Tag: Firing on police mobile

  • کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

    کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف مصطفیٰ خان ترین کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستونگ روڈ پر نیو سریاب تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    پولیس موبائل پر حملہ اُس وقت ہوا جب وہ علاقے میں گشت کررہی تھی، شہید اہلکاروں میں ایک سب انسپکٹر بھی شامل ہے واردات کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتیں قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کی نیوسریاب پولیس موبائل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، 6ملزمان 2موٹر سائیکلوں پر آئے، 4 ملزمان نے بیک وقت فائرنگ کی، فوٹیج میں ملزمان کو کلاشنکوف اور پستول سے فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس موبائل پر بزدلانہ حملہ قابلِ مذمت ہے، شہدا کے لہو کا حساب لیا جائے گا۔

    اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے، کمزور نہیں ہیں، دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    سرفرازبگٹی کا کہنا ہے کہ شہر کا امن تباہ کرنے والوں پر زمین تنگ کردیں گے، پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، بلوچستان میں امن دشمنوں کیلئے کوئی رعایت نہیں۔

  • کراچی : پولیس موبائل پر فلمی انداز میں فائرنگ، اہلکار سمیت3 زخمی

    کراچی : پولیس موبائل پر فلمی انداز میں فائرنگ، اہلکار سمیت3 زخمی

    کراچی : ایف بی انڈسٹرل ایریا میں گزشتہ روز ہونے والی پولیس موبائل پر فائرنگ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اسٹریٹ کرائم نہیں بلکہ منظم دہشت گردی کی بڑی واردات نکلی، چلتی پولیس موبائل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس موبائل پر فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت3افراد زخمی ہوئے، 3موٹر سائیکلوں پر سوار5 دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔

    دہشت گردوں نے سڑک پر پولیس موبائل کا راستہ روک کر اس پر فائرنگ کی، حملہ اس قدر شدید تھا کہ پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کرنے کا موقع ہی نہ ملا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 5میں سے3حملہ آوروں نے ہیلمٹ لگا رکھے تھے، ایک حملہ آور نے سیاہ کوٹ پینٹ اور ٹائی لگا رکھی تھی اور ہاتھ میں بیگ پکڑا ہوا تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق پولیس موبائل پر حملہ صبح11 بج کر 2 منٹ پر ہوا فائرنگ کے بعد پانچوں دہشت گرد جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واقعے کے بعد زخمی ہونے والے افراد کو تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا، زخمی اہلکار کو3 گولیاں لگیں، ڈاکٹروں نے اہلکار کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا تاہم زخمی پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    فائرنگ کے واقعے پر سی ٹی ڈی حکام نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مقدمہ درج ہونے پرتحقیقات سی ٹی ڈی کو منتقل کی جاسکتی ہیں۔