Tag: fired

  • طلبا سے ان کی موت سے متعلق لکھوانے پر امریکی استاد برطرف

    طلبا سے ان کی موت سے متعلق لکھوانے پر امریکی استاد برطرف

    امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا ہے جس کے اثرات تعلیمی نصاب میں بھی در آئے، ایک امریکی استاد کو تعزیت اور فائرنگ سے متعلق اسائنمنٹ دینے پر اسکول کی جانب سے برطرف کردیا گیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں ہائی اسکول کے طالب علموں سے موت کا تعزیت نامہ لکھوانے اور ملک میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق اسائمنٹ دینے پر ٹیچر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔

    فلوریڈا کے شہر میامی کے اورنج کاؤنٹی اسکول ڈسٹرکٹ نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیچر نے تشدد سے متعلق نامناسب اسائنمنٹ دیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اسکول سے برطرف کردیا گیا ہے۔

    برطرف ہونے والے اسکول کے سینئر استاد جیفری کینی نے فیس بک پر اسائنمنٹ کی کاپی شیئر کی جس میں طلبہ سے سوال کیا گیا کہ تصور کریں کہ آج آپ کا دنیا میں زندہ رہنے کا آخری دن ہے تو آپ موت سے متعلق کیا لکھیں گے؟

    اسائنمنٹ میں طلبہ سے مزید پوچھا گیا کہ سوچیں امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے اور اس بات پر غور کریں کہ ایسے واقعات کم کرنے کے لیے ہم کس قسم کے اقدامات کر سکتے ہیں۔

    اسائنمنٹ کے آخر میں نوٹ لکھا گیا کہ یہ سوالات کرنے کا مقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں ہے تاہم چند طلبہ نے اسکول کاؤنسلر سے شکایت کر دی۔

    63 سالہ استاد نے وضاحت دیتے ہوئے فاکس نیوز کو بتایا کہ ان سوالات کا مقصد طلبہ کو یہ بتانا تھا کہ دنیا میں کیا اہم ہے، اگر آپ طلبہ کو حقیقت نہیں بتا سکتے اور ان سے حقیقی سوالات نہیں کر سکتے تو پھر ہمارے ماحول میں کیا ہو رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسے سوالات کرکے کچھ غلط نہیں کیا، وہ برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست اورلینڈو میں سب سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جون 2016 میں پلس نائٹ کلب میں 29 سالہ مسلح شخص نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 49 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    جبکہ 2018 میں میامی کے ایک اسکول میں فائرنگ کا بدترین واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکے نے فائرنگ کرکے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ہزاروں ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ہزاروں ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

    ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی خریداری کے بعد اس کے ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹوئٹر کے 75فیصد ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کردیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق ادارے میں 7ہزار 500 ملازمین کام کرتے ہیں جن میں سے تقریباً 5625 ملازمین اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے جنہیں کچھ ماہ میں مرحلہ وار گھر بھیج دیا جائے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر کی موجودہ انتظامیہ آئندہ سال کے آخر تک کمپنی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سے تقریباً 800ملین ڈالر کم کرنے کے منصوبے پر بھی غور کررہی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی نے اپنے ملازمین کو فی الحال یہی بتایا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر ملازمین کو نوکری سے برخاست نہیں کررہی تاہم دستاویزی شواہد اس کے برعکس ہیں۔

    یاد رہے کہ ایلون مسک کی ٹوئٹر کو خریدنے کی خواہش سے قبل ہی مذکورہ کمپنی کی جانب سے عملے کو نکالنے اور ادارے کے اخراجات میں کمی کے منصوبے پر کام جاری تھا۔

  • فلسطینیوں کی حمایت پر امریکی صحافی ملازمت سے برطرف

    فلسطینیوں کی حمایت پر امریکی صحافی ملازمت سے برطرف

    واشنگٹن: امریکی خبر رساں ادارے نے اپنی ایک خاتون صحافی کو فلسطینیوں کے حق میں سوشل میڈیا پر آواز اٹھانے کی پاداش میں ملازمت سے برطرف کردیا۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس سے وابستہ 22 سالہ ایملی ولڈرز اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ایملی کو سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر نکالا گیا۔

    خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ ان کی جن پوسٹس پر یہ کارروائی کی گئی ہے وہ اس وقت کی ہیں جب وہ زیر تعلیم تھیں، وہ پوسٹس فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف تھیں، تاہم وہ اب بھی ان پوسٹس پر نادم نہیں۔

    ایملی کو ادارے سے وابستہ ہوئے صرف 3 ہفتے ہی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب اے پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ رویے سے نہ صرف خود مذکورہ ملازم بلکہ اس کے ساتھ موجود دیگر ملازمین بھی خطرے کی زد میں آجاتے ہیں، اسی لیے ادارے نے سخت سوشل میڈیا پالیسی بنائی ہے جس پر عمل کرنا ادارے میں کام کرنے والے ہر شخص پر لازم ہے۔

    بعض صحافیوں نے ادارے کو اس حرکت پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ نو آموز صحافی کو اس حوالے سے رہنمائی دی جانی چاہیئے تھی، ملازمت سے برطرف نہیں کرنا چاہیئے تھا۔

  • الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین برطرف

    الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین برطرف

    کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھرتیوں کے معاملے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سندھ میں متعدد افسران اور ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبائی دفتر سندھ کراچی میں سنہ 2015 میں کی گئی بھرتیوں کے حوالے سے شکایات کی بنیاد پر گریڈ 20 کے افسر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے مکمل جانچ پڑتال کے بعد اپنی رپورٹ مجاز افسران کو جمع کروا دی۔

    رپورٹ کی روشنی میں مجاز افسران نے کارروائی کرتے ہوئے ملازمین کے خلاف کارروائی کی اور 5 جونئیر پرسنل اسسٹنٹ، 5 سینئیر اسسٹنٹ، 3 جونئیر اسسٹنٹ اور ایک اسسٹنٹ کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔

    ایک جونیئر اسسٹنٹ، ایک سینئر اسسٹنٹ اور ایک اسسٹنٹ کو جبری ریٹائر کردیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور سیئر پرسنل اسسٹنٹ کے خلاف کارروائی بھی آخری مراحل میں جاری ہے۔

  • اسمگلنگ میں ملوث سندھ پولیس کے 13 اہلکار برطرف

    اسمگلنگ میں ملوث سندھ پولیس کے 13 اہلکار برطرف

    کراچی : آئی جی سندھ مشتاق مہر  نے اسمگلنگ میں ملوث 13 پولیس اہلکاروں کو برطرف کردیا ہے، پولیس افسروں اور اہل کاروں پر سنگین الزامات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسمگلنگ میں ملوث سندھ پولیس کے 13 اہلکاروں کو برطرف کردیا گیا ، آئی جی سندھ نے بر طرفی کے احکامات جاری کئے۔

    برطرف کیے گئے اہلکاروں میں حبیب اللہ، ارشاد علی، غلام اصغر، سکندرچانڈیو، عبدالعزیز، فضل محمد، مولابخش، پیارعلی چانڈیو، ضمیرجمالی، نظیراحمد اور الطاف چانڈیو بھی شامل ہیں۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس افسروں اور اہل کاروں پر سنگین الزامات ہیں، اہل کاروں نے عوام کی نظر میں پولیس کی ساکھ تباہ کی۔

    اینٹی اسمگلنگ اسٹیئرنگ کمیٹی نے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ روز جعلی پولیس مقابلے میں شہری کی ہلاکت کے بعد 6 پولیس اہکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور مقدمہ بھی پر درج کرلیا تھا۔

    پولیس حکام نے چھ اہلکاروں کو حراست میں لیکر ہتھیار فارنزک کیلئے جمع کرلئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق چاراہلکاروں کا کہنا ہے انہوں نے فائرنگ نہیں کی ، جائے وقوعہ سے تین خول ملے ہیں ، خولوں کی فارنزک رپورٹ سے اسلحہ کا معلوم ہوسکے گا۔

    واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے ایس پی لانڈھی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی۔

  • نامزد نائب صدر کے بارے میں نازیبا پوسٹ پر امریکی شہری ملازمت سے فارغ

    نامزد نائب صدر کے بارے میں نازیبا پوسٹ پر امریکی شہری ملازمت سے فارغ

    واشنگٹن: امریکا میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی نامزد امیدوار برائے نائب صدر کاملا ہیرس اپنی نامزدگی کے بعد جنسی و نسلی تعصب کی زد میں ہیں، ایسے ہی ایک مخالف شخص کو ان کے بارے میں نازیبا پوسٹ کرنے پر نوکری سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر بل بپٹسٹ نامی شخص نے کاملا ہیرس کے حوالے سے نہایت نازیبا پوسٹ کی، ان کی اس پوسٹ پر ہزاروں افراد نے اپنا ردعمل دیا اور نہایت غم و غصے کا اظہار کیا۔

    سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ شخص کی پروفائل سے کھوج نکالا کہ وہ این بی اے (نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن) سے منسلک ہے اور فوٹوگرافر ہے جس کے بعد ایسوسی ایشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

    جلد ہی ایسوسی ایشن نے بھی اپنا ردعمل دیتے ہوئے مذکورہ پوسٹ کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیا۔

    باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے واضح کیا گیا کہ مذکورہ فوٹو گرافر ادارے کا باقاعدہ ملازم نہیں ہے اور آزادانہ طور پر (فری لانس) کنٹریکٹ پر کام کرتا ہے، تاہم مذکورہ پوسٹ کے بعد اس کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق بل اب ادارے کا حصہ نہیں ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے این بی اے کے اقدام کو بے حد سراہا گیا اور کہا گیا کہ خواتین کے بارے میں جنسی تعصب پر زیرو ٹالرینس کی پالیس اپنائی جانی چاہیئے۔

    بعد ازاں بل نے بھی اپنے فیس بک پر معذرت کی اور کہا کہ مذکورہ پوسٹ صرف ایک میم تھی جو ان کے خیالات کی نمائندگی نہیں کرتی۔

    انہوں نے ایسی حساس پوسٹ پر ناراض ہونے والوں کو درست قرار دیتے ہوئے ان سے دلی معذرت طلب کی۔

    خیال رہے کہ کاملا ہیرس امریکی تاریخ میں وہ پہلی سیاہ فام جنوبی ایشیائی خاتون ہیں جنہیں نائب صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے، کاملا کی والدہ کا آبائی وطن بھارت جبکہ والد کا تعلق جمیکا سے ہے۔

  • جعلی ڈگریوں کے حامل پی آئی اے ملازمین کی برطرفیاں شروع

    جعلی ڈگریوں کے حامل پی آئی اے ملازمین کی برطرفیاں شروع

    کراچی : قومی ايئر لائن پی آئی اے ميں جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین کيخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا، اسسٹنٹ منیجر فلائٹ سروس کو انتظامیہ نے برطرفی کا پروانہ تھما دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا، جعلی ڈگریاں رکھنے والے ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران پی آئی اے کے ملازم اسسٹنٹ منیجر فلائٹ سروس خالد محمود جدون کی بی اے کی ڈگری جعلی نکلی تھی پی آئی اے انتظامیہ نے جعلی ڈگری کے باعث اسے نوکری سے فارغ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے دوران اسسٹنٹ منیجر فلائٹ سروس خالد محمود جدون نے انکوائری میں تسلی بخش جواب نہیں دیا تھا جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا جعلی ڈگری کے حامل 150 پائلٹس کو فوری طور پر گراونڈ کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے جعلی ڈگری کے حامل 150 پائلٹس کے نام سول ایوی ایشن سے مانگ لیے ہیں اور فوری طور پر گراونڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے آپریشن بند کردے گی مگر ان پائلٹس کو جہاز نہیں اڑانے دے گی تاہم دیگر ائیرلائنز نے ابھی تک اس قسم کا اعلان نہیں کیا۔

  • بلاول بھٹو ویلفیئر اسکیم  کیخلاف کام کرنے والا افسر عہدے سے برطرف

    بلاول بھٹو ویلفیئر اسکیم کیخلاف کام کرنے والا افسر عہدے سے برطرف

    کراچی : بلاول بھٹو ویلفیئر کے نام سے اسکیم کیخلاف کام کرنے والے افسر کو عہدے سے ہٹادیا گیا، فاروق بگٹی کو لینڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنے پر ہٹایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو ویلفیئر کے نام سے فراڈ کرنے والے ملزم ظفر جھنڈیر کیخلاف کارروائی کرنے کی پاداش میں اینٹی کرپشن افسر کو عہدے سے برطرف کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق بگٹی کو لینڈ مافیا کیخلاف کارروائیاں کرنے پرہٹایا گیا ہے، قبل ازیں اینٹی کرپشن نے فراڈ اسکیم کی شکایت پر ظفر جھنڈیر کیخلاف کارروائی کی تھی۔

    مذکورہ کارروائی حکام بالا کی ہدایت پر کی گئی تھی، بلاول بھٹوّ ویلفیئر فراڈ اسکیم کے نام سے جعلی ہاؤسنگ اسکیم بنائی گئی تھی۔

    ملزم ظفر جھنڈیر کے دفتر سے جعلی عسکری ہاؤسنگ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے بروشر بھی ملے، یونیورسٹی روڈ پر قائم دفترسے اہم ریکارڈ بھی قبضے میں لیا گیا تھا جس مقام پر اسکیم متعارف کرائی گئی وہ جگہ سرکارکی ملکیت تھی، ظفرجھنڈیر64افراد کوپلاٹ فروخت کرچکا تھا۔

    بعد ازاں عدالت نے اینٹی کرپشن کا دائرہ کار ثابت نہ ہونے پر ملزم کو بری کردیا، اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فاروق بگٹی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کو خط لکھ دیا، نیب کو بڑے پیمانے پر ہونے والے اس فراڈ سے آگاہ کیا اور تفصیلی رپورٹ ارسال کردی۔

    اینٹی کرپشن حکام نے نیب کو خط لکھنے کی پاداش میں فاروق بگٹی کو عہدے سے ہٹا دیا، مبینہ قبضہ مافیا کی جانب سے اینٹی کرپشن پر سخت دباؤ ڈالا گیا، بااثرافراد کی جانب سے اینٹی کرپشن حکام کو فاروق بگٹی کو ہٹانےکا بھی کہا گیا۔

  • حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    ریاض : حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات میں کوتاہی برتنے پر دو ملازمین کو برطرف کردیا گیا، سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کی ہدایت پر معلموں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق موسسہ جنوب ایشیا کے حجاج کے دو آفس مینیجرز نے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی جس پر نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر وزیر حج نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    اس سے قبل خدمات میں کوتاہی برتنے پر وزیر حج نے متعدد ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وہ معلمین کے تمام دفاتر کا بغور جائزہ لے رہی ہے، حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں کوتاہی کسی طور قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے مطابق حجاج اور معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا معلمین اور حج اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔

    جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔

    اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔

  • حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ سعودی عسکری اتحاد نے ناکام بنا دیا

    حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ سعودی عسکری اتحاد نے ناکام بنا دیا

    ریاض: سعودی عسکری اتحاد نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہر جازان پر داغا گیا میزائل ایک بار پھر ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ ہفتے بھی جازان پر میزائل داغا گیا تھا جسے جوابی کارروائی میں عسکری اتحاد نے تباہ کردیا تھا۔

    عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیز کردیے ہیں جبکہ سعودی اتحاد کی فورسز بھی بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب یمنی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایران مسلسل حوثی باغیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مدد فراہم کررہا ہے۔

    حکام کے مطابق ایران کی یہ حکمت عملی عالمی قوانین کے بھی خلاف ہے۔قبل ازیں سعودی اتحاد بھی ایران پر الزام عائد کر چکا ہے کہ وہ باغیوں کو میزائل سپلائی کرتا ہے۔

    سعودی عرب پر داغا گیا بلیسٹک میزائل فضا میں تباہ

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی سعودی فضائیہ نے یمن میں برسرپیکار حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان پر داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

    حوثی باغیوں نے سنہ 2014 میں یمنی حکومت کے خلاف مسلح تحریک شروع کی تھی جس کے بعد سے مسلسل سعودی عرب کے شہر جازان اور نجران پر بیلسٹک میزائل فائر کیے جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکا میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کہہ چکے ہیں کہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے والی ایرانی حکومت حوثی جنگجوؤں کو جنگی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لبنان کی مسلح سیاسی جماعت حزب اللہ کے جنگوؤں سے تربیت بھی دلوا رہی ہے۔