کی قیادت کیخلاف ریلی پر حملے کا مقدمہ درج کرائیں گے۔

    بعد ازاں پی ٹی آئی کے رہنما راجہ اظہر، عطاءاللہ، بلال غفار، آفتاب جہانگیر تھانے پہنچ گئے اور پولیس کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے پرامن کارکنان پر تحریک لبیک کے کارکنوں نے دھاوا بولا۔

    بلال غفار کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے کارکنان نے پہلے پی ٹی آئی ساؤنڈ سسٹم پر حملہ کیا، کشیدگی کے دوران پی ٹی آئی کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ حالات پُرامن رکھنے کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہوتی ہے، تحریک لبیک کے کارکنان نے پی ٹی آئی ورکر کو زخمی کیا۔