Tag: firing

  • کراچی پولیس کی فائرنگ سے شہری زخمی

    کراچی پولیس کی فائرنگ سے شہری زخمی

    کراچی: شہرقائد کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر پولیس نے روکنے کا اشارہ کیا تو شہری نے بائیک تیز کردی۔ ردعمل میں پولیس نے فائرنگ کردی جس کے باعث نوجوان زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے زمین پر فائرنگ کی جو شہری کو لگی۔ پولیس کا مقصد نوجوان پر فائرنگ کرنا نہیں تھا۔

    پولیس نے زخمی کو خود اسپتال منتقل کیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والا شخص شرافت اپنے دوستوں کے ساتھ خریداری کرنے گیا تھا۔ شرافت پولیس کی فارنگ سے زخمی ہوا۔

    پولیس کی مبینہ فائرنگ کے واقعے پر آئی جی سندھ نے میڈیا رپورٹس پر متعلقہ ایس ایس پی سے تفصیلات طلب کرلی۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس کو ضروری اقدامات سے آگاہ کیا جائے، معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

  • نئے سال کی آمد : اے آر وائی نیوز کی جانب سے اہل وطن کو مبارکباد

    نئے سال کی آمد : اے آر وائی نیوز کی جانب سے اہل وطن کو مبارکباد

    کراچی : دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی نئے سال2020کی آمد پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، پاکستان میں رات کے بارہ بجتے ہی منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔

    سال2019 کا اختتام ہوگیا ہے اور نیا سال2020پوری آب و تاب کے ساتھ دہلیز پر کھڑا ہے، قوموں کے لیے یہ دن گزشتہ سال کا جائزہ لینا ہی نہیں بلکہ نئے اہداف کے انتخاب اور ان کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کا موقع بھی ہوتا ہے۔

    اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، آتش بازی سے آسمان روشن ہوگیا، عوام کی بڑی تعداد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی جانب سے اہل وطن کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ اےآر وائی نیوز نے نئے سال کی آمد کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس سال بھی سب سے پہلے اور معتبر خبروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    اے آر وائی نیوز نے اس موقع پر احمد ندیم قاسمی کے اشعار کی صورت میں کی یہ دعا کی کہ

    خدا کرے میری ارض پاک پر اترے
    وہ فصلِ گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو

    یہاں جو پھول کھلے وہ کِھلا رہے برسوں
    یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو

    اس کے علاوہ بحریہ ٹاؤن کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سال نو کے جشن کا آغاز شایان شان طریقے سے ہوا، جس میں شاندارآتش بازیکا مظاہرہ کیا گیا، بحریہ ٹاؤن کے تحت میوزیکل پروگراموں کابھی انعقاد کیا گیا۔

    شہری نئے سال کے استقبال کے لیے پرجوش ہیں ،پاکستانی بھی نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے اپنے اپنے انداز میں تیاریاں کررہے ہیں ، دوہزار انیس کے آخری غروب آفتاب کا منظر دیکھنے شہری بڑی تعداد میں سی ویو پہنچے،

    کراچی کے ساحل سی ویو پر اس سال بھی نئے سال کاجشن منایا گیا، اس کے علاوہ سندھ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی پابندی بھی نہیں لگائی گئی۔

    منچلوں نے قافلوں کی صورت میں سی ویو کا رخ کیا، نوجوانوں نے جم کر نئے سال کا جشن منایا، بھنگڑے ڈالے اور خوب موج مستی اور ہلا گلہ کیا، شہر بھر سے منچلے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر سی ویو پہنچے، سی ویو پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

  • لندن : بیوی اور بیٹے کے سامنے شہری کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    لندن : بیوی اور بیٹے کے سامنے شہری کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    لندن : مسلح افراد نے کرسمس کے موقع پر36سالہ شخص کو اس کی بیوی اور بچے کے سامنے گولیاں مار کر ہلاک کردیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مقتول ٹی وی اداکارہ کا بھائی تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے بیٹرسی چرچ روڈ پر ایک سوئیڈش شخص کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا جب وہ اپنے گھر کے قریب تھا، واردات کے وقت اس کی بیوی اور چھوٹے بیٹا بھی پاس ہی موجود تھے۔

    کرسمس کی رات نو بجے مسلح افراد 36 سالہ فلیمور ‘الیکس’ باقری کو قتل کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، فائرنگ کی آوز سن کر اس کا پڑوسی بھی پہنچ گیا اور زخمی شخص کو فرسٹ ایڈ دینے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے وقوعہ پر ہی چل بسا۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والے شخص کی بہن برطانیہ کے نجی ٹی وی کے رئیلٹی شو میں بحیثیت اداکارہ کام کرتی ہے۔

    میٹرو پولیٹن پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے اور قتل کے اسباب کے بارے میں پولیس کو شواہد نہیں ملے ہیں میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق یہ 11 سالوں میں ریکارڈ ترین ریکارڈ ہے۔

  • ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

    ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: فردوس عاشق

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر بسنے والے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں، ان بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کیا کہ ایل اوسی پر بسنے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی سفاکی ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے احساس کا مظاہرہ ہے، کابینہ نے ایل او سی پر بسنے والوں کے لیے خصوصی پیکج منظور کیا، خصوصی پیکیج خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت راشن اسکیم کے ذریعے معاونت کی جائے گی، 33 ہزار498 خاندانوں میں ہر شادی شدہ خاتون کی سہ ماہی مدد کی جائے گی، جبکہ ہرسہ ماہی خاتون کو 5ہزار روپے دیے جائیں گے، رقم کی ادائیگی 4 سہ ماہی تک جاری رہے گی۔

    ایل او سی پر فائرنگ سے 2 جوان شہید، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک

    خیال رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے سبب پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مار دیے۔

    واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔

  • بھارت میں مہندی کی تقریب : ڈانس روکنے پر خاتون کو گولی ماردی

    بھارت میں مہندی کی تقریب : ڈانس روکنے پر خاتون کو گولی ماردی

    نئی دہلی : شادی کی تقریب کے دوران ایک شخص نے اسٹیج ڈانسر کو اس لیے گولی مار دی کیونکہ وہ اچانک رک گئی تھی، واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج پر ڈانسر کو گولی مار دی گئی۔

    اس کا قصور محض اتنا تھا کہ وہ ڈانس کرتے کرتے رک گئی تھی، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نشے میں دھت ملزم نے سیدھی فائرنگ کی جس کی گولی ڈانسر کے چہرے پر لگی اور وہ موقع پر ہی گر گئی۔

    واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، زخمی ڈانسر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈانسر کو اسٹیج پر دیکھا جاسکتا ہے اس دوران گولی کی آواز سنائی دیتی ہے، پھر خاتون اپنے چہرے پر ہاتھ رکھتی ہے اور زمین پر گر جاتی ہے۔

    اس حوالے پولیس حکام نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے گولی مارنے والے ملزم کی شناخت کرلی ہے اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • بھارتی فوجی نے پانچ ساتھیوں کو قتل کرکے خود کشی کرلی، دو شدید زخمی

    بھارتی فوجی نے پانچ ساتھیوں کو قتل کرکے خود کشی کرلی، دو شدید زخمی

    رائے پور : بھارتی فوجی نے فائرنگ کرکے اپنے ہی پانچ ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا، اہلکار نے خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا، واقعے میں دو فوجی بھی زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ڈیوٹی پر تعینات بھارتی فوجی کی فائرنگ سے پانچ ساتھی اہلکار ہلاک ہوگئے۔؎

    واقعے میں دو فوجی شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دونوں کی حالت تشویشناک ہے، بھارتی فوجی نے جوانوں کو قتل کرنے کے بعد گولی مار کر خود کشی کرلی۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل مسعود الرحمان نے اپنے ساتھی اہلکاروں پر سرکاری رائفل سے فائرنگ کردی، تمام اہلکار تبت بارڈر کی خصوصی سیکورٹی پر مامور تھے۔

    فائرنگ کرنے والے اہلکار کا تعلق مغربی بنگال سے تھا، بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک واقعے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں تاہم اسباب کا تعین کرنے کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ سال 2018 کے دوران 80 بھارتی فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی اہلکاروں کی تعداد 440 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے جولائی مین بھارت میں ریلوے ٹریک سے ملنے والی آرمی افسر کی لاش معمہ بن گئی تھی ، مقامی انتظامیہ تاحال یہ طے کرنے سے قاصر ہے کہ آیا اس افسر نے خود کشی کی ہے یا اسے قتل کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی

    بتایا جارہا تھا کہ کیپٹن پوری کی پوسٹنگ بھارتی مقبوضہ جموں اور کشمیر کے علاتے پلواما میں کردی گئی تھی جس کے سبب وہ خوش نہیں تھا اور وہاں نہیں جانا چاہتا تھا۔

  • ماں کا اتتقام : خاتون نے اپنے بیٹے کے مبینہ قاتل کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    ماں کا اتتقام : خاتون نے اپنے بیٹے کے مبینہ قاتل کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    سیالکوٹ : ماں نے اپنے بیٹے کے قتل کا بدلہ سات سال بعد مبینہ قاتل کو موت کے گھاٹ اتار لے لیا، عدالت نے سزائے موت کو کالعدم قررار دے کر ملزم کو رہا کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے بٹر کی رہائشی خاتون پروین اختر نے اپنے 21سالہ بیٹے تسلیم کے قاتل کو سات سال بعد فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

    پولیس کے مطابق سیالکوٹ کی مقامی عدالت نے ملزم نعمان کو سزائے موت سنائی تھی، بعد ازاں اپریل 2019 میں لاہور ہائی کورٹ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قاتل نعمان کو بے گناہ قرار دے کررہا کردیا تھا، جس کو خاتون کو بہت رنج تھا۔

    پولیس کے مطابق پروین اختر نے فائرنگ کرکے نعمان کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رہائی کے بعد جب ملزم اپنے گاؤں آیا تو مقتول کی ماں نے موقع پا کر اسے قتل کردیا۔

    سیالکوٹ پولیس نے نعمان کے قتل کے الزام میں5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • امریکا میں مسلسل فائرنگ کے واقعات، آج بھی 3 افراد ہلاک

    امریکا میں مسلسل فائرنگ کے واقعات، آج بھی 3 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، آج بھی تین شہری اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ڈنکن میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، یہ واقعہ سپراسٹور کے پارکنگ ایریا میں پیش آیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مبینہ طور پر حملہ آور نے 2 افراد کو قتل کرکے خود کو گولی مارلی، ہلاک ہونے والے حملہ آور نے پستول سے 8 گولیاں فائر کیں، یہ واقعہ علی الصبح پیش آیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد آپس میں رشتے دار ہیں۔ البتہ شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر فریسنو میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے، فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں تقریب جاری تھی۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک گھر میں ہیلووین پارٹی کے دوران مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔

    کیلی فورنیا میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال اب تک ماس شوٹنگ کے 250 سے زائد واقعات ہوچکے ہیں اور امریکی سوسائٹی میں اس سب کو لے کر بے پناہ تشویش پائی جارہی ہے۔

  • بغداد : مظاہرین کیخلاف سیکیورٹی فورسز کا ایکشن، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    بغداد : مظاہرین کیخلاف سیکیورٹی فورسز کا ایکشن، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    بغداد : عراق میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید 07 مظاہرین ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں کی تعداد 267 سے تجاوز کرگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراق میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بغداد اور بصرہ میں مزید 07 افراد سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کو دارالحکومت بغداد میں نشانہ بنایا گیا، حالیہ ہلاکتوں کے بعد اب تک مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے مظاہرین کی تعداد 267 سے تجاوز کرگئی۔

    بغداد میں سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ بصرہ میں سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاﺅن سے تین افراد جاں بحق ہوئے۔

    کربلا میں بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر شدید شیلنگ کی گئی جس کے باعث مظاہرین کے متعدد خیمے جل گئے۔

    طبی ذرائع کے مطابق الشہداء پُل کے نزدیک جھڑپوں میں 35 افراد زخمی ہو ئے۔ عراقی دارالحکومت میں مظاہروں اور احتجاج کا حالیہ سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔ اس سے قبل بغداد آپریشنز کے کمانڈر نے باور کرایا تھا کہ رشید اسٹریٹ پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنے والی فورس کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں یکم اکتوبر سے حکومت مخالف مظاہروں کا آغاز ہوا جو ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتے جارہے ہیں، مظاہرین نے حکومت پر کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم سے فوری عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔

    گزشتہ دنوں عراقی صدر نے اپنے سرکاری خطاب میں ملک بھر میں نئے انتخابات کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عادل عبدالمحمدی عہدہ مشروط طور پر چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

  • امریکا میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ، 3 افراد ہلاک، 14 زخمی

    امریکا میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ، 3 افراد ہلاک، 14 زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، ریاست کیرولینا میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کیرولینا کے شہر گرین ویل میں ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کیمپس میں پیش آیا جہاں ہوم کمنگ پارٹی جاری تھی جس میں طلبا کی بہت بڑی تعداد شریک تھی۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریب کا انتظام طلبا کی جانب سے خود ہی کیا گیا تھا اور یورنیورسٹی انتظامیہ سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔

    واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فائرنگ کا واقعہ غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے پیش آیا۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے تاہم انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    اس سے قبل بھی امریکی دارالحکومت میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور کئی کو زخمی کر دیا تھا، واقعہ وائٹ ہاؤس سے کچھ فاصلے پر پیش آیا تھا۔

    نیویارک، بروکلین کے نجی سوشل کلب میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

    خیال رہے کہ امریکی کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست نیویارک کے نجی سوشل کلب میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ 6 اکتوبر کو امریکی ریاست کنساس کے بار میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعے میں 7 افراد ہلاک اور سترہ ماہ کی بچی سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے تھے۔