Tag: Fire

  • فیکٹری میں آتشزدگی: عرب پارلیمنٹ کا جانی نقصان پر اظہار افسوس

    فیکٹری میں آتشزدگی: عرب پارلیمنٹ کا جانی نقصان پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دو روز قبل فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے پر عرب پارلیمنٹ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب پارلیمنٹ نے کراچی کی فیکٹری میں آگ لگنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عرب پارلیمنٹ کی قیادت کا اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ عرب پارلیمنٹ کی قیادت نے مشکل کی گھڑی میں یاد رکھا، کراچی واقعے پر پوری قوم افسردہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ اہم فورم ہے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں، بہتر رابطہ کاری اور معاونت پر یقین رکھتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں چمڑا رنگنے کی فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں فیکٹری کے 16 ملازمین جاں بحق ہوگئے تھے۔

    تاحال پولیس نے مقدمہ درج کر کے فیکٹری کے چوکیدار، مینیجر اور سپر وائزر کو حراست میں لے لیا ہے، بلڈنگ اور فیکٹری کے مالک دونوں تاحال مفرور ہیں۔

  • کورنگی : کمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 16مزدور جاں بحق

    کورنگی : کمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 16مزدور جاں بحق

    کراچی : کورنگی مہران ٹاؤن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ نے تباہی پھیلادی، سانحہ میں دو سگے بھائیوں سمیت 16مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی میں قائم فیکٹری میں آگ لگ گئی، آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے درجے کی آگ بجھانے کیلئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے تھے، ہر طرف افراتفری کا عالم تھا۔ کافی دیر کی کوششوں کے بعد کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ بجھا دی گئی، فیکڑی میں کولنگ کا عمل اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی، فیکٹری میں دھویں کے باعث امدادی کارکنان کا اندر جانا ممکن نہیں تھا، ایک فائر فائٹر بھی کارروائی کے دوران عمارت سے گرنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق فیکڑی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا جبکہ فیکٹری کی چھت تک جانے والے دروازوں پر تالے تھے، فیکٹری میں پھنسے مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائیوں سمیت 5 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    واضح رہے کہ متاثرہ فیکٹری میں کیمیکل سے چپلوں کو جوڑا جاتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ۔

    ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے جاں بحق ہونےھ والے  مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور  مالی مدد کرنے اور  زخمیوں کی  علاج کرانے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔

  • خلیج عمان : ایرانی بحری جہاز خوفناک آتشزدگی کے بعد ڈوب گیا

    خلیج عمان : ایرانی بحری جہاز خوفناک آتشزدگی کے بعد ڈوب گیا

    تہران : ایران کے سب سے بڑے بحری جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جسے بیس گھنٹوں کی کوششوں کے باوجود ڈوبنے سے نہ بچایا جا سکا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عملے کےارکان کوبا حفاظت بچالیا گیا ہے، بحری امدادی جہاز ایرانی بندرگاہ کے قریب تربیتی مشن پر تھا، آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکیں۔

    امدادی جہاز “خارگ” کو بچانے کی ہر کوشش کی گئی لیکن بچایا نہ جا سکا، اس بحری جہاز کا نام اس جزیرے کے نام سے منسوب ہے جو ایران کے لئے تیل کے اہم ٹرمینل کا کام کرتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آگ رات دو بجے کے بعد بندر گاہ جسک کے پاس لگی، جسے فائر فائٹرز نے بجھانے کی پوری کوشش کی، جہاز آبنائے ہرمز کے قریب خلیج عمان پر تہران کے جنوب مشرق سے790 میل موجود تھا۔

    ایران کے جہاز کو آگ لگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں جہاز سے دھوئیں کے بادلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ خارگ ایرانی بحریہ کے چند جہازوں میں سے ایک ہے جو سمندر میں موجود دوسرے بحری جہازوں کو مدد دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بھاری کارگو اٹھانے کے ساتھ ہیلی کاپٹروں کے لئے لانچ پوائنٹ کے طور پر بھی کام کرسکتا ہے۔

    برطانیہ میں تیار کردہ جہاز1977 میں لانچ کیا گیا تھا اور 1979 میں اسلامی انقلاب کے بعد 1984 میں طویل
    مزاکرات کے بعد ایرانی بحریہ کا حصہ بنا تھا۔

  • گڈو تھرمل پاور پلانٹ میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل کر خاکستر

    گڈو تھرمل پاور پلانٹ میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل کر خاکستر

    کشمور: رواں سال جنوری میں ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا سبب بننے والے گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے آڈٹ روم میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس نے بڑے سوالوں کو جنم دے دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق صوبہ سندھ کےضلع کشمور میں واقع گڈو تھرمل پاور اسٹیشن میں آگ لگ گئی ہے، آگ مبینہ طور پر گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے آڈٹ روم میں لگی، آتشزدگی کے باعث اہم دستاویزات اور قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گدو تھرمل پاور پلانٹ کے ریکارڈ روم میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی دوگاڑیاں موقع پر پہنچی، جنہوں نے سخت جدوجہد کے بعد آڈٹ روم میں لگی آتشزدگی پر قابو پالیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ عملے کے پہنچنے سے قبل ہی ریکارڈ جل چکا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری کی نو تاریخ کو گدو پاور اسٹیشن پر پاور ٹرپ اور بریک ڈاؤن ہونے سے ملک بھر میں بجلی متاثرہوئی تھی، یہ ملک کا طویل ترین بریک ڈاؤن تھا جو کہ کم وبیش گیارہ گھنٹے تک جاری رہا تھا، اس بریک ڈاؤن کے باعث ملک کے بیشتر شہروں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں پاور بریک ڈاؤن کیوں ہوا تھا؟ رپورٹ منظر عام پر آگئی

    بعد ازاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں پاور بریک ڈاؤن سے اپنی تحقیقات کی، جس میں انکشاف ہوا کہ گدو پاوراسٹیشن میں انسانی غلطی کی وجہ سے یہ مسئلہ ہوا، جس کے باعث مکمل بلیک آؤٹ ہوا۔

  • بھارت : کورونا ویکسین بنانے والے ادارے میں خوفناک آتشزدگی

    بھارت : کورونا ویکسین بنانے والے ادارے میں خوفناک آتشزدگی

    پونا : بھارت میں کورونا ویکسین بنانے والے ادارے میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کرآگ پرقابو پانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست  مہاراشٹر کے شہر پونا میں کورونا ویکسین بنانے والےادارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا میں آتشزدگی سے ادارے کے کئی شعبے لپیٹ میں آگئے۔

    بھارتی میڈیا کی تازہ ترین اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ  پونا میں واقع سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس ایس آئی) کے ٹرمینل 1 گیٹ پر شدید آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 10گاڑیاں موقع پہنچ  گئیں۔

    امدادی ٹیمیں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

    سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں ہی کورونا ویکسین کووی شیلڈ تیار کرنے کا عمل جاری ہے،تاہم  پانچ منزلہ اس پلانٹ میں کووی شیلڈ کی فراہمی کچھ دنوں میں شروع ہونے والی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پونے کے علاقے منجری میں واقع  تین سو کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والے  پلانٹ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں بڑے پیمانے پر کورونا کی ویکسین تیار کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ہی بھارت کے وزیر صحت ہرش وردھن نے اس پلانٹ کا افتتاح کیا تھا، تاہم اس پلانٹ میں ویکسین کی تخلیق کاری باقاعدہ طور پر  شروع نہیں ہوئی ہے۔

  • روس میں خوفناک آتشزدگی : 4 خواتین سمیت 11معمر افراد ہلاک

    روس میں خوفناک آتشزدگی : 4 خواتین سمیت 11معمر افراد ہلاک

    ماسکو : روس میں ایک ریٹائرمنٹ ہوم میں آتشزدگی کے نتیجے میں خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے واقعے میں3 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال روانہ کردیا گیا۔

    روس کے علاقے باشکوٹوستان میں قائم ایک ریٹائرمنٹ ہوم میں آتشزدگی سے کم از کم 11 افراد جل کر ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں میں سات مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نجی ریٹائرمنٹ ہوم کی اس لکڑی کی ایک منزلہ عمارت میں آگ صبح سویرے لگی فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آگ کس وجہ سے لگی عمارت میں کل 16 افراد رہائش پذیر تھے۔

    عمارت لکڑی کی ہونے کے باعث آگ نے جلدی شدت اختیار کی اور مکینوں کو نکلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ شعلوں کی زد میں آکر جل کر ہلاک ہوگئے۔

    ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ لگنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں 57 سے 80 سال کے درمیان تھیں جو ریٹائرمنٹ ہوم میں اپنی زندگی کا آخری حصہ گزار رہے تھے۔

    مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں کافی وقت لگ گیا اور پورا ریٹائرمنٹ ہوم جل کر راکھ ہوگیا۔

    روسی میڈیا کے مطابق واقعے کی مجرمانہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکز کے سربراہ کو حراست میں لیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چار دن تک آگ لگائی جائے گی

    جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چار دن تک آگ لگائی جائے گی

    جدہ : طیارے میں ڈیوٹی پر مامور عملے کی تربیت کیلئے جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے منفرد پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت چار دن تک آگ لگائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں عملے کی تربیت کے لیے فرضی آگ لگائی جائے گی۔
    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صبح 10بجے سے دوپہر 12 بجے تک مسلسل چار دن فرضی آگ جلائی جائے گی۔

    اس آگ لگانے کا مقصد ملازمین کو کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کیلئے ذہنی طور پر تیار رکھنا ہے تاکہ وہ کسی حادثے کے موقع ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے اس سے محفوظ رہ سکیں۔

    اطلاعات کے مطابق مذکورہ فرضی آتشزدگی جہازوں کے گراؤنڈ میں لگائی جائے گی جس سے باقاعدہ دھواں بھی اٹھے گا۔

    عملے کو اس بات کی ٹریننگ دی جائے گی کہ آتشزدگی کے وقت کیا کرنا چاہئے، ایئرپورٹ تنصیبات اور مسافروں کو بچانے کے لیے کیا تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔ تربیتی مشق کے دوران سفری کارروائیاں متاثر نہیں ہوں گی۔

  • حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    پیرس: آج کل بال سنوارنے کی ایک تکنیک بے حد مقبول ہورہی ہے جس میں ہیئر اسٹائلسٹ بالوں کو آگ لگا کر انہیں اسٹائل دیتا ہے، فرانس میں ایسی ہی تکنیک ہیئر اسٹائلسٹ کو مہنگی پڑ گئی جس میں آگ سے گاہک کا ماتھا جل گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے گزشتہ ہفتے لینیون کے ایک چھوٹے قصبے میں واقع سیلون میں جانے کے بعد ایک شکایت درج کروائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے مطابق سیلون میں اسٹائلسٹ نے اس کے بالوں میں پہلے تو ایک جیل لگایا پھر ایک لائٹر اٹھایا اور اچانک اس کے بالوں کے پاس لے جا کر اسے جلا دیا۔

    اس سیلون میں بالوں کی تراش خراش کے لیے مصر کی ایک خاص تکنیک آزمائی جاتی تھی جس میں بالوں کو آگ لگا کر انہیں سنوارا جاتا ہے، تاہم اس حرکت کے بعد مذکورہ شخص کا ماتھا جل گیا۔

    پولیس افسر کے مطابق ہم اس کہانی سے بہت حیران ہوئے اور ہمیں سمجھ نہیں آیا کہ اس اسٹائلسٹ نے کیوں بالوں کو آگ لگائی، تاہم تحقیقات کے بعد علم ہوا کہ یہ ایک مصری تکنیک ہے جو حال ہی میں فرانس میں بھی آزمائی جا رہی ہے۔

    مذکورہ ہیئر اسٹائلسٹ کو اس تکنیک میں مہارت حاصل نہیں تھی، سیلون کا مالک ایک مکینک تھا جس کے پاس اس کام کے حوالے سے کوئی ڈپلومہ نہیں تھا نہ ہی اس کے تینوں ملازمین کے پاس ایسی کوئی دستاویز تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کاروبار اور ٹیکس میں غبن کے ملوث پائے جانے کے بعد سیلون کو بند کر دیا گیا ہے۔

  • جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی: ایرانی حکام

    تہران: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جوہری پلانٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری تھی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تنصیب کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی ادارہ برائے جوہری توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ایران کی نطنز نیو کلیئر سائٹ میں لگنے والی آگ تخریب کاری کا نتیجہ تھی۔

    ترجمان بہروز کمالوندی کے مطابق ایرانی سیکیورٹی فورسز مناسب وقت پر دھماکوں کی وجوہات افشا کریں گی۔

    اس سے قبل جولائی میں ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی ادارے نے کہا تھا کہ نیو کلیئرسائٹ میں لگنے والی آگ کی وجہ کا تعین کر لیا گیا ہے لیکن واقعے کی معلومات بعد میں منظر عام پر لائی جائیں گی۔

    ایرانی حکام کے مطابق آگ لگنے سے جوہری تنصیب کو زیادہ نقصان پہنچا ہے جس کے باعث یورینیم افزوگی کے لیے سینٹری فیوجز کی تیاری سست روی کا شکار ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ 6 جولائی کو ایران کی زیر زمین نطنز جوہری تنصیب میں آگ لگ گئی تھی، آگ کی وجہ سے مرکز کے ایک اہم حصے کو کافی نقصان پہنچا۔

    بہروز کمالوندی نے بتایا تھا کہ اس واقعے سے کافی نقصان پہنچا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    ایران کا یہ زیر زمین نطنز فیول انریچمنٹ پلانٹ یورینیم افزودہ کرنے والا سب سے بڑا پلانٹ ہے، ایران میں کئی جوہری تنصیبات ہیں جو اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کی نگرانی میں کام کرتے ہیں اور نطنز جوہری تنصیب بھی انہی میں سے ایک ہے۔

  • امریکی بحریہ کے جنگی جہاز میں لگی آگ دوسرے دن بھی نہ بجھ سکی

    امریکی بحریہ کے جنگی جہاز میں لگی آگ دوسرے دن بھی نہ بجھ سکی

    واشنگٹن : امریکی بحریہ کا جنگی بحری جہاز بون ہوم رچرڈ مسلسل دوسرے روز بھی آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔ اب تک اس آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں مذکورہ جہاز کیلی فورنیا میں سان ڈیاگو کی بندرگاہ میں لنگر انداز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی شہر سان ڈیاگو کے نیول بیس پر بحری جہاز میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک صورت اختیار کرلی۔

    شپ یارڈ پر کھڑے ہوئے اس جنگی بحری جہاز میں آگ اتوار بارہ جولائی کے روز لگی تھی جس پر کل پیر تیرہ جولائی کی رات تک بھی قابو نہ پایا جا سکا تھا۔

    آگ بجھانے والے کارکنان اس آگ پر قابو پانے کی مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں تاہم انہیں تاحال کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، اب تک زخمی ہونے والے کل 59 افراد میں سے 23 سویلین اور 36 امریکی بحریہ کے اہلکار بتائے گئے ہیں۔

    بحریہ کے اہلکاروں اور ریسکیو کارکنوں کے مطابق اس بحری جہاز پر 3.7 ملین لٹر تیل بھی موجود ہے اور آگ بجھانے والے کارکنوں کی پوری کوشش ہے کہ شعلوں کو اس تیل تک کسی صورت نہ پہنچنے دیا جائے۔

    مزید پڑھیں : امریکا، سان ڈیاگو نیول بیس پر بحری جہاز میں خوف ناک دھماکا

    دریں اثنا امریکی کوسٹ گارڈز نے اس وجہ سے تیل صاف کرنے والے عملے کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں کہ ممکنہ طور پر اس جنگی جہاز سے تیل بہہ کر سمندر میں پھیل بھی سکتا ہے۔