Tag: FIR lodge

  • مکیش امبانی کا بھائی انیل امبانی بینک فراڈ میں ملوث، مقدمہ درج

    مکیش امبانی کا بھائی انیل امبانی بینک فراڈ میں ملوث، مقدمہ درج

    نئی دہلی : بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور ارب پتی مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے خلاف بینک فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے معروف صنعتکار، ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور ارب پتی مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے خلاف بھارت کی وفاقی تفتیشی ایجنسی نے بینک فراڈ کے سنگین الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی تفتیشی ایجنسی کی جانب سے یہ کارروائی ملک سے سب سے بڑے بینک کی جانب سے دھوکہ دہی کی شکایت موصول ہونے کے بعد کی گئی۔

    اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کا دعویٰ ہے کہ انیل امبانی کی دھوکہ دہی کے نتیجے میں اسے تقریباً 29 ارب بھارتی روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

    سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق بینک کی شکایت پر ملزم انیل امبانی سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

    دوسری جانب امبانی کے ترجمان نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مقدمے میں اپنا بھرپور دفاع کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ اگست کے آغاز میں ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے 3ہزار کروڑ روپے کے مبینہ قرض فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں ایک لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا، جس کے تحت انیل امبانی عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کر سکتے۔

    ای ڈی نے ممبئی سمیت دیگر شہروں میں ریلائنس گروپ کے 35 سے زائد متعدد دفاتر اور اہم مقامات پر چھاپے مارنے کے بعد انیل امبانی کو 5 اگست کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

  • کرنٹ سے 2 بھائیوں کی ہلاکت : سی ای او کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    کرنٹ سے 2 بھائیوں کی ہلاکت : سی ای او کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی : شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    ہلاکتوں کے واقعہ کا مقدمہ سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر افسران کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمہ بچوں کے اہل خانہ کی مدعیت میں شاہ فیصل تھانے میں درج کیا گیا۔

    اہل خانہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ گھر کے باہر کےالیکٹرک کی انڈر گراؤنڈ وائر سے کرنٹ آرہا تھا، جس سے ہمارے دونوں بچوں کو کرنٹ لگا۔،

    کرنٹ لگنے پر چھوٹا بیٹا سراج خان موقع پر دم توڑ گیا تھا، بڑا بیٹا اصرار خان روڈ پر بارش کے پانی کے باعث رکشے میں چل بسا۔

    ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے پولیس حکام سے استدعا کی ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، متوفیان کے خاندان سے دلی ہمدری ہے۔

    اپنے جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں متعلقہ مقام پر بجلی کے انفراسٹرکچر سے لیکیج کے شواہد نہیں ملے، علاقے میں دیگر سروسز کے تار ٹیلیفون کھمبوں پر موجود ہیں جن کی ارتھنگ نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی 4 نمبر میں کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ بارش کے دوران گلی میں دونوں بھائی سڑک پر جمع پانی میں گرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جنہیں موقع پر موجود افراد نے سخت جدوجہد کے بعد دونوں کو کھینچ کر باہر نکلا۔

    اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی پولیس نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کا واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی ہیں اور ان کی شناخت 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج ولد سلطان کے نام سے کی گئی۔

  • مبینہ موبائل چور پر تشدد، خاتون کیخلاف مقدمہ درج، واقعے کا ڈراپ سین

    مبینہ موبائل چور پر تشدد، خاتون کیخلاف مقدمہ درج، واقعے کا ڈراپ سین

    لاہور : (18 اگست 2025) خاتون کی جانب سے گزشتہ روز مبینہ موبائل چور پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے واقعہ کی اصل کہانی سامنے آگئی۔

    لاہور کی رہائشی خاتون نے گھر سے موبائل چوری کے الزام میں حامد نامی شخص کو ڈنڈوں سے مارا اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

    پولیس نے ویڈیو کی حقیقت سامنے آنے پر متاثرہ شخص کی مدعیت میں مذکورہ خاتون کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ حمیرہ بی بی سے کچھ عرصہ قبل 8 ہزار 500 روپے ادھار لئے تھے۔

    مقدمہ کے متن میں کہا گیا ہے کہ ادھار کی رقم واپس دے کر ان کے گھر سے واپس آیا تو مجھ پر موبائل چوری کا الزام لگا دیا۔

    بعد ازاں حمیرہ بی بی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آئی جو مجھے اغوا کرکے مانگا منڈی اپنے گھر  لے گئے، خاتون  نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر مجھ پر بہیمانہ تشدد کیا۔

    متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ کچھ دیر بعد حمیرہ بی بی اور اس کے ساتھی گھر سے باہر گئے تو میں نے بھاگ کر جان بچائی۔

    مزید پڑھیں : شوہر کے تشدد سے حاملہ بیوی جاں بحق

    راولپنڈی کی ثمر زار کالونی اڈیالہ روڈ میں شوہر کے تشدد سے حاملہ بیوی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق کاشف نامی نوجوان نے تھانہ صدر بیرونی پولیس کو بیان میں بتایا کہ میری پھوپھو سکینہ کو اس کے شوہر طارق نے تشدد کا نشانہ بنایا، وہ حاملہ تھیں تشدد سے بچہ پیٹ میں ہی دم توڑ گیا۔

  • کراچی : خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی : خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گزشتہ روز مسجد کے باہر ہونے والی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور ان کے بیٹے سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، ملزم مقتول کے سابق گن مین کا بیٹا نکلا۔

    خواجہ شمس الاسلام کے قتل کامقدمہ ان کے بھائی خواجہ فیض الاسلام کی مدعیت میں درخشان تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مذکورہ مقدمے میں 7 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشت گردی، قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق خواجہ شمس الاسلام کا قاتل ان کے سابق گن مین کا بیٹا عمران آفریدی ہے، جس نے اعتراف جرم کرلیا، ملزم نے چند ماہ قبل بھی خواجہ شمس پر حملہ کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزم کا الزام ہے کہ اس کے والد کو خواجہ شمس الاسلام نے 2021 میں قتل کرایا تھا۔ تاہم اب وکیل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔

  • واپڈا اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے

    واپڈا اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے

    اسلام آباد : پولیس نے واپڈا اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، سوسائٹی مالکان نے عدالت سے اسٹے لے رکھا تھا جسے خارج کردیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے آئیسکو ملازمین پر تشدد کرنے والے نجی سوسائٹی کے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمہ ایس ڈی او روات محمد ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں
    سوسائٹی کے صدر، جنرل سیکرٹری اور سائٹ انچارج سردار الطاف اور امجد خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ واپڈا اہلکاروں پر تشدد کے مقدمے میں مزید 30 سے 40 نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ،مزید تفتیش جاری ہے

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان آئیسکو کے 82.5 ملین روپے کے نادہندہ ہیں عدالت سے اسٹے آرڈر  لے رکھا تھا۔

    متن کے مطابق عدالت نے 8 جولائی کو اسٹے آرڈر خارج کردیا تھا، جس کے بعد کارروائی کی غرض سے آئیسکو ملازمین سوسائٹی پہنچے۔

    بجلی منقطع کرنے کیلیے سوسائٹی پہنچنے پر وہاں موجود سوسائٹی مالکان اور ان کے ساتھیوں نے واپڈا اہلکاروں پر تشدد کیا، ملزمان نے واپڈا کالونی پردھاوا بولا اور سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

  • نایاب ’سلیمان مارخور‘ کا غیر قانونی شکار کرنے والے خود گرفت میں آگئے

    نایاب ’سلیمان مارخور‘ کا غیر قانونی شکار کرنے والے خود گرفت میں آگئے

    کوئٹہ : تکتو نیشنل پارک میں نایاب ’سلیمان مارخور‘ کے غیرقانونی شکار میں ملوث 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان نے تکتو نیشنل پارک میں نایاب اور قیمتی ’’سلیمان مارخور‘‘ کے غیرقانونی شکار کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    نایاب سلیمانی مارخور کے غیر قانونی شکار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے شکار میں ملوث افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

    اس حوالے سے محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی شکار میں ملوث ملزمان کا تعلق کلی سرہ غوڑگئی سے ہے۔

    سلیمان مارخور

    واضح رہے کہ سلیمان مارخور کا شمار قومی ورثے کی حیثیت رکھنے والے جانوروں میں ہوتا ہے یہ انتہائی نایاب اور قیمتی جانور ہے۔

    اس کی نسل کو خطرہ لاحق ہے اسی لیے جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی اداروں سی آئی ٹی ای ایس اور آئی یو سی این نے اسے نسل کی معدومی کے خطرے سے دوچار جانوروں کی فہرست میں شامل کیا ہوا ہے۔

    بلوچستان وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت اس کے شکار اور منتقلی پر مکمل پابندی ہے اور خلاف ورزی پر قید و جرمانے کی سزا مقرر ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق سلیمان مار خور کی کم از کم قیمت 80 ہزار امریکی ڈالر ہے، گزشتہ سال ایک جانور کی ٹرافی ہنٹنگ دو لاکھ ڈالر سے زائد یعنی تقریباً سات کروڑ روپے میں کی گئی تھی۔

    اعلامیہ کے مطابق ’سلیمان مارخور‘ کا غیر قانونی شکار کرنے والے ملزمان کنٹونمنٹ بورڈ کے ملازمین ہیں، ملزمان نے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

    محکمہ جنگلی حیات بلوچستان کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ نامزد ملزمان کیخلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • مری : دو مسلح گروپوں میں تصادم کے واقعے میں اہم پیشرفت

    مری : دو مسلح گروپوں میں تصادم کے واقعے میں اہم پیشرفت

    مری میں دو تاجر گروپوں کے درمیان مسلح تصادم میں 3 افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مری میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پولیس نے دس افراد کو گرفتارکرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق جی پی او چوک کے قریب دو تاجر گروپوں میں جھگڑا ہوا تھا، اس موقع پر دونوں کی جانب سے کئی گھنٹے فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا۔

    فائرنگ اور پتھراؤ سے سیاحوں کی گاڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے، اس حوالے سے ترجمان پولیس نے بتایا کہ مری میں حالات اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور مال روڈ کے حالات اب معمول پر آگئے ہیں، سیاحوں نے پھرسیروتفریح شروع کردی ہے۔

    ترجمان مری پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    قبل ازیں کئی گھنٹے تک فائرنگ اور پتھراؤ کے باعث ملک بھر سے آنے والے سیاحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    ان حالات میں پولیس اہلکار مداخلت کے بجائے اپنے موبائل فونز سے ویڈیو بناتے نظر آئے، ذرائع کے مطابق جھگڑا موجودہ اور سابق انجمن تاجران کے دو گروپوں میں ہوا۔

  • شارع فیصل پر مظاہرین کے پولیس پر حملے کے واقعہ میں اہم پیش رفت

    شارع فیصل پر مظاہرین کے پولیس پر حملے کے واقعہ میں اہم پیش رفت

    کراچی : شارع فیصل پر قوم پرست جماعت کی جانب سے پولیس پر حملے کے واقعے کے بعد اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق شارع فیصل پر پولیس پر حملے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج کر لیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان پر پولیس پر حملہ اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات عائد کی گئی ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ قوم پرست جماعت کی احتجاجی ریلی میں موجود 400 سے 500 افراد نے ڈنڈوں، لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس ہوکر پولیس پر حملہ کیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق حملے سے ڈی ایس پی پریڈی، ایس ایچ او صدر سمیت7پولیس افسران و اہلکار زخمی ہوئے حملہ آوروں نے ایس ایس پی ساؤتھ کے اسکواڈ اور ایس ایچ او آرام باغ کی موبائل کے شیشے توڑ دیے۔

    متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ریلی کی قیادت کرنے والے اسلم خیرپوری، نیاز کالانی، اسماعیل و دیگر کے اکسانے پر لوگوں نے پولیس پر حملہ کیا۔

    اس کے علاوہ اکسانے والوں میں عبدالستار، عبدالفتح بگھیو، اسد سندھیار، وحید سندھی، ساجن کمار، سرمد میرانی اور خادم چانڈیو شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف سندھ کی قوم پرست جماعت کی جانب سے کراچی میں ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

    اس موقع پر شارع فیصل پر ہنگامہ آرائی کی گئی، ایف ٹی سی کے مقام پر آگے جانے سے روکے جانے پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوگیا، مشتعل افراد نے اہلکاروں پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔

    اس موقع پر شارع فیصل پر کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہا، گاڑیون کی مبی قطاریں لگ گئیں، ریلی جوہرموڑ سے مذکورہ مقام پر پہنچ کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔

  • آفاق احمد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    آفاق احمد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

    کراچی : مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ اور دیگر کے خلاف کورنگی میں ٹرک جلانے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت عوامی کالونی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    مذکورہ مقدمہ ٹرک ڈائیور فرید خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹرک کو آفاق احمد کے حکم پر آگ لگائی گئی۔

    آفاق احمد نے بھاری ٹریفک کو شہر میں داخل ہونے سےمنع کر رکھا تھا، مدعی کے مطابق اس کا ٹرک جلانے کی وجہ ان کا دھمکی آمیز ویڈیو بیان ہے۔

    ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ آفاق احمد کی بیان بازی سے شہرکا پر امن ماحول خراب ہوا، ایف آئی آر میں پندرہ سے بیس نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ کو گرفتاری کے بعد فیروزآباد تھانے منتقل کردیا گیا تھا ان کے وکیل ماہر قانون بیرسٹر حسن خان نے فیروزآباد تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔

    بیرسٹرحسن نے کہا کہ ہماری ایم کیو ایم کے چیئرمین  سے ملاقات ہوئی ہے ایم کیوایم حقیقی کی قیادت نے مجھے قانونی مشاورت کیلئے بلایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں یہاں قانونی ایڈوائزر کے طور پر آیا ہوں، آفاق احمد نےکارکنان کو پرامن رہنے کاپیغام دیا ہے، بیرسٹر حسن خان نے کہا کہ آفاق احمد پر جو ایف آئی آر کی گئی ہے وہ تمام الزامات غلط ہیں۔

    واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    گرفتاری کی وجوہات بیان کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ آفاق احمد کے کہنے پر کراچی میں مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں اور اس کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق آفاق احمد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آفاق احمد کو ان کے گھر ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا اور فوری طور پر کورنگی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔

  • کروڑوں روپے کے کمپنی فراڈ کا بڑا اسکینڈل بےنقاب

    کروڑوں روپے کے کمپنی فراڈ کا بڑا اسکینڈل بےنقاب

    کراچی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں کمپنی فراڈ کا بڑا اسکینڈل بےنقاب ہوگیا، پورٹ قاسم ایکسپورٹ کلیکٹریٹ نے 82کروڑ50لاکھ روپے کی ٹیکس چوری پکڑلی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں سردار انٹر پرائزز نامی بڑی کمپنی فراڈ میں ملوث پائی گئی۔

    پورٹ قاسم ایکسپورٹ کلیکٹریٹ نے سردار انٹرپرائزز کمپنی کی 82 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ٹیکس چوری پکڑ کر ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی نے مستثنیٰ اشیاء کو ریکارڈ سے غائب کیا اور استعمال شدہ سامان کو مقامی قیمت پر غیرقانونی طور پر کلیئر کیا۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمپنی کی جانب سے روئی امپورٹ کرنے کی آڑ میں 14 ہزار کلو صنعتی دھاگہ دھوکے سے پاکستان منگوایا گیا۔

    سردار انٹرپرائزز کمپنی کے خلاف ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کا مقدمہ درج کرکے ملوث ملزمان اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں : سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

    دسمبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ 49.35 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو ملکی معیشت کیلیے ایک اچھی خبر ہے۔

    دسمبر 2024 میں سمینٹ کی ایکسپورٹ 7 لاکھ 83 ہزار 550 ٹن ریکارڈ کی گئی جبکہ دسمبر 2023کے دوران 5 لاکھ 24 ہزار 656 ٹن رہی تھی۔

    آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 4.76 فیصد کمی دیکھی گئی اور فروخت 3.370 ملین ٹن رہی۔