Tag: Fire

  • منہ سے آگ نکالنے کا کرتب مہنگا پڑ گیا

    منہ سے آگ نکالنے کا کرتب مہنگا پڑ گیا

    بعض لوگ اصل زندگی اور سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بننے کے لیے کسی بھی خطرے سے کھیلنے کو تیار ہوتے ہیں اور اس چکر میں نقصان بھی اٹھا لیتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر بھی ایسے ہی ایک شخص کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو اپنے ارد گرد موجود لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے آگ سے کھیل رہا ہے لیکن اس کا سامنا خطرناک صورتحال سے ہوتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے وہ ایک جلتی ہوئی سلاخ کو اپنے منہ کے قریب لے جا کر منہ سے آگ نکالنے کا مظاہرہ کرتا ہے۔

    لیکن اس کی داڑھی آگ پکڑ لیتی ہے اور شعلہ بھڑکتا ہے۔ آگ اس شخص کے چہرے کو جلانے لگتی ہے جسے وہ بے قراری سے بجھانے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے۔

    وہاں موجود افراد پہلے تو اس صورتحال کو سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں، اس کے بعد جب انہیں صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے تو ایک شخص تیزی سے آگے بڑھ کر اس کی مدد کرتا ہے، جس کے بعد آگ بجھانے کی کوشش کامیاب رہتی ہے۔

    مذکورہ شخص خوش قسمتی سے جھلسنے سے بچ جاتا ہے اور اس کا چہرہ بھی محفوظ رہتا ہے۔

  • سعودی عرب: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    سعودی عرب: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب کی ضرما کمشنری میں ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، آگ سردی سے بچنے کے لیے جلائے جانے والے کوئلوں سے لگی۔

    اردو نیوز کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ضرما کمشنری میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں

    محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ شدید سردی سے بچنے کے لیے جلائے جانے والے کوئلوں سے گھر میں آگ لگی جس سے اندوہناک حادثہ پیش آیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا، جاں بحق افراد کی میتیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

  • کراچی یونیورسٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگ گئی

    کراچی یونیورسٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگ گئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سب سے بڑی درسگاہ جامعہ کراچی کے قریب قائم خیمہ بستی میں آگ لگ گئی، آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 2 گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے روانہ ہوگئیں۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھگیوں میں خانہ بدوش افراد رہائش پذیر ہیں، آگ لگتے ہی مکینوں نے سامان بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کردیا۔

    خیال رہے کہ آج صبح ہی خیرپور کے علاقے کوٹ ڈیجی کی خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی تھی۔

    نامعلوم افراد نے رات گئے خیمہ بستی میں قائم اسکول کو آگ لگائی۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ خیمہ اسکول میں رکھی کتابیں اور دیگر سامان بھی جل گیا۔

  • خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی

    خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی

    خیرپور: صوبہ سندھ کے علاقے کوٹ ڈیجی میں خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی، آتش زدگی سے اندر رکھی کتابیں اور سامان بھی جل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے کوٹ ڈیجی کی خیمہ بستی میں قائم عارضی اسکول کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔

    نامعلوم افراد نے رات گئے خیمہ بستی میں قائم اسکول کو آگ لگائی۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ خیمہ اسکول میں رکھی کتابیں اور دیگر سامان بھی جل گیا، ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر واقعے کا فوری نوٹس لیں۔

  • کراچی: شوہر نے بیوی کو گولی مار کر خودکشی کرلی

    کراچی: شوہر نے بیوی کو گولی مار کر خودکشی کرلی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوہر نے بیوی کو گولی مار کر خودکشی کرلی، خاتون اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر ڈی 5 میں جھگڑے کے دوران شوہر کی فائرنگ سے بیوی زخمی ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بیوی کو گولی مارنے کے بعد مبینہ طور پر شوہر نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق گھر میں کسی بات پر میاں بیوی میں لڑائی چل رہی تھی، جھگڑے کے دوران شوہر نے اپنی بیوی کو پہلے گولی ماری، بیوی کو گولی مارنے کے بعد شوہر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر کی شناخت وسیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی خاتون کی شناخت ثنا کے نام سے کی گئی ہے، خاتون اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • چین : ریستوران میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 17 افراد جھلس کر ہلاک

    چین : ریستوران میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 17 افراد جھلس کر ہلاک

    بیجنگ : چین کے ایک ریستوران میں آتشزدگی سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ چین کے صوبے جیلن کے شہر چانگ چون میں پیش آیا، اس شہر کے مقامی ریستوران میں آگ لگنے کے باعث 17 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    ریسٹورنٹ میں آگ لگنے کی تفصیلی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے واقعے کی دیگر زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریستوران میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم دو گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے حادثے میں تمام ہلاک اور زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ چین میں ایک ماہ کے دوران یہ آتشزدگی کا دوسرا بڑا واقعہ رونما ہوا ہے جب کہ اس سے قبل 16 سمتبر کو 42 منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

  • گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی، چیف انجینیئر سمیت 7 افسران معطل

    گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی، چیف انجینیئر سمیت 7 افسران معطل

    کشمور: عید الاضحیٰ کے روز گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی کی تحقیقات مکمل ہوگئیں، چیف انجینیئر سمیت 7 افسران کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی کی تحقیقات مکمل کرلیں گئی، ابتدائی تحقیق میں واقعے میں مجرمانہ غفلت پائی گئی تھی۔

    تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چیف انجینیئر سمیت 7 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل افسران نے یکطرفہ کارروائی کو زیادتی قرار دے دیا، معطل کیے جانے والے افسران کا کہنا ہے کہ ذمے داری چیف ایگزیکٹو جینکوز پر بھی عائد ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ عید الاضحیٰ کے روز گدو پاور پلانٹ میں طوفانی بارش کے دوران آگ لگ گئی تھی، آگ لگنے سے 747 میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گدو پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے قومی خزانے کو 20 ارب روپے نقصان کا سامنا ہوا۔

    جس وقت آگ لگی، پاور پلانٹ میں آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے، اس وقت عملہ بھی ڈیوٹی پر نہیں تھا، 3 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا تھا۔

  • یورپ : شدید گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، آتشزدگی کے واقعات

    یورپ : شدید گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، آتشزدگی کے واقعات

    برلن : یورپ میں پہلی بار گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چُھو گیا ہے جس سے گرمی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

    یورپ کے بیشتر حصوں میں ہیٹ ویوز کی وجہ سے درجہ حرارت 40 سے 50 ڈگری کے درمیان پہنچ چکا ہے، اور اس مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    برطانیہ میں آج تاریخ کے گرم ترین دن کی پیش گوئی پر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے، لندن میں گرمی سے بچنے کی کوششوں میں دریاؤں اور جھیلوں میں ڈوب کر 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر جاری ہے، برطانیہ میں درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشرقی انگلینڈ کے شہر سفولک میں پیر کو درجۂ حرارت 38.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شدید گرمی کی وجہ سے لندن کے کنارے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی جس نے 14 افراد کو انخلا پر مجبور کیا۔ آگ کے شعلوں کی وجہ سے عمارتیں، مکانات اور گیراج کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی تنظیم کے سربراہ پیٹری ٹالاس نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ گرمی کی لہریں مسلسل زیادہ ہوتی جا رہی ہیں اور ایسا کم از کم 2060 تک جاری رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اس قسم کی گرمی کی لہریں معمول کی بات ہو گی، اور ہم اس سے بھی زیادہ (گرمی کی) شدید انتہا دیکھیں گے۔

    فوٹو:فائل

    دوسری جانب فرانس، پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں شدید گرمی کے باعث آگ بھڑک اٹھی، پرتگال میں جنگلات کا 75ہزار ایکڑ اور فرانس میں 22 ہزار ایکڑ حصہ آگ کی لپیٹ میں آگیا، متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

  • گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی: پلانٹ سے بجلی کی فراہمی ایک سال کے لیے معطل

    گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی: پلانٹ سے بجلی کی فراہمی ایک سال کے لیے معطل

    کشمور: عید الاضحیٰ کے روز گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی، پلانٹ کی 3 ٹربائنز کی اوور ہالنگ کی ضرورت تھی جسے مؤخر کیا جاتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی، رپورٹ کے مطابق واقعے میں مجرمانہ غفلت پائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق جنوری 2022 میں پاور پلانٹ کی 3 ٹربائنز کی اوور ہالنگ ضروری تھی، ڈیڑھ سال پہلے اوور ہالنگ کا عمل شروع ہونا تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اوور ہالنگ کا کیس بورڈ آف مینجمنٹ میں اگست 2020 سے تھا۔ پاور پلانٹ میں ایک سال سے چیف ایگزیکٹو بھی تعینات نہیں کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گدو پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے قومی خزانے کو 20 ارب روپے نقصان کا سامنا ہوا، جل جانے والے گدو پاور پلانٹ کی بحالی میں سال بھر لگ سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گدو پاور پلانٹ کی بندش سے نیشنل گرڈ 747 میگا واٹ سستی بجلی سے محروم ہوگیا ہے، عید سے ایک روز قبل نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ بھی فنی خرابی کے باعث بند ہو گیا تھا۔

  • عید کے روز گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی، قومی خزانے کو 20 ارب روپے کا نقصان

    عید کے روز گدو پاور پلانٹ میں آتشزدگی، قومی خزانے کو 20 ارب روپے کا نقصان

    لاہور: عید الاضحیٰ کے روز لاہور کے گدو پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے قومی خزانے کو 20 ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہوا، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر کشمور میں واقع گدو پاور پلانٹ میں آگ لگنے کی تحقیقات 4 رکنی ٹیم نے شروع کردیں، عید کے روز گدو پلانٹ میں آگ لگنے سے 747 میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گدو پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے قومی خزانے کو 20 ارب روپے نقصان کا سامنا ہوا، جل جانے والے گدو پاور پلانٹ کی بحالی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ لگی گدو پاور پلانٹ میں آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے، اس وقت عملہ بھی ڈیوٹی پر نہیں تھا، 3 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا تھا۔

    ذرائع کے مطابق گدو پاور پلانٹ کی بندش سے نیشنل گرڈ 747 میگا واٹ سستی بجلی سے محروم ہوگیا ہے، عید سے ایک روز قبل نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ بھی فنی خرابی کے باعث بند ہو گیا تھا۔