Tag: FIR lodge

  • سیالکوٹ سانحہ : سرکار کی مدعیت میں  مقدمہ درج، دہشتگردی کی دفعات شامل

    سیالکوٹ سانحہ : سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج، دہشتگردی کی دفعات شامل

    سیالکوٹ : تھانہ اگوکی میں سیالکوٹ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی،اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ مقدمے میں قتل کی منصوبہ بندی، نعش کی بےحرمتی سمیت دیگردفعات بھی شامل ہیں، ایف آئی آرمیں800سے900نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپےاور آپریشن گزشتہ رات سے جاری ہے۔

    پنجاب پولیس حکام کے مطابق سیالکوٹ میں رات سے 50 سے زائد مقامات پر پولیس پارٹیوں نے چھاپے مارے آئی جی راؤ سردار علی خان رات بھر آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ زیرحراست ملزمان سے تفتیش جاری ہے جس سے دیگر ملزمان کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہے، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، ویڈیوز کی مدد سےملزمان کی شناخت اور تلاش جاری ہے۔

    سانحہ سیالکوٹ‌ کے مرکزی ملزم سمیت 100 گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے لاش کو نذر آتش کردیا۔

  • لاہور : ٹریفک وارڈن کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا

    لاہور : ٹریفک وارڈن کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا

    لاہور : لاری اڈہ آؤٹ گیٹ پر قتل ہونے والے ٹریفک وارڈن توصیف کے قتل کا مقدمہ مقامی تھانے میں درج کرلیا گیا، مقتول کے بچوں کے تعلیمی اخراجات محکمہ پولیس ادا کرے گا ۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے توصیف نامی ٹریفک وارڈن کے قتل کا مقدمہ سیکٹر انچارج ممتاز صفدر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ وارڈن توصیف نے لاری اڈہ آؤٹ گیٹ پر اوورلوڈنگ پر بس کو روکا، ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے وارڈن توصیف پر چڑھا دی۔

    حادثے کے نتیجے میں ٹریفک وارڈن کی پسلیاں ٹوٹ کر دل میں دھنس گئیں تھیں جس کے سبب وارڈن نے موقع پر جان دے دی۔

    سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے شہید وارڈن کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے اہلخانہ کو بچوں کی تعلیم و دیگر واجبات کی فوری ادائیگی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارڈن انتہائی ایماندار، فرض شناس اور پروفیشنل تھا۔

    شہید وارڈن توصیف کے سوگواران میں بیوی، 02 بیٹے اور 02 بیٹیاں شامل ہیں۔ شہید ماچس فیکٹری شاہدرہ لاہور کا رہائشی تھا۔ ذرائع کے مطابق شہید وارڈن کی نماز جنازہ کل بعد از نماز جمعہ ادا کی جائیگی۔

  • جواں سالہ لڑکی سے زیادتی کا الزام، 17 گریڈ کا افسر گرفتار

    جواں سالہ لڑکی سے زیادتی کا الزام، 17 گریڈ کا افسر گرفتار

    اسلام آباد : پولیس نے ملازمت کی غرض سے آنے والی لڑکی سے زیادتی کے الزام میں گریڈ 17 کے ایک افسر کو گرفتار کرلیا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے اسلام آباد پولیس حکام نےمیڈیا کو بتایا کہ گریڈ 17کے ایک آفیسر رانا سیہل اختر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر اس کی آبرو لوٹ لی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ سرکاری افسر نے اسے نوکری دلوانے کے لئے پشاور سے اسلام آباد بلایا تھا۔

    لڑکی کے بیان کے مطابق ملزم پہلے اسے بہانے سے این سی آر سی کے ایک ریسٹ ھاؤس میں لے گیا اور میرے انکار کرنے پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل چیک اپ کروایا جارہا ہے، طبی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ کا اندراج کیا جارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی جانب سے مذکورہ درخواست سیکشن آفیسر رانا سہیل کی خلاف دی گئی ہے، ملزم رانا سہیل اختر اسٹبلشمنٹ ڈویژن میں بطور سیکشن آفیسر تعینات ہے۔

  • بھارت : دلت نوجوان کا معمولی سی بات پر بے دردی سے قتل

    بھارت : دلت نوجوان کا معمولی سی بات پر بے دردی سے قتل

    نئی دہلی : بھارتی ریاست راجھستان میں غنڈوں نے بچوں کے مابین ہونے والے جھگڑے کو بنیاد بنا کر دلت نوجوان کو تشدد کرکے قتل کردیا، پولیس نے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان میں بچوں کے درمیان شروع ہونے والے تنازعہ میں اونچی ذات کے بدمعاشوں کے ایک گروہ نے ایک دلت نوجوان کو لاٹھیوں، لوہے کے راڈوں اور بندوق کی بٹوں سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔

    نوجوان کے قتل کے بعد گاؤں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر گاؤں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ پولیس نے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    پولیس کے مطابق عبدل پور گاؤں میں25 اپریل کو ٹھوک لِیا جاٹو کے بچوں اور بادشاہ مہتاب ٹھاکر کے بچوں کے درمیان کسی بات پر لڑائی ہوگئی۔ جس کے بعد ملزم مہتاب ٹھاکر کے حامیوں نے دلت کے گھر پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی لیکن ملزم فرار ہوگیا بعد ازاں فریقین میں صلح ہوگئی۔

    صلح کے اگلے ہی دن صبح رامیشور کا بیٹا ٹھوکالیہ جاٹو کے کھیتوں سے گزر رہا تھا اس وقت ملزم اوقر اس کے ساتھیوں نے جس میں مہتاب، سندیپ سمیت دس ملزمان شامل تھے نے رامیشور پر حملہ کردیا اور رامیشور کو لاٹھیوں، چاقوؤں، بندوق کی بٹوں سے مارمار کر لہولہان کردیا۔

    اہل خانہ نے شدید زخمی حالت میں رامیشور کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا دوران علاج وہ 29 اپریل کی رات ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے 30 اپریل کی صبح پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی۔ پولیس نے دس ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

  • خیرپور : طالبہ کے ساتھ 7ماہ تک زیادتی کا انکشاف

    خیرپور : طالبہ کے ساتھ 7ماہ تک زیادتی کا انکشاف

    خیر پور : اندرون سندھ کے شہر خیر پور میں سفاک ملزمان نے طالبہ کو بے آبرو کردیا، ملزمان لڑکی کو بلیک میل کرکے 7ماہ تک زیادتی کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور میں انٹر کی  طالبہ کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ بی سیکشن کی حدود میں طالبہ کے ساتھ زیادتی کا انکشاف ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نوید کھوڑرو کے مطابق مناہل نامی طالبہ کے ساتھ 7ماہ تک زیادتی کی گئی اس دوران اسے ویڈیو سے بلیک میل کیا جاتا رہا۔ متاثرہ طالبہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ3ملزمان ویڈیو کے ذریعے مجھے بلیک میل کرتے رہے۔

    اطلاع ملنے پر متعلقہ ایس ایس پی نے فوری طور پر علاقہ پولیس کو ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج بعد طالبہ کا میڈیکل کرایا جائے گا جس کے بعد ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

  • کورونا وائرس : مشہور بھارتی اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج

    کورونا وائرس : مشہور بھارتی اداکارہ کیخلاف مقدمہ درج

    ممبئی : کورونا وائرس میں مبتلا بھارتی اداکارہ گوہر خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزی کی۔

    بھارت کی معروف اداکارہ گوہر خان پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود گھر سے باہر گھومنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    برہمومبائی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے گوہر خان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ نے کوویڈ 19 رپورٹ مثبت آنے کے بعد ان کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔

    ایف آئی آر کی ایک کاپی ٹویٹر پر شیر کرتے ہوئے شہری ادارے نے لکھا کہ شہر کی حفاظت میں کوئی سمجھوتہ نہیں بی ایم سی نے بالی ووڈ اداکار کے خلاف مثبت جانچ کے بارے میں کوویڈ19 ہدایات پر عمل نہ کرنے پر ایف آئی آر درج کرادی ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوہرخان کی کورونا وائرس کی دو الگ الگ رپورٹ سامنے آئی ہیں، ایک رپورٹ مثبت جب کہ دوسری منفی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ممبئی میں کورونا رپورٹ مثبت آنے کے باوجود اداکارہ 12 مارچ کو دہلی کی کورونا کی منفی رپورٹ دکھا کر باہر گھومتی ہوئی نظر آئیں۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس پورے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ روز رواں سال کے سب سے زیادہ 26 ہزار کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ کیسز مہاراشٹر میں سامنے آئے ہیں۔

  • بھارتی پولیس مسلم دشمنی پر اتر آئی : زخمی ٹرک ڈرائیور کیخلاف ہی مقدمہ درج

    بھارتی پولیس مسلم دشمنی پر اتر آئی : زخمی ٹرک ڈرائیور کیخلاف ہی مقدمہ درج

    کرناٹک : بھارت میں مسلم دشمنی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، مویشی لے جانے والے شخص کو ہندوتوا کے غنڈوں نے مار مار کر نہ صرف لہولہان کردیا بلکہ مدد مانگنے پر پولیس نے بھی اسی کیخلاف گئوکشی کا مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم دشمنی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، مسلمان ڈرائیور عابد علی مویشیوں کو زراعت کے لیے لے جا رہا تھا کہ راستے میں غندہ عناصر نے اس پر بہیمانہ تشدد کیا، ہڈیاں ٹوٹنے کے باعث عابد علی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    مسلمان ڈرائیور عابد علی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مویشیوں کو زراعت کے لیے لے جا رہا تھا، میرے پاس قانونی طور پر دکھانے کے لیے تمام دستاویز ات بھی موجود تھے،ٹرانسپورٹیشن سمیت کچھ بھی غیر قانونی نہیں تھا۔

    میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق عابد علی نامی شخص مبینہ طور پر اپنے ٹرک میں12 سے 15مویشیوں کو رانی بینّور سے منگلورو لے جا رہا تھا کہ راستے میں  جس کی نہ صرف ہندوتوا غنڈوں نے پٹائی کی بلکہ اس کے پاس موجود 22ہزار روپے نقد اور موبائل فون بھی چھین لیا۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ جب مسلم ڈرائیور نے مدد کے لیے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کی تو الٹا متاثرہ شخص کے خلاف ہی مبینہ گئوکشی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ہفتے قبل کرناٹک کا ہے جہاں گئوکشی پر پابندی عائد کیے جانے والے نئے آرڈیننس کے تحت پہلا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

    بھارتی روزنامہ دی ہندو میں اس واقعہ سے متعلق سے ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جب اس واقعہ کی اطلاع عابد علی نے مقامی لوگوں کی مدد سے شرنگیری پولیس کو دی تو وہ موقع پر پہنچی اور حملہ آواروں کے خلاف شکایت درج کرنے کے ساتھ ساتھ عابد علی کے خلاف گئوکشی معاملہ کو  لے کر بھی مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارتی اخبار کے مطابق  اس حوالے سے  جب شرنگیری پولیس سے رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش بھی جاری ہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی کسی طرح کی کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی : کچرا پھینکنے والوں کی شامت آگئی، تابڑ توڑ گرفتاریاں جاری

    کراچی : کچرا پھینکنے والوں کی شامت آگئی، تابڑ توڑ گرفتاریاں جاری

    کراچی : شہر قائد کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر کچرا پھینکنے پر7مقدمات درج کرلیے گئے، پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد10ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر کچرا پھینکنے کے الزام میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت دس شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    11ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرائے گئے تھے، ایف آئی آر میں نامزد ایک ملزم تاحال مفرور ہے، مقدمات شہر کے مختلف تھانوں ویسٹ، کورنگی، سینٹرل اور ساؤتھ میں درج کئے گئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق منگھوپیر اور کورنگی انڈسٹریل ایریا سے ہے، رضویہ سوسائٹی،بوٹ بیسن سے تعلق رکھنے والاشہری بھی ان ملزمان میں شامل ہے ،پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے تمام ملزمان کو سزا کے طور پر جیل بھیجا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے شہر میں سڑک پر کچرا پھینکنے پر پابندی عائد کرکے دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے جب کہ کچرا
    پھینکنے والے کی نشاندہی کرنے پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

  • مقدمہ درج ہوتے ہی ملزمان نومولود بچے کو گھر کی دہلیز پر چھوڑ کر فرار

    مقدمہ درج ہوتے ہی ملزمان نومولود بچے کو گھر کی دہلیز پر چھوڑ کر فرار

    کراچی : کورنگی  میں اغواء کار  مقدمہ درج ہوتے ہی  نومولود مغوی بچے کو گھر کی دہلیز پر چھوڑ کر فرار ہوگئے، سہراب گوٹھ سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی بچی آج صبح مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں نومولود بچے کے اغواء کا پراسرار معاملہ سامنے آیا ہے، لیکن اس اغواء کی واردات میں نہ دشمنی کا کوئی عنصر سامنے آیا اور نہ ہی اغواء کاروں نے مغوی کی رہائی کیلئے تاوان کا مطالبہ کیا۔

    اس حوالے سے بچے کے اہل خانہ نے پولیس کو بیان دیا کہ5دن کے بچے کو دو افراد رکشے سے چھین کر فرار ہوگئے تھے،
    پولیس نے واقعہ کا مقدمہ کورنگی زمان ٹاون تھانے میں درج کرلیا۔

    پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد رات کے کسی وقت اغوا کار بچے کو گھر کی دہلیز پر چھوڑ کر فرار ہوگئے، یہ واقعہ3 روز قبل پیش آیا، رشتے داروں کا آپسی معاملہ لگتا ہے۔

    دوسری جانب سہراب گوٹھ سے اغوا ہونے والی بچی آج صبح بازیاب ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد بچی کو سہراب گوٹھ کے قریب قبرستان میں چھوڑ کر فرارہوگئے۔

    بچے کے والد کا کہنا ہے کہ میڈیا پر بچی کے اغوا کی خبر کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی تھی، پولیس کی بروقت کاروائی سے اغوا کار بچی کو علاقے سے نکال نہیں سکے، تاہم اب بچی خیریت سے ہے۔

  • این آئی سی وی ڈی میں فائرنگ : سی ٹی ڈی اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

    این آئی سی وی ڈی میں فائرنگ : سی ٹی ڈی اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی : قومی ادارہ برائے امراض قلب میں سی ٹی ڈی اہلکار کی فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کامران کیخلاف مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ڈاکٹر کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    صدر تھانہ پولیس نے سی ٹی ڈی اہلکار کامران کیخلاف فائرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر فہد کو سی ٹی ڈی اہلکار کامران نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، پولیس نے گرفتار سی ٹی ڈی اہلکار کامران سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں گزشتہ روز ہونے والی فائرنگ سے ڈیوٹی ڈاکٹر زخمی ہوگیا تھا جب کہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا لیکن سی ٹی ڈی افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔ اسپتال میں فائرنگ کرنے والا ملزم سی ٹی ڈی کا اہلکار کانسٹیبل کامران ہے۔

    اس حوالے سے سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا سی ٹی ڈی سول لائنز میں تعینات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کی طبیعت گزشتہ کئی دنوں سے خراب تھی۔

    راجہ عمر خطاب کے مطابق ملزم ایک دن قبل بھی این آئی سی وی ڈی گیا تھا جہاں ماسک نہ پہننے پر گارڈ سے اس کی تلخ کلامی ہوئی تھی۔

    دوسری جانب اسپتال کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم گزشتہ روز مریض بن کر آیا تھا اور نیند کی گولیاں مانگ رہا تھا۔