Tag: Finance amendment bill

  • فنانس ترمیمی ‌بل کی منظوری ، حکومت کا اپوزیشن جماعتوں سے متعلق اہم فیصلہ

    فنانس ترمیمی ‌بل کی منظوری ، حکومت کا اپوزیشن جماعتوں سے متعلق اہم فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنانس ترمیمی ایکٹ پراپوزیشن ارکان کانقطہ نظرسنا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کی ملاقات ہوئی ، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فنانس ترمیمی ایکٹ پر اپوزیشن ارکان کانقطہ نظرسنا جائے گا۔

    ملاقات میں فنانس بل سمیت قومی،عوامی مفاد کی قانون سازی فوری مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے موجودہ سیشن میں اپوزیشن کو پورا موقع دیا جائے گا ، حکومت اپوزیشن قائدین کو فیصلے سے آگاہ کرے گی۔

    دوران ملاقات یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ زیر التوابلز منظوری کے لئے ایوان میں پیش کئے جائیں گے اور فنانس ترمیمی بل پر اپوزیشن کو اظہار خیال کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ کمیٹیوں میں ز یر التوابلزکی منظوری کیلئےترجیحی بنیادپراقدامات کئےجائیں گے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی عوامی مسائل کےحل،فلاح وبہبودکیلئےآئینی کردار اداکرےگی، آئین میں متعین 130 دن کو پورا کیا جائے گا اور قومی اسمبلی عوامی توقعات پرپورا اترنے کیلئےکردار ادا کرےگی۔

  • قومی اسمبلی  کا اجلاس ،  ضمنی مالیاتی بل آج منظور کرایا جائے گا

    قومی اسمبلی کا اجلاس ، ضمنی مالیاتی بل آج منظور کرایا جائے گا

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل آج منظور کرایا جائے گا، بل کی منظوری روکنے کے لیے متحدہ اپوزیشن نے کمرکس لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کااجلاس کل شام 4 بجے ہو گا ، اجلاس کا 49نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے ، اجلاس میں مختلف بل اورآرڈیننس پیش کئے جائیں گے۔

    قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں ضمنی مالیاتی بل منظور کرایا جائے۔

    دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے بل کی منظوری روکنے کے لیے کمرکس لی ہے ، اس سلسلے میں پارلیمانی پارٹی کامشترکہ اجلاس آج ہوگا، جس کی صدارت قائدحزب اختلاف شہبازشریف کریں گے۔

    اجلاس میں منی بجٹ کی منظوری روکنے اور قومی اسمبلی میں حکومت کوٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

    دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی بھی آج اہم ملاقات متوقع ہے ، جس میں فنانس بل ،فارن فنڈنگ کیس سمیت دیگراہم امورپر مشاورت ہوگی۔

    گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے منی بجٹ کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس میں کل بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ علامتی بھوک ہڑتال پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر باہر کی جائے گی اور اس بھوک ہڑتالی کیمپ میں بلاول بھٹو بھی شریک ہوں گے۔

  • ضمنی مالیاتی ترمیمی بل2019 کثرت رائے سے منظور، اپوزیشن کی ترامیم مسترد

    ضمنی مالیاتی ترمیمی بل2019 کثرت رائے سے منظور، اپوزیشن کی ترامیم مسترد

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی ترمیمی بل2019 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، اپوزیشن اراکین نے تمام ترامیم مسترد کرنے پر شدید احتجاج کیا، وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ میثاق معیشت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، وزیر خزانہ اسد عمر نے ضمنی مالیاتی ترمیمی بل دوہزار انیس پیش کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ شہباز شریف صاحب نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ میثاق معیشت ہونا چاہیے، ہم میثاق معیشت کا خیر مقدم کرتے ہیں، اپوزیشن اراکین دھواں دار تقاریر تو کرتے ہیں مگر تجویز کوئی نہیں دیتا، ہم ان کے تجربے سےاستفادہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگی رکن اسمبلی نے دھواں دھار تقریر کی اور کہا کہ ان کے دور حکومت میں معیشت میں اضافہ ہو رہا تھا، میرا ان کو مشورہ ہے کہ تنقید کرنے والے اپنی حکومتوں کے اعداد وشمار چیک کریں، پتا نہیں ان کو ایسے اعداد و شمار کون دے دیتا ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ ملک غیور قیادت کے ہاتھ میں ہے، اب پاکستانی وزیراعظم بھارتی وزیراعظم کواپنےگھرکی شادیوں پرنہیں بلاتا،  ہم مانتے ہیں کہ مہنگائی بالکل ہے اور اس پر بھی بات ہونی چاہیے، حکومت نے پرانے قرضوں پر700ارب روپے سے زائد سود کی مد میں ادا کیے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف پوچھتے ہیں کہ نئے قرضے کہاں جارہے ہیں؟ ان کو جان لینا چاہیے کہ نئےقرضے پرانے قرضوں کی ادائیگی پرخرچ ہورہے ہیں، شہباز شریف صاحب آپ معیشت کو کھائی میں گرا کر گئے لیکن خوشی ہوئی کہ انہیں بھی مہنگائی کی بھی فکر ہے۔

    مزید پڑھیں: کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر دھول جم چکی ہے: بلاول بھٹو زرداری

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے افراط زر کی بات کر کے کمال کر دیا، کاش انہیں اپنی حکومت میں افراط زر کی فکر ہوتی، بلاول بھٹو نہ جانے کیوں انگریزی زبان میں پارلیمان سے خطاب کرتے رہے۔

    بعد ازاں قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کرتے ہوئے فنانس ترمیمی بل 2019 کثرت رائے منظور کر لیا گیا۔

    قبل ازیں اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کے اسعد محمود کو مذمتی قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ دینے پر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی، اراکین نے شور شرابہ کرنا شروع کردیا۔ مشتعل اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا، اس موقع پر پہلی بار اسپیکر ڈائس کے سامنے باجماعت نماز کی ادائیگی کی گئی۔