Tag: firing in the air

  • کراچی : شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    کراچی : شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    کراچی : عام طور پر شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران رات گئے تک آتش بازی اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ آس پاس کے لوگ خصوصاً بزرگ اور بیمار افراد کافی متاثر ہوتے ہیں۔

    ہوائی فائرنگ اور کان پڑی آواز میں شرلی پٹاخوں کی گھن گھرج سے شہریوں کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں۔ مقامی پولیس شادی بیاہ کی تقریبات میں معمول ڈھول ڈھماکے پر تو عام لوگوں پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات درج کرلیتی ہے لیکن بااثر شخصیات کے سامنے بھیگی بلی بن جاتی ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی شادی بیاہ تقریبات میں اسلحے کا آزادانہ استعمال نہ رک سکا عظیم پورہ میں شادی کی تقریب کے موقع پرعلاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    علاقے کا ہر شخص ہتھیار لے کر گلی میں جا پہنچا اور کافی دیر تک لگا تار ہوائی فائرنگ کی جاتی رہی، پورا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، تقریب میں سیکڑوں گولیاں چلائی گئیں لیکن اس کی آواز پولیس تک نہ پہنچ سکی۔

    چرس کی سگریٹ منہ میں دبائے ایک شخص بندوق میں گولیاں بھرتا رہا، گلی میں بچے بوڑھے جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، علاقے کے بچے اپنے کانوں میں انگلیاں ٹھونس کر فائرنگ کا مزہ لیتے رہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال شادی کی مختلف تقریبات میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں، دو روز قبل کھارادر میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

    اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دو افراد کو شناخت کرلیا گیا ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کو جلد گرفتار کرلیں گے۔

  • فائرنگ سے نوجوان ہلاک، رانا ثناء کی خاتون اینکر سے غیرمہذبانہ گفتگو

    فائرنگ سے نوجوان ہلاک، رانا ثناء کی خاتون اینکر سے غیرمہذبانہ گفتگو

    فیصل آباد : مہندی کی تقریب میں وقاص نامی نوجوان کی فائرنگ سے ہلاکت کے واقعہ کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، سوال پوچھنے پر رانا ثناءاللہ نے خاتون اینکر سے غیرمہذبانہ انداز گفتگو اختیارکیا۔

    تفصیلات کے مطابق 28نومبر کو پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے شہر فیصل آباد میں دلہے کی فائرنگ سے وقاص نامی نوجوان جاں بحق ہوا تھا۔

    حیدر آباد ٹاؤن کے رہائشی محنت کش لیاقت علی کا 20 سالہ بیٹا وقاص پیر کی رات محلہ عثمان غنی میں اپنے دوست یاسین کے دو بھائیوں وسیم اور امین کی مہندی کی تقریب میں شریک تھا کہ اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع ہوگئی۔

    واقعے کی فوٹیج دیکھیں

    سات سے آٹھ افراد ہوائی فائرنگ کررہے تھے، اے آر وائی کو موصول فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وقاص دولہا کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا۔

    پانچ گولیاں فائر ہوئیں جبکہ آخری گولی پستول میں ہی پھنس گئی تھی، پھنسنے والی گولی فائر ہوکر وقاص کے سینے میں جا لگی، وقاص اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    واقعے کے بعد دونوں بھائی گرفتاری کے خوف سے فرار ہوگئے تھے تاہم دو روز بعد ہی پولیس نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے دلہے اور اُس کے بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے شادی کے گھر سے چار افراد کو گرفتار کیا بعد ازاں مقتول وقاص کے والد لیاقت کی نشاندہی کے بعد چاروں افراد کو رہا کردیا گیا تھا۔

    آپ نے یہ گھٹیا سوال کیا ہے،شرم آنی چاہیئے رانا ثناءاللہ

    اس حوالے سے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ سے اے آر وائی نیوز نے خصوصی گفتگو کیلئے رابطہ کیا، سوال کرنے پرانہوں نے خاتون اینکر سے غیر مہذبانہ اندازِ گفتگو اختیارکیا۔

    خاتون اینکر کی جانب سے رانا ثناءاللہ سے سوال کیا گیا تھا کہ آپ کے شہر فیصل آباد میں ہونے والی شادی میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، کیا آپ کے اپنے شہر میں قانون کی کوئی عملداری نہیں ہے؟

    جس پر موصوف نے کہا کہ آپ نے یہ گھٹیا سوال کیا ہے،انہوں نے یہ بھی کہا کہ بریکنگ نیوز کے چکرمیں گھٹیا گفتگو کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئیے۔


    مزید پڑھیں: فیصل آباد، مہندی کی تقریب میں فائرنگ، نوجوان جاں بحق


    راناثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ کہ آپ لوگ خود کوئی ایسا نظام بنالیں اور واقعے سے دو گھنٹے پہلے ہمیں بتادیا کریں، پنجاب کے وزیرقانون نے مزید کیا کہا ویڈیو دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد صرف میرا شہر نہیں ہے، یہاں50لاکھ سے زائد لوگ رہتے ہیں، ملزم دلہا ہوا یا دلہا کا باپ گرفتار کرلیں گے، واضح رہے کہ وزیرقانون کو یہ بھی علم نہیں کہ مذکورہ واقعے کے ملزمان گرفتارہو چکےہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • شادی کی تقریب میں نوجوان کی اندھا دھند ہوائی فائرنگ، ملزم گرفتار

    شادی کی تقریب میں نوجوان کی اندھا دھند ہوائی فائرنگ، ملزم گرفتار

    لاہور : لوگوں پر رعب جمانے کیلئے نوجوان نے شادی کی تقریب میں ممنوعہ خود کار اسلحے سے شدید ہوائی فائرنگ کی، اے آر وائی نیوز میں خبر نشر ہونے پر پولیس نے نوجوان کو گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کا تاجر فاروق بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن گیا، ممنوعہ خود کار اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کرتا رہا۔

    سفید شلوار قمیض اور ویسکوٹ میں ملبوس نوجوان نے علاقے کے لوگوں پر رعب ڈالنے کے لیے گولیاں چلائیں، اے آر وائی کو موصول فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان یکے بعد دیگرے میگزین لوڈ کرکے مسلسل ہوائی فائرنگ میں مصروف ہے۔

    خادم اعلیٰ کے شہر میں قانون کے رکھوالوں کی آنکھ کھل گئی، پولیس نے خبر نشر ہونے کے بعد فاروق کو گرفتار کرلیا۔ شہریوں کی جانوں کو سنگین خطرے سے دوچار کرنے والے کو سیاستدان بننے کا شوق ہے۔

    یہ نوجوان اکثراوقات رکن اسمبلی بننے کی اداکاری بھی کرتارہتا ہے، واضح رہے کہ لاہور میں یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اکثر تقریبات میں مسلح افراد نہ صرف دندناتے پھرتے ہیں بلکہ سرعام اسلحے کی نمائش بھی کرتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔