Tag: FIR

  • اسلام آباد پولیس کا سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار

    اسلام آباد پولیس کا سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار

    اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد طاہرعالم کو حکم دیا تھا کہ پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملوں کے حوالے سے سی آئی اے چیف کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا جائے۔

    تاہم اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل جمعرات کو دائر کی جائے گی۔

     اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا تھا کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں ہلاکتیں اسلام آباد نہیں بلکہ فاٹا میں ہوئی ہیں لہذا مقدمہ بھی وہیں درج ہونا چاہیے۔

  • سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

    سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

    اسلام آباد : امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں سے ہلاکتوں پر درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔

    انہوں نے حکم دیا کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے پاکستان میں سربراہ جوناتھن بینکس کے خلاف مقدمہ چوبیس گھنٹوں میں درج کرکے رپورٹ رجسٹرار دفتر میں جمع کرائی جائے ۔

    عدالت نے اسلام آباد پولیس کے سربراہ طاہر عالم سے استفسار کیا کہ سی آئی اے کنٹری ڈائریکٹر جوناتھن بینکس کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق عدالتی احکامات کو ایک سال ہوگیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    اس پر آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ مقدمے میں وزارت خارجہ بھی فریق ہے۔اگر مقدمہ درج ہوا تو پاک امریکا سفارتی تعلقات متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

    جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ عدالت آئین اور قانون کے مطابق چلتی ہے۔ اگر کہیں پر کوئی غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنا عدالت کا کام ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم کو محض ایک کاغذ کا ٹکڑا سمجھ رہی ہے اس لئے اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

  • ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

    کراچی : ایم کیو ایم کی درخواست پرپی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دی جانے والی درخواست کے بعد عزیز آباد تھانے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ نمبر 97/2015 درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں  این اے دو سو چھیالیس کے لئےپی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل، عزیزا للہ آفریدی اور دیگر کارکنان کیخلاف ایم کیو ایم کارکنان کو زدوکوب کرنے اور قائد تحریک الطاف حسین کی تصاویر اور پوسٹر پھاڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوگ  یادگار شہداء کی بےحرمتی کرنے پر مشتعل ہوئے،  پی ٹی آئی رہنماؤں پر دفعہ 427 ۔506 اور دھمکیاں دینے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالحسیب ودیگر موجودتھے۔

  • تنظیمات اہلسنت کے دس رہنماؤں سمیت پینتالیس کارکنوں کے کیخلاف مقدمہ

    تنظیمات اہلسنت کے دس رہنماؤں سمیت پینتالیس کارکنوں کے کیخلاف مقدمہ

    فیصل آباد : تنظیمات اہلسنت کے دس رہنماؤں سمیت پینتالیس کارکنوں کے کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ لاؤڈ اسپیکرپر پابندی کیخلاف احتجاج کے دوران دکانیں زبردستی بند کرانے پر درج کیا گیا .

    ایف آئی آر میں صاحبزادہ حامد رضا،بخش الہیٰ،عابد قمر نورانی سمیت دس افراد کو نامزد کیا گیا ہے، تھا نہ کوتوالی میں درج مقدمے میں چھ دفعات لگائی گئیں ہیں۔

    اس سے قبل فیصل آبادمیں سنی اتحاد کونسل کےاحتجاج کے دوران دکانیں بند کرانے پرمظاہرین اور تاجروں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔

    مظاہرین نے ٹائرجلا کر شہر کی اہم شاہراوں پردھرنے دیئے۔لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی پر علما کی گرفتاری سنی اتحاد کونسل کےکارکنان کوسڑکوں پرلےآئی

    ۔شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر مظاہرین نے ڈنڈے اٹھالئے اور سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کیا،احتجاج کے دوران مظاہرین نے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی جس پر تاجر اور مظاہرین گتھم گتھا ہوگئے.

    نقاب پوش ڈنڈہ بردار احتجاج کے دوران دکانیں بند کراتے رہے اور سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کرتے رہے، تاجروں کا کہنا ہے توڑ پھوڑ کے ذریعے مارکیٹ بند کرانے کے بجائے ہمیں بلا کر اپیل کی جائے تو ہڑتال میں تعاون کریں گے .

    جبکہ مظاہرین کا کہنا تھا کہ احتجاج پُر امن ہے علما کو رہا کیا جائے علما کی گرفتاری کیخلاف سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اہل سنت کی بیالیس تنظیمات بھی احتجاج میں شریک ہیں۔

  • حکومت نے’الطاف حسین‘کے خلاف ثبوت برطانیہ کے حوالے کردئیے

    حکومت نے’الطاف حسین‘کے خلاف ثبوت برطانیہ کے حوالے کردئیے

    اسلام آباد: وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف ثبوت اوردیگر تفصیلات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کردیں۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثاراوربرطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی ملاقات بدھ کے روز پنجاب ہاؤس میں ہوئی۔

    ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے رینجرز کی جانب سے متحدہ کے قائد کے خلاف رینجرز کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی کی نقل ، ایم کیو ایم کی متنازعہ سرگرمیوں پر رینجرز کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ اور ایم کیو ایم کے مرکز اور الطاف حسین کی رہائش گاہ نائن زیرو پرچھاپے کے دوران برآمد کیا گیا اسلحہ اور مفرور افراد کی گرفتاری تفصیلات پرمبنی مکمل رپورٹ فلپ بارٹن کے حوالے کی گئیں۔


    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف سول لائن تھانے میں مقدمہ درج


    واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کا معاہدہ موجود ہے اوراسی معاہدے کی بناءپر پاکستانی حکومت کی جانب سے انتہائی سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔

    چوہدری نثار علی خان نے حکومتی موْف کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ’’برطانوی شہری پاکستان میں نقصِ امن کی سرگرمیوں میں ملوث ہے‘‘۔

    یہاں پر یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ وفاقی وزیر اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات غیررسمی تھی اور اسی لئے فلپ بارٹن کو وزارتِ داخلہ کے بجائے پنجاب ہاؤس میں طلب کیا گیا۔


    ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کا چھاپ


    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف کی جانے والی حالیہ کاروائیوں نے کراچی کی معیشت پر بھی اثر ڈالا ہے اوربدھ کے روز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً ایک ہزار پوائنٹ کی تاریخی مندی دیکھی گئی ہے۔

     

  • کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف سول لائن تھانے میں مقدمہ درج

    کراچی: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف سول لائن تھانے میں مقدمہ درج

    کراچی : متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج  کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف رینجرز کے کرنل طاہر کی مدعیت میں سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

    ذرائع کے مطابق مقدمہ میں رینجرز کو دھمکی اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ مذکورہ مقدمہ رینجرز کے اعلیٰ افسران کی اجازت سے درج کرایا گیا ہے

    مقدمہ ایم کیو ایم  کے قائد کی جانب سے  رینجرز حکام کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 7 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506 بی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نجی  ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں رینجرز کے خلاف بیان دیا تھا۔ اسی بیان کو بنیاد بنا کر الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

  • پاکستان برطانیہ کے درمیان تحویل مجرمین کا معاہدہ بحال

    پاکستان برطانیہ کے درمیان تحویل مجرمین کا معاہدہ بحال

    اسلام آباد : پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تحویل مجرمین کا معاہدہ بحال ہوگیا ہے۔ وزیرِداخلہ کےحکم پر ایف آئی اے نے مفرور مجرم رضوان حبیب کو آٹھ ماہ بعد ایکواڈور سے گرفتارکرلیا۔

    قتل کا مجرم برطانیہ سے سزا یافتہ ہے جسے دو ہزار دس میں ایک معاہدےکےتحت عمرقید کی بقیہ سزا کاٹنے کیلئے پاکستان منتقل کیا گیا تھا۔

    پاکستان پہنچنےکےچند دن بعد ہی مجرم کو غیرقانونی طور پررہاکر دیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد برطانیہ نے دو ہزار بارہ میں مجرموں کے اپنے ملکوں میں سزا کاٹنے کا معاہدہ معطل کردیا تھا۔

    وزیرِداخلہ کے احکامات پر ملزمان کے فرار میں مدد دینے والے وزارت داخلہ اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کوگرفتارکرلیا گیا تھا۔ جس کے بعد تحویل مجرمین کا معاہدہ بحال کردیا گیاہے۔

  • مولانا عبد العزیز نے پولیس کو اپنے تعاون کا یقین دلا دیا

    مولانا عبد العزیز نے پولیس کو اپنے تعاون کا یقین دلا دیا

    اسلام آباد: لال مسجد کےخطیب مولانا عبد العزیز نے پولیس کو اپنے تعاون کا یقین دلا دیا،انہوں نے کہا کہ جہاں جائیں گے پولیس کو اطلاع دے کر جائیں گے ۔

    دہشت گردوں کی مذمت نہ کرنے والے لال مسجد کی خطیب مولانا عبد العزیز نے آئی جی اسلام آباد کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

     آئی جی اسلام آباد کے نام خط مین مولانا عبد العزیز نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد کے ایک پُرامن شہری ہیں ، انکا کسی انتہا پسند تنظیم یا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔

     مولانا نے اپنے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ پچاس سال سے اسلام آباد میں پُرا من طور پر رہ رہے ہیں اورآئندہ بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔

     مولانا عبد العزیز نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ اپنی رہائش کی تبدیلی اور نقل و حرکت سے متعلق پولیس کو بروقت آگاہ رکھیں گے۔

  • وزارت داخلہ نےساڑھے چارہزار مشتبہ افراد کی فہرست صوبوں کو دیدی

    وزارت داخلہ نےساڑھے چارہزار مشتبہ افراد کی فہرست صوبوں کو دیدی

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے ملک بھر میں چار ہزارپانچ سو اٹھاون مشتبہ افراد کی فہرست تیارکرکے صوبوں کے حوالے کردی ہے مولانا عبدالعزیز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

     وزرات داخلہ کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز بھی مشتبہ افراد کی فہرست میں شامل ہیں ۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل سلیم باجوہ کا کہناہے مولانا عبدالعزیز کے وارنٹس جاری ہوچکےہیں،ان وارنٹس پر عمل درآمد باقی ہے۔

    وزرارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں چار ہزارپانچ سو اٹھاون مشتبہ افراد کی فہرست تیارکرکے صوبوں کے حوالے کردی گئی۔

    فہرست کے مطابق دوہزاردوسو پچپن خیبر پختونخوامیں ،ایک ہزار چھیانوے مشتبہ افراد پنجاب میں چارسو اناسی سندھ میں دس مشتبہ افراد گلگت بلتستان،اور بیس مشتبہ افراد اسلام آباد میں موجودہیں۔

     وزرات داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے تمام مشتبہ افراد سے حلف نامے لیے جائیں گے وہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی یا انتہا پسندی میں ملوث نہیں ہیں ۔

     وزرات داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو مشتبہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • گورنرسندھ نے سرکاری اسکول مسمارکرنیکا نوٹس لے لیا

    گورنرسندھ نے سرکاری اسکول مسمارکرنیکا نوٹس لے لیا

    کراچی : شاہ فیصل کالونی میں واقع سرکاری اسکول کو مسمار کرکے گھر تعمیر کرنے کا گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا۔ سرکاری اسکول پر چند ماہ قبل بھی قبضہ کیا گیا تھا۔

    جس کی ایف آئی آر ڈائریکٹر عبدالوہاب عباسی نے کئی ماہ قبل درج کرائی تھی، دو افراد کو نامزد بھی کیا گیا تھا تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    موسم سرما کی تعطیلات کے بعد جب دوبارہ اسکول کھلے تو اسکول کی عمارت مسمار ہوچکی تھی ، طلبہ و طالبات کھلے آسمان تلے پتھروں پر بیٹھے ہوئے تھے۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شاہ فیصل کالونی مین واقع سرکاری اسکول کا تفصیلی معائنہ کیا ،گورنر سندھ کے ساتھ کمشنر کراچی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ فوری طور پر اسکول سے قبضہ ختم کرایا جائے، اور اسکول کو فوری طور پر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

    اسکول کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کاکہنا تھا کہ اسکول کی عمارت سے قبضہ ختم کرانے کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔

    کوشش ہوگی کہ کل سے ہی تعمیراتی کام کا آغازکردیا جائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ ورکس ڈپارٹمنٹ کے مطابق ز مین محکمہ تعلیم کی ملکیت ہے۔تعطیلات کے دوران اسکول کی عمارت پر قبضہ کیا گیا ۔

    گورنرسندھ کاکہنا تھا کہ سرکاری اسکول پر قبضہ ناقابل برداشت ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی اعتراض تھا تو وہ عدالت سے رجوع کرتا تاہم یہ طریقہ غلط ہے کہ بچوں کو تعلیم سے محروم کردیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوگی اور اساتذہ کرام اس موجودہ ماحول میں بھی تدریس جاری کرنے کو تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آروائی نیوز ساڑھے پانچ ماہ قبل اسکول پر قبضے کی نشاندھی کرچکا ہے ۔اے آروائی پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈائریکٹر اسکولز عبدالوہاب عباسی نے قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔