Tag: fine

  • کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    کرونا وائرس ویکسین لگوانے سے انکار پر بھاری جرمانہ عائد

    جکارتہ: انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے شہریوں کو 50 لاکھ انڈونیشی روپے کا جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اتنا غیر معمولی سخت جرمانہ عائد کرنے کا مقصد نئے ضابطوں کی پابندی پر عملدر آمد یقینی بنانا ہے۔

    جکارتہ کے نائب گورنر احمد رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ شہر کے حکام محض اصولوں کی پیروی کر رہے ہیں اور شہر میں اس طرح کی پابندیاں آخری حربہ ہیں۔

    یاد رہے کہ ملک میں اب تک 12 لاکھ سے زائد کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 34 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

    رضا پتریہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ اس حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں تو 2 باتیں ہوں گی، ایک یہ کہ سماجی امداد روک دی جائے گی اور دوسرا یہ کہ جرمانہ کیا جائے گا۔

    انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ شروع کیے جانے والے ویکسی نیشن پروگرام کے تحت 15 ماہ کے اندر اندر اپنی 27 کروڑ کی آبادی میں سے 18 کروڑ 15 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

    انڈونیشیا نے رواں ماہ کے شروع میں ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں واضح کہا گیا تھا کہ جو شخص ویکسین لگوانے سے انکار کرے گا، اس کو سماجی امداد یا سرکاری خدمات کی فراہمی سے انکار کیا جا سکتا ہے یا پھر وہ جرمانہ ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

    دوسری جانب وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سےعائد کی جانے والی پابندیاں ویکسی نیشن پروگرام میں لوگوں کی شرکت ممکن بنانے اور اس حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کی آخری کوشش ہیں۔

    یہ نیا ضابطہ لوگوں کے شکوک و شبہات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ آیا کرونا ویکسین محفوظ، مؤثر اور حلال ہے یا نہیں؟ نیز کیا یہ اسلامی لحاظ سے جائز ہے۔

    صحت عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی بے چینی راستے کی رکاوٹ بن سکتی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، سزائیں اور جرمانے عائد

    متحدہ عرب امارات: کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، سزائیں اور جرمانے عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں عائد کردی گئیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے فیڈرل پبلک پراسیکیوشن نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کی دانستہ خلاف ورزی پر قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    جمعرات کو حکام نے اس حوالے سے 2 وفاقی قوانین کا حوالہ دیا ہے۔

    پہلے قانون کے مطابق متعدی بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد کو اپنے قریبی رابطے میں رہنے والوں کے ہمراہ وزارت صحت کو آگاہ کرنا ہوگا، تاکہ ان کا علاج ہو سکے اور انہیں حفاظتی تدابیر پر بھی عمل کرنا ہوگا۔

    اسی طرح دوسری قانونی دفعہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل یا 27 سو 22 ڈالر سے 13 ہزار 612 ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا مزید کہنا ہے کہ عوام میں قانونی معاملات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے ان قوانین سے متعلق معلومات شیئر کی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 3 لاکھ 61 ہزار 877 کیسز سامنے آچکے ہیں، ان میں سے 3 لاکھ 47 ہزار 366 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1 ہزار 73 ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ: فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

    لاہور ہائیکورٹ: فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی عدالت نے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں پر 50 ہزار جرمانے کا حکم دے دیا، فیصلہ اسموگ میں کمی کے لیے کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے خاتمے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں پر 50 ہزار جرمانے کا حکم دیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں سے رعایت نہ کی جائے۔

    جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے اس حوالے سے رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کروادی، رپورٹ میں کہا گیا کہ اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے 476 انڈسٹریز اور بھٹوں کی چیکنگ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 122 یونٹس حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کرتے پائے گئے، زائد دھواں خارج کرنے پر 170 یونٹس سیل کر دیے گئے، پی ڈی ایم اے کی ہدایات کی خلاف ورزی پر 66 مقدمات درج کیے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کارروائی کرتے ہویے ٹریفک پولیس نے 1108 گاڑیوں کو بند کیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب میں اسموگ کے تدارک کے لیے کسانوں کو مشینیں فراہم کی گئی تھیں، کسانوں کو ہیپی سیڈر اور مشینری سبسڈیز کے ساتھ دی گئی تھیں۔

    مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ لاہور کے اطراف اسموگ کے تدارک کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، خراب فصلوں کو جلانے کی وجہ سے اسموگ کی صورتحال کا سامنا رہتا ہے۔ 90 فیصد اسموگ کے مسائل بھارت کی طرف سے ہیں۔

  • سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    سعودی عرب: سست رفتار ڈرائیونگ پر جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے اہم ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ شاہراہوں پر سست رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں، شاہراہوں پر سست رفتاری سے ٹریفک معطل ہوتی ہے اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے اور سست رفتار ڈرائیونگ پر احتساب ہوگا۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ شاہراہوں اور سڑکوں پر سست رفتار ڈرائیونگ پر 100 سے ڈیڑھ سو ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ بعض لوگ شاہراہوں اور سڑکوں سے گزرتے وقت رک کر باتیں کرنے لگتے ہیں، ایک ڈرائیور دوسرے ڈرائیور سے راستہ دریافت کرنے لگتا ہے یا سڑک پر رونما ہونے والے حادثے کو دیکھنے لگتے ہیں، یہ سب کچھ منع ہے۔

    محکمے کے مطابق سڑکوں اور شاہراہوں پر ایسا کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

  • سعودی عرب: ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ

    سعودی عرب: ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پر 200 افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا، کرونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 1 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن کے پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے مقررہ ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر 200 افراد کا چالان کیا گیا ہے۔

    ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے گھروں سے باہر ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر 1 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    وزارت کی جانب سے مقرر ضوابط کی خلاف ورزیوں کو نوٹ کرنے کے لیے مملکت کے تمام شہروں میں پولیس اہلکاروں کو خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔

    مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں پولیس ٹیمیں مارکیٹوں اور تفریحی مقامات کے علاوہ شاہراہوں پر بھی عارضی چیک پوسٹ قائم کر کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کر رہے ہیں۔

    بلدیہ کی جانب سے سپر مارکیٹس اور مالز کو بھی اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو مالز کے مرکزی دروازے پر سینی ٹائزر اورڈسپوزایبل دستانے فراہم کریں۔ ہر آنے والے شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا خصوصی انتظام بھی کیا جائے۔

    وزارت صحت نے بلدیہ کو خصوصی طور پر ہدایات کی ہیں کہ مارکیٹوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کا فوری چالان کیا جائے تاکہ وبائی مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

  • ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے پر جرمانہ عائد

    ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے پر جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا، ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک اور دستانوں کا کچرا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔

    مقامی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے والوں کو 6 ٹریفک پوائنٹس اور 272 امریکی ڈالر کا جرمانہ کیا جائے گا۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک اور دستانوں کا کچرا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے اور اس سے کمیونٹی بھی متاثر ہوتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار نئے ٹیسٹ کیے ہیں جس کے نتیجے میں 540 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اور اس طرح ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 38 ہزار 808 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے اور مرنے والوں کی کل تعداد 270 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں 745 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں اور اس طرح متحدہ عرب امارات میں شفا یاب ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

  • سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال جرمانہ عائد

    سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال جرمانہ عائد

    ریاض: سعودی عرب میں پارسل تاخیر سے پہنچانے پر ایک کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال کا جرمانہ عائد کردیا گیا، کمپنی کو وارننگ دی گئی ہے کہ دوبارہ شکایت کے بعد اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

    کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کوریئر کمپنی نے پارسل دیے گئے پتے پر نہیں پہنچایا، دوسری خلاف ورزی یہ کی کہ پارسل پہنچانے میں تاخیر کی گئی۔ کمپنی کی یہ کوتاہیاں تحفظ صارفین منشور کی دفعہ 5 کے زمرے میں آتی ہیں۔

    کمیونیکیشن کمیشن نے مزید بتایا کہ مبینہ خلاف ورزیوں پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ اسے تاکید کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے اور آئندہ اس قسم کی کوتاہی سے باز رہے۔

    کمپنی کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ آئندہ تحفظ صارفین ضوابط کی خلاف ورزی پر اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا اور کمپنی کو بند کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ان دنوں کمیونیکیشن کمیشن کے انسپکٹرز ڈاک خدمات اور لاجسٹک سروس پیش کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہے ہیں۔

    کرفیو کی وجہ سے ان دنوں اس قسم کی کمپنیوں کی خدمات بے حد اہم ہوگئی ہیں، سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ڈاک اور لاجسٹک خدمات معیاری شکل میں فراہم کرنے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب میں ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی

    سعودی عرب میں ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی

    ریاض : سعودی حکومت نے ناجائز منافع خوروں کو تنبیہ کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں گھپلے کیے گئے تو دس لاکھ ریال تک جرمانہ ادا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے تمام تاجروں اور دکانداروں کو خبردار کیا ہے کہ اشیائے ضرورت کے نرخوں میں گھپلے کرنے پر دس لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے ملک بھر میں23 ہزار چھاپے مارے اس دوران نرخ ناموں کی تیرہ سو خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔

    وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی ماسک کی قلت کی شکایات کم ہوئی ہیں تاہم مقامی مارکیٹ میں سنترے لیموں اور اس جیسی اشیا کی قلت ہے طلب زیادہ ہے، جلد یہ کمی پوری کردی جائے گی، وزارت تجارت کے ترجمان کے مطابق مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ای ایپلی کیشن کے ذریعے گھروں میں مطلوبہ اشیا طلب کرسکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض پھلوں کے نرخ بڑھ گئے ہیں جو جلد کنٹرول کرلیے جائیں گے، کھانے پینے کی اشیاء اور ضرورت کے سامان کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، بیکریوں گوشت سبزی کی دکانوں پٹرول پمپوں اور سامان کے گوداموں پر مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں وہ سامان کے نرخ حد سے زیادہ بڑھتے ہوئے پائیں تو فوری طور پر(بلاغ تجاری) یا 1900 پر رابطہ کرکے یا وزارت تجارت کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کرکے مطلع کریں۔

  • بوگس چیک دینے والے خبردار ہوجائیں

    بوگس چیک دینے والے خبردار ہوجائیں

    ریاض: سعودی عرب میں بوگس چیک دینے والے 10 افراد کو قید اور جرمانے کی سزاؤں کا حکم سنا دیا گیا، جرمانے کا تعین بوگس چیک پر درج رقم کے مطابق کیا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت و صنعت کے شکایات سیل کی متعلقہ کمیٹی کو متعدد افراد کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں، شکایت میں کہا گیا کہ انہیں معاوضے کے چیک دیے گئے تام جنہیں بینکوں نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ اکاؤنٹ میں رقم موجود نہیں ہے۔

    وزارت تجارت کے متعلقہ ادارے جو تجارتی جعلسازی کے امور کی نگرانی پر معمور ہے، میں شکایات موصول ہونے کے بعد تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ 10 افراد کی جانب سے جاری ہونے والے چیک بوگس تھے۔

    تفتیشی ٹیموں نے متعلقہ بینکوں سے تحقیقات کی جہاں سے یہ ثابت ہوا کہ جس تاریخ کو چیک جاری کیے گئے تھے اس دوران اکاؤنٹس میں رقوم نہیں تھیں جو قانونی طور پر غلط ہے۔

    وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے بوگس چیک دینے والے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جہاں سے بوگس چیک جاری کرنے پر ان افراد کے خلاف قید اور جرمانے کی سزاؤں کا حکم سنا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سزا کی نوعیت چیک میں درج رقم کے مطابق کی جاتی ہے، ملزمان پر ایک ہزار سے لے کر 30 ہزار ریال تک جرمانہ اور ایک ماہ سے 5 ماہ تک قید کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں بوگس چیک دینے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے، اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ ہونے کا علم ہونے کے باوجود چیک جاری کرنا قانونی طور پر جرم تصور کیا جاتا ہے۔

    وزارت تجارت کی جانب سے بوگس چیک جاری کرنے والوں کو قید و جرمانے کے علاوہ مقامی میڈیا میں ان کے خلاف اشتہاری مہم بھی چلائی جاتی ہے جس کے تمام اخراجات ملزمان کو ادا کرنے ہوتے ہیں۔

  • سعودی عرب : سگریٹ پینے پر کتنی سزا ہوگی؟ نیا قانون منظور

    سعودی عرب : سگریٹ پینے پر کتنی سزا ہوگی؟ نیا قانون منظور

    ریاض : سعودی حکومت نے تمباکو نوشی کی روک تھام کیلئے قانون میں ترمیم کی منظوری دے دی، جس کے تحت سگریٹ پینے والے افراد مخصوص مقامات سے مقررہ حد تک دور رہیں گے، خلاف ورزی پر جرمانہ عائد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے انسداد تمباکو نوشی قانون میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔
    سعودی سرکاری جریدے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں13 عوامی مقامات ایسے ہیں جہاں پر سگریٹ پینے پر پابندی عائد ہے تاہم ترمیمی ایکٹ میں سگریٹ پینے والا شخص اور ممنوعہ مقام کے درمیان کم سے کم فاصلہ 10 میٹر مقرر کیا گیا ہے۔

    جن مقامات پر سگریٹ پینا ممنوع ہے ان میں مساجد اور اطراف کے علاقے، تعلیمی اور تربیتی ادارے، حکومتی اور نجی دفاتر، فلاحی ادارے اور انجمن، تاریخی مقامات اور عجائب گھر، شادی ہالز، کانفرنس ہالز، حکومتی اور نجی طبی ادارے، تمام ذرائع نقل و حمل، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور ایئر پورٹس اور دیگر پبلک مقامات جیسے پارکس ریسٹورنٹس وغیرہ شامل ہیں۔

    ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ قانون کیک خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ان پر 200ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
    ترمیمی بل میں مزید کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی کی مصنوعات کی تیاری اور اس کی پیکنگ کو بہترین کوالٹی اور معیار کے مطابقکیا جائے، اس کے علاوہ تمباکو کی کاشت اور اس کی تیاری سے متعلق قانون کی خلاف ورزی پر20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائےگا۔

    سگریٹ نوشی کے مقامات پر18 برس سے کم عمر بچوں کے داخلے پر پابندی ہوگی اور ان بچوں کو سگریٹ فروخت کرنا بھی قانون شکنی میں شمار اور قابل سزا ہوگا، وینڈنگ مشینوں کے ذریعے سگریٹ کی فروخت پر بھی پابندی ہو گی۔