Tag: FIR

  • ڈاکٹر عاصم  حسین کے خلاف کرپشن اور منی لانڈری  کا مقدمہ درج

    ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن اور منی لانڈری کا مقدمہ درج

    کراچی : سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف زمینوں پر قبضے، غیر قانونی الاٹمنٹ اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم کے ستارے گردش میں ہیں، سابق وفاقی وزیر پرکرپشن اور منی لانڈری کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہوگیا ہے،۔

    انہیں نوے روزہ حراست کے بعد باقاعدہ گرفتار کرلیا جائے گا، دوسری جانب پولیس نے بھی زخمی دہشت گردوں کے علاج کے الزامات کے تحت ڈاکٹر عاصم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں ستائیس مبینہ دہشت گردوں کا علاج ہوا۔ ان میں سے چودہ کا تعلق ایم کیو ایم سے اور آٹھ کا لیاری گینگ وار سے تھا، جبکہ کالعدم تنظیموں کے پانچ زخمی دہشت گردوں کا بھی علاج کیا گیا۔

    سیکیورٹی حکام نے ان افراد کے علاج کی تمام تفصیلات حاصل کرلی ہیں، اسپتال کے دیگر عملے کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا۔

    ڈاکٹر عاصم کا مؤقف ہے کہ اسپتال میں مریضوں کا علاج ان کی ذمہ داری نہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کوچھبیس اگست کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نوے روز کے ریمانڈ کے لئے رینجرز کی تحویل میں دیا تھا۔

  • مون گارڈن کے مکینوں نے بلڈر کیخلاف مقدمے کی درخواست دیدی

    مون گارڈن کے مکینوں نے بلڈر کیخلاف مقدمے کی درخواست دیدی

    کراچی : مون گارڈن کےمکینوں نے پراجیکٹ بلڈرکےخلاف مقدمےکےاندراج کیلئےدرخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں متنازعہ رہائشی عمارت مون گارڈن کے مکینوں نے بلڈر کے خلاف مقدمے کی اندراج کی درخواست دے دی ہے۔

    مقدمے کی درخواست شارع فیصل تھانے میں جمع کرائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کی درخواست موصول ہوگئی ہے.

    بلڈر کے خلاف آج مقدمہ درج کیا جائے گا۔ بلڈر کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے مون گارڈن کے متاثرین کو عارضی ریلیف دے دیا تھا۔

    عدالت نے مون گارڈن کے تمام فریقین کو 18 نومبر کو طلب کرتے ہوئے بلڈر کو گرفتار کرنے اور آئی جی سندھ کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس میں ملوث تمام اداروں کو نوٹسز جاری کردیئے، جب کہ پولیس کو مون گارڈن کیس سے متعلق 18 نومبر تک کارروائی سے روک دیاگیا ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے دو روز قبل گلستان جوہر میں واقع ریلوے اراضی پر قائم مون گارڈن کے فلیٹس 24 گھنٹے میں خالی کرانے کے احکامات جاری کئے تھے.

  • ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کیخلاف مقدمہ درج، دہشتگردی کی دفعات شامل

    ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کیخلاف مقدمہ درج، دہشتگردی کی دفعات شامل

    کراچی : ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کیخلاف ایک شہری کی درخواست پر رات گئے دوسرا مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا تھانے میں ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مقدمے میں ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے،لوگوں کو ہنگامہ آرائی پر اکسانے اور انسداددہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔اے آروائی نیوز نے مقدمے کی کاپی حاصل کرلی۔

    کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کےخلاف عام شہری کی درخواست پر پہلا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کیا گیا، جس میں ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے ،لوگوں کو ہنگامہ آرائی پر اکسانے اور دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں۔

    درخواست میں کہا گیاکہ وسیم اختر اپنے بیان سےانتشار پھیلا رہے ہیں ، ایم کیوایم کےرہنما کیخلاف سہراب گوٹھ تھانے میں بھی عام شہری کی درخواست پر دوسرا مقدمہ درج کرلیا۔

    جس میں انسداددہشت گردی ایکٹ، ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں ، مدعی نے درخواست میں کہا کہ وسیم اختر کے میڈیا میں ملک کے حساس اداروں کیخلاف بیان سے عوام کی دل آزاری ہوئی۔

  • قصور ویڈیو اسکینڈل متاثرین کیخلاف مقدمات ختم کرنیکی ہدایت

    قصور ویڈیو اسکینڈل متاثرین کیخلاف مقدمات ختم کرنیکی ہدایت

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے قصور ویڈیو اسکینڈل کے متاثرین کے خلاف درج مقدمات ختم کرنے کی ہدایت کردی ،جبکہ متاثرین نے جے آئی ٹی میں پیش ہونے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قصور ویڈیو اسکینڈل کے متاثرہ بچوں نے لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی اور انہیں پولیس اور انتظامیہ کے عدم تعاون اور انصاف کے حصول میں پیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وہ خدا کو گواہ بنا کر کہتے ہیں کہ متاثرہ بچوں کو ہر صورت انصاف دلائیں گے ۔

    وزیر اعلیٰ نے کہاکہ قصور ویڈیو اسکینڈل سے انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے وہ انصاف کی فراہمی میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دینگے۔

    میاں شہباز شریف نے متاثرین کے خلاف درج دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمہ فوری ختم کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو یقین دلایا کہ وہ کل سے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے۔

  • فوج کیخلاف تقریر،الطاف حسین کےوارنٹ گرفتاری جاری

    فوج کیخلاف تقریر،الطاف حسین کےوارنٹ گرفتاری جاری

    گلگت : انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کےوارنٹ گرفتای جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق الطاف حسین کی پاک فوج کے خلاف تقریر پرگلگت کے نو تھانوں میں ایف آئی آرزدرج کرائی گئیں تھیں۔

    گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمات پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد کے وارنٹ جا ری کر دیئے۔

    الطاف حسین کی متنازعہ تقریرکےخلاف ملک بھر میں شدید رد عمل دیکھنے میں آیا تھا۔ اور شہریوں کی جانب سےشہر شہر مقدمات درج کرائے گئے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف ایف آئی آرز کی تعداد سو سے زائد ہے۔

  • ملک ریاض کو بلیک میل کر نے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    ملک ریاض کو بلیک میل کر نے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    لاہور : بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کو بلیک میل کر نے والے تین ملزمان کے خلاف عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے ملک ریاض کو بلیک میل کرکے بھتہ وصول کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت کے حکم پرکرنل (ر) طارق، کرنل (ر) خالد اور ڈاکٹر شفیق کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بلیک میل کرنے والوں کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست لوہی بھیر کے تھانے میں جمع کرو ا ئی گئی تھی جس کے ساتھ بھتہ وصول کرنے کے ثبوت بھی لگائے گئے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیاتھا کہ بلیک میلرز نے ان کیخلاف ارسلان افتخار کا نام استعمال کرکے ڈرانے کی کوشش بھی کی ۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیاکہ بلیک میلرز نے 28جون 2013کو 5کروڑ روپے بھتہ وصول کیا تھا۔

  • ذوالفقار مرزا کے خلاف مقدمات کی سماعت چھ اگست تک ملتوی

    ذوالفقار مرزا کے خلاف مقدمات کی سماعت چھ اگست تک ملتوی

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں قائم تین مقدمات اور کراچی درخشاں کے علاقے میں قائم مقدمے میں سماعت چھ اگست تک ملتوی کردی۔

    کراچی کے علاقے درخشاں میں قائم مقدمے میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا پر پولیس اہلکاروں کو ہراساں کرنے اور حملہ کا الزام ہے، آئندہ سماعت پر سرکاری وکلاء عدالت میں چالان پیش کریں گے اور گواہان کے بیانات کی نقول بھی ملزمان کے وکلاء کو فراہم کی جائیں گے ۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا پر بدین میں قائم مقدمات میں بھی ان پر کارسرکار میں مداخلت، بھتہ خوری سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں آصف زرداری نے پہلے فوج کے خلاف بیان دیا اب دبئی میں چھپ کر بیٹھے ہیں اور معافیاں مانگ رہے ہیں۔

  • ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج، گرفتاری کا حکم

    ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج، گرفتاری کا حکم

    کراچی : فوج کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین،ڈاکٹر فاروق ستار اور خالدمقبول صدیقی سمیت ایم کیوایم کے تمام مرکزی رہنماؤں کیخلاف کراچی کے تھانوں میں دس مقدمات درج کر لئے گئے,چوبیس رہنماؤں کے ایئرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم کے مر کزی رہنماؤں کےخلاف مقدمات درج کئے جانے لگے،شہر کے مختلف تھانوں میں الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کے چوبیس رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

    جن رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ان میں ڈاکٹرفاروق ستار، خالدمقبول صدیقی ، وسیم اختر،قمرمنصور ،خواجہ  اظہارالحسن،رؤف صدیقی،ریحان ہاشمی نامزد کئے گئے ہیں۔

    خواتین رہنماؤں میں خوش بخت شجاعت،کشورزہرہ بھی نامزد کی گئی ہیں ان کے علاوہ رشیدگوڈیل،سیف یارخان بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔

    تھانہ ڈاکس میں بھی کسی شہری نے مقدمہ درج کرادیاہے۔ مذکورہ مقدمات تھانہ سچل ، ملیر اور گڈاپ، تھانہ سٹی ،سکھن اور بن قاسم ودیگر تھانوں میں درج کرائے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت ملک بھرمیں قائدتحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے رہنماؤں اورمنتخب نمائندوں کے خلاف مقدمات درج کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے ایم کیوایم کے رہنماؤں، منتخب نمائندوں ،عہدیداروں،کارکنوں اورعوام کوڈرایادھمکایانہیں جاسکتا۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی انتقامی کارروائیوں کانوٹس لیں اوران کے خلاف آوازاحتجاج بلندکریں۔

  • الطاف حسین کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج

    الطاف حسین کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج

    اسلام آباد / کراچی /لاہور / کوئٹہ : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    لاہور تھانہ ستوکلتہ اور تھانہ پرانی انار کلی میں ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف دو الگ الگ ایف آئی آر درج ہو گئی، پنجاب بھر کے متعدد تھانوں میں ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف دن بھر درخواستیں جمع کروائی گئی ، بلآخر اب سے کچھ دیر قبل لاہور کے تھانہ ستوکتلہ اور پرانی انار کلی میں شہریوں کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔

    مقدمات ایم کیوایم کے سربراہ الطاف حسین کی پاک فوج اور سیکورٹی داروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کی بنا پر درج کروا گیا ہے، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرادی گئی۔

    درخواست سول سوسائٹی کے عبداللہ ملک کی جانب سے داخل کرائی ۔ درخواست گذار نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مسلح افواج اور سیکورٹی کے دیگر اداروں کے خلاف بیان بازی آئین کے آرٹیکل ایک سوننانوے کے تحت ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے درخواست گذار نے موقف اختیار کیا کہ ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کرنا غداری کے زمرے میں آتا ہے اس لیے عدالت ایم کیو ایم کے سربراہ کے خلاف غداری کا مقدمی درج کرنے کا حکم دے۔

    علاوہ ازیں اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ، بارہ کہو اور گولڑہ میں چار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ حیدر آباد کے تھانہ فورٹ میں مقدمہ وحید نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مٹیاری پولیس نے عثمان جوکھیو کی درخواست پر ایف آئی آر درج کی۔

    جیکب آباد کے تینوں تھانوں میں بھی مختلف مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ تینوں مقدمات دفعہ 153 کے تحت درج کئے گئے ہیں۔

    خیرپور میرس کے تھانہ تھری میرواہ اور فیض گنج میں بھی دو مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ دادو کے تھانہ اے سیکشن میں دو مقدمات درج ہوئے۔

    شکار پور کے مختلف تھانوں میں بھی الطاف حسین کے خلاف تین مقدمات درج ہوئے ہیں۔ لاڑکانہ، میر پور خاص اور سکھر میں دو، دو ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ بدین میں تین جبکہ ٹھٹھہ، گھوٹکی اور ٹنڈو الہ یار میں ایک ایک مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ کنری اور مٹھی کے تھانوں میں بھی الطاف حسین کی تقریر پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں۔

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے تھانہ سٹی اور تھانہ گوالمنڈی میں بھی مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ہرنائی پولیس اسٹیشن میں بھی ایف آئی آر درج کی گئی۔ چمن میں مقامی شہری کی درخواست پر بھی ایف آئی آر درج ہو گئی ہے۔

  • بینظیر بھٹو کےقتل کی ایف آئی آر واپس نہیں لےسکتے،آصف زرداری

    بینظیر بھٹو کےقتل کی ایف آئی آر واپس نہیں لےسکتے،آصف زرداری

    نوڈیرو : پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا ہے شہید بینظیر بھٹو کے قتل کی ایف آئی آر واپس نہیں لے سکتے چاہے کوئی کتنا ہی دباؤ ڈالے۔

    یہ بات انہوں نے نوڈیرو میں بینظیر بھٹو کی باسٹھویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری،بختاوراورآصفہ بھٹو اور پی پی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

      نوڈیرو ہاؤس میں بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔ تقریب سے خطاب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا بے نظیر بھٹو نے ڈرائنگ روم کی سیاست عوام کےہاتھوں میں دی۔

    انہوں نے کہا کہ شہید بےنظیربھٹوکےقتل میں ملوث کچھ ملزمان مارےگئے کچھ جیل میں ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو نے خود کہا تھا کہ انہیں کچھ ہوا تو ذمے داری پرویز مشرف پر ہوگی۔

    اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نوڈیرو ہاؤس سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گڑھی خدا بخش پہنچے۔ بختاور بھٹو زرداری اور وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید بھی ساتھ موجود تھے۔

    آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سابق صدر مزار پر حاضری کے بعد واپس نوڈیرو ہاؤس چلے گئے جہاں قرآن خوانی کے بعد سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔