Tag: fire-erupts

  • لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

    لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

    لاہور کے معروف چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، واقعے میں فارمیسی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی

    تفصیلات کے مطابق چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل پر علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ تیسرے منزل پر لگی، اسپتال کا تیسرا فلور میڈیسن اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا اسٹور میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات موجود تھیں جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی دوائیاں تباہ ہوگئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی سات گاڑیاں جائے حادثے پر پہنچی اور آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اسنارکل بھی آگ بھجانے کے عمل میں مصروف عمل ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید تین گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیزی سے پھیل رہی ہے شدید دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ادھر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تمام مریض اور اسٹاف محفوظ ہے اور اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، وزیر اعلی حمزہ شہباز نےسیکرٹری صحت سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے،واقعہ کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • کراچی کے معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی، آگ تیسرے درجے کی قرار

    کراچی کے معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی، آگ تیسرے درجے کی قرار

    شہر قائد کے علاقے جیل چورنگی کے قریب سپر اسٹور کے وئیر ہاؤس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

    حکام کے مطابق فائربریگیڈ کی چھ گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں، آگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا گیا ہے اور شہر بھر سے فائربریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر طلب کرلیا گیا ہے، دھواں زیادہ ہونےکےباعث فائر فائٹرز کو مشکلات کاسامنا ہے۔واقعے سے متعلق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور کا عملہ اور خریدار محفوظ ہیں، اسٹور میں کسی شخص کی موجودگی کی اطلاع نہیں ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق جیل چورنگی کے قر یب سپر اسٹور کے ویئر ہاؤس میں آتشزدگی کے بعد رینجرز کے جوان موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو ٹیموں کیساتھ ملکر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔

    چیف فائر آفیسر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمارت کی بیسمنٹ میں داخلی راستے کم ہیں جس کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں، دھواں بہت زیادہ ہے، آگ بجھانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں، جس مقام پر آگ لگی اس جگہ کا تعین ہوگیا ہے، حکمت عملی کے تحت جلد آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں

  • کراچی :  قالین کے گودام میں آتشزدگی ، لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر

    کراچی : قالین کے گودام میں آتشزدگی ، لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر

    کراچی : بلوچ کالونی کے قریب گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ، ،آتشزدگی کے دوران گودام میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب گودام میں آگ لگ گئی ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔

    علاقہ مکین نے بتایا کہ آتشزدگی کے بعد اطراف میں قائم رہائشی عمارت خالی کرالی گئی تھی، آگ لگنےکےکچھ دیربعدفائربریگیڈپہنچ گئی ، اس سے قبل ابتدائی طورپراپنی مددآپ کےتحت آگ پرقابوپانےکی کوشش کی تاہم آتشزدگی کےدوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    فائربریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ بجھانےکہ عمل میں نوگاڑیوں نےحصہ لیا، گودام رہائشی علاقے میں ہونے کے سبب دشواری کاسامنا کرنا پڑا ، فائربریگیڈ کا عملہ گودام کی دیواریں توڑ کراندر داخل ہوا۔

    فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ آگ قالین کےگودام میں لگی ، آگ پر مکمل قابوپاکرکولنگ کاعمل شروع کردیا، آتشزدگی کے دوران گودام میں لاکھوں روپےکاسامان جل گیا تاہم آگ لگنےکی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی۔

    گذشتہ روز بھی کراچی کی کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا تھا، شہر بھر کے فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔

  • کراچی میں دھاگا بنانے والی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

    کراچی میں دھاگا بنانے والی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

    کراچی : نیو کراچی صنعتی ایریا میں دھاگا بنانے کی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے بعد متاثرہ ہوزری فیکٹری میں کولنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ایک اور فیکٹری میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، جہاں نیو کراچی صنعتی ایریا میں واقع دھاگا بنانےکی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔

    آگ بہت تیزی سے پھیلی اور فیکٹری کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور بھرپور کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

    فائربریگیڈحکام نے بتایا نیوکراچی صنعتی ایریا میں فیکٹری میں آگ بجھادی گئی، فائربریگیڈ کی 7گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔

    حکام کے مطابق فیکٹری میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام موجود نہیں تھا، ہوزری فیکٹری کی دیواریں توڑ کر آگ بجھائی گئی، متاثرہ ہوزری فیکٹری میں کولنگ جاری ہے۔

    بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی جبکہ آگ لگنے سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ تاہم آگ لگنے سے لاکھوں روپے کا قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

  • کراچی :  کپڑے کے گودام میں لگی آگ پر 11 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا

    کراچی : کپڑے کے گودام میں لگی آگ پر 11 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا

    کراچی: شہر قائد میں فائربریگیڈ ایک اوربڑی آگ کےسامنےبےبس ہے ، شیرشاہ میں کپڑے کے گودام میں لگی آگ پر گیارہ گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیرشاہ قبرستان کےقریب گودام میں آگ لگ گئی، واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹنگ اپریشن شروع کر دیا۔

    اریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، گودام میں دھواں بھرنے کی وجہ سے فائر فائٹنگ اپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ باوزور سمیت 6فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں ،آگ بجھانے میں پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے مشکلات ہورہی ہے۔

    حکام کے مطابق رات 2بجے کے قریب آگ لگی تھی ، جائے وقوعہ تک آنے والے رستے خستہ حال اور تنگ ہیں، گودام میں مختلف نوعیت کا کپڑا بڑی تعداد میں موجود ہے، پانی کی فراہمی میں تعطل کے سبب بھی آگ بجھانے میں وقت لگ رہا ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی کراچی کے علاقے شیر شاہ میں واقع کپڑوں کے گودام میں لگی آگ بجھانے میں معاونت کررہے ہیں اور پاک بحریہ کے فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نہ آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم ہوسکی۔

  • شارجہ : گودام میں ہولناک آتشزدگی

    شارجہ : گودام میں ہولناک آتشزدگی

    شارجہ : اماراتی ریاست کے صنعتی علاقے میں واقع میں گودام اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس نے لکڑی گودام کی عمارت کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے صنعتی علاقے میں واقعے لکڑی کے گودام میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عفریت کی صورت اختیار کرلی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شارجہ سول ڈیفینس کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث تباہ ہونے والی عمارت سے دھوائیں کے شدید کالے بادل اٹھتے ہوئے دور سے نظر آرہے ہیں۔

    شارجہ سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر جنرل کرنل سمی خامیس النقبی نے میڈیا کو بتایا کہ ’ہمیں رات 9 بج کر 57 منٹ پر انڈسٹریل ایریا سے آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

    کرنل سمی النقبی کا کہنا تھا کہ گودام میں لکڑیاں ذخیرہ کی جاتی تھی جس کے باعث آگ نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لےلیا، لیکن فائر فایئڑ آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے صنعتی علاقے میں جانے والی تمام سڑکیں بند کردیں ہیں تاکہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے کو ریسکیوں آپریشن میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تاحال آتشزدگی کے واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    مزید پڑھیں : شارجہ : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 7 سالہ بچہ ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے علاقے القولایا میں واقع کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 7 سالہ بچہ جھلس کر ہلاک ہوگیا تھا۔

  • کراچی، سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل گیا

    کراچی، سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل گیا

    کراچی : نیو سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں آتشزدگی سے کئی محکموں کا ریکارڈ جل گیا، فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں واقع نیو سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں چھٹی کے دن اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

    آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر رکھی لکڑیوں میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساتویں فلور کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، عمارت میں چارتوں طرف دھواں ہی دھواں بھر گیا تھا جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    آتشزدگی کے باعث محکمہ سوشل ویلفیئر، تعلیم اور صحت کا دفاتر میں موجود ریکارڈ جل گیا جب کہ دفاتر میں موجود فرنیچر بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔

    اطلاع ملنے پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی پہنچ گئے، عمارت کے جس حصے میں آگ لگی وہاں وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر وزراء کے دفاتر بھی قائم ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی چار گاڑیاں آگ بجھانے پہنچیں اورایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ کو قابو کرکے کولنگ کا عمل شروع کردیا، چھٹی کی وجہ سے عمارت میں صرف چوکیدار موجود تھے۔ مالی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

    یاد رہے کہ کراچی شہر میں آتشزدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل کراچی میں سرکاری عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا اور حسن اتفاق سے یہ واقعات بھی چھٹی والے دن ہی پیش آئے جس کے نتیجے میں اہم سرکاری ریکارڈ جل کر خاکستر ہوا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • دبئی: مرینہ کی کثیرالمنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی

    دبئی: مرینہ کی کثیرالمنزلہ عمارت میں آگ لگ گئی

    دبئی : متحدہ عرب امارات کے مشہور شہر دبئی میں 75 منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی، تاہم کوئی جانی نقصان کی ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرینا کے علاقے میں واقع 75 منزلہ سلفا لگژری اپارٹمنٹ کی 35 ویں منزل پر آگ لگ گئی، آتشزدگی کا واقعہ پچہتر منزلہ عمارت کے پینتیسویں فلور پر پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیمیں امدادی کاموں کیلئے پہنچ گئیں۔

    دبئی شہری دفاع محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمارت میں سے تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، آگ سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔

    ریسکیو آپریشن کے دوران دبئی مرینا میں عمارت کے اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، مقامی انتظامیہ کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق ڈھائی بجے لگی تھی، عمارت میں سات سو رہائشی فلیٹس اور دفاتر موجود ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ نے 15 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ہوا کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

    واضح رہے نومبر 2012ء میں بھی اسی عمارت کی 34 منزل پر آگ لگی تھی جبکہ دبئی میں نئے سال کی آمد سے کچھ دیر قبل برج خلیفہ کے قریب ایڈرس ہوٹل میں آگ لگی تھی۔