Tag: Firing in wedding

  • شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق، دولہا سمیت 3 گرفتار

    شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق، دولہا سمیت 3 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں‌ شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، پولیس نے دولھا سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک نوجوان جاں بحق، ایک زخمی ہوا۔

    پولیس نے کارروائی کر کے ہوائی فائرنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس حکام کے مطابق شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے لیے استعمال ہونے والا پستول ملزم عالم زیب کا تھا، جسے حارث نے شہباز کی شادی میں استعمال کیا۔

    پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم حارث نے ہوائی فائرنگ کی جس سے ایک نوجوان جاں بحق، ایک زخمی ہوا، جاں بحق شخص کی شناخت ابوبکر اور زخمی کی معاویہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت حارث، شہباز اور عالم زیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔

  • لاہور: شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار

    لاہور: شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار

    لاہور : شادی کی خوشی میں کی گئی ہوائی فائرنگ سے چھت پر کھڑی لڑکی جاں بحق ہوگئی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے چھوڑ دیا تو دوبارہ فائرنگ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی مبینہ رشوت خوری یا نااہلی کے باعث قیمتی جان چلی گئی، لاہور کے علاقے کھوکھر روڈ صدیقیہ کالونی میں شادی کی خوشی میں باراتی ہوائی فائرنگ کررہے تھے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم نے پولیس کو شکایت کی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار تو کرلیا ، تاہم بااثر ملزمان مبینہ طور پر رشوت کے عوض رہا کردیئے گئے۔

    تھانے سے واپس آکر ملزمان نے دوبارہ فائرنگ شروع کردی، اس دوران ایک گولی چھت پر کھڑی ایک لڑکی بائیس سال کی ماریہ کو جا لگی، لڑکی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

    ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ماریہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، پولیس ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں انصاف دے جب کہ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    ماریہ کی پانچ سال قبل کامران سے شادی ہوئی تھی، پولیس نے کامران کی مدعیت میں چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • لاہور: شادی میں جدید اسلحہ سے ہوائی فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    لاہور: شادی میں جدید اسلحہ سے ہوائی فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    لاہور : حکمران جماعت نے ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں، مناواں میں شادی کی تقریب میں جدید اسلحہ سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی، علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا اور پولیس بااثر افراد کے سامنے خاموش تماشائی بنی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں نہتے لوگوں پر گولیاں برسانے والی لاہور پولیس حکمران جماعت کے رہنماؤں کی قانون شکنی پر نظریں چرانے لگی، لاہورمیں دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہے لیکن بااثر افراد نے پابندی کو ہوائی فائرنگ میں اڑا دیا۔

    ن لیگی ایم این اے سہیل بٹ کے چھوٹے بھائی زوہیب بٹ اور اس کے گن مینوں نے مناواں میں شادی کی تقریب میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرکے غنڈہ گردی کی۔

    علاقہ گولیوں کی گھن گرج سے گونجتا رہا کان پڑی آواز نہیں سنائی دے رہی تھی، لیکن پولیس کے کان پر جوں تک نہ رینگی، فائرنگ کرنے والوں نے اہل علاقہ کی نیندیں حرام کردیں، فائرنگ کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔

    فائرنگ کرنے والا شخص ایم این اے سہیل شوکت بٹ کا چھوٹا بھائی ہے، زوہیب بٹ اوراس کے گن مینوں نےہوائی فائرنگ کی۔

    ذرائع کے مطابق زوہیب بٹ نے اپنے بھائی کا علاقہ سنبھال رکھا ہے اور یاد رہے کہ ایم این اے سہیل بٹ پر بابر بٹ کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔

    جدید اسلحہ ایسے فائرنگ کی جارہی تھی جیسے دشمن سے جنگ ہورہی ہو، اے آر وائی کو موصول ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کے قریب چھوٹے بچے بھی کھڑے ہیں لیکن انہیں ان بچوں کا بھی خیال نہیں آیا، پولیس نے نہ کسی ذمہ دار کو گرفتار کیا اور نہ ہی تاحال کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ وزیراعلیٰٰ پنجاب نے فائرنگ کا نوٹس لے لیا ہے اور آدھے گھنٹے میں فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار ہوں گے۔

    ترجمان ملک احمد نے اے آر وائی سے نیوز سے گفتگو میں مزید کہا کہ فائرنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پنجاب میں اس قسم کے واقعات برداشت نہیں کرینگے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔

    علاوہ ازیں آخری اطلاعات تک مناواں فائرنگ کے واقعہ کا تاحال مقدمہ درج نہ ہوسکا، مناواں کا علاقہ کینٹ ڈویژن ایس پی نوید کی حدود میں آتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایس پی کینٹ نے معصومانہ جواب دیا کہ ایسے کسی واقعہ کی مجھے خبر نہیں ہے میں آج چھٹی پر ہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔