Tag: FIR

  • کراچی: انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی: انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی(26 جولائی 2025): بلدیہ ٹاون فٹبال اسٹیڈیم کے قریب انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلدیہ ٹاون فٹبال اسٹیڈیم کے قریب غیر قانونی تعمیرات مسمار کے دوران علاقہ مکینوں نے مزاحمت کی جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

     مقدمہ تپیدار سب ڈویژن بلدیہ ٹاؤن کی مدعیت میں سعیدآباد تھانے میں درج کیا گیا، مقدمہ نامزد اور نامعلوم شر پسند عناصر کیخلاف درج کیا گیا، متن کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ افسران، ملازمین کے ہمراہ غیرقانونی تعمیرات مسمار کررہا تھا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق اس آپریشن کے دوران اچانک 10 سے 15 صورت شناس افراد ہاتھوں میں ڈنڈے لے کر آگئے، ایک شخص جس کے ہاتھ میں پستول تھا اسے سامنے آنے پر شناخت کرسکتا ہوں، مسلح شخص نے گالم گلوچ کی اور کام بند نہ کرنے پر گولی مارنے کی دھمکی دی۔

    تپیدار سب ڈویژن نے بتایا کہ اینٹی انکروچمنٹ پولیس نے ہجوم کو بھگانے کی کوشش کی تو فاروق شاہ اور اختر آئے، فاروق شاہ اور اختر نے ہجوم کو مشتعل کرنے کی کوشش کی اس دوران ایک شخص کو اینٹی انکروچمنٹ پولیس نے پکڑلیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق پکڑےگئے شخص کا نام بعد میں گل نواز معلوم ہوا جبکہ دیگر وہاں سے فرار ہوگئے، اینٹی انکروچمنٹ اسٹاف نے پکڑے گئے شخص کو تھانہ پولیس کے حوالے کردیا۔

  • گونگے بچے پر ٹیچرز کے مبینہ تشدد کے معاملے میں اہم پیشرفت

    گونگے بچے پر ٹیچرز کے مبینہ تشدد کے معاملے میں اہم پیشرفت

    کراچی : گلستان جوہر کے ایک اسکول میں 6 سالہ گونگے بچے پر ٹیچرز کے مبینہ تشدد کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمہ گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اینڈری ہبلیٹیشن کمپلیکس کے دو ٹیچرز کیخلاف درج کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے کے متن میں مدعی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میرا بیٹا گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہبلیٹیشن کمپلیکس میں پڑھتا ہے۔

    صبح میں اپنے بچے کو اسکول چھوڑنے آیا اور اسے مس آمنہ کے حوالے کیا، صبح9سے ساڑھے10بجے تک بیٹے کی کلاس تھی، میں چھٹی کے انتظار میں باہر ہی بیٹھ گیا۔

    متن کے مطابق مدعی نے بتایا کہ 10بج کر45منٹ پر چھٹی ہوئی تو جون نامی ٹیچر نے بیٹے کو میرے حوالے کیا تو میری بیوی نے دیکھا کہ بیٹے کے جسم کے مختلف حصوں پر مار پیٹ کے نشانات تھے۔

    والد نے بتایا کہ میرے بیٹے کے دونوں بازوؤں اور پیٹ پر مار پیٹ کے واضح نشانات موجود تھے، ہم نے دونوں ٹیچروں آمنہ اور جون سے بات کرنے کی کوشش کی مگر وہ ٹال مٹول کرنے لگے۔

    پولیس کے مطابق گلستان جوہر تھانے مقدمہ درج ہونے کے بعد ایسٹ زون پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع  کردی ہیں۔

  • امریکا میں بیٹھے پاکستانی شہری نے کراچی ایسٹ زون میں آن لائن ایف آئی آر درج کروا لی

    امریکا میں بیٹھے پاکستانی شہری نے کراچی ایسٹ زون میں آن لائن ایف آئی آر درج کروا لی

    کراچی: شہر قائد کے زون شرقی میں آن لائن پولیس کمپلین سسٹم نے کام شروع کر دیا، امریکا میں بیٹھے ایک پاکستانی شہری نے آن لائن ایف آئی آر بھی درج کروا لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایسٹ زون میں آن لائن پولیس کمپلین سسٹم کی لانچنگ کے بعد امریکا میں بیٹھے پاکستانی شہری نے مقدمہ درج کروا دیا، یہ پہلا آن لائن مقدمہ ہے جو اوورسیز پاکستانی کی شکایت پر درج ہوا ہے۔

    ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق پاکستانی شہری کامران کی گاڑی گلشن جمال میں گھر کے باہر سے چوری ہو گئی تھی، جس پر نیویارک سٹی میں رہائش پذیر کامران نے پولیس کو آن لائن درخواست دی۔

    ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ واٹس ایپ کمپلین میں شہری کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس کی گاڑی چوری ہو گئی ہے، جس پر کامران علی کی مدعیت میں شاہراہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج ہوا، ایف آئی آر اندراج کے بعد کیس پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے اس پر اپنے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

    ویڈیو: گلشن حدید میں چلتی سڑک پر ڈاکو کار روک کر 8 لاکھ روپے کیش لوٹ کر فرار

    غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ آن لائن کمپلین سسٹم کی شروعات چند روز قبل کی گئی تھی، کراچی سے اب تک کئی آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، انھوں نے کہا عوام کی شکایات کا ازالہ کر کے انصاف فراہم کرنا پولیس کا کام ہے، اور ملزم اور ظالم کو قانونی گرفت میں لانا پولیس کا اوّلین فریضہ ہے۔

  • پالتو بلی کی موت پر زمیندار نے مقدمہ درج کروا دیا

    پالتو بلی کی موت پر زمیندار نے مقدمہ درج کروا دیا

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک زمیندار نے اپنی بلی کے قتل کا مقدمہ درج کروا دیا، بلی کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ چونترہ کے علاقے میں زمیندار نے اپنی پالتو بلی کو گولی مار کر قتل کرنے پر مقدمہ درج کروا دیا۔

    مقدمہ زمیندار محمد عثمان کی درخواست پر خرم شہزاد نامی شہری کے خلاف درج کیا گیا۔

    مدعی کا کہنا ہے کہ وہ بلی کے ساتھ کھیتوں پر جا رہا تھا جب خرم شہزاد نے 12 بور کی رائفل سے گولی چلائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بلی کا پوسٹ مارٹم کر کے خرم شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ بلی کی موت کے واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

  • ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ خان کو ایف آئی آر کی دھمکی دے دی

    ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ خان کو ایف آئی آر کی دھمکی دے دی

    نئی دہلی: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے پیر کے روز ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ سوالات پوچھنے پر مبنی ایک اور #AskSRK سیشن کیا، جس میں مداحوں نے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔

    ایک مداح نے لکھا ’’شاہ رخ خان صاحب، ایف آئی آر فائل کر رہا ہوں آپ کے خلاف، کہ یہ بندہ جھوٹ بولتا ہے کہ یہ 57 سال کا ہے۔‘‘ شاہ رخ نے اس پر جواب میں لکھا ’’پلیز مت کرو یار۔ ٹھیک ہے میں ہی مان جاتا ہوں کہ میں 30 سال کا ہوں۔ میں نے اب آپ کو سچ بتا دیا ہے، اور میری اگلی فلم کا نام بھی جوان ہے۔‘‘

    ایک مداح نے پوچھا: ’’لیجنڈری اداکار عرفان خان صاحب نے ایک بار کہا تھا کہ ’ہالی ووڈ میں کوئی شاہ رخ خان نہیں‘ آپ کا اس پر کیا کہنا ہے؟‘‘ سپر اسٹار نے جواب دیا: ’’میں اسے مِس کرتا ہوں، وہ ایک پیارا دوست تھا۔‘‘

    ایک اور مداح نے کہا ’’خان صاحب، کپل شرما کے لیے دو لفظ بول دو۔‘‘ شاہ رخ نے جواب میں کہا ’’لو یو، جلد ہی واپس آتا ہوں۔‘‘

    دنیا بھر میں ریکارڈ توڑنے والی فلم پٹھان کے حوالے سے ایک مداح نے پوچھا: ’’ایسا کیوں لگتا ہے جیسے آپ کی کامیابی ہماری کامیابی ہو؟ صبح اٹھ کر ٹوئٹر کھول کر پٹھان کا کلیکشن دیکھنا اب عادت سی ہوئی گئی ہے، اس کا کیا کیا جائے؟‘‘ شاہ رخ نے جواب دیا: ’’یہ آپ سب کی مہربانی ہے، پٹھان نے بہت سے لوگوں کو خوش کر دیا ہے، اور اس نے مجھے بے انتہا خوشی دی ہے۔‘‘

  • ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، وفاقی حکومت

    ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، وفاقی حکومت

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عمران خان پر فائرنگ کے ہائی پروفائل کیس کی ایف آئی آر 36 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے بعد بھی درج نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس ناکامی کو صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت کو پانچ نومبر کو ایک خط لکھا گیا تھا، یہ خط چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو بھیجا گیا۔

    خط میں وفاق نے لانگ مارچ پر فائرنگ اور ایف آئی آر نہ ہونے پر پنجاب حکومت کی کوتاہیوں، پنجاب کے اعلیٰ حکام کی بدانتظامی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، اور نشان دہی کی کہ ہائی پروفائل کیس کی ایف آئی آر 36 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے بعد بھی درج نہ ہوئی۔

    خط میں کہا گیا کہ ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، ابھی تک سابق وزیر اعظم کا میڈیکو لیگل معائنہ بھی نہیں کیا گیا، یہ بات تشویش ناک ہے کہ صوبائی حکومت کوئی بھی اپ ڈیٹ دینے میں ناکام رہی، جائے وقوع کو بھی کئی گھنٹوں تک محفوظ نہیں رکھا گیا، جو طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ متاثرین یا ان کے زخمی ہونے کی نوعیت پر کوئی سرکاری معلومات جاری نہیں کی گئیں، مبینہ مجرم کی اعترافی ویڈیوز کا اجرا تفتیشی عمل میں خامیوں کی طرف اشارہ ہے، واقعے کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر نہیں رہی، شرپسندوں کے گروہوں کی جانب سے شاہراہوں اور سڑکوں کی بندش سے نظام زندگی متاثر ہے۔

    خط کے مطابق صوبائی پولیس اور انتظامیہ قانون کے نظم و نسق کی صورت حال کو سنبھالنے میں ناکام ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت آزادانہ نقل و حرکت کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہوئی، لاہور میں گورنر ہاؤس پر شرپسندوں کے ہجوم نے حملہ کیا، صوبائی حکومت اعلیٰ ترین منصب کے دفتر اور رہائش کو محفوظ بنانے میں ناکام رہی۔

    خط میں ہدایت کی گئی کہ صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوششیں تیز کرے، ایف آئی آر قیاس آرائیوں کی بجائے واقعے کے حقائق پر مبنی میرٹ پر درج کی جائے۔

  • "گھر کے کام کرنے ہیں یا نہیں، لڑکیاں شادی سے پہلے بتائیں”

    "گھر کے کام کرنے ہیں یا نہیں، لڑکیاں شادی سے پہلے بتائیں”

    نئی دہلی: بھارت کی ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ شادی کے بعد لڑکی گھر کے کام نہیں کرنا چاہتی تو شادی سے پہلے بتائے تاکہ لڑکا فیصلہ کر سکے کہ اس سے شادی کرنی ہے یا نہیں کرنی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ایک خاتون نے اپنے شوہر اور سسرال کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی، اس کیس کی سماعت بمبئی (ممبئی) ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے کی۔

    خاتون نے اپنے شوہر اور سسرال والوں پر الزام لگایا تھا کہ شادی کے بعد اس کے ساتھ نوکروں جیسا سلوک کیا گیا، اس کے سسرال والوں نے گاڑی خریدنے کے لیے 4 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ سسرال والوں نے اسے گھر سے نکال دینے کی دھمکی بھی دی جبکہ ان کے والدین کو بھی ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا۔

    بینچ کے ججز نے ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ لڑکی شادی کے بعد گھر کے کام نہیں کرنا چاہتی تو شادی سے پہلے بتائے تاکہ لڑکا فیصلہ کر سکے کہ اس سے شادی کرنی ہے یا نہیں کرنی ہے۔

    عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ شادی شدہ لڑکی سے گھر کے کام کروانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لڑکی کے ساتھ ملازموں جیسا سلوک کیا جائے۔

  • سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال، ارشد شریف سمیت دیگر ایف آئی آر میں نامزد

    سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال، ارشد شریف سمیت دیگر ایف آئی آر میں نامزد

    کراچی: عماد یوسف کی گرفتاری جس ایف آئی آر کے ذریعے عمل میں آئی ہے اس میں سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال، اور ارشد شریف سمیت دیگر صحافی بھی نامزد کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر سے حکومت کی پھرتیاں ظاہر ہو گئیں، اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی گرفتاری سے صرف ایک گھنٹہ قبل ایف آئی آر درج کی گئی۔

    ایف آئی آر میں سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال، ارشد شریف، خاور گھمن، اور عدیل راجہ کے نام بھی شامل ہیں، ایف آئی آر میمن گوٹھ تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت درج کی گئی ہے۔

    نشریات کی بندش کے باعث اے آر وائی نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    ایف آئی آر دفعہ 120،124A،131،153A کے تحت درج کی گئی، جس میں بغاوت اور سازش جیسے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ رات گئے اے آر وائی نیوز کے خلاف حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کو کراچی میں ڈیفنس سے گرفتار کر لیا ہے، 15 سے 20 افراد نے گھر پر دھاوا بولا۔

    اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف بغیر وارنٹ ڈیفنس سے گرفتار

    چھاپے کے وقت سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ موڑا گیا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے دروازے توڑ کر گھر میں گھسے، اور توڑ پھوڑ مچائی۔

    کچھ افراد پولیس کی وردی اور بعض سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے، عماد یوسف کا لائسنس یافتہ اسلحہ، سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی ساتھ لےگئے، چھاپا مار ٹیم میں نہ کوئی خاتون اہل کار تھی اور نہ ہی وارنٹ گرفتاری دکھایا گیا۔

  • ” ہم نےغلام رہنا ہے یا آزاد؟، فیصلہ عوام نے کرنا ہے "

    ” ہم نےغلام رہنا ہے یا آزاد؟، فیصلہ عوام نے کرنا ہے "

    اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان ہمار اہے، تمام ادارے ہمارے ہیں، فیصلہ عوام نےکرنا ہےکہ کیا ہم نےغلام رہنا ہےیا آزاد ؟

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قبل از گرفتاری کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات بدنیتی کی بنیاد پر درج کیےگئے،
    ہم قانون کی بالا دستی پریقین رکھتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہےکہ فوری الیکشن کرائےجائیں۔

    اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ امپورٹڈحکومت کو باہر سے ہدایات ملتی ہیں، یہ قائداعظم کا پاکستان اپنے فیصلےخود کرےگا،کسی سےتجاویز نہیں لیں گے، یہ پاکستان ہماراہے، تمام ادارے ہمارے ہیں، ہم پاکستان کےآئین پریقین رکھتےہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عمران خان آج شانگلہ بشام میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ فوری الیکشن کرائےجائیں، فیصلہ عوام نےکرنا ہےکہ کیا ہم نےغلام رہنا ہےیا آزاد؟ انصاف نہ ملا تو ہم عدالت اور عوام میں جائیں گے اور پُر امید ہیں کہ قانونی اورعوامی جنگ بھی جیتیں گے۔

    اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا اسد قیصرنے گرفتاری سے بچنے کے لیےاسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ میرے موکل کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی فہرست فراہم کی جائے اور مقدمات کی فہرست ملنے تک اسد قیصر کی گرفتاری سے روکا جائے، عدالت نے اسد قیصر کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا اور کیس کی سماعت بیس جون تک ملتوی کردی۔

  • مالک مکان کی جانب سے بچوں کو جلانے کا مقدمہ درج

    مالک مکان کی جانب سے بچوں کو جلانے کا مقدمہ درج

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مالک مکان کی جانب سے بیوہ خاتون کے 2 بچوں کو آگ لگانے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مالک مکان نے جھگی خالی نہ کرنے پر جھگی کو آگ لگائی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں جھگیاں جلنے سے بیوہ خاتون کے 2 بچوں کی موت کا مقدمہ ماں کی مدعیت میں سہراب گوٹھ تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) میں قتل اور جھگی کو آگ لگانے سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

    ایف آئی آر میں خاتون کا کہنا ہے کہ وہ بیوگی کے بعد 2 سال سے اپنے بچوں کے ساتھ رہ رہی تھیں، کچھ عرصے سے انہیں جھگی خالی کرنے کی دھمکی دی جارہی تھی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ خالد، محمد گل، سعید، باچا خان اور خاستہ گل نامی افراد نے جھگی خالی کرنے کا کہا، نئی جھگی کی تلاش کے دوران پتہ چلا کہ گھر کو آگ لگ گئی۔

    مقدمے کے متن کے مطابق آگ لگنے سے 8 سالہ بیٹا فوری طور پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے 17 سالہ بیٹے کی موت اسپتال میں دوران علاج ہوئی، اسپتال میں زیر علاج بیٹے نے ماں کو جھگی کو آگ لگائے جانے کا بتایا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز مالک مکان نے جھگی خالی نہ کرنے پر جھگی کو آگ لگا دی تھی جس میں موجود 2 بچے بھی جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خاتون کے مطابق ان کے بچے بسوں میں پانی فروخت کرتے تھے، مالک مکان نے پچھلے مہینے گھر خالی کرنے کا کہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مالک مکان نے کل مجھے بہانے سے ایک گھر دیکھنے کے لیے بھیجا، میں جیسے ہی گئی پیچھے سے بچوں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔