Tag: FIR against police officers

  • پولیس مقابلہ جعلی نکلا، افسران کیخلاف مقدمے کا حکم

    پولیس مقابلہ جعلی نکلا، افسران کیخلاف مقدمے کا حکم

    فیصل آباد : گزشتہ سال دسمبر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم احسان کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    عدالت نے جعلی پولیس مقابلے میں ملوث پولیس افسران سمیت نو اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    فیصل آباد کے ایڈیشنل سیشن جج اظفر خان نے مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم احسان عرف سانا کو قتل کرنے کے حوالے سے مقتول کے والد کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے حکم جاری کیا کہ کارروائی میں ملوث سی پی او سمیت9پولیس افسران اور اہلکاروں کیخلاف مقدمے درج کیا جائے۔

    احسان عرف سانا کو گزشتہ سال 16دسمبر کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا، جس پر ہلاک ملزم کے والد اصغر علی نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    گزشتہ سال 16دسمبر کو پولیس حکام نے بتایا تھا کہ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے میں پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ ملزم کا ایک ساتھی فرار ہوبٓنے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہورہے تھے انہیں ناکے پر روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔

    ہلاک ڈاکو کی شناخت خطرناک اشتہاری ملزم احسان عرف سانا بٹ کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکو پولیس کو ڈکیتی، چوری سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا۔

  • دو ڈی ایس پی،3ایس ایچ اوز سمیت15اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

    دو ڈی ایس پی،3ایس ایچ اوز سمیت15اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی : شرافی گوٹھ تھانے میں2 ڈی ایس پی،3ایس ایچ اوز سمیت15اہلکاروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی، ملزمام پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک وکیل کو حبس بے جا میں رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وکیل کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں2 ڈی ایس پی،3ایس ایچ اوز سمیت15اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، شرافی گوٹھ پولیس نے مقدمہ امان اللہ ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کیا۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس افسران نے ایڈووکیٹ امان اللہ کو حبس بیجا میں رکھا۔

    دوسری جانب ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ امان اللہ کی جگہ سے جرائم پیشہ ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا، جس ملزم کو گرفتار کیا گیا وہ کئی مقدمات میں مفرور تھا، امان اللہ نے سرکاری کام میں مداخلت کی جس کی وجہ سے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں کراچی میں جرائم کا جن روز بروز بے قابو ہوتا جارہا ہے، لوگ دن دہاڑے اپنے قیمتی سامان اور نقدی سے محروم کردئیے جاتے ہیں لیکن پولیس ان افراد کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

    کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گزشتہ روز2موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے شہری سے لوٹ مار کی اور باآسانی فرار ہوگئے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، ملزمان نے شہری کو موبائل فون اور رقم سے محروم کردیا۔