Tag: FIR lodge

  • مولانا عبدالقیوم صوفی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، مفتی منیب الرحمان

    مولانا عبدالقیوم صوفی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، مفتی منیب الرحمان

    کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا عبدالقیوم صوفی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، نماز جنازہ کے موقع پر مفتی منیب الرحمان نے حکومت سے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح گلستان جوہر میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا صوفی عبدالقیوم کی نماز جنازہ مفتی منیب الرحمان کی امامت میں ادا کی گئی، تدفین کے بعد مفتی منیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو ہمارے سامنے لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالقیوم صوفی کا قتل دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کی واردات ہے، وزیر اعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائیں۔

    مفتی منیب کا کہنا تھا کہ کل علماء اہلسنت کا مسجد عائشہ میں تعزیتی اجتماع ہوگا، ہم انتظامیہ کی جانب سے فوری اقدام کے منتظر ہیں، انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ اس کیس سے متعلق تمام ثبوت ہمارے سامنے لائے جائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کیس کی تفتیش میرٹ پر کرکے ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے، قتل کی اس واردات میں قبضہ مافیا کے لوگ بھی ممکنہ طور پر ملوث ہوسکتے ہیں۔

    مولانا عبدالقیوم صوفی کے قتل کا مقدمہ گلستان جوہرتھانے میں درج کرلیا گیا ہے، مذکورہ مقدمہ مقتول کے بھائی محمد آصف کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا

    واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 9 میں مقامی مسجد کے مہتمم مولانا عبدالقیوم صوفی کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا عبدالقیوم صوفی پاکستان علماء ایسوسی ایشن کے رکن تھے، مقتول جامع مسجد محمدیہ نورانی اسلامک سینٹرگلستان جوہرکے مہتمم بھی تھے۔

  • پائپ لائن سے خام تیل کی چوری پر "پارکو” کی وضاحت

    پائپ لائن سے خام تیل کی چوری پر "پارکو” کی وضاحت

    کراچی کے علاقے کلفٹن سی ویو کے قریب گزشتہ روز پارکو کی لائن سے لیک ہونے والا تیل دراصل چوری کیا جارہا تھا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ سیکیورٹی آفیسرعزیز الرحمان کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، جس میں چوری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے پارکو ترجمان نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ساحل کے قریب پائپ لائن سے خام تیل کے اخراج کی نشاندہی ہوئی ہے۔ نامعلوم افراد کے ایک گروپ نے لائن سے تیل چوری کرنے کی کوشش کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی علاقے کو سیل کرکے تیل کی ترسیل عارضی طور پر روک دی گئی تھی اور تقریباً 24 گھنٹے میں پائپ لائن آپریشن دوبارہ بحال کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ
    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل شاہ لطیف ٹاؤن میں بھی پارکو کی لائن کو لیک کرکے تیل چوری کیا جارہا تھا، واقعہ 15 مارچ رات 1 بجے کے قریب پیش آیا۔

    پولیس نے بتایا کہ چوروں نے پائپ لائن پر لوہے کا کلپ لگایا ہوا تھا اور کلپ کے ساتھ ایک پائپ پریشر پائپ کے ساتھ جڑا ہوا پایا گیا جبکہ تیل چوری کرنے کے لئے پائپ سیوریج نالے کے اندر سے جارہا تھا، مینٹیننس ٹیم نے کلپ نکال کر سیفٹی کلپ لگاکر پائپ کو نکالا۔

    ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی ساؤتھ کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور تیل چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے تاجر کے گھر کا صفایا کردیا

    کراچی : ڈاکوؤں نے تاجر کے گھر کا صفایا کردیا

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتیوں اور لوٹ مار کا سلسلہ تاحال جاری ہے تاہم پولیس اپنے روایتی انداز میں ملزمان تک پہنچنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔

    کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ اسکیم 33 میں مسلح افراد نے تاجر کے گھرکا صفایا کردیا، 8ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کرواردات کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ورادات کپڑے کے تاجر کے گھر میں طور پر انجام دی گئی، جس میں 35تولہ سونا،90ہزارروپے نقدی ،لائسنس یافتہ اسلحے سمیت دیگرسامان لوٹ لیا گیا۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے گھر کے افراد کو رسیوں سے باندھا اور مزاحمت کرنے پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    واردات کا مقدمہ تھانہ سہراب گوٹھ میں درج کرادیا گیا ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کردی گئی ہے۔ جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ملتان : پی ٹی آئی اور ن لیگ کے سیکڑوں کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

    ملتان : پی ٹی آئی اور ن لیگ کے سیکڑوں کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

    ملتان : الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کوتوالی پولیس نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر الیکشن کمیشن آفس میں پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنان کے درمیان تصادم ہوا، اس دوران دونوں جانب سے کارکنان نے پتھراؤ کیا۔

    جھگڑا پی ٹی آئی امیدوار ملک عامر ڈوگر اور لیگی امیدوار طارق رشید کے حامیوں میں ہوا۔دونوں پارٹیوں کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ جھگڑے کے کچھ دیر بعد تحریک انصاف کے کارکن الیکشن کمیشن آفس سے چلے گئے تھے۔

    ایف آئی آر میں پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر، ندیم قریشی، جاوید اختر انصاری، ن لیگی امیدوار شیخ طارق رشید اور حاجی احسان الدین قریشی سمیت 250 سے 300کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی سمیت8دفعات شامل کی گئی ہیں

  • بدعنوانی میں ملوث سی ڈی اے کے 6 افسران کے خلاف مقدمہ درج

    بدعنوانی میں ملوث سی ڈی اے کے 6 افسران کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بدعنوانی میں ملوث سی ڈی اے افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا، تاہم کسی افسر کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے سی ڈی اے کے6افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان میڈیکل ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے آؤٹ پلان کو تبدیل کیا۔

    ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان میں سی ڈی اے ڈائریکٹر اسداللہ، ممبرغلام سرور سندھو، ظفر اقبال، عاشق علی غوری، لیاقت محی الدین قادری اور عبدالحق بروہی شامل ہیں۔

    ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقدمہ سابق ڈائریکٹر ایچ آر فیاض احمد وٹو کی انکوائری رپورٹ کے بعد درج کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد تاحال ابھی کسی افسر کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • تحریک انصاف کی خاتون رہنما کے خلاف مقدمہ درج

    تحریک انصاف کی خاتون رہنما کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور : ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شندانہ گلزار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقدمہ لاہور کے تھانہ ویمن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں 153اے،124اے اور505 اے کی دفعات شامل ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شندانہ گلزار نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ جنرل اپنے آپ کو خدا سمجھنے لگتا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق شندانہ گلزار نے کہا تھا کہ فرعون سے بڑا ہوجاتا ہے تو کے پی کے کی شامت آجاتی ہے، آپ کے پاس کتنے بڑے شہر ہیں وہاں پر طالبان کو بھیجیں۔

    پروگرام میں شندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت جاتے ہی طالبان بھی واپس آگئے اور دھماکے بھی۔ ایف آئی آر کے مطابق شندانہ گلزار نے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔

    متن میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے ملک میں صوبائی ،علاقائی اور نسلی بنیادوں پر سازش کرنے کی کوشش کی، شندانہ گلزار ملک میں بدامنی پھیلانا اور عوام میں نفرت پیدا کرنا چاہتی ہے۔

  • خوردبرد کے الزام میں ن لیگی ایم پی اے ودیگر کے خلاف مقدمہ درج

    خوردبرد کے الزام میں ن لیگی ایم پی اے ودیگر کے خلاف مقدمہ درج

    مظفرگڑھ : زمینوں کے انتقالات میں مبینہ طور پرخورد برد کرنے کے الزام میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کے ممبر صوبائی اسمبلی اظہرعباس چانڈیہ اور ان کے بیٹے کیخلاف محکمہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مقدمے میں تحصیل دارکوٹ ادو، پٹواری سمیت 8افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے، مقدمے کے متن میں لکھا ہے کہ زمینوں کے500 سے زائدانتقالات میں فراڈ کیا گیا ہے،۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ اظہرعباس چانڈیہ ان کے بیٹے، ملازمین اور دیگر افراد نے محکمہ مال کے عملے کی ملی بھگت سے غبن کیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ساز باز اورملی بھگت سے ریونیو کا ریکارڈ منصوبہ بندی کے تحت ضائع کیا گیا۔

  • پنجاب میں آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سینکڑوں مقدمات درج

    لاہور : وزیر خوراک پنجاب حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹے کی فراہمی کے لیے ٹریکنگ پوائنٹس میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے، اب تک ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 700 ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ روزانہ 23ہزار میٹرک ٹن آٹا ٹریکنگ پوائنٹس پر مہیا کررہے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فلور ملز کو گندم 2300 روپے فی من کے حساب سے فراہم کر رہے ہیں، جہاں ذخیرہ اندوزی کی شکایت ملے گی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برائلر مرغی کی قیمت میں اضافے کی وجہ سویا بین کی عدم فراہمی ہے، سویابین سے بھرے کنٹینر کراچی پورٹ پر کئی دن سے کھڑے ہیں۔

    یاد رہے کہ ادارہ شماریات کی گزشتہ ہفتے کی رپورٹ کے مطابق دسمبر کے آخری ہفتے میں آٹے کی قیمت میں تقریباً تین فیصد (2.81 فیصد) تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ رواں ہفتے میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں کم از کم 200 روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف صوبوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی یکساں نہیں ہے، اگر مارکیٹ ریٹ کی بات کی جائے تو صوبہ خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمت دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے اور یہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2600 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔

    خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت اگرچہ لگ بھگ مارکیٹ ریٹ سے نصف ہے تاہم عوام کی طویل قطاروں اور سرکاری آٹے کی محدود مقدار میں دستیابی کے باعث اس کا حصول لگ بھگ ناممکن ہے۔

  • بھارت : مسلم خواتین کی بے حرمتی کیلئے ’ایپ‘بنانے والے ملزم کیخلاف مقدمہ

    بھارت : مسلم خواتین کی بے حرمتی کیلئے ’ایپ‘بنانے والے ملزم کیخلاف مقدمہ

    نئی دہلی : ٹوئٹر پر مسلمان خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے حوالے سے ’سلی ڈیل ایپ‘ کیس کے مرکزی ملزم کیخلاف مقدمے کی منظوری دے دی گئی۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے ’سلی ڈیل‘کیس کے مرکزی ملزم اومکاریشور ٹھاکر کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ 196 کے تحت مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکم جاری ہونے کے بعد دہلی پولیس اب ٹھاکر کے خلاف مقدمہ چلاسکے گی، جس نے مبینہ طور پر سلی ڈیل ایپ اور سلی ڈیل ٹوئٹر ہینڈل بنائے تھے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مسلم خواتین کی ورچوئل نیلامی میں شامل تھے، جس کا مقصد مسلمانوں کی تذلیل اور توہین کرنا تھا۔

    قانون کے مطابق ملزم نے بادی النظر میں آئی پی سی کی دفعہ 153اے/354اے(3) اور آئی ٹی ایکٹ کی 66/67 کے تحت قابل سزا جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ پی ایس اسپیشل سیل نے 7 جولائی 2021 کو مقدمہ ایف آئی نمبر 175/2021 درج کیا تھا۔

    ایف آئی آر میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر سمجھتے ہیں کہ ملزم کے خلاف بادی النظر مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جرم کے لیے ملزم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منظوری دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ 2021 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ‘سلی ڈیل’ کے ذریعے متعدد نامور مسلم خواتین کو نیلامی کے لئے پیش کیا گیا تھا۔ اس واردات نے لوگوں میں بے چینی پیدا کردی تھی اور معاشرے کے تمام طبقات کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی۔

  • عمران خان پر قاتلانہ حملہ : سپریم کورٹ بار کا بڑا مطالبہ

    عمران خان پر قاتلانہ حملہ : سپریم کورٹ بار کا بڑا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی ایف آئی آر کے اندراج کیخلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی سوال اٹھا دیا۔

    سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عمران خان کی مرضی کی ایف آئی آر درج نہ ہونا ریاست کی ناکامی قرار دے دیا۔

    اس حوالے سے صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے کہا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر قانونی تقاضوں کے مطابق درج کی جائے۔

    سپریم کورٹ بار نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں واقعے کی ایف آئی آر فوری طور پر قانون کے مطابق درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ بار کے صدر نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے، ایف آئی آر درج نہ کرنا غیرقانونی اور عدالتی فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، شہریوں کے حقوق اور جان ومال کا تحفظ کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

    صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے کہا کہ ہمارا اور کوئی مطالبہ نہیں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے، مدعی کی مرضی کی ایف آئی آر درج ہونی چاہئے اور یہی اس ملک کا قانون ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ ایف آئی آر میں مدعی کی شکایت درج ہوتی ہے۔،

    عابد زبیری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ایف آئی آر درج کیوں نہیں کی گئی، یہ نہیں کہا تھا کہ پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی جائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز عمران خان پرقاتلانہ حملےکامقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیاگیا تھا، ایف آئی آرمیں فائرنگ کرنیوالے ملزم نوید ولد بشیرکو نامزد کیا گیا تھا اور قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔

    پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر پی ٹی آئی کی درخواست سے مطابقت نہیں رکھتی تھی ، عمران خان کی جانب سے بتائے گئے ناموں کو ایف آئی آر میں ملزم نامزد نہیں کیاگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ایف آئی آر کی رپورٹ سپریم کور ٹ میں جمع

    یاد رہے کہ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس فیصل شاہکار نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران حملے کا مقدمہ درج کرنے کی رپورٹ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کروا دی ہے۔

    آئی جی پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلانہ حملے کا مقدمہ وزیر آباد کے سٹی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں اقدام دفعہ 302، 324 کے ساتھ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں،

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹوں میں عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے اندراج کی رپورٹ طلب کی تھی۔