Tag: files reference

  • جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ

    جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ

    اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں گرفتارسابق صدر  آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ  فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، نیب نے دونوں بہن بھائی سمیت چودہ ملزمان کےخلاف عبوری ریفرنس دائرکردیا، ریفرنس میں کہا گیا ہے8.3 ارب کی خطیررقم جعلی اکاؤنٹس سے نکلوائی گئی، رقم بیرون ملک بھی منتقل ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق صدر آصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپور کے خلاف عبوری ریفرنس دائرکردیا۔

    ریفرنس نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا، جس میں بارہ دیگر ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ریفرنس میں کہا گیا آٹھ اعشاریہ تین ارب کی خطیر رقم جعلی اکاؤنٹس سےنکلوائی گئی، بینک ریکارڈکےمطابق اکاؤنٹ زرداری کےلئےاستعمال ہوتا تھا،جبکہ بینک اکاؤنٹ کےذریعےبیرون ملک رقم بھی منتقل ہوتی رہی۔

    عبوری ریفرنس میں کہا گیاہے کہ اکاؤنٹ سے غیرقانونی بارہ سوملین روپےمنتقل کرائےگئے،نو سو پچاس ملین روپے دوبارہ آصف زرداری کے زیراستعمال اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے، انورمجید اور دیگرکا معاملےمیں اہم کردارہے۔

    ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ نجی بینک کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا، بے نامی دار اے ون انٹرنیشنل کےنام پرزمین خریدی گئی، ملزم مشتاق آصف زرداری کےپرائیویٹ سیکرٹری ہیں اور ان کا سابق صدرکے ساتھ مشترکہ اکاؤنٹ بھی ہے۔

    خیال رہے جعلی اکاؤنٹس میں سابق صدر آصف زرداری اورفریال تالپور پر اب تک فرد جرم عائد نہیں ہوسکی اور دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

    واضح رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرلیا تھا۔

    خیال رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے اور دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

  • پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ ، مصطفیٰ کمال بھی نیب کے ریڈار پر

    پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ ، مصطفیٰ کمال بھی نیب کے ریڈار پر

    کراچی : نیب نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال اور دیگر کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا، ان پر ساحل پر زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کرنے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب)نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سمیت دیگرکے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیاہے۔

    مصطفی کمال کے خلاف دائر ریفرنس میں نیب نے ملزم پر ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام عائد کیا ہے۔

    نیب ریفرنس کے مطابق زمین 1980 میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر دی گئی تھی جو 2005 میں نجی تعمیراتی کمپنی نے لیز پر حاصل کرلی، مصطفی کمال نے بلڈر کو کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کی غیرقانونی اجازت دی ۔

    نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں دیگر ملزمان میں ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائمخانی، فضل الرحمان، ممتاز حیدر اور نذیر زرداری شامل ہیں۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں نیب نے سابق میئر کراچی اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • بہن کی نیکٹا میں تعیناتی : زرتاج گل کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    بہن کی نیکٹا میں تعیناتی : زرتاج گل کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی   زرتاج گل کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی، حنا پرویز بٹ نے کہا کہ زرتاج گل ایم این اے اور وزیر بننے کے قابل نہیں ، انھیں  نااہل قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی   زرتاج گل کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی، درخواست ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے دائر کی، جس میں زرتاج گل کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر نااہل کرنے کی استدعا کی ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ وفاقی وزیر نے عہدے کا غلط استعمال کرکے حلف کی خلاف ورزی کی، زرتاج گل نے اپنی بہن کو نیکٹا میں تعینات کرنے کیلئے اثررسوخ استعمال کیا اور جھوٹ بولا کہ انکی بہن میرٹ پر پورا اترتی ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے حنا پرویزبٹ کاکہناتھا کہ زرتاج گل کے خلاف درخواست کسی ایک شخص کے خلاف نہیں ، بلکہ ایک دغا باض گروہ کے خلاف ہے یہ اپنی حرکتوں سے خود بے نقاب ہو رہے ہیں۔

    ن لیگی رہنما نے کہا زرتاج گل نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ، حلف کی خلاف ورزی کی، وہ ایم این اے اور وزیر بننے کے قابل نہیں زرتاج گل کو نااہل قرار  دیا جائے ، عمران خان میرٹ کے نعرے لگاتے رہے ہیں ایک پروفیسر کیسے نیکٹا کی ڈائریکٹر بن سکتی ہے۔

    درخواست کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی جمع کرا دی ہے۔

    مزید پڑھیں :  وزیر اعظم کا زرتاج گل کے معاملے پر شدید اظہار برہمی، نیکٹا کو لکھا خط واپس لینے کی ہدایت

    یاد رہے زرتاج گل وزیر کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کرنے متعلق خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر زرتاج گل کی بہن کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ادارے کو لکھے گئے خط سے وفاقی وزیر کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیراعظم کے نوٹس کے بعد زرتاج گل نے تقرری کے لئے لکھا گیا خط واپس لے لیا تھا۔

  • نیب  نے آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائرکردیا

    نیب نے آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائرکردیا

    ٌکراچی : نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائرکردیا، دائر ریفرنس میں آغاسراج سمیت بیس ملزمان کونامزدکیاگیا ہے، ملزمان پر ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب ) نے تین مہینے دس دن تفتیش کے بعد آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائرکردیا، کراچی کی احتساب عدالت میں دائر ریفرنس میں آغاسراج سمیت بیس ملزمان کونامزدکیاگیاہے۔

    نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نےایک ارب ساٹھ کروڑروپےکی کرپشن کی ہے، ریفرنس ابھی باقاعدہ سماعت کے لئےمنظورنہیں کیا گیا اور عدالت میں ابھی ریفرنس کی 10نقول فراہم کیں۔

    اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے پیشی پر غیررسمی گفتگو میں کہا 3 ماہ سےانتظارتھااب جاکرریفرنس فائل ہواہے، حکومت ہےکدھر؟آپ کس حکومت کی بات کررہےہیں؟ اس حکومت کوجیالوں کاعلم نہیں ہے۔

    آغاسراج درانی کا کہنا تھا یہ حکومت50 لوگوں کوسنبھال نہیں سکتی، جیالوں نےمارشل لااورآمروں کاسامنا کیاہے، کسی وجہ کےبغیرلاٹھی چارج کرناغلط بات ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے خلاف اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھائی مسیح الدین اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تھی۔

    نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ آغا سراج کی 35 گاڑیوں اور کروڑوں روپے جائیدادوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے، انھوں نے اختیارات کا نباجائز استعمال ، کرپشن اور غیر قانونی بھرتیاں کی ہیں جبکہ دیگر کے خلاف بھی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چئیرمین کی منظوری سے آغا سراج درانی کے خلاف کل احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا جائے گا، جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر ریفرنس کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    واضح رہے نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

  • ایم کیوایم پاکستان کا اپنے 11 ارکان اسمبلی کےخلاف ریفرنس دائر

    ایم کیوایم پاکستان کا اپنے 11 ارکان اسمبلی کےخلاف ریفرنس دائر

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے الیکشن کمیشن میں 11 ارکان اسمبلی کے خلاف ریفرنس دائرکردیا ، ریفرنس میں نامزد اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی استدعا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان نے نو صوبائی ، دو قومی اسمبلی ارکان کےخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائرکیا، ریفرنس ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارکی جانب سے دائر کیا گیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے جن اراکین کیخلاف ریفرنس دائر کیا گیا، ان میں ارکان قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان مجاہد جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی میں دلاور خان ،محمود عبدالرزاق ،ارتضیٰ فاروقی ،ندیم رازی ،عارف مسیح بھٹی ،بلقیس مختیار،ارم عظیم شامل ہیں۔


    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم پاکستان کاپارٹی چھوڑنے والے ارکان کے خلاف ایکشن


    ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ نامزد اراکین کو ڈی سیٹ کیا جائے، جو دوسری جماعتوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

    اراکین میں سے 10 نے پی ایس پی اور ایک نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سلمان بلوچ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاروق ستار سمیت تمام لوگ لندن رابطے میں ہیں، متحدہ نے پھر مہاجر صوبے کی سیاست شروع کردی۔

    آصف حسنین نے گزشتہ سال 28 اگست کو پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔


    مزید پڑھیں :  ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ کو نا اہل قرار دیا جائے، فاروق ستار


    یاد رہے کہ اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ کو نا اہل قرار دینے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی میئر کا پارٹی تبدیل کرنا الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوئے۔ قانون کے مطابق پارٹی چھوڑنے پر شخص عہدہ رکھنے کا اہل نہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔