اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ یو این کی کشمیریوں کےحق میں پاس قرارداد پر عمل درآمد نہ ہوسکا، 71 سال قبل کشمیریوں کو حق خودارادیت کی قرارداد پاس کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 71 سال سے کشمیریوں کا ناحق لہو بہایا جارہا ہے، ان کی عزتیں پامال کی جارہی ہیں، انہیں اپنا جمہوری، قانونی اور جائز حق مانگنے پر جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
جس ثابت قدمی، ہمت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ کشمیری اپنے حق کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں، وہ اس بات کی گواہی ہے کہ وہ انشاءاللہ کامیاب ہوکر رہیں گے اور دشمن ناکام ونامراد ہوگا۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) January 5, 2020
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، یواین اور سلامتی کونسل فرض کو پورا نہیں کررہے، آج کا دن تقاضا کرتا ہے عالمی برادری کشمیریوں سےکیا وعدہ پورا کرے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے، کشمیری جبرو استبداد سے پاک ماحول میں اپنی زندگیاں گزار سکیں۔
دنیا بھر میں کشمیری آج حق خودارادیت منارہے ہیں
فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ آج کے دن ہم بہادر کشمیریوں کو بھی پیغام دیتے ہیں، ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں پورا پاکستان ان کے شانہ بشانہ ہے۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ثابت قدمی، ہمت اور قربانی کے جذبے سے کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیری انشااللہ کامیاب ہوکر رہیں گے، دشمن ناکام ونامراد ہوگا۔