Tag: FIR lodge

  • کراچی : سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار ڈکیتی میں ملوث، مقدمہ درج

    کراچی : سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار ڈکیتی میں ملوث، مقدمہ درج

    کراچی : کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تین اہلکار ڈکیتی میں ملوث نکلے، ملزمان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، تینو ملزمان کو حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

    اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے جعلی چھاپے میں کراچی کے ایک تاجر سے3کروڑ روپے چھینے تھے۔

    مذکورہ تاجر سنار کا کام کرتا ہے جو کراچی سے ملتان جارہا تھا، اہلکاروں نے اس پر ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کا دعویٰ کیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے ملزمان مظہر، شعیب اور احسن کو ملازمت سے برطرف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

  • کے الیکٹرک کے عملے کی ایک بار پھر شہریوں کے ہاتھوں پٹائی

    کے الیکٹرک کے عملے کی ایک بار پھر شہریوں کے ہاتھوں پٹائی

    کراچی : ٹمبر مارکیٹ میں کے الیکٹرک کے عملے پر تشدد کے واقعے بعد ایک بار پھر شہریوں نے ایک بار پھر ان کو مار پیٹ کر بھگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کے بھاری بھرکم بلوں سے پریشان کراچی کے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا آج ایک بار پھر کے الیکٹرک کا عملہ غصے میں بھرے عوام کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہوگیا۔

    کراچی کے علاقے احسن آباد میں کےالیکٹرک عملے پر شہریوں کے تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے، اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک اویس منشی کا کہنا ہے کہ بجلی کے غیر قانونی کنڈے اتارنے کے دوران عملے پر حملہ کیا گیا، متعلقہ تھانے میں واقعے کی ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں کے الیکٹرک کا عملہ میٹر اتارنے پہنچا تو تاجروں نے اس پر اپنا سارا غصہ اتار دیا، لوگوں نے عملے کو یرغمنال بنا کر گلے سے پکڑا اور تھپڑوں لاتوں اور گھونسوں کی بارش کرڈالی۔

    چیئرمین آل سٹی تاجراتحاد شرجیل گوپلانی نے الزام لگایا کہ کے الیکٹرک کے عملے نے بدمعاشی کی، بعدازاں کےالیکٹرک ترجمان نے ٹمبر مارکیٹ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عملے پر تشدد کرنے والے ٹمبرمارکیٹ عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کیخلاف مقدمہ درج

    پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کیخلاف مقدمہ درج

    ڈی جی خان : پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کیخلاف مقدمے کے اندراج کے بعد ان کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن، کک بیکس اور خورد برد کے الزامات پر پی ٹی آئی کی سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کیخلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے ڈی جی خان میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔

    چھاپے کے وقت خاتون رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل اپنے گھرپر موجود نہیں تھیں، زرتاج گل کو کرپشن، کمیشن، کک بیکس کے الزامات کی انکوائری کیلئے متعدد بار طلب کیا گیا تھا۔

    اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زرتاج گل متعدد بار طلب کرنے کےباوجود پیش نہ ہوئیں، ان کیخلاف مقدمے میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ افسران ،ٹھیکیداروں کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

  • باڑہ بازار میں 2 خودکش دھماکوں کا مقدمہ درج

    باڑہ بازار میں 2 خودکش دھماکوں کا مقدمہ درج

    پشاور : ضلع خیبر میں گزشتہ روز ہونے والے دو خودکش حملوں کا مقدمہ دہشت گردی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا، مقدمہ تھانہ باڑہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی نے درج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ دہشت گرد تحصیل کمپاؤنڈ کے مین گیٹ سے داخل ہوکر روزنامچہ دفتر گئے، جہاں خودکش حملہ آوروں نے اہلکاروں پر دستی بم پھینکا اورفائرنگ کی۔

    ایف آئی ار کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکارشہید اور ایک زخمی ہوا بعد ازاں
    پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    واقعے کے بعد حملہ آور دہشت گردوں کے جسمانی اعضاء کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف، میگزین اور گاڑی برآمد ہوئی جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔

    باڑہ بازار پولیس اسٹیشن میں دہشت گردوں کا حملہ، 3پولیس اہلکار شہید

    مقدمے کے متن میں مزید لکھا گیا ہے کہ گزشتہ روز باڑہ کی تحصیل کمپاؤنڈ میں2خودکش دھماکے ہوئے تھے
    خودکش دھماکوں میں 3پولیس اہلکارشہید اور 8افراد زخمی ہوئے۔

  • جہلم سلنڈر دھماکے کا مقدمہ درج، ایف آئی آر میں اہم انکشاف

    جہلم سلنڈر دھماکے کا مقدمہ درج، ایف آئی آر میں اہم انکشاف

    جہلم : جی ٹی روڈ پر گزشتہ روز ہوٹل میں ہونے والے سلنڈر دھماکے کا مقدمہ تھانہ کالا گوجراں میں درج کرلیا گیا، ایف آئی آر میں عمارت کے مالک اور دکاندار کو نامزد کیا گیا ہے، عمارت میں غیر قانونی گیس ری فلنگ کی جا رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سلنڈر دھماکے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں مختلف سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا، گیس ری فلنگ کرنے والے دکان کا مالک مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ تباہ ہونے والی دو منزلہ عمارت کے مالک کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عمارت کی بیسمنٹ میں غیر قانونی طور پر گیس کی ری فلنگ کی جا رہی تھی، دھماکا عمارت کے بیسمنٹ میں سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔

    دوسری جانب ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر سرمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہلم سلنڈر دھماکے کے10میں سے9زخمیوں کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    ایم ایس ڈی ایچ کیو کے مطابق دھماکے کے بعد ملبے سے17افراد کو نکالا گیا تھا، ملبے سے نکالے گئے 17 افراد میں سے7جاں بحق ہوئے تھے۔

  • پرویزالہی کی ضمانت منظور، ایک اور مقدمہ درج

    پرویزالہی کی ضمانت منظور، ایک اور مقدمہ درج

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی ضمانت منظور ہونے کے بعد ایک نئی مشکل میں پھنس گئے۔ ایف آئی اے میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے مقدمے کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد ان کی ضمانت منظور کرلی۔

    عدالت کے جج علی رضا نے چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا اور چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    ایف آئی اے میں ایک اور مقدمہ درج

    بعد ازاں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے خلاف ایف آئی اے حکام نے ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ان کیخلاف مقدمہ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں درج ہوا، درج مقدمے میں ان کے صاحبزادے مونس الہٰی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ کیس میں پرویزالہی کو گرفتارکر لیا جائے گا ان کو کیمپ جیل میں اینٹی منی لانڈرنگ سرکل ٹیم گرفتارکرے گی۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو عدالتوں سے ضمانتیں ہونے کے بعد متعدد مرتبہ مختلف مقدمات میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • سینئر سیشن جج آزاد کشمیر کے قتل کا مقدمہ درج

    سینئر سیشن جج آزاد کشمیر کے قتل کا مقدمہ درج

    راولپنڈی : پولیس نے سینئر سیشن جج آزاد کشمیر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں ڈکیتی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں گزشتہ رات سینئر سیشن جج سردار امجد اسحاق کے گھر میں ڈکیتی کے دوران قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    پولیس نے مقتول جج کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ روا ت میں درج کرلیا ہے، مقدمے میں ڈکیتی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ گزشتہ رات ڈھائی بجے مسلح ڈاکو تھانہ روات کے علاقہ فیز 8 کے ایک گھر میں داخل ہوئے، ملزمان نے جج کے بھتیجے کو پکڑا تو ان کے بھائی نے چھڑانے کی کوشش کی۔

    اسی دوران ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ کردی، ملزمان کی فائرنگ سے سینئر سیشن جج آزاد کشمیر سردار امجد اسحاق جاں بحق ہوئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعہ کے بعد آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے نوٹس لے کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا۔

    ایس پی صدر نبیل کھوکھر سمیت پولیس حکام موقع پر پہنچے اور شواہد حاصل کیے، موقع سے ایک شدید زخمی ڈاکو کو بھی گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ایس پی صدر نبیل کھوکھر نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے کی جارہی ہے۔ مقتول ڈسٹرک بار راولپنڈی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

  • بھارتی پولیس کا مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بدترین تشدد

    بھارتی پولیس کا مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بدترین تشدد

    پرتاپ گڑھ : بھارتی گجرات کے ایک تھانے میں پولیس نے محض لائسنس نہ ہونے پر مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ دیلہو پور پولیس نے چیکنگ کے دوران نوجوان پر بجلی کے جھٹکے لگا کر تشدد کیا۔

    پولیس کے تشدد سے زخمی نوجوان کی حالت غیر ہوگئی تو اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگا کر تشدد کرنے کے الزام میں ڈی ایس پی رانی گنج کی ہدایت پر تھانہ میں تعینات ایک سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف قاتلانہ حملہ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    زخمی نوجوان محمد دانش کے بھائی محمد محسن کی جانب سے ڈی ایس پی کو دی جانے والی درخواست میں بتایا گیا کہ گزشتہ شام 6 بجے اس کا بھائی محمد دانش عرف کیف چھتپال گڑھ بازار سے گھر پریلا گاؤں بائیک سے واپس آرہا تھا کہ برسنڈہ پل کے نزدیک ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل چیکنگ کررہے تھے۔

    پولیس نے محمد محسن کے بھائی کو روک کر کاغذات طلب کیے تو بھائی نے کاغذات دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے جس پر پولیس اہلکار گالیاں دیتے ہوئے اسے تھانہ لے گئے جہاں بجلی کا کرنٹ لگاکر اس پر تشدد کیا گیا جس کے سبب اس کا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

  • ہتھنی کی ہلاکت : دو اہم افسران کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ

    ہتھنی کی ہلاکت : دو اہم افسران کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ

    کراچی کے چڑیا گھر میں گزشتہ کئی ماہ سے بیمار ہتھنی نور جہاں کی ہلاکت پر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عمران نذیر نامی وکیل گارڈن تھانے پہنچ گئے۔

    گارڈن تھانے میں ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور ڈائریکٹر کراچی زو کے خلاف درخواست وصول کرلی گئی ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ بیمار ہتھنی کی ہلاکت کا واقعہ ان دو افسران کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث پیش آیا، چڑیا گھر میں ہتھنی و دیگر جانوروں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا جائے۔

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہتھنی نورجہاں و دیگر جانوروں کی ہلاکت کی تحقیقات کرائی جائیں، واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کراؤں گا۔

    علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہتھنی نورجہاں کےانتقال سے ہم سب اُداس ہیں،اس کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد رپورٹ بھی شیئر کی جائے گی۔

    ایڈمنسٹریٹرکراچی کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کو کھانا نہ دینے کی خبریں سراسر غلط بیانی پر مبنی ہیں، ان دنوں میں لاکھوں لوگ کراچی چڑیا گھر آتے ہیں۔

  • مفتی عبدالشکور کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج

    مفتی عبدالشکور کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج

    اسلام آباد : گزشتہ شب وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    حاجی قدرت اللہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ مفتی عبدالشکور افطاری سے پہلے میرے گھر آئے، 8بج کر 22منٹ پر مفتی عبدالشکور گھر سے پارلیمنٹ لاجز کیلئے نکلے۔

    مقدمہ کے متن کے مطابق رات10بجے میرے ملازم کو سرکاری ڈرائیور نے حادثے سے متعلق آگاہ کیا، مولانا اپنی سرکاری گاڑی کو خود چلا کر لے جارہے تھے۔

    ویگو ڈالے کے ڈرائیور نے غفلت، تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ہٹ کیا، مفتی عبدالشکور کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، واقعہ حساس نوعیت کا ہے ہر پہلو سے انکوائری اور کارروائی کی جائے۔

    اسی حوالے سے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مولانا کی گاڑی کو دوسری طرف سے آنے والی گاڑی نے ٹکر ماری، مولانا عبدالشکور کو سر پر شدید چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئےجبکہ گاڑی میں سوار پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔