Tag: fighting-terrorists

  • دہشت گردوں کی فائرنگ سے2 اہلکار شہید، ایک سپاہی زخمی، آئی ایس پی آر

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے2 اہلکار شہید، ایک سپاہی زخمی، آئی ایس پی آر

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہوشاب میں کیے جانے والے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی کمبیٹ پٹرول پارٹی پر گھات لگا کرحملہ کیا، فائرنگ سے میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے، میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کے31سالہ میجرثاقب حسین شہید کا تعلق ضلع سانگھڑ جبکہ
    26سالہ نائیک باقرعلی شہید کا تعلق ضلع دادو سے ہے۔

    میجرثاقب حسین شہید نے سوگواران میں والدین اور بیوہ کو چھوڑا ہے جبکہ نائیک باقرعلی شہید نے سوگوارن میں 3سالہ بیٹی اور بیوہ چھوڑی۔

    سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے، تمام شہداء بشمول میجرثاقب اور نائیک باقرعلی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کیخلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ،  دہشت گردوں سے لڑنیوالے اہلکاروں کیلئےبڑے انعام کا اعلان

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، دہشت گردوں سے لڑنیوالے اہلکاروں کیلئےبڑے انعام کا اعلان

    کراچی : آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں سے لڑنیوالے اہلکاروں کیلئے20لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے پولیس کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شاباش دیتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں سے لڑنیوالے اہلکاروں کیلئے20لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں سے سب سے پہلےریپڈ رسپانس فورس کے جوانوں نے مقابلہ کیا ، ان اہلکاروں کا افسر شہید ہو گیا مگر وہ لڑتے رہے۔

    مشتاق احمد مہر کا کہنا تھا دہشت گردوں کو مرکزی دروازےپر ہی مار دیا گیا وہ عمارت میں داخل نہ ہوسکے، ایک پولیس افسر اور 3سیکیورٹی گارڈ باہرہی شہید ہوئے ، 3پولیس اہلکار، 3سیکیورٹی گارڈز اور ایک شہری بھی باہرزخمی ہوا۔

    یاد رہے آج کراچی کے اہم تجارتی مرکز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پردہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا تھا، سیکیورٹی گارڈزاور پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں چارمسلح دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ اور دستی بم حملے میں ایک سب انسپکٹر،چارسیکیورٹی گارڈز اور ایک شہری شہید ہوا۔

    دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد دو گھنٹے تک سیکیورٹی اداروں نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیااور عمارت کو کلیئرقرار دے دیا جبکہ کالعدم تنظیم نےحملےکی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پوری قوم کو پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے بروقت کارروائی سے حملے کو ناکام بنایا۔