Tag: fined

  • ریستوران مسمار کرنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا گیا

    ریستوران مسمار کرنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں باغ ابن قاسم سے متصل پلاٹ کی ملکیت اور ریستوران مسمار کرنے کے معاملے پر عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو جرمانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں باغ ابن قاسم سے متصل پلاٹ کی ملکیت اور ریستوران مسمار کرنے کے کیس میں شہری کو ذہنی اذیت دینے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے)، کراچی میٹروپولیشن کارپوریشن (کے ایم سی) و دیگر کے خلاف جرمانے کا حکم دے دیا۔

    درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ کلفٹن بلاک 3 میں 100 مربع گز زمین پر ریسٹورنٹ قائم تھا، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے سنہ 2005 میں لیز
    منسوخ کر کے زمین کو باغ ابن قاسم میں شامل کردیا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ جون 2005 میں پیشگی اطلاع کے بغیر تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔

    عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر حکام کو شہری کو 1 کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ حکام درخواست گزار کو رقم 17 سال کے مارک اپ کے ساتھ ادا کریں۔

    اپنے فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ریستوران کے انہدام کی کارروائی کے لیے طے شدہ ضابطوں پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    جسٹس فیصل کمال نے کہا کہ شہری اداروں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے کراچی کو تباہ کردیا، انتظامیہ کی پالیسیوں کی وجہ سے شہر ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سمندری علاقوں میں سیاحت کے لیے مواقع پیدا کیے جاتے ہیں، بدقسمتی سے کراچی میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کا فقدان ہے اور غفلت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ غیر قانونی طریقے سے انہدام کی کارروائی ثابت ہوتی ہے۔

    عدالت نے درخواست گزار کی متبادل پلاٹ دینے اور پلاٹ کی قیمت کی مد میں 6 کروڑ روپے ہرجانے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

  • یوکرین جنگ : روسی خاتون کو احتجاج کرنا مہنگا پڑگیا، ویڈیو دیکھیں

    یوکرین جنگ : روسی خاتون کو احتجاج کرنا مہنگا پڑگیا، ویڈیو دیکھیں

    ماسکو : روسی فوج کی جانب سے یوکرین پر ہونے والے فضائی حملوں سے ہونے والی تباہی پر مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    سے یوکرین پر ماسکو کے فوجی حملے کے خلاف سرکاری ٹی وی کے پرائم ٹائم نیوز بلیٹن کے دوران احتجاج کرنے والی روسی ایڈیٹر کو عدالت نے جرمانے کے بعد رہا کر دیا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ماسکو کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج نے سرکاری ٹی وی چینل کی ملازمہ مرینہ سیانیکوف کو 280 ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

    مرینہ سیانیکوف نے روس کے سرکاری ٹی وی کےا سٹوڈیو میں گھس کر براہ راست نشریات کے دوران جنگ مخالف نعرے لگائے تھے۔ یاد رہے کہ ان کے اس احتجاج کی وجہ سے روس کے سرکاری ٹیلی ویژن اسٹیشن میں افراتفری کی صورت حال پیدا ہوگئی تھی۔

    مرینہ سیانیکوف نے پوسٹر اٹھا رکھا تھا جس پر انگریزی اور روسی زبان میں "جنگ نہیں” کے الفاظ درج تھے۔ پوسٹر پر یہ بھی لکھا تھا کہ جنگ کو روک دو، پروپیگنڈے پر اعتبار مت کرو، یہ یہاں جھوٹ بول رہے ہیں، ان کے علاوہ ایک جملہ مزید بھی درج تھا تاہم وہ واضح نہیں تھا۔

    احتجاج کا یہ غیرمعمولی واقعہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے 14 روز بعد سامنے آیا ہے، احتجاج کے دوران بھی نیوزکاسٹر نے اپنا کام جاری رکھا اور ٹیلی پرومپٹر پر نظریں جمائے رکھیں۔

    واضح رہے کہ روس کا ریاستی ٹی وی لاکھوں روسیوں تک معلومات پہنچانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اوریوکرین جنگ کے معاملے پر حکومتی نقطہ نظر کو اپنائے ہوئے ہے کہ کریملن کو مجبوراً یوکرین پر حملہ کرناپڑا۔

  • پستول واپس کیوں نہ کیا؟ سب انسپکٹر کی بیوہ پر لاکھوں روپے جرمانہ

    پستول واپس کیوں نہ کیا؟ سب انسپکٹر کی بیوہ پر لاکھوں روپے جرمانہ

    لاہور : محکمہ پولیس نے اپنے مرحوم سب انسپکٹر کومرنے کے بعد بھی نہ بخشا، ریوالور واپس نہ ملنے پر اس کی بیوہ پر جرمانہ عائد کردیا, بیوہ نے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

    لاہور ہاٸی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مرحوم سب انسپکٹر کی بیوہ زیبا کی جرمانہ کے خلاف درخواست پر سماعت کی، عدالت نے پرانے ریوالور کی اصل قیمت کے تعین کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے قرار دیا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ پرانے ریوالور کی بجائے موجودہ ماڈل کی قیمت وصول کی جائے، اسلحہ کی قیمت کے تعین کا کوئی تو فارمولا ہونا چاہئیے۔

    اندازوں سے قیمت کا تعین کیسے کیا جاسکتا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ وفات پانے والے شخص سے رقم کی ریکوری کس قانون کے تحت کی جاسکتی ہے۔

    سرکاری وکیل نے بتایا کہ پینشن رولز کے تحت سرکاری اسلحہ واپس نہ کرنے والے ریٹائرڈ ملازم سے وصولی ہو سکتی ہے، اگر سرکاری ملازم مر جائے تو اس کے ورثاء قیمت کی ادائیگی کے پابند ہیں۔

    مرحوم سب انسپکٹر رمضان کی بیوہ زیبا نے مؤقف اختیار کیا کہ سب انسپکٹر2008 میں دوران ڈیوٹی فوت ہوا۔  ورثاء کو صرف میت ملی ریوالور نہیں۔

    محکمے نے یکطرفہ انکوائری کےبعد 2لاکھ بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا، درخواست گزار نے بتایا کہ 38 بور امریکن ریوالور اب پولیس کےاستعمال میں بھی نہیں ہے، عدالت بلاجواز جرمانے کو کالعدم قرار دے۔

  • سعودی عرب : ملازمین کے ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے لیے ہدایات جاری

    سعودی عرب : ملازمین کے ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے لیے ہدایات جاری

    ریاض : سعودی وزارت بلدیات ودیہی وترقی امور نے خبردار کیا ہے کہ کارکن کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ جاری نہ کرانے والے ادارے پر جرمانے کا باقاعدہ نفاذ سنیچر15جنوری سے کیا جائے گا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت بلدیات نے کہا ہے کہ کارکن کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ جاری نہ کرانے پر فی کارکن دو ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا اور خلاف ورزی دہرائے جانے کی صورت میں جرمانہ دُگنا کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پندرہ جنوری 2022 سنیچر سے وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کی جانب سے تجارتی اداروں کے حوالے سے مقرر خلاف ورزیوں اور جرمانوں پر عمل درآمد کا آغاز کیا جارہا ہے اس ضمن میں وزارت کی تفتیشی ٹیموں کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔

    قبل ازیں وزارت بلدیات کی جانب سےکہا گیا تھا کہ بیوٹی پارلرز میں سی سی کیمرے نصب نہ کیے جائیں کیمروں کی تنصیب ممنوع ہے، یہ بھی پابندی ہے کہ مقررہ اسٹینڈرڈ کے برخلاف پاؤڈر اور آرائشی اشیاء نہ استعمال کی جائیں، اس کی خلاف ورزی پر بھی جرمانہ مقرر ہے۔

  • سپریم کورٹ نے ن لیگ کے سینیٹر پر جرمانہ عائد کردیا

    سپریم کورٹ نے ن لیگ کے سینیٹر پر جرمانہ عائد کردیا

    اسلام آباد : عدالت عظمیٰ نے ن لیگ کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو عدم حاضری پر جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر اعوان کے بھائی اور سابق جج اعجاز افضل کے بھائی میں جائیداد کا تنازعہ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر کے بھائی سجاد اعوان کے وکیل سینیٹر اعظم نذیر تارڑعدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر سپریم کورٹ نے ان پر10ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ مذکورہ جرمانے کی رقم کسی فلاحی ادارے میں جمع کرائی جائے،اعظم نذیر تارڑ اس سے قبل بھی تین بار التواء مانگ چکے ہیں۔

    سپریم کورٹ کے جج ،جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا ہے کہ بغیر اطلاع وکیل سمیت دوسرے فریق میں سے کوئی پیش نہیں ہواکافی عرصے سے کیس چل رہا ہے مزید لٹکانا نہیں چاہتے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے مذکورہ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔

  • عدالت نے اداکارہ وینا ملک پر جرمانہ عائد کردیا

    عدالت نے اداکارہ وینا ملک پر جرمانہ عائد کردیا

    راولپنڈی : فیملی کورٹ نے اداکارہ وینا ملک کو پیش نہ ہونے کی پاداش میں ان پر جرمانہ عائد کردیا اور بچوں کی عدم حاضری پر بھی مزید جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

    راولپنڈی کی فیملی کورٹ میں اداکارہ وینا ملک اور اسد خٹک کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کے وکیل نے عدالت میں اپنے موکل کا جواب جمع کرا دیا عدالت نے آئندہ سماعت پر وینا ملک کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ وینا ملک اور بچے کہاں ہیں؟ کس پر وکیل نے کہا کہ وینا ملک کے بچے بیمار ہیں جس کی وجہ سے وہ عدالت کے روبرو پیش نہیں ہو سکیں گی۔

    عدالت نے وینا ملک کو عدم حاضری اور بچوں کو پیش نہ کرنے پر 5،5ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر وینا ملک کو لازمی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت4دسمبرتک ملتوی کردی۔

  • سرچ انجن گوگل مشکل میں پڑگیا، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

    سرچ انجن گوگل مشکل میں پڑگیا، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

    روسی عدالت نے سرچ انجن گوگل پر غیر قانونی مواد ڈیلیٹ نہ کرنے پر تقریباً 90 ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد کردیا۔

    خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بدھ کے روز ماسکو کی مقامی عدالت نے روس کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے گئے مواد کو ڈیلیٹ نہ کرنے پر گوگل کو تقریباً 90 ہزار ڈالرز( ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کردیا۔

    گوگل کی جانب سے جرمانہ عائد کیے جانے کے حوالے سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل روس نے یوٹیوب کی جانب سے روس کے جرمن لینگویج چینلز کو ڈیلیٹ کیے جانے پر یوٹیوب پر پابندی لگانے کی دھمکی دی تھی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ ماسکو کی ایک عدالت نے ممنوعہ مواد ڈیلیٹ نہ کرنے پر فیس بک پر 21 ملین روبلز مالیت کے 5 جرمانے عائد کیے تھے جو 2 لاکھ 88 ہزار امریکی ڈالر بنتے ہیں جبکہ اسی عدالت نے ٹوئٹر پر بھی 5 ملین روبلز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

  • شہری نے جعلی ٹریفک لائٹ گھر کے باہر لگالی، پھر کیا ہوا؟

    شہری نے جعلی ٹریفک لائٹ گھر کے باہر لگالی، پھر کیا ہوا؟

    والٹ شائر : اپنے گھر کو کاروں سے پہنچنے والے نقصان سے بچانے کیلئے ٹریفک لائٹ لگانا شہری کو مہنگا پڑ گیا، عدالت نے 75ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    انگلینڈ کے علاقے والٹ شائر میں مقیم شہری نے اپنے گھر کو نقصان سے بچانے اور مزید کسی حادثے سے روکنے کے لیے گرین ٹریفک لائٹ لگائی جو اس کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی۔

    علاقے کا 62سالہ وین ارل نامی شخص اپنے گھر کے سامنے گزرنے والی سڑک پر تیز رفتار ٹریفک سے بہت پریشان تھا اس کی پریشانی دوسری اور بڑی وجہ یہ تھی ایک بار تیز رفتار گاڑی نے اس کے گھر کی دیوار توڑ دی تھی۔

    وین ارل کو خدشہ تھا کہ اس بار کوئی تیز رفتار گاڑی ان کے گھر میں گھس جائے گی چنانچہ اسے اپنے پورچ پر ایک روشن سبز بتی لگانے کا خیال آیا جو کہ قانونی طور پر ممنوع ہے۔

    شہری کے اس عمل سے وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو آنکھوں کو خیرہ کرنے والی سبز بتی سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

    صورتحال دیکھتے ہوئے مقامی پولیس نے جعلی گرین ٹریفک لائٹ لگانے پراس کے خلاف قانونی کارروائی کی اورعدالت میں پیش کردیا۔ والٹ شائر کی مقامی عدالت نے وین ارل پر عوامی پریشانی پھیلانے کے جرم میں پاؤنڈ332 (34،000 روپے) جرمانہ عائد کیا ہے۔

    عدالت نے اسے یہ بھی حکم دیا گیا تھا کہ وہ 150پاؤنڈ (15000 روپے) لاگت میں اور £ 32 (3،200)سرچارج ادا کرے جو مجموعی طور پر2 332پاؤنڈ (پاکستانی 75ہزار روپے) بنتی ہے۔

  • بھارتی کرکٹ‌ ٹیم پر ایک بار پھر جرمانہ عائد

    بھارتی کرکٹ‌ ٹیم پر ایک بار پھر جرمانہ عائد

    احمد آباد : انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں سلو اوور ریٹ پر بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا گیا، بھارتی امپائروں نے کھلاڑیوں کو سست قرار دیا۔

    احمد آباد میں کھیلے گئے ٹی ٹویٹی سیریز کے پانچویں میچ میں بھارتی ٹیم نے 20اوورز مقررہ وقت میں پورے نہیں کرسکی جس پر اسے جرمانہ کیا گیا۔

    انڈین کرکٹ ٹیم پر اس سے قبل بھی سست اوورز کرنے پر جرمانہ عائد کیا چکا ہے، اس بار بھارت پر انگلینڈ کے ساتھ کھیلی گئی سیریز میں دوسری بار سست اوور ریٹ کے لیے جرمانہ لگا ہے۔

    بھارت نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی۔20 مقابلہ میں سنیچر کو 36 رن سے جیت حاصل کرکے سیریز 3-2 سے اپنے نام کی لیکن اس دوران اس کا اوور ریٹ سست رہا جس سے اس کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    بھارت کو مقررہ وقت میں تمام چھوٹ دینے کے بعد دو اوور ریٹ سست پایا گیا۔ میچ کے دوران بھارتی امپائروں انل چودھری اور نتن مینن کے علاوہ تیسرے امپائر کے این اننت پدمنابھن نے بھارتی کھلاڑیوں کو سست اوور ریٹ کے لئے قصور وار ٹھہرایا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے میچ ریفری جواگل سری ناتھ کی سزا کو قبول کرلیا اس لئے معاملہ میں رسمی کارروائی کی کوئی ضرورت نہیں پڑی۔

    مزید پڑھیں : بھارتی کرکٹ ٹیم پر اس سے قبل بھی جرمانہ عائد کیا گیا 

    واضح رہے کہ آئی سی سی ضابطہ کار کے تحت میچ کے مقررہ وقت میں اوور مکمل نہ کرنے پر بولنگ سائیڈ کے کھلاڑیوں کو  جرمانہ کیا جاتا ہے۔

  • فیس بک پر ریکارڈ 5 ارب ڈالر جرمانے کی منظوری

    فیس بک پر ریکارڈ 5 ارب ڈالر جرمانے کی منظوری

    واشنگٹن : جرمانہ فیس بک کے خلاف صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ میں متعدد ناکامیوں کے حوالے سے تفتیش کے بعد طے کیا گیا، اگر اس کی حتمی منظوری ہوگئی تو یہ کسی بھی ادارے پر عائد کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پانچ ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس جرمانے کی حتمی منظوری امریکی محکمہ انصاف کے دیوانی شعبے نے نظرثانی کے بعد دینی ہے،فیس بک پر یہ جرمانہ صارفین کے ڈیٹا اور نجی معلومات کے تحفظ میں ناکامی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ناقدین نے اتنے بڑے جرمانے کو غیر مناسب قرار دیا ہے، یہ جرمانہ فیس بک کے خلاف ڈیٹا کے تحفظ میں متعدد ناکامیوں کے حوالے سے جاری تفتیشی عمل پر فریقین کے درمیان ڈیل کی روشنی میں طے کیا گیا ہے۔

    کمیشن کے ری پبلکن پارٹی کے اراکین اس مجوزہ ڈیل کی حمایت کر رہے ہیں جب کہ ڈیموکریٹک اراکین مخالفت میں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمانے کی حتمی منظوری ہو جاتی ہے تو یہ کسی ادارے پر عائد کیا جانے والا سب سے بڑا جرمانہ ہو گا۔

    خیال رہے کہ برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق سال 2014 میں کیمبرج اینالیٹیکا نے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فیس بک استعمال کرنے والے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا۔