Tag: Firdous ashiq awan

  • بجلی کے بل : فردوس عاشق اعوان بھی اضافی ٹیکسز کیخلاف بول پڑیں

    بجلی کے بل : فردوس عاشق اعوان بھی اضافی ٹیکسز کیخلاف بول پڑیں

    استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف بول پڑیں ان کا کہنا ہے کہ بلوں کی ادائیگی عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی۔

    اپنے ایک حالیہ بیان میں ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور بجلی کے بلوں نے مزدوروں کی زندگی اجیرن کردی ہے، غریب عوم کا کوئی پرسان حال نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، بلوں کی ادائیگی عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہی، آمدن سے بھی زائد بجلی بلوں سے جینا دشوار ہو چکا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی نے عوام کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے، ہمیں یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام اس دوستی کے ہاتھ کو ضرور تھامیں گے۔

    آئی پی پی کی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام اور استحکام پاکستان پارٹی مل کرترقی کا یہ سفر طے کریں گے، ہماری جماعت عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئےبنی ہے۔

    انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ فی گھرانہ 300یونٹ تک فری بجلی کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے، ہمارے منشور میں غریب کے مسائل کےحل کیلئے بہت سے منصوبے ہیں۔

     

  • ’گزشتہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر سیاسی مفاد کیلئے قومی مفاد کو قربان کیا‘

    ’گزشتہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر سیاسی مفاد کیلئے قومی مفاد کو قربان کیا‘

    استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت نہ بڑھا کر سیاسی مفاد کیلئے قومی مفاد کو قربان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکا ملبہ نگراں حکومت پر نہیں ڈالنا چاہیے، گارڈ آف آنر لے کر جانیوالوں نے کہا ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ شہباز حکومت فیصلے کر کے گئی ہے، معیشت کو وینٹی لیٹر پر رکھا اور ابھی تک معیشت آپریشن تھیٹر سے باہر نہیں آئی، مصنوعی سانسوں پر ہے۔

    ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ذاتی مفاد کے لئے قومی مفاد کو قربان کیا گیا، سارا ملبہ نگراں حکومت پر ڈال دیا، الیکشن کا عمل آئینی و قانونی تقاضا ہے، ہرحال میں ہونے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قومی ایشوز پیچھے رہ گئے ہیں، ہر کوئی اپنی مفاد کی جنگ لڑ رہا ہے، ملک میں مڈل کلاس کا نام و نشان مٹتا جارہا ہے، اشرافیہ کو پٹرول کی قیمت سے کوئی فرق نہیں پڑتا، عوام کےلیے پٹرول کی قیمت ایک امتحان ہے۔

  • فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی

    فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بارے میں سوشل میڈیا پر ٹوئٹس ہو رہے تھے کہ انھوں نے مسلم لیگ ق سے سیاسی سفر شروع کر کے پیپلز پارٹی اور پھر تحریک انصاف کے ساتھ ناتا جوڑا، لیکن اب پھر پی پی پی کے ساتھ منسلک ہو گئی ہیں۔

    تاہم فردوس عاشق نے ایک ٹوئٹ میں رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے مخالفین، ناقدین اور حاسدین کا نیا پروپیگنڈا ہے، انھوں نے کہا یہ لوگ ہر روز من گھڑت اور منفی پروپیگنڈا کر کے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

    فردوس عاشق نے افواہیں پھیلانے والے عناصر سے کہا کہ انھیں شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

  • اس وقت ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے، فردوس عاشق

    اس وقت ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے، فردوس عاشق

     سیالکوٹ : سابق وزیر اطلاعات ڈآکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے بہتر نہ کوئی جھگڑ سکتا اور نہ لڑسکتا ہے لیکن اس وقت ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے۔

    سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل بات پی ٹی آئی کے کارکنان کو لے کر چلنا ہے، پاکستان کے نظریے اورعوام کی جدوجہد ہے۔

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ پاکستان کے مخالفین سے ہے، انتظامیہ کو کہتی ہوں کہ وہ بھی تعاون کریں، یہ عوام کے حقوق کی جدوجہد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محافظوں کے ساتھ کوئی جنگ نہیں ہے، اگر کارکنان کو پریشان کیا جائے گا توان کو پرامن رکھنا اور قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔

    سابق وزیر نے کہا کہ کارکنوں سے بھی کہتی ہوں انتظامیہ سے تعاون کریں، چیک پوسٹ پر شناخت مانگی جائے توشناخت ضرور دیں، ڈی پی او کے حکم پر ہمارے رہنماؤں کی گرفتاریاں کی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو جس کی ایما پر گرفتار کیا گیا اس کی منجھی ٹھوکنے کا وقت آگیا ہے، مریم نواز نے کارروائی پر ڈی پی او کو شاباشی دی جو ان کی ذاتی خواہش پوری کرنے پر دی گئی ہے۔

  • ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کیا کرنے جارہی ہیں؟

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کیا کرنے جارہی ہیں؟

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے والی ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے گورنرہاؤس لاہور سےاپنا تمام سامان اٹھا لیا ہے، معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے فردوس عاشق گورنر ہاؤس میں رہائش پذیر رہیں۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اب فردوس عاشق اعوان نے گورنرہاؤس میں سرکاری رہائشگاہ کو خالی کردیا ہے، فردوس عاشق اعوان اب زیادہ وقت اپنےحلقےسیالکوٹ میں گزاریں گی۔

    دوسری جانب فردوس عاشق اعوان کی معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی اندرونی کہانی سامنے ‏آگئی ہے، نمائندہ اے آر وائی نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فردوس عاشق اور وزیراعلی آفس ‏میں تعلقات بیس جولائی سےسردمہری کاشکار تھے۔

    فردوس عاشق نےسیالکوٹ الیکشن سےقبل حکومت کویقین دلانےکے لیےاستعفےکی پیشکش کی ‏تھی جب کہ سیالکوٹ کی تنظیم نے پارٹی عہدیداروں کو فردوس عاشق کی عدم دلچسپی سے آگاہ ‏کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں داخلے سے کس کی ایما پر روکا گیا؟ فردوس عاشق اعوان نے بڑا دعویٰ کردیا

    ضمنی الیکشن جیتنےکے تین دن بعد ایوان وزیراعلیٰ نے فردوس عاشق کو استعفےکی ہدایت کی تھی ‏اور چھ اگست استفعیٰ لینے کا آخری دن مقرر کیا گیا۔

    فردوس عاشق نےاستعفےسے پہلے وزیراعظم ہاؤس سےاسائنمنٹ لینے کی کوشش کی اور چھ اگست ‏کو استعفےسے قبل تینگھنٹے تک وزیراعلی کا انتظار کرتی رہیں، وزیراعلیٰ سے مختصر ملاقات کے ‏بعد فردوس عاشق نے استعفیٰ دے دیا۔

    فردوس عاشق نےاستعفے کے بعد وزیراعظم سے ملنے کی بھی کوشش کی تاہم وزیراعظم سے ‏ملاقات میں خاطر خواہ نتائج حاصل نہ کرسکیں۔

  • فردوس عاشق اعوان کو وفاقی دارالحکومت میں  ممکنہ اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان

    فردوس عاشق اعوان کو وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان

    لاہور : فردوس عاشق اعوان کو وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ اہم ذمہ داریاں اور فیاض الحسن چوہان کو وزارت اطلاعات کی اضافی ذمہ داری ملنے کا امکان ہے، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسےمعاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی ملاقات ہوئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جس میں فردوس عاشق اعوان کیلئے وفاق اورصوبےمیں نئی اہم ذمہ داریوں کی نوید سنائی۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم فردوس عاشق اعوان کے وفاق میں کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فردوس عاشق کی پنجاب میں سیاسی کردار ادا کرنےکی خواہش ظاہر کردی ہے۔

    فردوس عاشق نے اعتماد پر وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا، فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قیادت جہاں مناسب سمجھے ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔

    ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان کو وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ اہم ذمہ داریاں اور فیاض الحسن چوہان کو وزارت اطلاعات کی اضافی ذمہ داری ملنے کا امکان ہے، حتمی فیصلہ وزیراعظم آئندہ ہفتے دورہ لاہور کے دوران کریں گے۔

  • "نواز شریف گھر کا رہا نہ گھاٹ کا، ٹھکانہ جیل ہے”

    "نواز شریف گھر کا رہا نہ گھاٹ کا، ٹھکانہ جیل ہے”

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف گھر کارہا نہ گھاٹ کا، اس کا ٹھکانہ جیل ہے۔

    برطانیہ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے ویزے میں توسیع سے متعلق ‏درخواست مسترد کرنے کے حوالے سے میں فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے ساتھ دغا کرنے والوں کا حشر نشر ایسا ہی ہوتا ہے، ظل سبحانی نےدیارغیر میں اربوں کھربوں کی جائیدادیں بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ جس ملک میں جائیدادیں بنائیں اس ہی ملک نے ظل سبحانی کا کرپٹ بوجھ برداشت کرنے سے انکار کردیا وہ پاکستان کی ٹکٹ کٹوائیں جہاں جیل ان کی منتظر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ظل سبحانی جیل کیلئے آپ کو ویزہ کی بھی ضرورت نہیں، ظل سبحانی، جعلی راج کماری کا ایک اورجھوٹ، پروپیگنڈا فاش ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ نے نوازشریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کر دی

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ ظل سبحانی مرض کا ڈھونگ رچا رہا تھا، مرض کا ڈھونگ کرکے پاکستانی عوام اور برطانیہ کو چکمہ دے رہا تھا، نواز شریف گھر کارہا نہ گھاٹ کا، اس کا ٹھکانہ جیل ہے۔

  • ‘سندھ حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا’

    ‘سندھ حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا’

    لاہور : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرکےمکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ،جس سے پاکستان کی معیشت کو نقصان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی شدت سندھ میں زیادہ ہے،کورونا کا شکار سندھ کے شہری وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرکےمکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ، مکمل لاک ڈاؤن سے لوگوں کا روزگار متاثر ہوتا ہے، سندھ میں لاک ڈاؤن سے پاکستان کی معیشت کونقصان ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ صوبے لاک ڈاؤن سے متعلق انفرادی فیصلہ نہیں کرسکتے، اگراین سی او سی طریقہ کار کے مطابق نہیں چلیں گے تو وفاقی حکومت آئینی اختیارات استعمال کرے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوچنا ہوگا کہ آخر کراچی میں کورونا کی شرح30فیصد تک پہنچی کیوں؟ وہ اس لیے کہ سندھ حکومت کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد نہیں کراسکی

  • نیا اور ترقی یافتہ پی پی 38 قوم کو مبارک ہو: فردوس عاشق اعوان

    نیا اور ترقی یافتہ پی پی 38 قوم کو مبارک ہو: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج کا سورج پی پی 38 میں پسے ہوئے طبقات کے استحصال کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوا۔ نیا، بدلتا اور ترقی یافتہ پی پی 38 قوم کو مبارک ہو۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پی پی 38 میں برسوں سے ایک مافیا مسلط رہا جس نے ظل سبحانی کی طرح اپنے محل اور وسیع و عریض جائیدادیں بنائیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ انہوں نے حلقے کی عوام کے لیے کچھ نہ کیا، پہلی مرتبہ تحریک انصاف پی پی 38 میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروا رہی ہے اور حلقے کی عوام کی تقدیر بدل رہی ہے۔ نیا، بدلتا اور ترقی یافتہ پی پی 38 قوم کو مبارک ہو۔

    انہوں نے کہا کہ آج کا سورج پی پی 38 میں پسے ہوئے طبقات کے استحصال کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی طرح پی پی 38 میں بھی مافیاز کے بت پاش پاش کر رہی ہے۔ حلقہ پی پی 38 کی عوام برسوں سے لوٹنے اور دیمک کی طرح چاٹنے والے مافیاز سے بدلہ لے رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کی عوام جم کر اور ڈٹ کر کپتان کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • وزیر اعظم کشمیریوں کے لیے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم کشمیریوں کے لیے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کشمیریوں کے لیے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں۔ کشمیریوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو آزما کر دیکھ لیا، دونوں جماعتوں نے صرف اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس پار اور اس پار کے کشمیریوں کے لیے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس پار مودی اور اس پار مودی کے یاروں کو کیفر کردار تک پہنچا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کشمیریوں کی حقیقی فلاح و بہبود کا مشن لے کر آزاد کشمیر پہنچی ہے، کشمیر صرف کپتان کا ہے اور کپتان ہی کشمیریوں کے رہنما ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو آزما کر دیکھ لیا، دونوں جماعتوں نے صرف اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کشمیریوں کے لیے کچھ نہ کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مودی اور جندل کے یار نے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، جعلی راجکماری اور ظل سبحانی سے کوئی پوچھے کہ برسوں اقتدار کے باوجود انہوں نے کشمیریوں کے لیے کیا کیا؟