Tag: Firdous ashiq awan

  • آرمی ایکٹ بل کی متفقہ منظوری : ملکی مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں، فردوس عاشق

    آرمی ایکٹ بل کی متفقہ منظوری : ملکی مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں، فردوس عاشق

    اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ بل کی دفاعی کمیٹی سے متفقہ منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور ملکی مفاد کا تحفظ ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔

    امید ہے اسی جذبے کا مظاہرہ آج پارلیمان میں بھی دکھائی دے گا، آرمی ایکٹ بل کی دفاعی کمیٹی سے متفقہ منظوری اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خطے کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر باہمی ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے، پاکستانی قوم ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی سے ہر چیلنج سے نبرد آزما ہوئی ہے، اہم قومی معاملے پر سیاسی قوتوں کا یکساں مؤقف جمہوریت کی فتح ہے۔

    مزید پڑھیں : آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل آج منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیردفاع پرویزخٹک آرمی چیف اور دیگرسروسز چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ بل منظوری کے لئے ایوان میں پیش کریں گے، آرمی ایکٹ بل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد ایوان بالا بھیجا جائے گا۔

  • نیا سال معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی کا سال ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    نیا سال معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی کا سال ہوگا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیا سال معاشی استحکام،عام آدمی کی خوشحالی کاسال ہو گا، وزیراعظم کے جراتمندانہ  فیصلوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا نیا سال معاشی استحکام،عام آدمی کی خوشحالی کاسال ہو گا، عوام کی زندگیوں میں خوشیوں، خوشخبریوں اور خوشحالی کا وقت آرہا ہے، انشااللہ ان کی امیدیں اورامنگیں پوری ہوں گی۔

    وزیراعظم نےجراتمندانہ فیصلوں سےمعیشت درست سمت پرڈال دی ہے، ان فیصلوں کے ثمرات آنیوالےماہ و سال میں عوام تک پہنچیں گے، اللہ سے دعا ہے نیا سال امن اور سلامتی لائے،آمین۔

    خیال رہے ملک بھر میں نئے سال کا استقبال پرجوش انداز میں کیاگیا، شہر شہر آتش بازی اورجشن منایاگیا۔

  • سابقہ دور کے لوگ ریاستی اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف رہے: فردوس عاشق اعوان

    سابقہ دور کے لوگ ریاستی اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف رہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سابقہ دور کے لوگ ریاستی اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل رہے، وزیر اعظم اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کا قیمتی اثاثہ اگلی نسل تک منتقل کرنا ہمارا فرض ہے۔ قائد کے دو قومی نظریے کا پرچار کتابوں میں پڑھا تھا اب دیکھ بھی لیا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ آج خطے میں بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی جاری ہے، بھارت میں آج انسانی حقوق کا استحصال جاری ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی، سماجی اور مالی برتری کے لیے قائد کے افکار کی روشنی میں متحد ہونا ہے، قائد کے وژن کے مطابق وزیر اعظم آج اصلاحات کی طرف رواں دواں ہیں۔ قائد اعظم کا پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہر شعبے میں گلے سڑے نظام کے لیے ریفارمز ایجنڈا متعارف کروایا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ جنہیں حکومت سے باہر 2 سال نہیں ہوئے وہ تڑپ رہے ہیں، سابقہ دور کے لوگ ریاستی اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل رہے۔ وہ لوگ ریاستی ڈھانچے کو کمزور کرنے کے لیے اداروں میں ٹکراؤ کرواتے رہے۔ اداروں کو کمزور کرنے کی پس پردہ کاوشیں ٹوٹ گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم اپنے سیاسی مفاد اور اپنے بچوں کے لیے نہیں بلکہ قوم کے لیے فکر مند ہیں، معیشت کا جو پہیہ رکا ہوا تھا اس میں بہتری کے لیے کچھ ترامیم کی گئیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ روایتی ہتھکنڈے وزیر اعظم کی ذات پر کیچڑ اچھالنے کے سوا کچھ نہیں، حکومت قانون کی عملداری اور صادق و امین بیورو کریٹ کو تحفظ دیتی ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں کرپشن فری پاکستان کے لیے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیب اور ایف آئی اے جیسے اداروں کو آزاد کیا۔ نیب کے شکنجے میں آنے والا ہر شخص یہی کہتا ہے یہ سیاسی اور انتقامی کارروائی ہے، سابقہ دورمیں تو ایف آئی اے کو گھر کی لونڈی بنا کر رکھا تھا، آج ایف آئی اے میں پیش ہونا پڑ رہا ہے تو یہی تبدیلی ان کو ہضم نہیں ہو رہی۔ آپ قانون کو جوابدہ ہیں نہ کہ قانون آپ کو۔

  • اپوزیشن سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے، ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت اور دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2020 عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کا سال ہوگا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپنے گھر لاڑکانہ سے شکست کھانے والوں کے منہ سے نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے۔ لاڑکانہ کی حالیہ شکست کرپشن کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب! پاکستان کے عوام نے 2 خاندانوں کے دہائیوں سے مسلط اقتدار کو زمین بوس کر کے عمران خان کی قیادت میں حقیقی عوامی راج قائم کر دیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اپوزیشن قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے۔ ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت اور دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خود اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے، عوام اقتدار عمران خان کو دیں تو ان کی طبیعت ناگوار کیوں؟

  • رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی: فردوس عاشق اعوان

    رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) رانا ثنا اللہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آج جلال پور کینال منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں، منصوبے سے پنجاب کے لوگ مستفید ہوں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت توسیع کیس میں نظر ثانی اپیل دائر کی گئی ہے، فیصلے کے اندر بہت سے قانونی نقائص ہیں۔ حکومت پاکستان نے نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپیل عوامی مفاد کے لیے دائر کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیس میں تفصیلی فیصلے میں کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں۔ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) رانا ثنا اللہ کی رہائی کے تفصیلی فیصلے پر اپیل دائر کرے گی۔ اے این ایف قومی ادارہ ہے اس کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ادارے کے حوالے سے مسلسل تضحیک آمیز انداز اپنایا جا رہا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اے این ایف کو رانا ثنا سے ذاتی دشمنی یا عناد نہیں تھا۔ تاثر دیا گیا کہ رانا ثنا اللہ سے اے این ایف کے ذریعے سیاسی انتقام لیا گیا۔ کیس کے تفصیلی فیصلے میں میڈیا کہہ رہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بے گناہ ہیں، میڈیا پر لگنے والی عدالتیں زیادہ طاقتور ہیں تو یہ بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ اس سے لیا جاتا ہے جس سے ریکوری کرنا ہوتی ہے۔ اے این ایف کے اکثریت کیسز میں جائے وقوع پر ہی ابتدائی کارروائی ہوتی ہے۔ تصدیق کے لیے سیمپل چند گرام کا ہی بھیجا جاتا ہے۔

  • رانا ثناءاللہ کو بے گناہ کہنے والے ذہنی ابہام کا شکار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    رانا ثناءاللہ کو بے گناہ کہنے والے ذہنی ابہام کا شکار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کا کیس بہت واضح ہے ان کو بے گناہ کہنے والے ذہنی ابہام کا شکار ہیں، آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ قوم کی ضرورت ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنانا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، قومی مفاد پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ملک کا مفاد ہی ہم سب کی ترجیح ہونی چاہیے،

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس ملک کی سلامتی اور دفاع ہم سب کی ذمہ داری ہے جسے ہمیں یقینی بنانا ہے، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ قوم کی ضرورت ہیں، پاکستان حالت جنگ میں ہے اورایسی صورتحال میں سپہ سالار بدلے نہیں جاتے ،ہر قوم اپنے کمانڈر کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے.

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا کیس بہت واضح ہے یہ کریڈٹ اے این ایف کو جاتا ہے جس نے جرات اور بہادری سے طاقتور مافیا پر ہاتھ ڈالا،قانون کے کٹہرے میں سب برابر ہیں،اگر اے این ایف نے کسی کو قانون کےکٹہرے میں کھڑا کیا ہے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا

    ان کا مزید کہنا کہ وزراء کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں ہے، رانا ثناءاللہ کو بے گناہی کے سرٹیفکیٹ دینے والوں کے ذہنوں میں ابہام ہے، رانا ثناءاللہ کیس کا چارج فریم تب ہو گا جب ٹرائل شروع ہو گا، ان کے کیس میں تو ابھی ٹرائل شروع ہونا ہے، چالان پیش ہونے کے بعد چارج فریم ہوتا ہے۔

  • عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 23 سال اصول کی بات کی، ایک شخص ملک میں باریوں کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر شپ کا وژن اس کی کمٹمنٹ ہوتی ہے، وزیر اعظم کا وعدہ تھا کہ اداروں میں اصلاحات کی جائیں گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جو اپنی ذات کی نفی کرتا ہے وہ مشکلات کو مواقع میں بدلتا ہے، آئیڈیالوجی کے لیے کھڑے ہونے والے کے ساتھ ابتدا میں چند لوگ ہی ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہو تو قائد اعظم کی طرح خواب تعبیر میں بدل جاتا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 23 سال اصول کی بات کی، ایک شخص ملک میں باریوں کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا۔ عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اصلاحات کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی، رہنما ذاتی مفاد نہیں بلکہ قوم کے لیے سوچتا ہے۔

  • تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا: فردوس عاشق اعوان

    تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کرسمس کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے مسیحیوں خصوصاً پاکستان میں رہنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

    انہو نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان اور ملکی ترقی میں مسیحی برادری نے قابل فخر کردار ادا کیا۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم کے وژن کی پاسداری کرتے ہوئے نئے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کا تحفظ جاری رکھیں گے۔

  • بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے: فردوس عاشق اعوان

    بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔ مودی فسطائی ذہنیت کے ساتھ بھارت میں ہندتوا کے نظریے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے بات کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع میسر ہیں، آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں امتیازی اور متعصبانہ شہریت کے قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بھارتی شہر میدان جنگ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مودی اپنی بدنیتی، بد فطرتی اور چالاکی سے بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و جبر سے دنیا کی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ بھارت کے عوام نے مودی کی نفرت کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں مہینوں سے کرفیو نافذ ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی زندگیوں پر موت کے پہرے ہیں۔ امتیازی شہریت کے متنازع قانون نے مودی کی مسلمانوں کے خلاف نفرت کی تصدیق کردی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ مودی فسطائی ذہنیت کے ساتھ بھارت میں ہندتوا کے نظریے کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔

  • مسیحی برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، فردوس عاشق

    مسیحی برادری ملکی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، فردوس عاشق

    سیالکوٹ : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، کرسمس پر حکومت کی طرف سے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو ہر شعبہ میں یکساں مواقع فراہم کررہی ہے۔

    نئے پاکستان کی تعمیر میں مسیحی برادری بھرپور کردارادا کرے گی، اسلام امن، محبت اور درگزر کرنے کی تعلیم دیتا ہے، مذہبی ہم آہنگی مسلمانوں کے عقیدے کا حصہ ہے۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قائد اعظم نے تمام شہریوں کو بلاتفریق آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی، حکومت اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

    وطن عزیز کے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی ترجمانی کرتا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے، مسیحی بھائیوں کی ترقی کیساتھ ملکی دفاع میں بھی قابلِ قدر خدمات ہیں۔

    مسیحی برادری کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، نئے پاکستان میں تمام اقلیتی نمائندوں کوساتھ لیکر چل رہےہیں۔