Tag: Fired from job

  • "کورونا ویکسین نہ لگوانے پر نوکری سے برطرف کردیا جائے گا”

    "کورونا ویکسین نہ لگوانے پر نوکری سے برطرف کردیا جائے گا”

    کراچی : سندھ حکومت نے تما م ہیلتھ ورکرز کو متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے کورونا ویکسی نیشن نہیں کرائی تو انہیں ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا۔

    اس حوالے سے سندھ کی وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے ہیلتھ ورکرز کو خبردار کردیا، اپنے ایک بیان مین ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویکسین مین خود بھی لگوائی ہے۔

    عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کا کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہے لہٰذا میری تمام ہیلتھ ورکرز سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوالیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ 72ہزار ہیلتھ ورکرز رجسٹرڈ ہوئے تھے، جن میں سے 33ہزار سے زائد ورکرز نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مکمل طور پر محفوظ ویکسین ہے جس میں کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں تاہم اگر جن ورکرز نے ویکسینیشن نہیں کروائی تو انہیں ملازمت سے بر طرف کردیا جائے گا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر صحت ڈاکٹر سید فیصل محمود نے بتایا کہ خواتین دوران حمل بھی یہ ویکسین لگواسکتی ہیں۔

  • کرپشن کا الزام ثابت : پی آئی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا

    کرپشن کا الزام ثابت : پی آئی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا

    کراچی : پی آئی اے کی کیٹرنگ وین کی گمشدگی میں ملوث ڈپٹی جنرل منیجر کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا، حسن محمود کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور مبینہ کرپشن پر نوکری سے برخاست کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں احتساب کا عمل جاری ہے، اب افسران بھی احتساب کی گرفت میں آگئے، اس سلسلے میں پی آئی اے کی کیٹرنگ وین کی گمشدگی میں ملوث ڈپٹی جنرل منیجر کو تحقیقات کے بعد ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر کواشیائے خورونوش سے بھری کیٹرنگ وین کی گمشدگی پرشوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

    حسن محمود قریشی نے لاہور سے سیالکوٹ کی کیٹرنگ وین کے لئے جعلی گیٹ پاس جاری کیا تھا جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کے متعلقہ حکام نے کیٹرنگ وین روانگی کی کوئی درخواست ہی نہیں کی تھی۔

    کیٹرنگ وین کی دستیابی پر اس میں موجود تمام اشیائے خورد ونوش غائب تھیں، نومبر2018 میں ڈپٹی فوڈ سروسز (نارتھ) حسن محمود قریشی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

    بعد ازاں محکمانہ انکوئری میں بھی حسن محمود قریشی پر عائد الزامات صحیح ثابت ہوئے، دو روز قبل سی ای وی پی آئی اے کے سامنے بھی ڈپٹی جی ایم اپنی بے گناہی ثابت نہیں کرسکے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ڈپٹی جنرل مینجر حسن محمود کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر نوکری سے برخاست کیا۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے میں دس سالہ مبینہ کرپشن اور بدعنوانیاں، ایف آئی اے کی تحقیقات کا آغاز

    یاد رہے کہ کیٹرنگ وین کی گمشدگی اور کرپشن سے متلعق اے آر وائی نیوز نے خبر نشر کی تھی، اے آر وائی نیوز کی خبر پر پی آئی اے انتظامیہ نے فوری نوٹس لیا تھا۔

  • پی آئی اے میں احتساب : گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین برطرف

    پی آئی اے میں احتساب : گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین برطرف

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا، زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں احتساب کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں ایک سال کے دوران1100سے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جعلی ڈگریوں کے حامل700ملازمین کو فارغ کیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کے عمل کے بعد انہیں فارغ کیا گیا،400سے زائد گھو سٹ ملازمین بھی شامل ہیں جو مختلف شعبوں سے فارغ کئے گئے۔

    ان میں سے زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے ہے، بعض ملازمین جو عرصہ دراز سے غیر حاضر تھے انہیں بھی فارغ کیا گیا ہے، ملازمین کو قانونی اور ضابطے کی کاروائی کے بعد ملازمتوں سے فارغ کیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ فلائٹ سروسز سے تعلق رکھنے والی بیشتر فضائی میزبان ایک سال کے دوران جو بیرون ملک سلپ ہوگئی تھیں انہیں بھی ضابطے کی کاروائی کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

    مذکورہ ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹس اور شوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے جس کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر انہیں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق زیادہ تر کیسز2018کے تھے جو عدم توجہ کا شکار تھے، موجودہ انتظامیہ نے احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت خزانہ کے ایڈوئزر حفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران پی آئی اے کے سی ای او نے ملازمتوں سے متعلق بریفنگ بھی دی تھی۔

  • تین سو ای سی ای (ارلی چائلڈ ایجوکیشن) اساتذہ  دس سال بعد ملازمت سے فارغ

    تین سو ای سی ای (ارلی چائلڈ ایجوکیشن) اساتذہ دس سال بعد ملازمت سے فارغ

    کراچی : محکمہ تعلیم نے300 ای سی ای (ارلی چائلڈ ایجوکیشن) اساتذہ کو 10 سال بعد ملازمت سے فارغ کر دیا۔ ای سی ای اساتذہ محکمہ تعلیم کے خلاف میدان میں آ گئے۔

    اس حوالے سے ای سی اساتذہ کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر ریگولر کر کے بحال کرے، ارلی لرننگ پروگرام 10 سال بحیثیت کنٹریکٹ پڑھایا ہے، ٹریننگ بھی کرائی محکمہ تعلیم نے لاکھوں روپے لگانے کے بعد ہمیں فارغ کر دیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی تنخواہ 12 ہزار روپے تھی، گزشتہ 10 سال سے ہر سال کانٹریکٹ میں توسیع کی جاتی تھی مگر گزشتہ 3 سالوں سے آسرا دے رکھا تھا کہ ای سی ای ساتذہ کو مستقل کر دیا جائے گا، گزشتہ 5 سالوں سے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ٹیچر کی چار ہزار روپے تنخواہ تھی اور اسسٹنٹ ٹیچر دو ہزار روپے تنخواہ پر بھرتی کئے گئے تھے۔ اساتذہ کے مطابق سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز نے جی ڈی اے کے رہنما عارف مصطفی جتوئی کی موجودگی میں یقین دہانی کرائی تھی کہ ای سی ای کے300 اساتذہ کو جلد مستقل کر دیا جائے گا۔

    یقین دہانی کرائے ہوئے ایک ہفتے سے زائد گزر چکا ہے مگراب تک سمری وزیر اعلیٰ کو نہیں بھیجی گئی، انہوں نے کہا کہ ای سی ای اساتذہ کو مستقل کرنے کی سمری نہیں بھیجی گئی تو وزیر اعلی ہاو س کی جانب مارچ کیا جائے گا۔