Tag: FIH

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

    پاکستان ہاکی فیڈریشن سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

    گوجرہ : عالمی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی مداخلت کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مسئلہ حل کرلیا گیا، حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن ختم کرکے اسے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

    اس حوالے سے سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم اولمپئن منظور الحسن کا کہنا ہے کہ دو فیڈریشنز سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہورہی تھی۔

    اولمپئن منظور الحسن نے کہا کہ حکومت نے ہاکی کی بہتری کیلئے بر وقت فیصلہ کرکے اچھا اقدام کیا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے سابق اولمپئن سے مشاورت کرکے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمیٹی مشاورت کے بعد کل قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کرے گی، ہاکی کوچ رولنٹ اولٹمین کی سربراہی میں 3رکنی سلیکشن کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

    سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم اولمپئن منظور الحسن نے مزید کہا کہ کمیٹی میں مجھ سمیت اسپورٹس بورڈ کا ایک نمائندہ بھی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا معاملہ ایف آئی ایچ طے کرے گی، جس کو ایف آئی ایچ تسلیم کرے گی ہم اس کو ہی مانیں گے۔

    رانا مشہود کا کہنا تھا کہ دونوں گروپس کے پلیئرز اسلام آباد میں کیمپ کریں گے، کل اور پرسوں دوبارہ ٹرائلز ہوں گے ، ٹرائلز کے سلیکشن بورڈ کو رولینٹ اولٹمینز ہیڈ کریں گے۔

  • انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    کراچی: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان میں متوازی ہاکی فیڈریشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا، اور دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے انٹرنیشنل باڈی کے صدر کو پاکستان میں ہاکی سے متعلق تشویش ناک حالات سے آگاہی کا خط لکھا تھا۔

    خط پر ایف آئی ایچ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں دھڑوں کو 25 اپریل تک اپنا مؤقف اور ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، سینئر ڈائریکٹر جان ویٹ نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کو پاکستان سے تعلق ہونے کی بنیاد پر اس معاملے میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر احسن حل نکالنے کی بھی درخواست کرے گی، کیوں کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرتے رہیں۔‘‘

    قبل ازیں، سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے خط میں انٹرنیشنل باڈی سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی او سی اسپورٹس گورننس چارٹر پر عمل پیرا ہو کر پی ایچ ایف کا ساتھ دے، آئی او سی، ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف کے آئین میں متوازی تنظیم کی گنجائش نہیں ہے۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ کو اس معاملے پر با رہا مطلع کیا گیا کہ کچھ عناصر متوازی تنظیم سازی میں ملوث ہیں، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا لیٹر بھی ریکارڈ پر موجود ہے، اور انٹر پراونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کی وزارت نے آئی او سی کو اسپورٹس فیڈریشنز معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لکھا کہ نا مناسب حالات کے باوجود انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا گیا، 2018 پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے کا خمیازہ پاکستان ہاکی کو تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا، پی ایچ ایف کی بھرپور کوشش ہے کہ انٹرنیشنل رینکنگ کو بہتر بنایا جائے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ یکجہتی کرے۔