Tag: Finn Allen

  • ویڈیو: فن ایلن کی پہلے ہی اوور میں دھواں دار بیٹنگ

    ویڈیو: فن ایلن کی پہلے ہی اوور میں دھواں دار بیٹنگ

    سڈنی: ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلوی بولر کے خلاف نیوزی لینڈ کے اوپنر بلے باز فن ایلن نے دھواں دار بیٹنگ کی۔

    آئی سی سی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پہلے اوور کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فن ایلن نے سپر بارہ مرحلے کا ایک ’پرفیکٹ‘ آغاز کر دیا ہے۔

    فن ایلن نے آتے ہی آسٹریلوی بولرز کو مشکل میں ڈال دیا اور زبردست چھکے اور چوکے مارے، انھوں نے محض 16 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔

    فن کو آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے ایک خوب صورت یارکر گیند سے بولڈ کر کے پویلین لوٹایا، فن ایلن کے آؤٹ ہونے سے آسٹریلوی ٹیم نے کچھ سکھ کا سانس لیا۔

    تاہم، نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں ڈیون کانوائے اور کین ولیمسن نے کریز پر جم کر 13 اوورز میں ہی اسکور 125 تک پہنچا دیا ہے، کین کو آدم زمپا نے 23 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، دوسری طرف ڈیون کانوائے شان دار ففٹی بنا چکے ہیں۔

  • فن ایلن کا کرونا ٹیسٹ مثبت، کیوی ٹیم قرنطینہ میں چلی گئی

    فن ایلن کا کرونا ٹیسٹ مثبت، کیوی ٹیم قرنطینہ میں چلی گئی

    ڈھاکہ: کیوی بلے باز فن ایلن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، جس کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ بنگلہ دیش خطرے میں پڑگیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فن ایلن، جس نے انگلینڈ میں نئے متعارف کرائے جانے والے میچ "دی ہنڈریڈ” میں برمنگھم فینکس کی نمائندگی کی تھی ، ڈھاکا پہنچنے کے اڑتالیس گھنٹوں بعد کرونا کا شکار ہوئے ، حالانکہ وہ مکمل طور پر ویکسی نیٹڈ اور ڈھاکا پہنچنے سے قبل تمام ایس او پیز پر عمل کرچکے تھے۔

    کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فن ایلن کو ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا ہے، اطلاعات ہیں کہ انہیں کرونا کی کم علامات ہیں، کیوی ٹیم کے مینیجر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں مقیم وہ ارکان ، جو پیر کی رات آکلینڈ سے روانہ ہوئے تھے ، ابھی ڈھاکہ پہنچے تھے اور اب وہ کم از کم تین دن قرنطینہ میں گزاریں گے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف میڈیکل آفیسر سے علاج کروا رہے ہیں، نیوزی لینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر بھی ان سے رابطے میں ہیں، جہاں کھلاڑی کی صحت کی نگرانی کی جارہی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے پر کیوی کھلاڑی کا دوبارہ کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، منفی ٹیسٹ آنے پر انہیں اسکواڈ میں دوبارہ شامل ہونے کی اجازت ہوگی، ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ دورہ بنگلہ دیش میں پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشل میچز کھیلے گی، پہلا میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔