Tag: FIR lodge

  • عائشہ ثناء پر کروڑوں‌ روپے فراڈ کا مقدمہ درج، اداکارہ مفرور ہوگئیں

    عائشہ ثناء پر کروڑوں‌ روپے فراڈ کا مقدمہ درج، اداکارہ مفرور ہوگئیں

    لاہور :پاکستانی اداکارہ اور میزبان عائشہ ثناء کے خلاف لاہور کے تھانے میں چیک باؤنس ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق  ٹی وی اداکارہ و میزبان عائشہ ثناء پر متعدد لوگوں نے غبن کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اداکارہ کروڑوں روپے کا فراڈ کرکے روپوش ہوگئیں ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ عائشہ تین دن سے مفرور ہیں اور وہ کسی کا فون بھی نہیں اٹھا رہیں۔ میاںعلی معین نامی شہری نے اداکارہ کے خلاف چیک باؤنس ہونے کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی میں درج کروایا۔

    میاں علی معین نے مؤقف اختیار کیا کہ  اداکارہ عائشہ ثناء نے اُن سے 20لاکھ روپے لیے اور پھر رقم کی واپسی کے تقاضے پر حیلے بہانے پیش کیے، کئی بار بولنے کے بعد اداکارہ نے بیس لاکھ روپے کا  چیک تھمایا جسے بینک نے باؤنس کردیا اور بتایا کہ اکاؤنٹ میں رقم موجود نہیں ہے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن ڈیفنس بی کے مطابق ملزمہ عائشہ ثناء مقدمہ درج ہونے کے بعد روپوش ہو گئی ہیں، اُن کی جلد گرفتاری کو ممکن بنایا جائے گا۔

    درخواست گزار کے مطابق عائشہ ثناء نے اور بھی کئی لوگوں سے پیسے لے کر جعلی چیک تھما دیئے۔ عائشہ ثناء نے گھریلو ضروریات اور”کمیٹی” کے لئے اپنے کئی دوستوں اور جاننے والوں سے لگ بھگ 6 کروڑ روپے جمع کئے۔

    متاثرہ شہری نے دعویٰ کیا کہ عائشہ ثناء کو رقم ادھار دینے والے ان کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں جبکہ پولیس بھی ان کی گرفتاری کیلئے کوشاں ہے۔

  • بھارت : متنازع اینکر ارنب گوسوامی نئی مشکل میں پھنس گئے

    بھارت : متنازع اینکر ارنب گوسوامی نئی مشکل میں پھنس گئے

    نئی دہلی : بھارت کے متنازع صحافی اور ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی اپنے ایک ٹی وی بیان کے بعد مشکلات کے بھنور میں پھنس گئے، مختلف شہروں میں سو سے زیادہ ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے نجی نیوز چینل ری پبلک ٹی وی کے مدیر ارنب گوسوامی گزشتہ دو دنوں سے خود خبروں کی زد میں ہیں اور اب تک ان کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں 100 سے زیادہ ایف آئی آرز بھیئ درج کی گئی ہیں۔

    ریپبلک ٹی وی کے ایک پروگرام ‘پوچھتا ہے بھارت’ میں انڈیا کی اہم سیاسی جماعت کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے حوالے سے ارنب کی جانب سے متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

    کانگریس رہنماؤں نے ری پبلک ٹی وی انتظامیہ اور اس کے مدیر ارنب گوسوامی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تو دوسری جانب بنگلور کے ایک آر ٹی آئی کارکن نے کرناٹک ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں ری پبلک ٹی وی کے براڈ کاسٹ اور ارنب گوسوامی کے ذریعے کچھ بھی براڈ کاسٹ کرنے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ممبر بھائی جگتاپ اور مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے نائب صدر سورج ٹھاکر نے درخواستیں دائر کی ہیں جبکہ کرناٹک ہائی کورٹ میں سماجی کارکن اور بنگلور کے آر ٹی آئی کارکن محمد عارف جمیل نے بھی درخواست دائر کی ہے۔

    دونوں درخواست گزاروں نے عدالت سے پال گھر میں دو سادھوؤں اور ان کے ڈرائیور کی پیٹ پیٹ کر مارڈالنے کے معاملے کو غلط طریقے سے فرقہ وارانہ رنگ دینے اور اس واقعہ کو لے کر کانگریس صدرسونیا گاندھی پر الزام لگانے کے لیے ارنب گوسوامی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ان ایف آئی آرز کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انڈیا کی عدالت عظمیٰ نے ارنب گوسوامی کو تین ہفتوں کے لیے گرفتاری سے روکا ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور ایم آر شاہ پر مشتمل بینچ نے ارنب کی درخواست پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت کی۔

    دو ججز کے بینچ نے ایف آئی آرز کو ختم کیے جانے کا فیصلہ تو نہیں سنایا لیکن انھیں تین ہفتوں کی مہلت ضرور مل گئی ہے، اس دوران وہ ضمانت قبل از گرفتاری کرا سکتے ہیں۔

  • کرونا وائرس : بے بی ڈول سنگر کانیکا کپور کے خلاف تین مقدمات درج

    کرونا وائرس : بے بی ڈول سنگر کانیکا کپور کے خلاف تین مقدمات درج

    لکھنو : کورونا وائرس کی شکار بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور کیخلاف تین مقدمات درج کرلیے گئے، گلوکارہ کیخلاف وزیراعلیٰ لکھنو کی ہدایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بے بی ڈول میں سونے دی اور چٹیاں کلائیاں جیسے گانوں سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ایک اور نئی مشکل میں پھنس گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنو کے چیف میڈیکل آفیسر نے گلوکارہ کے خلاف تھانہ سروجنی نگر میں جمعے کی رات ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

    یہ مقدمہ ان کیخلاف وزیراعلیٰ لکھنو یوگی ادتیہ ناتھ کی ہدایت پر درج کیا گیا ہے جس میں کانیکا کپور پر غفلت برتنے، خطرناک بیماری چھپانے اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے سی ایم او نے بتایا کہ مذکورہ گلوکارہ کانیکا کپور گیارہ مارچ کو ممبئی سے لکھنو پہنچیں اور وہ اس سے ایک روز قبل ہی لندن سے بھارت پہنچی تھیں، اس کے بعد گلوکارہ نے لوگوں سے میل ملاقاتیں کیں اور لکھنو میں کئی تقریبات میں بھی شرکت کی حالانکہ انہیں معلوم تھا کہ لندن سے واپسی پر انہیں قرنطینہ میں رہنا تھا۔

    وسطی لکھنو کے ڈپٹی کمشنر پولیس نے کانیکا کپور کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گلوکارہ کے خلاف ان ہی الزامات کے تحت مزید دو ایف آئی آرز بھی درج کر لی گئی ہیں، ایک ایف آئی آر تھانہ حضرت گنج اور دوسری گومیت نگر کے تھانے میں درج کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس کی شکار بھارتی گلوکارہ نے 300 لوگوں کی زندگی خطرے میں‌ ڈال دی

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کانیکا کپور قرنطینہ میں ہیں، گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کہنا تھا کہ میں اور میری فیملی مکمل طور قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں کہ آگے کیسے چلنا ہے۔

  • چار سدہ : پاکستانی پرچم کی بے حرمتی پر علی وزیر کیخلاف مقدمہ درج

    چار سدہ : پاکستانی پرچم کی بے حرمتی پر علی وزیر کیخلاف مقدمہ درج

    چار سدہ : پاکستانی پرچم کی بے حرمتی پر اور اشتعال انگیز تقریر کرنے پر ایم این اے علی وزیر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر مقامی ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں اشتعال انگیز تقریر اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چارسدہ کے مقامی ایس ایچ او کی مدعیت میں ایف آئی آر میں ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کو نامزد کیا گیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ علی وزیر نے ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کی۔ مقدمے میں دفعہ 120،153اے،121اےلگائی گئی ہیں، علی وزیر نے اشتعال انگیز تقریر میں شہروں کو تباہ کرنے کیلئے اکسایا۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ علی وزیر کا بیان انتہائی افسوسناک ہے، اس طرح کی سوچ رکھنے والوں کیلئے پارلیمنٹ کے دروازے بند ہونے چاہئیں، آزادی اظہار رائے کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی نے سیاست کرنی ہے تو کرے مگر ریاست کا مفاد پہلے ہوناچاہیے، علی وزیر کیخلاف تحقیقات اور سخت ایکشن ہونا چاہیے، وہ سیاست نہیں کررہے بلکہ انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، پختونوں کانام استعمال کرکے سازش کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    اس کے علاوہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی وزیر نے جو بات کہی وہ غلط ہے ان کو سمجھانے کی ضرورت ہے، ان کے ساتھ موجود لوگوں کو انہیں سمجھانا چاہیے، علی وزیر نے جو کہا اس کی مذمت کرتے ہیں تحقیقات ہونی چاہیے، میں کسی کا دفاع نہیں کررہا مگر ہر ادارے کو اپنا کام کرناچاہیے۔

  • منی لانڈرنگ کا الزام : ایف آئی اے نے طاہر اشرفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    منی لانڈرنگ کا الزام : ایف آئی اے نے طاہر اشرفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    لاہور : ایف آئی اے نے چیئرمین علماء کونسل طاہر اشرفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ایف آئی آر کے میں کہا گیا ہے کہ طاہر اشرفی منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا، ایف آ ئی اے نے مقدمہ ایف اے ٹی ایف کے تحت درج کیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ طاہر اشرفی منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے ہیں، طاہر اشرفی کے بینک اکاؤنٹ میں کروڑوں کی غیرملکی فنڈنگ ہوئی۔

    مذکورہ فنڈنگ نارویجین چرچ، جرمن سفارت خانے کی جانب سے کی گئی، متن کے مطابق امکان ہے کہ طاہر اشرفی کو ملنے والے فنڈز دہشت گردی میں استعمال ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سال 2017 کی ایک دستاویز کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی نے ایک امریکی این جی اوز سے90 ہزار ڈالر اور جرمن سفارت خانے سے43 لاکھ روپے وصول کیے جس کی دستاویزات منظرعام پر آگئیں، جبکہ طاہراشرفی نے اس وقت اس کی تردید کردی تھی۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان علماء کونسل کے چئیرمین طاہر اشرفی نے دہشت گردی کے رحجانات کے خاتمے کی مد میں امریکی این جی او آئی سی آر ڈی سے90 ہزار ڈالر لیے۔

    دستاویز کے مطابق امریکی این جی او سے جو رقم وصول کی گئی وہ پاکستانی کرنسی میں آج کے حساب سے تقریبا 94ایک کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

    علاوہ ازیں طاہراشرفی نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا اور دینی مدارس میں دہشت گردی کے رحجانات کی مانیٹرنگ کے لیے جرمن سفارت خانے سے بھی رقم وصول کی۔

    دستاویز کے مطابق کیولری گراؤنڈ کے نجی بینک اکاؤنٹ میں ان کے لیے43 لاکھ 44 ہزار روپے کی فنڈنگ جمع کرائی گئی۔

    مزید پڑھیں: طاہراشرفی کو امریکی و جرمن فنڈنگ، دستاویزات منظرعام پر

    اس حوالے سے طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ امریکی این جی او اور جرمن ادارے فنڈنگ کی تردید کرچکے ہیں، اس کے علاوہ جرمن سفیر نے بھی کئی مرتبہ اس بات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

     طاہراشرفی نے کہا کہ میں نے پاکستان اوراسلام دشمنی کا کبھی کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی پاکستان کےخلاف کبھی کوئی بات کی، میری زندگی کی جدوجہد اسلام اور پاکستان کے لیے ہے، اگر دہشت گردی کے خلاف بات کرنا جرم ہے تو میں یہ جرم کرتا رہوں گا۔

  • کسٹم کی کامیاب کارروائی، پندرہ کروڑ روپے کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس چوری ناکام بنا دی

    کسٹم کی کامیاب کارروائی، پندرہ کروڑ روپے کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس چوری ناکام بنا دی

    کراچی : کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ نے کارروائی کرکے15کروڑ روپے کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس چوری ناکام بنادی، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے پاکستان کنٹینر ٹرمینل پر کامیاب کارروائی کرکے مس ڈکلیریشن کے ذریعے پندرہ کروڑ روپے کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس چوری ناکام بنا دی۔

    اس حوالے سے کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر ایکشن ہوا، دبئی سے درآمد کنٹینرکے کاغذات میں استعمال شدہ کپڑے ظاہر کیے گئے تھے۔

    کنٹینر کی تلاشی پر واردات کا انکشاف ہوا۔ دبئی سے استعمال شدہ کپڑوں کی آڑ میں غیر ملکی سگریٹ، کاسمیٹکس، پرفیومز، الیکٹرانک اشیاء، لیپ ٹاپ، موبائل فون، سرکٹ بریکرز، آٹو پارٹس اور موبائل ریڈیالوجی یونٹ کا کنٹینر پکڑا گیا۔

    مزید پڑھیں: ماڈل کسٹمز کلیکٹریٹ نے ایف بی آر ٹیکسز کے اہداف پورے کرلیے

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ کنٹینر میسرز ایم ایم ٹریڈنگ کمپنی نے برطانیہ سے درآمد کیا گیا تھا، ترجمان کسٹم کے مطابق سامان درآمد کنندہ کمپنی کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے۔

  • ملتان : غیرت کے نام پر قتل ہونے والے افراد کا پوسٹ مارٹم، نمازجنازہ ادا کردی گئی

    ملتان : غیرت کے نام پر قتل ہونے والے افراد کا پوسٹ مارٹم، نمازجنازہ ادا کردی گئی

    ملتان : غیرت کے نام پر قتل ہونے والے افراد کی تعداد نو ہوگئی، ایک ہی گھر کے نو افراد کی نمازجنازہ گھنٹہ گھر چوک پر ادا کی گئی، پولیس نے ملزم کو اس کے باپ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والوں کی تعداد نو ہوگئی، چار افراد کو مبینہ طور پر زندہ جلایا گیا، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک بچہ اور بچی کے علاوہ دیگر افراد کے جسم پر گولیوں کے نشانات ملے ہیں۔

    بچے اور بچی کی موت پھیپھڑوں میں دھواں بھرنے سے ہوئی، چار لاشیں مکمل طور پر جھلسی ہوئی تھیں، بظاہر ان چاروں کو جب آگ لگائی گئی تب ان کی سانسیں چل رہی تھیں۔

    ملتان میں ایک ہی گھر کے نو افراد کی نمازجنازہ گھنٹہ گھر چوک پر ادا کی گئی، نماز جنازہ اور تدفین میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے جو غم سےنڈھال تھے، یاد رہے کہ گزشتہ رات حسن آباد کے علاقے میں ملزم نے باپ کی مدد سے بیوی، بچوں، ساس اور سالیوں سمیت نو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور پھرگھر کو بھی آگ لگادی۔

    واقعےمیں بچ جانے والے ملزم کے سالے نے بتایا کہ بہنوئی شکی مزاج تھا اور اکثربہن سے جھگڑے بھی ہوتے تھے، پولیس کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک بچہ اور بچی کے علاوہ دیگر افراد کے جسم پر گولیوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

    ملتان، گھریلو جھگڑے کے دوران 9 افراد قتل، شوہر سمیت 2 ملزم گرفتار

    بچے اور بچی کی موت پھیپھڑوں میں دھواں بھرنے سے واقع ہوئی، چار لاشیں مکمل طور پر جھلسی ہوئی تھیں، بظاہر جب آگ لگائی گئی تو ان کی سانسیں چل رہی تھیں، پولیس نے اجمل اور اس کے باپ ظفر کو حراست میں لے لیا ہے، ایف آئی آر میں ملزمان کیخلاف دہشت گردی کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔

  • بنگلا دیش : ہراسگی کی شکار اسکول طالبہ کو زندہ جلانے کا مقدمہ ہیڈ ماسٹر کے خلاف درج

    بنگلا دیش : ہراسگی کی شکار اسکول طالبہ کو زندہ جلانے کا مقدمہ ہیڈ ماسٹر کے خلاف درج

    ڈھاکہ : بنگلا دیش میں جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرانے والی انیس سالہ طالبہ کو زندہ جلانے کا مقدمہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق دو ہفتے قبل اسکول کی طالبہ نصرت جہاں رفیع نے اپنے ہیڈ ماسٹر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا، پولیس نے لڑکی سے ہمدردی اور اہل خانہ سے تعاون کرنے کے بجائے لڑکی کا ویڈیو بیان لیا۔

    ویڈیو بیان کے دوران لڑکی بار بار اپنا چہرہ چھپاتی رہی جب کہ پولیس انسپکٹر یہی کہتا رہا کہ کچھ نہیں ہوا ایسا تو ہوتا رہتا ہے۔ انیس سالہ طالبہ کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    جس کے بعد لڑکی کو ہیڈ ماسٹر کے حامیوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے لگیں اور طالبہ کو اسکول آنے سے روک دیا گیا تاہم گیارہ روز بعد نصرت جہاں سالانہ امتحان دینے اپنے بھائی کے ساتھ اسکول پہنچی۔

    انتظامیہ نے بھائی کو باہر ہی روک دیا اور لڑکی کو اندر جانے کی اجازت دے دی گئی جہاں اسے دھوکے سے اسکول کی چھت پر بلایا گیا اور برقع پوش لڑکوں نے مقدمہ واپس نہ لینے کی پاداش میں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

    نصرت کے بھائی نے دم توڑتی بہن کا ایمبولینس میں ہی ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا جس میں لڑکی نے کہا تھا کہ جنسی ہراسانی کے خلاف آخری سانس تک لڑوں گی۔

    نصرت کا جسم 80 فیصد تک جھلس گیا تھا بعد ازاں وہ جانبر نہ ہوسکی جس پر پولیس نے 17 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں سے ایک نے ہیڈ ماسٹر کے کہنے پر طالبہ کو آگ لگانے کا جرم تسلیم بھی کرلیا ہے۔

  • قائد آباد پولیس مقابلہ : دومقدمات درج، قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل

    قائد آباد پولیس مقابلہ : دومقدمات درج، قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل

    کراچی : گزشتہ روز قائد آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دو مقدمات درج کرلئے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے میں گزشتہ روز ہونے والے مبینہ پولیس مقابلہ سے متعلق بتاتے ہوئے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے سادہ لباس دونوں اہلکار انٹیلی جنس ڈیوٹی پر تھے۔

    ایک اہلکار نے ڈاکو سے مقابلہ کرنے کی کوشش کی، اہلکارکی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہوا، جس پر ملزم نے بھاگ کر ایک گھر میں پناہ لے لی اور بچے کو یرغمال بنالیا۔

    عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم پہلے بھی کئی بار گرفتار ہوچکا ہے، ایس ایس پی ملیر کے مطابق واقعے کے دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

    مقدمے میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی اور غیرقانونی اسلحے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ واقعے کی تفتیش ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: قائد آباد میں پولیس مقابلہ ، ملزم اور اہلکار زخمی، فائرنگ کی زد میں آکر بچہ جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قائدآباد میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر بارہ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ ملزمان کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے، پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

    جاں بحق بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سجاد کو چار سے پانچ فٹ کے فاصلے سے چلائی گئی چھوٹے ہتھیار کی دو گولیاں لگیں، مقتول کو ایک گولی سر اور دوسری دائیں بازو میں لگی، سر میں لگنے والی گولی موت کی وجہ بنی۔

    گرفتار ملزم اسٹریٹ کرائمز اور پولیس مقابلوں میں ملوث اور پولیس کو دس سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا، اور حال ہی میں جیل سے رہا ہو کر آیا تھا۔

  • فیصل آباد : سفاک شوہر نے بیوی کی زبان کاٹ دی، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    فیصل آباد : سفاک شوہر نے بیوی کی زبان کاٹ دی، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    فیصل آباد / لاہور : مشتعل شوہر نے بیوی کی زبان کاٹ دی، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، لاہور میں سسرال والوں کے مظالم سے تنگ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب سے تحفظ کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں کی حدود میں گھریلو جھگڑے کے بعد شوہر نے بیوی پر بہیمانہ تشدد کیا، مضروبہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو جھگڑے کے بعد مشتعل شوہر نے بیوی نسرین کی زبان کاٹ دی، تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں پولیس نے ملزم جہانگیر کو گرفتار کرلیا۔

    زخمی نسرین کے رشتہ دار نے پولیس کو بتایا ہے کہ جھگڑے کے بعد ملزم جہانگیر نے پہلے نسرین کو طلاق دی پھر اسے قتل کرنے کی کوشش کی، جس کے باعث تیز دھار آلے سے اس کی زبان کٹ گئی۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے شاد باغ کی رہائشی خاتون انیلہ مبشر نے شوہر اور ساس کے مظالم سے پریشان ہوکر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تحفظ کی اپیل کی ہے۔

    انیلہ مبشر نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ چار سال سے اس کا خاوند اور ساس رسیوں سے باندھ کر اسے پائپ سے شدید تشدد کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

    بہیمانہ تشدد کے باعث بچہ بھی پیٹ میں ہی مرگیا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے کمرے میں بند کرکے مارتے اور جسم پر گرم تیل پھینکتے تھے۔

    اسما تشدد کیس میں نیا موڑ، ملزم ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث نکلا

    یاد رہے کہ گذشتہ رو زلاہور کی مقامی عدالت میں اسما عزیز تشدد کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس کے عدالت نے اسما کے خاوند فیصل اور ملازم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا.

    خیال رہے کہ اسما کے شوہر نے بہیمانہ تشدد کے بعد اس کے بال مونڈھ دیے تھے، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے واقعے کا فوری نوٹس لیا، جس کے بعد پولیس نے خاتون کے شوہر سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، تھانہ کاہنہ میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔