Tag: Finality of Prophethood

  • ختم نبوت سے متعلق قانون مزید سخت، دھرنے والے عوام کو بھڑکا رہے ہیں: احسن اقبال

    ختم نبوت سے متعلق قانون مزید سخت، دھرنے والے عوام کو بھڑکا رہے ہیں: احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ختم نبوت سے متعلق قانون مزید سخت کردیا گیا ہے۔ دھرنے والے عوام کو بھڑکا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ حکومت نے اس قانون کا ہمیشہ کے لیے مسئلہ طے کر دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں واضح طور پر دہراتا ہوں کہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا، یا کسی اور کو نبی ماننے والا مسلمان نہیں۔ اس قانون کو مزید مؤثر اور سخت کردیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے والے عوام کو بھڑکا رہے ہیں، مسئلے پر عوام کے جذبات بھڑکانا اور تشدد کی طرف لے جانا ٹھیک نہیں۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، ختم نبوت پر ہم بھی دوسروں کی طرح غیرت مند ہیں، لیکن دھرنے سے پاکستان کا پوری دنیا میں غلط تاثر جارہا ہے کہ شاید اس مسئلے پر ہم میں تقسیم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلے پر عوام کے جذبات بھڑکانا تشدد کی طرف لے جانا ٹھیک نہیں۔ دھرنے کے قائد اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جڑواں شہر کے 8 لاکھ افراد دھرنے کے باعث محصور ہیں۔ 14 دن سے راستے بند ہیں، مریض اسپتال، اور بچے اسکول نہیں جا سکتے۔ دھرنے کے باعث 2 اموات ہوچکی ہیں، کیا اس طرح ہم نبی کریم کی تعلیمات پر عمل کر رہے ہیں؟

    احسن اقبال نے کہا کہ میں اب بھی کہتا ہوں اور علما اس قانون کے متعلق کہیں کہ اس میں کوئی سقم ہے تو ہم نظر ثانی کرنے کو تیار ہیں، تاہم اب ہم ہائیکورٹ کے حکم کی تعمیل نہ کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ختم نبوت ﷺ کا حلف نامہ بحال

    انہوں نے کہا کہ ادارے اس جگہ پر کارروائی کرنے اور جگہ خالی کروانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن ہم تصادم سے بچنا چاہ رہے ہیں، ہم اس نام کا احترام کر رہے ہیں جس پر اتنے لوگ جمع ہوئے ہیں، لیکن ان کے پاس اب کوئی بہانہ نہیں کہ لوگوں کی زندگیاں اجیرن کریں۔

    وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ انٹیلی جنس معلومات ہیں، دھرنے میں شامل کچھ لوگ کشیدگی چاہتے ہیں۔ اگر حالات بے قابو ہوئے تو حکومت کو شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

    انہوں نے ایک بار پھر دھرنے کے شرکا سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مزید علمائے کرام کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں گزشتہ 10 روز سے مذہبی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنان دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ ان کے دھرنے کے دوران ہی ختم نبوت سے متعلق متنازعہ شق کو دور کر کے نیا قانون قومی اسمبلی اور سینیٹ میں منظور کرلیا گیا ہے۔

    حکومت کی جانب سے مظاہرے کے شرکا کو کہا گیا کہ ان کے دھرنے کا جواز ختم ہوگیا ہے تاہم مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وزیر قانون زاہد حامد استعفیٰ دیں۔

    اسی دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کو سختی یا نرمی سے دھرنا ختم کرنے کا حکم بھی دیا۔

    گزشتہ روز بھی حکومت نے دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کی کوشش کی تاہم دونوں فریقین میں ڈیڈ لاک برقرار رہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ختم نبوتﷺ کا معاملہ آئین کا حصہ بن کرہمیشہ کیلئے طے ہوگیا، نوازشریف

    ختم نبوتﷺ کا معاملہ آئین کا حصہ بن کرہمیشہ کیلئے طے ہوگیا، نوازشریف

    لندن : سابق نااہل وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ختم نبوتﷺ کا معاملہ ہمارےآئین کا اٹوٹ حصہ بن کر اب ہمیشہ کے لیے طے ہوچکا ہے، ملک میں اقلیتوں کو جان و مال سمیت بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے کہا کہ ختم نبوتﷺ پر مکمل اورغیر متزلزل ایمان جزو اسلام ہے۔

    نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق آئین واسلامی تعلیمات کےمطابق حاصل ہیں، اس معاملے پرمنفی اظہارخیال ن لیگ نظریے اور اس کی پالیسی سےتعلق نہیں رکھتا، ہم نے مذہب اور عقیدے کی تفریق کے بغیر اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا، مذہبی اور سماجی آزادی سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کےعوام نے مجھےتین بار ملک کا وزیراعظم منتخب کیا، تینوں بار زبان اور رنگ ونسل کی تفریق کے بغیرعوام کی خدمت کی، مسلم لیگ ن کو بانی پاکستان کی جماعت ہونے کا اعزازحاصل ہے۔


    مزید پڑھیں: نواز شریف کی پارٹی صدارت اور الیکشن ایکٹ کے خلاف عبوری حکم نامہ جاری


    بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں کو مذہبی و سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی ،مذہبی اور سماجی آزادی کو یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضہ ہے۔

  • حلف نامہ ختم نبوت کا معاملہ جے آئی ٹی کے حوالے کیا جائے، طاہرالقادری

    حلف نامہ ختم نبوت کا معاملہ جے آئی ٹی کے حوالے کیا جائے، طاہرالقادری

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حلف نامہ ختم نبوت میں ترمیم کے معاملے پر حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کو مسترد کردیا، ان کا کہنا ہے کہ نواز لیگی کمیٹی منظور نہیں معاملہ پانامہ جے آئی ٹی کے حوالے کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حلف نامہ ختم نبوت میں ترمیم پر حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے معاملہ پانامہ جے آئی ٹی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرطاہرالقادری نے جامعہ منہاج القرآن لاہورمیں علوم الحدیث کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیقات کیلئے ہمیں مسلم لیگ ن کی کمیٹی منظور نہیں، اس سنگین جرم کی تحقیقات سپریم کورٹ کی سطح پر غیرجانبدار جے آئی ٹی کی طرف سے ہونی چاہیئے اور ذمہ داروں کو کڑی سزائیں ملنی چاہییں، چور اپنی چوری کی تحقیقات خود کیسے کر سکتے ہیں؟


     مزید پڑھیں: ترمیم اتفاق رائے سے منظور، ختم نبوت ﷺ کا حلف نامہ بحال


    ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانے کی اجازت دینا آئین سے بغاوت ہے کیونکہ چور، ڈاکو، لٹیرا ملک یا جماعت کا سربراہ کیسے بن سکتا ہے؟ آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت کا تختہ الٹ جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک طاقتور طبقہ اعلی عدلیہ اور پاک افواج کو مغلظات بک رہا ہے لیکن میں حیران ہوں کی ادارے ان لوگوں کی اس حرکت پر خاموشی کیوں اختیار کیے ہوئے ہیں؟

  • حکومت ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے کو پہلے والی شکل میں لانے پر متفق

    حکومت ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے کو پہلے والی شکل میں لانے پر متفق

    اسلام آباد: حکومت نے جلد بازی میں منظور کیے گئے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 میں سنگین غلطی کو کلیریکل غلطی قرار دے دیا۔ اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حلف نامے کو پہلے والی شکل میں واپس لانے کے لیے ترمیمی بل لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نا اہل نواز شریف کو ن لیگ کی صدارت کا اہل بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات ایکٹ میں جلد بازی میں ترمیم تو کرلی گئی تاہم جب ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کا معاملہ سامنے آیا تو اپوزیشن نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    حکومت نے پہلے تو کسی تبدیلی سے ہی انکار کردیا، اب حکومت نے اس سنگین غلطی کو کلیریکل غلطی قرار دے دیا۔

    مزید پڑھیں: ختم نبوت بل سے متعلق جھوٹ نہ بولا جائے، سعد رفیق

    اسلام آباد میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس معاملے کو جلد حل کرلیں گے۔

    ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کے لیے سب کو مل کر لائحہ عمل طے کرنا چاہیئے۔ سب نے مل کر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حلف نامے کے معاملے کو اصل حالت میں واپس لایا جائے گا۔ پارلیمانی رہنما اپنی اپنی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

    ان کے مطابق حلف نامے کی اصل شکل میں بحالی پر اتفاق ہوگیا ہے۔ معاملے پر آج ہی مشاورت کر کے کل قومی اسمبلی میں لائیں گے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حلف نامے کو پہلے والی شکل میں واپس لانے کے لیے ترمیمی بل لایا جائے گا۔ تاخیر نہیں کریں گے فی الفور الیکشن ایکٹ بل 2017 میں ترمیم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن بل کی شق 203 پر بھی نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل نااہل نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کا اہل بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی منظور کرلیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ختم نبوت شق میں تبدیلی پرکوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا، چودھری شجاعت

    ختم نبوت شق میں تبدیلی پرکوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا، چودھری شجاعت

    لاہور : مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ختم نبوت ایمان کا معاملہ ہے، شق میں تبدیلی پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے رد عمل میں کہی۔

    چودھری شجاعت نے کاغذات نامزدگی میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سےشق میں تبدیلی کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہا کہ حکمران ایک مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں: نواز شریف کو پارٹی سربراہ بنانے کی راہ میں‌ حائل آخری رکاوٹ بھی دور


    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ معاملہ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد تفصیلی اور بھرپور ردعمل دے گی۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت کے معاملہ پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم ماضی میں گراں قدر قربانیاں پیش کر چکے ہیں جو ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔