Tag: Fire

  • پولینڈ: انتہائی مقبول گیم اسکیپ روم نے پانچ نا بالغ لڑکیوں کی جان لے لی

    پولینڈ: انتہائی مقبول گیم اسکیپ روم نے پانچ نا بالغ لڑکیوں کی جان لے لی

    وارسا: پولینڈ میں انتہائی مقبول گیم اسکیپ روم نے پانچ نا بالغ لڑکیوں کی جان لے لی، آتشزدگی سے پچیس سالہ نوجوان بھی جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔

    تفیصلات کے مطابق انتہائی خطرناک اسکیپ روم نامی گیم جسے بظاہر تو انسان کھیلتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ گیم انسانی جانوں سے کھیلتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ پولینڈ کے شہر کوزالین میں پچیس سالہ نوجوان کی سالگرہ کی تقریب میں پیش آیا، جہاں کم عمر لڑکیاں انتہائی پاپولر گیم اسکیپ روم کھیل رہی تھی کہ بند کمرے میں اچانک آگ لگنے سے جھلس کر ہلاک ہوگئیں۔

    وزیرداخلہ نے میڈیا سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھلس کر ہلاک ہونے والی لڑکیوں عمریں چودہ سے پندرہ برس کی تھی۔

    اسکیپ روم گیم میں نوجوان لڑکے لڑکیا ں اپنے آپ کو کسی عمارت یہ روم بند کرکے باہر نکلنے کے طریقے ڈھونڈتے ہیں۔

    بلیو وہیل گیم کے نام پر لڑکیوں کو ہراساں کرنے کا انکشاف

    وزیرداخلہ نے اس گیم کو کھیلتے وقت حفاظتی انتظامات یقنی بنانے کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بلیو وہیل نامی گیم نے بھی صارفین پر منفی اثرات مرتب کیے تھے۔

    واضح رہے کہ بلیو وہیل گیم روس کے ایک نوجوان نے تیار کیا جسے حکومت نے ایک سال قید کی سزا دے رکھی ہے، اس گیم کے متاثرین برازیل، بلغاریہ، چلی، چین، جارجیا، بھارت، اٹلی، کینیا، پاکستان، پیراگوئے، پرتگال، روس، سعودی عرب، سربیا، اسپین، امریکا اور یوراگوئے میں سامنے آئے تھے۔

    جہاں لوگوں نے خودکشیاں کرنے کی کوشش کی، کچھ کامیاب ہوگئے، متعدد افراد نے اپنے جسموں کو تیز دھار آلات سے کاٹا اور دیگر طرح کے خطرناک چیلنجز پورا کرنے کے دوران خود کو نقصان پہنچایا۔

  • گجرانوالہ: آتشزدگی کا واقعہ، دو افراد جھلس کر زخمی، لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا

    گجرانوالہ: آتشزدگی کا واقعہ، دو افراد جھلس کر زخمی، لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا

    گجرانوالہ: پنجاب کے بازار میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا، جبکہ دو افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے لنڈا بازار میں کپڑے کی دکانوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث دو افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، تاہم فائر ٹینڈرز نے آگ پر قابو پالیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے، ریسکیو کے پانچ فائر ٹینڈرز نے آپریشن میں حصہ لیا، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    حکام کے مطابق گجرانوالہ کے لنڈا بازار میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ نے تیرہ دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا اور سامان جل گیا۔

    نیو کراچی گارمنٹس فیکڑی میں خوفناک آتشزدگی

    ریسکیو کی پانچ گاڑیوں نےآگ بجھانے کیلئے آپریشن میں حصہ لیا اور دو گھنٹے کےآپریشن کے بعد آگ پرقابو پالیا گیا، ریسکیو آپریشن کے دوران علاقہ کی بجلی بھی منقطع کردی گئی تھی، اندھیرے میں ریسکیو اہلکاروں کو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

    یاد رہے کہ ایک برس قبل کراچی کے صنعتی علاقے گورنگی انڈسٹریل ایریا میں مرتضی چورنگی کے قریب پلاسٹک فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے باعث لاکھوں کا پلاسٹک جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے کئی حصوں کو اپنی لیپٹ میں لے لیا تھا۔

  • فرانس: پولیس نے سیکڑوں مشتعل مظاہرین کو حراست میں لے لیا

    فرانس: پولیس نے سیکڑوں مشتعل مظاہرین کو حراست میں لے لیا

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت میں مشتعل مظاہرین کی صدارتی محل کی جانب بڑھنے کی ایک بار پھر کوشش کی، پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلا ت کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس سمیت ملک بھر میں ہونے والے پُر تشدد مظاہروں میں اضافہ ہوگیا ہے، ہفتے کے روز 8 ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت کے سٹی سینٹر پر جمع ہوکر حکومت مخالف مظاہرہ کیا۔

    حکومت کےخلاف 8 ہزار مظاہرین سٹی سینٹر پر جمع ہوئے اور صدارتی محل کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

    پولیس نے صدارتی محل کی جانب پیش قدمی کرنے والے 500 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے باعث 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا ہے۔

    فائر بریگیڈ عملہ نذر آتش کی گئی گاڑی کی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکام کی جانب سے پیرس میں 8 ہزار پولیس اہلکار جبکہ 12 مسلح گاڑیاں (بکتر بند) تعینات کی گئی ہیں جبکہ ملک بھر میں تقریباً 90 ہزار پولیس افسران کونا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کےلیے تعینات کیا گیا ہے۔

    فرانس میں شروع ہونے والی ’یلو ویسٹ‘ زرد جیکٹ تحریک پیٹرول کے نرخوں میں اضافے کے خلاف شروع ہوئی تھی لیکن فرانسیسی وزراء کا کہنا ہے کہ مذکورہ تحریک کومتشدد اور مشتعل مظاہرین نے ہائی جیک کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کاکہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے مظاہرہ کرنے والے سیکڑوں افراد سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں گرفتار  جبکہ پیرس میں ہونے والے پُر تشدد مظاہروں کے دوران سیکڑوں  مظاہرین  زخمی ہوئے تھے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں فرانسیسی دارالحکومت میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کو فرانسیسی تاریخ میں بدترین فسادات شمار کیا جارہا ہے۔

    فرانس ڈپٹی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں 1 لاکھ 36 ہزار افراد شریک تھےجبکہ کچھ جگہوں پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے کیمپس ایلسیس میں کوڑے دان کو سڑکوں پر رکھ کر نذر آتش کردیا ، دوسری جانب فرانسیسی پولیس کی جانب سے پیرس کے علاقے سٹی سینٹر کی گلیوں میں بھی واٹر کینن تعینات کردیا گیا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانسیسی تاریخ میں پہلی مرتبہ دارالحکومت پیرس میں بکتر بند گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ احتجاجی تحریک بلجئیم میں بھی پھیل چکا ہے جہاں پولیس احتجاج کرنے والے 70 افراد کو دارالحکومت برسلز سے حراست میں لے لیا گیاہے لیکن برسلز میں پُر تشدد واقعات دیکھنے میں نہیں آئے۔

    گزشتہ کئی روز سے فرانس میں جاری احتجاجی تحریک سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’یلو ویسٹ‘ تحریک کے عرب اسپرنگ کی مانند یورپ کے دیگر علاقوں میں بھی پھیلنے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : عوامی احتجاج ’عفریت‘ بن گیا ہے، فرانسیسی حکومت

    یاد رہے کہ گذشتہ تین ہفتوں سے جاری مظاہرے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہوئے تھے لیکن احتجاج اس وقت شدت اختیار کرگیا جب مظاہرین نے تعلیمی نظام میں تبدیلی سمیت دیگر مسائل پر آواز اٹھائی۔

    فرانسیسی وزیر داخلہ نے میڈیا کو بتایا کہتین ہفتے قبل مظاہروں نے ’عفریت(جن) کو جنم دیا تھا جو ان کے چنگل سے فرار ہوچکا ہے‘یعنی احتجاج اب خود مظاہرین کے قابو سے باہر ہوچکا ہے۔

    مزید پڑھیں : حکومت مخالف مظاہروں میں شدت کے باعث تاریخی مقامات بند

    خیال رہے کہ فرانسیسی حکام نےاحتجاج کے باعث ایفل ٹاور سمیت دیگر تاریخی مقامات کو بندکردیا گیا ہے۔

    اے ایف پی نیوز کا کہنا ہے کہ حکام نے ملک جنوبی حصّے میں ’زرد جیکٹ‘ تحریک کے تحت احتجاج کرنے والے مظاہرین سے گذشتہ روز 28 پیٹرول بم اور 3 دیسی ساختہ بموں کو قبضے میں لیاہے۔

    مزید پڑھیں : فرانس میں احتجاج، حکومت مستقبل کے حوالے سے اندیشوں کا شکار

    واضح رہے کہ گذشتہ روز فرانسیسی پولیس نے اسکولنگ سسٹم کی تبدیلی کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر تشدد کیاتھا جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں اور مشتعل مظاہرین نے دو گاڑیوں کو نذر آتش کیاتھا۔

    پولیس نے احتجاج کرنے والے 140 طلبہ کو حکومت مخالف تحریک چلانے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار بھی کیا تھا۔

  • امریکا: جنگلات میں لگی آگ دس روز بعد بھی بُجھ نہ سکی، صدر ٹرمپ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

    امریکا: جنگلات میں لگی آگ دس روز بعد بھی بُجھ نہ سکی، صدر ٹرمپ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

    واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ دس روز بعد بھی بُجھ نہ سکی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے تین ہزار سے زیادہ فائر فائٹرز مصروف ہیں، تاہم اب تک آگ نہ بجھ سکی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلی فورنیا پہنچے اور آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے اس موقع پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ نے ستر سے زائد افراد کی جان لے لی، جبکہ ایک ہزار افراد لاپتہ ہیں، انتظامہ کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ آگ نے ایک لاکھ 75 ہزار ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، آگ بجھانے میں مزید 3 سے 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

    کیلی فورنیا حکام کے مطابق دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، تیز ہواؤں کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں 16 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے، حکام نے شمالی کیلی فورنیا کے زیادہ تر حصے کو ریڈ فلیگ وارننگ کے تحت رکھا ہے۔

  • جرمنی میں‌تیز رفتار ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگ گئی

    جرمنی میں‌تیز رفتار ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگ گئی

    برلن: جرمنی کی ایک تیز رفتار ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث ریل سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر کولون میں ریل گاڑی کی بوگیوں میں آتشزدگی کا واقعہ سامنے آیا جس کے باعث دو بوگیاں مکمل طور پر جل گئیں، انتظامیہ نے ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرین جرمن شہر کولون سے میونخ جارہی تھی کہ اچانک صبح کے وقت بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ریل میں تقریباً 510 افراد سوار تھی جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا، آگ لگنے کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آئی، البتہ ابتدائی طور پر یہ کہا جارہا ہے کہ ٹرین میں اچانک دھواں اٹھنے لگا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی شکل اختیار کرلی، جس کے باعث دو بوگیاں جل کر راکھ ہوگئیں۔

    لندن : ساؤتھ ویسٹرن ٹرین میں 3 دھماکے

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم تحقیقاتی ٹیم معاملے کی جانچ پرتال کررہی ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں، جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے آگ لگنے والی ٹریک کو دو دن کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ ٹرین سرور متبادل راستہ اختیار کرے گی جو مقررہ مقام پر 80 منٹ تاخیر سے پہنچائے گی۔

    یاد رہے کہ نومبر 2012 میں جنوبی جرمنی میں ایک ورکشاپ میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے تھے، ٹیٹی زے نوئے شٹٹ کی اس ورکشاپ میں معذور افراد کام کرتے تھے۔

  • کراچی کے دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات

    کراچی کے دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات

    کراچی: شہر قائد کے دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس اور سائٹ ایریا میں آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، فائر فائٹرز کی جانب سے آگ بجھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سائٹ ایریا میں فیکٹری کی چھت پر آگ لگ گئی، تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں، فائربریگیڈ کی 3 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    دوسری جانب کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں فلیٹ میں آگ لگ گئی، جہاں فائربریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

    کراچی: گتے کی فیکٹری میں آتشزدگی‘3 ملازمین زخمی

    گذشتہ سال ستمبر میں شہر قائد کے علاقے شاہراہ فیصل پر کاسمیٹک فیکٹری میں آگ بھڑ ک اٹھی تھی جس کے باعث فیکٹری مالک کو شدید مالی نقصان ہوا تھا۔

    واضح رہےکہ گزشتہ سال 7 دسمبر 2016 کو کراچی میں لائٹ ہاؤس کے قریب کیمیکل گودام میں لگنے والی آگ نے قریبی عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جون میں عزیز آباد کی ایک گتہ فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 3 فیکٹری ملازمین زخمی ہوگئے تھے۔

  • لکی مروت: مدرسے میں آگ لگ گئ، شعلوں نے ایک درجن سے زائد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا

    لکی مروت: مدرسے میں آگ لگ گئ، شعلوں نے ایک درجن سے زائد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا

    لکی مروت: خیبرپختونخواہ کے ایک مدرسے میں آگ لگ گئی جس کے شعلوں نے ایک درجن سے زائد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت کے ایک مدرسے میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے کے سامنا جل کر خاک ہوگئے۔

    طلبا اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم مقامی انتظامیہ تحقیقات کر رہی ہے۔

    کراچی: چھ منزلہ عمارت میں آتشزدگی، رینجرز کا فوری ایکشن، مکینوں‌ کو بہ حفاظت باہر نکال لیا

    اس سے قبل رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے بہادر آباد کی ایک عمارت کے گراؤنڈ فلور پر ملبوسات کی دکان میں آگ نے پوری عمارت کو لیپٹ میں لے لیا تھا، آتش زدگی سے دکانیں جل گئیں اور شدید مالی نقصان ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال مئی میں تھرپارکر کے نواحی گاﺅں میں لگنے والی آگ کے باعث گاﺅں میں موجود 500 مکانات جل کر خاکستر ہو گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جنوری میں محمود بوٹی انٹر چینج کے قریب نجی کمپنی کے دفتر میں آگ بھڑک اٹھی جس میں جھلس کر 7 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • امریکا: رہائشی علاقوں میں متعدد دھماکے، درجنوں مکانات میں آگ لگ گئی

    امریکا: رہائشی علاقوں میں متعدد دھماکے، درجنوں مکانات میں آگ لگ گئی

    واشنگٹن: امریکی شہر بوسٹن کے مضافات میں متعدد دھماکے ہوئے جس کے باعث درجنوں مکانات میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر بوسٹن کے مضافات میں رہائشی علاقے دھماکوں کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات اور عمارتوں میں آگ لگ گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دھماکے ممکنہ طور پر گیس لائنوں میں خرابی کے باعث ہوئے، جبکہ دھماکوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں عملہ پہنچ چکا ہے اور لوگوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ حکام نے بھی شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے فوری انخلا کی ہدایت کی ہے۔

    امریکا میں بم دھماکوں میں ملوث ملزم نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

    خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی اصل وجوہات اب تک واضح نہیں ہوسکیں، جبکہ امریکی ریاست میساچوسٹس میں قائم ایک گیس کمپنی نے پہلے ہی آگاہ کیا تھا کہ وہ گیس لائنوں کی مرمت کا کام کررہی ہے، دھماکوں کی یہ وجہ ممکن ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گیس کے باعث ہونے والے دھماکوں سے ہرطرف دھواں پھیل چکا ہے، اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے میں دشواریاں بھی پیش آرہی ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں امریکی ریاست ٹیکساس میں بم دھماکوں میں ملوث 24 سالہ مشتبہ ملزم نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا تھا۔

    بعد ازاں امریکی پولیس واضح کیا تھا کہ مشتبہ ملزم نے مارچ میں ہی شہر کے مختلف مقامات پر 6 دھماکے کیے تھے، ملزم پارسل بیگ میں دھماکہ خیز مواد رکھ کر دھماکے کرتا تھا، بم دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

  • فجیرہ: گھر میں ہولناک آتشزدگی، باپ ہلاک، والدہ زخمی

    فجیرہ: گھر میں ہولناک آتشزدگی، باپ ہلاک، والدہ زخمی

    فجیرہ میں واقع بنگلے میں بھڑکنے والی خوفناک آگ کی لپیٹ میں آکر باپ جھلس کر ہلاک جبکہ ماں زخمی ہوگئی، والدہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے علاقے الفیصل میں واقع گھر میں جمعرات کے روز   اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، آتش زدگی کا سب الیکٹرک مصنوعات میں شاٹ سرکٹ بتایا گیا ہے۔

    مقامی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے  میں ایک شخص ہلاک جبکہ ملازموں سمیت گھر کے دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

    فجیرہ سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر بریگیڈئر علی التوناجی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سہ پہر 3 بجے کے قریب کنٹرول روم کو گھر میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ہنگامی خدمات انجام دینے والا عملہ، پولیس اہلکار اور ایمبولینسوں سمیت جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو  پایا۔

    بریگیڈئر علی التوناجی کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے امدامی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے ماں اور بچوں سمیت خاندان کے 9 افراد کو بچالیا تھا تاہم والد آگ کی لپیٹ میں آکر بری طرح جھلس گئے اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ماں کو شدید زخم آئے تھے جس کے باعث انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    بریگیڈئر علی التوناجی کا کہنا تھا کہ شہری اپنے گھروں میں آگ کی اطلاع دینے والے آلات نصب کریں تاکہ آتشزدگی کے حادثات سے بچا جاسکے۔

  • برطانیہ: تاریخی عمارت ’لٹل ووڈز‘ میں آگ لگ گئی

    برطانیہ: تاریخی عمارت ’لٹل ووڈز‘ میں آگ لگ گئی

    لندن: برطانیہ کی تاریخی عمارت ’لٹل ووڈز‘ میں اچانک آگ لگ گئی، فائر فائٹز کی جانب سے آگ بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر لیور پول میں قائم تاریخی عمارت لٹل ووڈز میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے کوششیں کی جاری ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق عمارت میں آتشزدگی کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، شہر لیورپول میں پانچ منزلہ تاریخی عمارت 1938 میں تعمیر کی گئی تھی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ عمارت کی پہلی منزل پر لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سو سے دو سو میٹر تک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تاہم آگ بجھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

    شہر کے میئر ’جوئے ایڈرسن‘ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ افسوس ناک ہے، شہروں سے دعاؤں کی اپیل کرتا ہوں۔

    لندن: عمارت میں ہولناک آتشزدگی، 1 خاتون ہلاک

    خیال رہے کہ اس عمارت کی تعمیر 1938 میں ہوئی تھی، برطانیہ کے بااثر تاجر سر جون موری کی کاوشوں کے ذریعے اس کی تعمیر عمل میں آئی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے جنگلات میں آتشزدگی نے ہزاروں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، حکام نے آگ پر قابو پانے کے لیے فوج طلب کرلی تھی۔

    واضح رہے کہ جنگلات میں شدید آتشزدگی کے باعث ہزاروں ایکڑ رقبہ اور 24 مکانات جل خاکستر ہوگئے تھے، جبکہ سینکڑوں افراد علاقہ چھوڑنے پر مجبور بھی ہوئے تھے۔